ایمزٹی وی وی(تعلیم/کراچی )وفاقی جامعہ اردو کے شعبہ حیاتی کیمیا کے تحت ڈی این اے ٹیکنالوجی اور اس کا ادویات کی تیاری میں استعمال کے موضوع پر ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے کہا کہ شعبہ حیاتی کیمیا کے تحت مختلف موضوعات پر تحقیقی سیمینارز اور لیکچرز کا اہتمام خوش آئند ہے. اس سے نہ صرف طلباء بلکہ اساتذہ کی معلومات میں بھی اضافہ ہوگا اور انہیں اپنی تحقیق کا رخ تعین کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ڈاکٹر فرح سعید نے کہا کہ دور جدید میں تحقیق کے شعبے میں ڈی این اے ٹیکنالوجی نے انقلاب برپا کردیا ہے اور اس کے ذریعے بہت سی بیماریوں کی تشخیص اورعلاج ممکن ہے. اس تکنیک سے بے شمار ادویات اور ویکسینز تیار کی جارہی ہیں، اس کے ذریعے جینیاتی بیماریوں کی تشخیص بھی کی جاسکتی ہے۔ افزائش کے ہارمونز اور انسولین ہارمونز کی تیاری کا کام اس جدید ٹیکنالوجی کی بدولت قابل عمل ہوسکا ہے۔ محقق اس تیکنیک کو انسانی فلاح کے لئے مزید موثر بنانے کے لئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں وسیع پیمانے پر مسلسل تجربات کئے جارہے ہیں۔ پروگرام کی منتظم ڈاکٹر صفیہ حسن تھیں جبکہ نظامت کے فرائض لبنی انیس نے سرانجام دیئے۔ پروگرام کے اختتام پرصدر شعبہ ڈاکٹر صائمہ خالق نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی) شہید ذوالفقار علی بھٹویونیورسٹی آف لا، کراچی میں سندھ انٹر یونیورسٹیز کنسیوشیم برائے تعلیم تحقیق و تربیت کے سلسلے میں پہلے اجلاس کی صدارت وائس چانسلر و سابق وزیرتعلیم جسٹس (ر ) ڈاکٹر قاضی خالد علی نے کی۔ جبکہ چیئرمین سندھ ہائرایجوکیشن کمیشن کی طرف سے ڈاکٹر عبدالقادر راجپوت، وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اجمل خان، وائس چانسلرسندھ یونیورسٹی جامشورو فتح محمد برفت، وائس چانسلر لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنس جامشورو جناب ڈاکٹر ڈاکٹرنوشاد شیخ ، رجسٹرار مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالاجی عبدالوحید عمرانی اور دیگر موجود تھے۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)علیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کامرس پرائیویٹ اور ہوم اکنامکس گروپس کے ضمنی امتحانات برائے 2016ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ ناظم امتحانات محمد عمران چشتی نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کامرس پرائیویٹ گروپ کے امتحانات میں 2574امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی ، 2423امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 940امیدوار کامیاب قرار پائےجبکہ کامیابی کاتناسب38.79فیصدرہا. ان امتحانات میں ایک امیدوار اے گریڈ، 18بی گریڈ، 148 سی گریڈ، 652 ڈی گریڈ اور 121ای گریڈ میں کامیاب ہوئے۔ محمد عمران خان چشتی نے مزید بتایا کہ ہوم اکنامکس کےامتحانات میں 119امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 114امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 66امیدوار کامیاب قرار پائے . اس طرح کامیابی کا تناسب 57.89فیصد رہا۔ ان امتحانات میں کوئی امیدوار اے ون یا اے گریڈ میں کامیاب نہیں ہوا، پانچ امیدوار بی گریڈ، 34 سی گریڈ اور 27 امیدوار ڈی گریڈ میں کامیاب ہوئے
