ھفتہ, 11 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی (لاہور) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے قراردیا ہے کہ حکومت کو کس نے اختیار دیا کہ جس سیکٹر کو مرضی چاہے سبسڈی سے نوازدے ۔شوگر انڈسٹری نے ایسا کیا کیا ہے کہ وہ سبسڈی کی حقدار ہے.
فاضل جج نے یہ ریمارکس ہنزہ شوگر ملز کیس کی سماعت کے دوران دیئے ، فاضل جج نے اپنے صوابدیدی اختیارات کے تحت اس معاملہ کا نوٹس لیا ہے ،عدالت نے سبسڈی کی قانونی حیثیت پر وکلاءسے معاونت طلب کرلی ہے ۔ہنزہ ملز کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ وزارت تجارت نے برآمد شدہ چینی پر 10 روپے فی کلو سبڈی دینی تھی، لیکن حکومت نے بلاجواز درخواست گزار کی سبسڈی روک لی ہے۔ عدالت نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے قرار دیا کہ شوگر ملز کو سبسڈی دی ہے تو ٹیکسٹائل اور باقی سیکٹرز کو کیوں نہیں دی، یہ کیا مذاق ہے کہ جسے پکڑو سبسڈی دے دو، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ شوگر انڈسٹری نے ایسا کیا کیا ہے کہ وہ سبسڈی کی حقدار ہے۔ حکومت کو کچھ پتہ نہیں کہ اس کے اقدامات کسی قانون کے تحت ہو رہے ہیں یا نہیں۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ کیا حکومت کا کوئی کام تحریری قانون کے مطابق بھی ہوتا ہے یا نہیں؟۔
بظاہر لگتا ہے کہ حکومت عوام کا پیسہ سبسڈیز دے کر لٹا رہی ہے۔ حکومت کے پاس کوئی تو پالیسی ہوگی جس کے تحت سبسڈیز دی جا رہی ہیں، ہنزہ شوگر ملز کے وکیل کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل نے شوگر انڈسٹری کو سبسڈی دینے کی منظوری دی ہے، ہمیں قانون کے مطابق سبسڈی ملنی ہے، لیکن عدالت دوسری طرف جا رہی ہے جس پر فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کس طرف جا رہی ہے، اس کا فیصلہ عدالت ہی کرے گی ، پہلے سبسڈی دینے کی قانونی اور آئینی حیثیت پر بحث کریں، عدالت نے مزید سماعت آئندہ ہفتے کے لئے ملتوی کر دی

 

 

ایمز ٹی وی (آزاد کشمیر)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے مولانا سعید یوسف کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں حکومتی ٹیم نے آزاد کشمیر کے تمام پسماندہ علاقوں کی ترقی ، شاہرات کی بہتر ی ، پختگی ، صحت کی سہولیات اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے منصوبہ بندی کر لی ہے ۔ ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)ہالی ووڈ کی سائنس فکشن اور ایکشن تھرل پر مبنی بلاک بسٹر فلم سیریز’ ایلیئن‘ کی چھٹی فلم ’ایلیئن کوونینٹ‘ کا ٹریلر جاری کردیاگیا۔

