اتوار, 12 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)یوکرین سے تعلق رکھنے والی ایک معذور ماڈل نے ریمپ پر جلوہ گر ہوکر نئی روایت قائم کردی۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 23 سالہ الیگزینڈرا کیوٹس کا خواب اُس وقت پورا ہوا جب انہوں نے سیاہ رنگ کے خوبصورت جوڑے میں ریمپ پر شائقین کی خوب داد وصول کی۔ ریمپ پر الیگزینڈرا کیوٹس چار ماڈلز کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں، تاہم شو کی تمام تر توجہ ان کی جانب مرکوز رہی۔الیگزینڈرا کیوٹس وہ پہلی معذور لڑکی ہیں، جنہوں نے یوکرین میں وہیل چیئر کے سہارے ریمپ پر واک کی۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا ’میں کیٹ واک کرکے یہ ثابت کرنا چاہتی تھی کہ وہیل چیئر پر موجود کوئی لڑکی بھی یہ کام کرسکتی ہے‘۔ الیگزینڈرا کیوٹس نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے کئی ماڈلنگ ایجنسیز کے نام خط لکھے اور طویل عرصے کے انتظار کے بعد انہیں ریمپ پر جلوہ گر ہونے کا موقع ملا۔ انہوں نے مزید بتایا ’میں نے کئی ماڈلنگ ایجنسیوں کو خط لکھے تاہم سب کی جانب سے مجھے انکار کا سامنا کرنا پڑا.

انہوں نے مجھے کہا کہ میں بہت خوبصورت ہوں، لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ مجھے پروموٹ کیسے کریں کیوں کہ مارکیٹ میں اب تک اس چیز کی جگہ نہیں‘۔

 

 

ایمز ٹی وی (گلگت ) گلگت بلتستان ہوٹل ایسو سی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان ہوٹلوں کو ہوٹل انڈسٹری کا درجہ دیا جائے اور گلگت بلتستان ہوٹل مالکان کو وہ تمام حقوق دئے جائیں جو ملک کے دیگر صوبوں کے ہوٹل مالکان کو حاصل ہیں۔ صوبائی حکومت کے امن دوست اقدامات کی وجہ سے گلگت بلتستان میں ہوٹل انڈسٹری زندہ ہوگئی ہے۔ علاقے میں امن و امان کی بہتر صورتحال کیوجہ سے ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے گلگت بلتستان کا رخ کیا۔

ان خیالات کا اظہار صدر ہوٹل ایسو سی ایشن ناصر علی مقپون نے ہوٹل ایسو سی ایشن کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اچھے اقدامات کیوجہ سے گلگت بلتستان کے ہوٹل مالکان نےبہتر آمدن کیوجہ سے سکھ کا سانس لیا ہے۔