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)مارول کامکس کے سپر ہیروز پر مبنی ہالی وڈ کی نئی سائنس فکشن ایکشن فلم ’گارڈیئنز آف دی گلیکسی‘ کے سیکوئل ’گارڈیئنز آف دی گلیکسی وولیئم2‘ کا نیا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ برطانوی ناول نگار ڈین ایبنیٹ کی کتاب سے ماخوذ ہدایتکار جیمز گن کی ڈائریکشن میں بننے والی اس فلم کی کہانی غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک ایسے سپر ہیروز کے گِرد گھوم رہی ہے، جو دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے نکلتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کی بدولت منفی طاقتوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہیں۔ کیون فیج کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں ہالی وڈ اداکار کرِس پریٹ، سیلوسٹر اسٹیلون، کرٹ رسل، زوئی سیلڈانا، کیرن گیلن، کرس سیلیوَن، الزبیتھ ڈبیکی، نیتھن فیلن، ڈیو بیٹسٹا، شین گُن اور مائیکل روکر شامل ہیں، جبکہ مختلف اینیمیٹیڈ کرداروں کیلئے ڈائیلاگ بریڈلے کوپر اور وِن ڈیزل کی آواز میں ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ مارول اسٹوڈیوز کی تیار کردہ ایکشن سے بھرپور مناظر کی عکاسی کرتی یہ سائنس فکشن فلم والٹ ڈزنی پکچرز اور موشن پکچرز کے تحت5 مئی کو سینما گھروں میں دھوم مچانے آرہی ہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم/خیرپور )شاہ لطیف یونیورسٹی میں 3 روزہ بین الاقوامی تعلیمی کانفرنس 2مارچ سے شروع ہو گی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ افتتاح کریں گے. صوبائی وزیر منظور حسین وسان او رجام مہتاب حسین ڈہر مہمانان خصوصی ہوں گے ۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ جامعہ کراچی نے اپنے میڈیکل کالج اور اسپتال کیلئے پی سی ون تیار کرلیا ۔ جامعہ کراچی میں اساتذہ کے حاضری کے نظام کو قائم کرنے کے لئے بائیومیٹرک کا نظام وضع کیا جائے گا جو ٹیچر باقاعدگی سے کلاسیں نہیں لیتا ہے وہ استاد کہلانے کا حقدار نہیں، ایچ ای جے سمیت تمام سینٹرز اور انسٹیٹیوٹس میں غیر معینہ مدت سےعہدوں پر تعینات افراد کے حوالے سے پالیسی مرتب کی جارہی ہے اور تمام سینٹرز وانسٹیٹیوٹس کے لئے یکساں قواعد وضوابط تیارکئے جا رہے ہیں، جو ایکٹ سے بھی متصادم نہ ہوں۔ جامعہ کراچی کی سنڈیکیٹ میں سندھ ایچ ای سی کو نمائندگی دینے کے حوالے سے دونوں کمیشن کے مابین بات چیت چل رہی ہے اور حتمی فیصلہ آنے کی صورت میں ایچ ای سی سندھ کو نمائندگی دی جاسکے گی اور تاحال یونیورسٹی انتظامیہ کو اس حوالے سے کوئی فیصلہ موصول نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیمپس میں غیرقانونی رہائش پذیر ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور سیکورٹی رسک کے حامل کینٹینز کو مسمار کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ جامعہ کراچی میں سگریٹ، پان اور گٹکا کی فروخت پر پابندی ہے جو کینٹین یہ چیزیں فروخت کرے گی ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں صحافیوں سے غیررسمی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ پی آر او فاروق محسود بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر اجمل نے کہا کہ کیمپس میں رہاش پذیرغیر قانونی افراد سے گھر خالی کرائے جائیں گے جبکہ جامعہ کراچی نے اپنے میڈیکل کالج اور اسپتال کے قیام کے لئے پی سی ون تیار کرلیا ہے جلد ہی جامعہ کراچی کاا پنا اسپتال اور میڈیکل کالج ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کی مالی حالت خراب ہے ہمیں مسائل کا سامنا ہے کوشش کر رہے ہیں مالی معاملات بہتر کر رہے ہیں وائس چانسلر نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ڈائریکٹر فنانس کی تقرری اور اسے ہٹانے کا اختیار کنٹرولنگ اتھارٹی کے پاس ہے