خطرناک سیارے پر موجود طاقتور خلائی مخلوق کی دہشت پر مبنی سائنس فکشن ایکشن تھرل فلم ’ایلیئن؛کوونینٹ‘رواں برس 19مئی کو سینما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔ فلم سیریز’ایلیئن‘کی نئی فلم کی کہانی ایک بار پھر انسانوں کی جان کے دشمن خطرناک ایلیئنز کے گرد گھومتی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی ( گلگت بلتستان) صوبائی حکومت کی عدم توجہ اور اعلان کردہ ہیلتھ پیکج پر عملدرآمد نہ ہونے سے علاقے میں کام کرنے والے ڈاکٹرز گلگت بلتستان کو چھوڑ کر دیگر صوبوں میں جانے لگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی گلگت بلتستان میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ہیلتھ پیکج دینے کے حوالے سے اعلانات پرتاحال عملد درآمد نہیں ہو سکا۔ جس وجہ سے گلگت بلتستان میں کام کرنے والے ڈاکٹرز علاقے کو چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
صوبائی حکومت کےاعلان پرایک سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود اس پر کوئی عملددرآمد نہ ہو سکاجس سےعلاقے میں کام کرنے والے ڈاکٹروں میں سخت مایوسی پھیل رہی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے حالیہ دنوں ڈاکٹروں کے لئے ہیلتھ پیکج کا اعلان کرنے کے بعد گلگت بلتستان میں کام کرنے والے ینگ ڈاکٹرز نے گلگت بلتستان کو خیر باد کہہ کر پنجاب کا رخ کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں پہلے ہی ڈاکٹروں کی کمی کا سامنا ہے، ایسے میں پنجاب حکومت کی جانب سے ہیلتھ پیکج کا اعلان کرنے کے بعد ڈاکٹروں کی توجہ پنجاب کی طرف ہو گیا ہے۔ گلگت بلتستان کی نسبت پہلے صوبہ خیبر پختون خواہ میں ڈاکٹروں کے لئے بہترین پیکج دیا گیا تھا جس وجہ سے پہلے ہی گلگت بلتستان میں نئے آنے والے ڈاکٹرز علاقے کو چھوڑ کر وہاں جانے لگے تھے۔
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ہر سال میڈیکل کالجز سے فارغ ہونے والے ڈاکٹروں میں سے پانچ فیصد ڈاکٹرز علاقے میں خدمات سرانجام دینے کی نیت سے آتے ہیں مگر صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی اور لاپرواہی سے ڈاکٹروں کے لئے کوئی خاص پیکج نہ ہونے پر مایوس لوٹنے پر مجبور ہیں۔ صوبائی حکومت کے علاقے میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے حوالے سے اعلان صرف سیاسی اعلان تک رہ گیا جس کا براہ راست نقصان عوام کو ہو رہا ہے۔
صوبائی حکومت کا یہ رویہ رہا تو آئندہ سالوں سے گلگت بلتستان میں کام کرنے کے لئے کوئی آنے کو تیار نہیں ہو گا۔ گلگت بلتستان میں ڈاکٹروں کی کمی پورا کرنے کے لئے صوبائی حکومت کو دعوے کرنے کی بجائے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے حکومت کی خیبر پختون خواہ اور پنچاب سے بہتر پیکج متعارف کرنے کی ضرورت ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ کے کامیاب ہدایت کار کرن جوہر نے اداکار ورن دھون اور عالیہ بھٹ کو فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر' کے ساتھ انڈسٹری میں لانچ کیا تھا، تاہم ورن دھون کا کہنا ہے کہ یہ ضروری نہیں کہ وہ کرن جوہر کی ہر فلم کو سائن کریں۔ ورن دھون اور عالیہ بھٹ کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی دھرما پروڈکشنز کے بینر تلے بنائی گئی ہے۔

ورن دھون کا کہنا تھا کہ ان کی فلم ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ کو مکمل ہونے میں تقریباً ڈیڑھ سال کا عرصہ لگا، اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ سب کچھ دیکھ کر ہی فلم میں کام کرتے ہیں۔ ورن دھون نے مزید کہا ’میں اور عالیہ بھٹ اس وقت اپنے کیریئر میں بہت مضبوط مقام پر ہیں، ہم کوئی بھی فلم یوں ہی نہیں کریں گے، چاہے اسے کوئی بھی بنا رہا ہو‘۔

کرن جوہر کے حوالے سے انھوں نے کہا، ’ہمارا کرن جوہر کے ساتھ رشتہ بہت اچھا ہے، اگر ہمیں کچھ اچھا نہیں لگتا تو ہم اس سے انکار کردیتے ہیں، کرن نے ہمیشہ ہمیں یہ آپشن دیا ہے، لیکن کرن جوہر ہمیں کبھی ایسا کچھ آفر نہیں کریں گے جو ہمارے لیے اچھا نہ ہو‘۔ 29 سالہ ورن دھون نے عالیہ بھٹ کے بہترین انداز میں آگے بڑھتے ہوئے کیریئر کے حوالے سے کہا ’عالیہ کو ہر چیز پرفیکٹ چاہیے، نہ صرف اپنے لیے بلکہ فلم کی مکمل کاسٹ کے لیے بھی، وہ بہترین اداکاری کرتی ہیں‘۔

 

خیال رہے کہ ششانک کھیتن کی ہدایات میں بننے والی فلم ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ 2014 کی کامیاب فلم ’ہمپٹی شرما کی دلہنیا‘ کا سیکوئل ہے۔فلم ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ رواں سال 10 مارچ کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