ہوٹل ما لکان بھی گلگت بلتستان محکمہ سیاحت کے ساتھ رجسٹرڈ ہونا چاہتے ہیں۔ محکمہ سیا حت ہوٹلوں کو انڈسٹری کادرجہ دیکر گلگت بلتستان کے ہوٹل مالکان کے بنیادی مطالبہ منظور کرے تاکہ گلگت بلتستان میں ہوٹلوں کو دیگر صوبوں کی طرح ہوٹل انڈسٹری کا درجہ مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل کا عملہ صفائی کے نام پہ ہوٹلوں پہ چھاپے مارتے ہیں اور ہزاروں روپے جرمانے کرتے جسکی وجہ سے ہوٹل مالکان کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہوتا ہے ۔ کئی مالکان نے جیل کی ہوا بھی کھائی ہے۔ وزیر اعلیٰ اس سلسلے کا نوٹس لیں اور ہوٹل مالکان کے تحفظات کو دور کریں۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی 37ویں سالگرہ منائی ۔شاہد آفریدی یکم مارچ 1980 کو خیبرایجنسی میں پیدا ہوئے، 1996 میں اپنے دوسرے انٹرنیشنل میچ میں 37 گیندوں پردنیا کی تیزترین سنچری بنا کرراتوں رات شہرت کی بلندیوں پرپہنچ گئے۔ان کا یہ ریکارڈ تقریباً 17سال تک قائم رہا جسے نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن اورپھرجنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے نام کر لیا۔
سن 1996ء میں کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والے آفریدی بوم بوم آفریدی کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ ان کو یہ نام بھارت کے معروف کرکٹر اور کمنٹیٹر راوی شاستری نے دیا۔بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا جب آغاز ہوا تو شاہد آفریدی کو اس طرز کی کرکٹ کا بادشاہ کہاگیا، انھوں نے بھی اس طرز کی کرکٹ میں اپنے اسٹائل کی وجہ سے خوب شہرت پائی۔2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پاکستان نے شاہد آفریدی کی بہترین بیٹنگ کی وجہ سے جیتا۔
آفریدی اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پوری دنیا میں پہچانے جاتے ہیں اوراسی بدولت کئی ریکارڈ مثلاً سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اورسب سے بہترین اسٹرائیک ریٹ کا ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔گزشتہ روز شارجہ میں پی ایس ایل پلے آف کے میچ میں شاہد آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ تو کی مگر وہ اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لاکر ہمت ہار گئے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی ) جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں اس کے طلبہ کا کردار ناگزیر حیثیت کا حامل ہوتاہے اور یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ پاکستان کی آبادی کا 50 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ طلبہ کو تعلیمی اداروں میں قیادت کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ یہ ہی نوجوان مستقبل میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوں گے ۔ شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن جامعہ کراچی نے ہمیشہ طلبہ میں قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لئے اہم کردار اداکیا ہے،شعبہ کی اسٹوڈنٹس ایگزیکٹو کونسل کے قیام کا مقصد طلبہ میں قائدانہ ،ٹیم ورک اور کرائسز مینجمنٹ جیسی صلاحیتوں کو نکھارناہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی ویب سائٹ کے افتتاح اور اسٹوڈنٹس ایگزیکٹو کونسل ڈی پی اے کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کونسل کے منتخب عہدیداران سے ان کے عہدے کا حلف بھی لیا۔ تقریب کے اختتام پر صدر اسٹوڈنٹس ایگزیکٹو کونسل حنا آغانے کلمات تشکراداکرتے ہوئے کہا کہ شعبہ کی جانب سے اس طرح کی سرگرمیوں سے طلبہ کی قائدانہ صلاحیتیں ابھر کر سامنے آتی ہیں اور مجھے امید ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔اس موقع پر کونسل کے جنرل سیکریٹری زبیرخانزادہ،عزیرخالد ،اور ممبران سید زین حیدر،سکینہ رضا،ارحمہ خان،تشفہ خان، علی سجاد اور رمشاشاہد بھی موجودتھے۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی)المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام چکرا گوٹھ کورنگی میں خدیجہ گرلز کالج میں تقریب ہوئی جس میں المصطفیٰ کے چیئرمین حاجی محمد حنیف طیب،حاجی محمداسمٰعیل،زبیر حبیب، ڈاکٹر عبدالرحیم، الیاس میمن،علامہ عامراخلاق صدیقی،معین خان، ادریس عبدالغفار،احمدرضا طیب،قاضی نورلااسلام شمس، عبدالغفار سعیدی،فرحان اشرفی ،قدیرشریف ، سرور خان، جنید بغدادی نے شرکت کی مہمان خصوصی نامورعالم دین شیخ ڈاکٹرعبدالعزیز الخطیب الحسنی الجیلانی نےاظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ خداتعالیٰ نے انسان کو جو فضیلت عطافرمائی، اُس میں سب سے بڑاشرف اور انعام علم ہے ۔