ایمز ٹی وی (اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ کی فائنلسٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی اور دیگر عملہ وطن واپس پہنچ گیا ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد، کوچ معین خان، ٹیم کے مالک ندیم عمر دیگر کھلاڑیوں اسد شفیق، انور اعلی اور نور ولی کے ہمراہ کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو عوام کی بڑی تعداد نے انہیں خوش آمدید کہا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسسٹنٹ کوچ عبدالرزاق، اوپنر احمد شہزاد، محمد نواز، ذوالفقار بابر، سعد نسیم اور عمر امین لاہور پہنچے۔
پی ایس ایل فائنل لاہور میں ہونے کے حوالے سے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی خوش آئند بات ہے کہ فائنل میچ پاکستان میں ہو رہا ہے، پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کے لئے پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔
غیر ملکی کھلاڑیوں کے اہم ترین میچ میں ٹیم میں شامل نہ ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ایک دم آپ کی ٹیم کے 4 سے 5 اہم کھلاری ٹیم سے باہر ہو جائیں تو کارکردگی پر بہت فرق پڑتا ہے لیکن کوشش ہو گی کہ جو بہترین میسر کھلاڑی ہیں انہیں ٹیم میں شامل کیا جائے۔
ایمز ٹی وی (کراچی )سندھ میں شعبہ نرسنگ کی کئی اہم اسامیاں خالی ہیں ۔ نرسنگ امتحانی بورڈ میں کنٹرولر، ڈپٹی کنٹرولر اور اسسٹنٹ کنٹرولر جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف نرسنگ میں ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نرسنگ کی نشستیں خالی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر محکمہ صحت سندھ نےاکتوبر 2015میں کنٹرولر ، ڈپٹی کنٹرولر اور اسسٹنٹ کنٹرولر کو ان کے عہدوں سے ہٹاکر محکمہ میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔ جس کے بعد ڈپٹی اور اسسٹنٹ کنٹرولر کے عہدوں پر کسی کو تعینات نہیں کیا گیا جبکہ کنٹرولر کے عہدے پر بھی عارضی تعیناتیاں کی گئیں ۔ نرسنگ کے امتحانات میں تاخیر پر جب طلبا میں بے چینی بڑھنے لگی تو محکمہ عارضی طورپر گزشتہ سال غلام سرور قادری کو کنٹرولر چارج دیا تھا۔ جو گزشتہ ماہ ریٹائر ہوگئے جس کے بعد سے کنٹرولر، ڈپٹی کنٹرولر اور اسسٹنٹ کنٹرولر کی تینوں اہم اسامیاں خالی ہیں جس کے باعث نرسنگ کے طلبا کے نتائج تاحال جاری نہیں کیے جاسکے۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف نرسنگ میں ڈائریکٹرکی ایک جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر کی 2اسامیاں ہیں ۔ لیکن صوبائی محکمہ صحت ان مسائل کو حل کرنے کےلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہا ۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندرو کا کہنا تھا کہ ان اسامیوں کے خالی ہونے سے متعلق وہ رپورٹ طلب کریں گے اور جلد اہل افسران کو تعینات کر دیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (تعلیم /جامشور)جامعہ سندھ، ایم ایس سی (فائنل) کے زولوجی، باٹنی، کیمسٹری، میتھمیٹکس اور اسٹیٹسٹکس کے پوسٹ گریجویٹ سالانہ امتحانات 2015ء کے امیدواروں کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ کالج سے اپنے امتحانی نتائج معلوم کر سکتے ہیں۔
ایمز ٹی وی (تعلیم /جامشور)وجامعہ سندھ جامشورو کے زولوجی شعبے کے ایم فل امیدواروں کے انٹرویوز جمعہ 10مارچ کو صبح 10بجے لیے جائیں گے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انٹرویو کی مقرر کردہ تاریخ و وقت پرشعبے کے چیئرپرسن آفس میں حاضر ہوں۔