اقراء پہلی وحی ہے جس نے انسانیت پر علم کے دروازے کھول دیئے ۔انہوں نے کہاکہ خدیجہ گرلزکالج مستقبل میں اس غریب بستی کے بچوں کیلئے بہت بڑاسرمایہ ثابت ہوگایہ صدقہ جاریہ ہے ، انہوں نے کالج کی تعمیر کیلئے سرمایہ فراہم کرنے والے حاجی محمد اسمٰعیل چامڑیاکو دعاؤں سے نوازا۔ المصطفیٰ کے چیئرمین حاجی محمد حنیف طیب نے شرکاء کو بتایاکہ کورنگی میں المصطفیٰ کایہ دوسرابڑاتعلیمی پروجیکٹ ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)آٹھ روزہ پیرس فیشن ویک میں موسمِ خزاں اورموسمِ سرما کے دیدہ زیب ملبوسات کی نمائش کا آغاز ہو گیا۔ خوشبوؤں کے شہر میں آج کل فیشن کی بہاریں عروج پر ہیں ۔

2017-2018کے ان ملبوسات میں جہاں ایک طرف اسٹائل کا مکمل خیال رکھا گیا ہے وہیں رنگوں کے چناؤ میں بھی خواتین کی پسند کو مد نظر رکھ کر کلیکشن تیار کی گئی ہیں۔ پہلے روز ’ریڈی ٹو ویئر ‘نامی فیشن ویک میں کئی نامورفرنچ ڈیزائنر کوچےسمیت دیگر کئی ڈیزانرز کی کلیکشن حاضرین کے سامنے پیش کی گئی ۔

دلکش رنگوں کی حامل اسکرٹس ، میکسی اورشرٹس کی کلیکشن میں ماڈلز ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں تو کوئی بھی داد دئیے بغیر نہ رہ پایا۔ صرف یہی نہیں ریمپ کو بھی نہایت خوبصورتی سے ڈیزائن کیا گیا تھا۔پیرس کا یہ رنگا رنگ ریڈی ٹووئیر فیشن ویک 8مارچ تک جاری رہے گا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) مصری سائنسدانوں نےعام پائے جانے والےایک ادویاتی پودے سے ایسا بایوفیول تیار کیا ہے جو جیٹ جہازوں میں بطور ایندھن استعمال کیا جاسکتا ہے۔
مصر میں قومی تحقیقی مرکز کے تیار کردہ اس پودے پر کامیاب ابتدائی تجربات بھی کئے گئے ہیں۔ اس مرکز کو مصری ادارہ برائے ہوابازی کی جانب سے مقامی طور پر بایوفیول تیار کرنے کا کام سونپا گیا تھا تاکہ ان سے مسافر طیارے اڑائے جاسکیں۔ اس منصوبے کو بین الاقوامی فضائی ایجنسی ( آئی اے ٹی اے) کی تائید بھی حاصل ہے ۔ آئی اے ٹی اے کی خواہش ہے کہ 2050 تک فضائی سفرسے کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج نصف کیا جاسکے ۔
یہ کام غزین الدیوانی نے کیا ہے اور ان کے مطابق انہوں نے گاڑیوں کے لیے بایوفیول کی تیاری شروع کردی ہے۔ سائنسدانوں نے جیٹروفا پودے کےبیج سے یہ بایوفیول نکالا ہے جس میں 20 سے 25 فیصد تیل موجود ہوتا ہے۔ الدیوانی کے مطابق یہ تیل ایک محلل ( سولوینٹ) کے ذریعے باآسانی نکالا جاسکتا ہے جن میں ہیکزین بھی شامل ہے۔ لیکن واضح رہے کہ دنیا میں کم سے کم معیار کا بایوفیول بھی روایتی ایندھن سے دوگنا مہنگا پڑتا ہے کیونکہ اسے بنانے پر اخراجات اٹھتے ہیں۔
جیٹروفا تیل کو بایوفیول بنانے کے لیے اس کی کثافت اور جلنے کا درجہ تبدیل کرنا پڑتا ہے ۔ تاہم اسے کئی کیمیائی طریقوں سے گزارا جاتا ہے جن میں سے اکثر بہت سادہ طریقے ہوتے ہیں۔ اس مقام پر یہ ایندھن کاروں کے لیے بہت موزوں ہے۔ بایوفیول کو ہوائی جہازوں میں استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ بلندی پر منفی 45 درجے ٹھنڈک پر بھی جمنے سے محفوظ رہے اور اب مصری ماہرین کے نزدیک یہی سب سے بڑا چیلنج ہے، لیکن اس ضمن میں بھی مصری ماہرین نے غیرمعمولی کامیابی حاصل کرلی ہے۔
الدیوانی کے مطابق تھرمل کریکنگ کے ذریعے انہوں نے منفی 40 درجے سینٹی گریڈ پر تیل کو جمنے سے بچانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے اور وہ جلد ہی منفی 45 کا ہدف حاصل کرلیں گے۔ اس تجربے کے ساتھ ہی مصری حکومت نے کم از کم ایک ہزار ایکڑ پر جیٹروفا درخت اگانے کا کام شروع کردیا ہے اور اب مزید ماہرین اس مشن پرکام کررہے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)کامیڈی سے بھرپور فلموں کے مداح تیار ہوجائیں کیونکہ امریکن ڈرامہ فلم ’ولسن‘ کا نیا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ کریگ جانسن کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھوم رہی ہے جو کئی سالوں کے بعد اپنی فیملی کے ساتھ دوبارہ جڑ جاتا ہے۔

فلم کی کاسٹ میں ووڈی ہیلرسن، لاورا ڈیرن، ایزابیلا امارا، جوڈی گریراور ڈیوڈ وارشوسکی سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔ جِم برک اور الیگزینڈر پین کی مشترکہ پروڈیوس کردہ یہ فلم 24مارچ کو سینما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(جکارتہ) انڈونیشیا کی صوبہ آچے میں شرعی قانون کے نفاذ کے بعد جرائم کے مرتکب افراد کو دھڑا دھڑ کوڑے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبے کے دارالخلافہ باندہ آچے میں کوڑے برسانے کا تازہ ترین مظاہرہ دیکھا گیا، جہاں ناجائز مراسم استوار کرنے کے جرم میں ایک شادی شدہ شخص کو اتنے کوڑے مارے گئے کہ وہ بیہوش ہوکر وہیں ڈھیر ہوگیا۔
دی میٹرو کی رپورٹ کے مطابق اس شخص کو مزید کوڑے مارنے کے لئے اٹھانے کی کوشش کی گئی مگر یہ ہوش میں نہ آیا جس کے بعد سپاہی اسے اٹھا کر لے گئے۔ اس کے ساتھ تعلق استوار کرنے کے الزام میں گرفتار کی گئی خاتون کو بھی سینکڑوں افراد کے سامنے کوڑے مارے گئے۔
انڈونیشیا میں آچے واحد صوبہ ہے جہاں شرعی قانون نافذ ہے۔ یہاں جوا بازی، شراب نوشی اور ناجائز مراسم کے الزام میں گرفتارہونے والوں کو سرعام کوڑے مارے جاتے ہیں

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی )جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور آغا خان یونیورسٹی اسپتال کے تحت3روزہ بین الاقوامی میڈیکل ایجو کیشن کانفرنس 3سے 5مارچ تک منعقد کی جائے گی ۔

جس میں دنیا بھر سے ماہرین صحت شرکت کریں گے ۔ کانفرنس میں 66ایجوکیشنل ورکشاپس ہوں گی ۔ کانفرنس کا افتتاح وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کریںگے ۔ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی اورمنفرد کانفرنس ہوگی جو میڈیکل ایجوکیشن کی بہتری میں سنگ میل ثابت ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع، پرووائس چانسلر پروفیسر لبنیٰ بیگ اور ایسو سی ایٹ پروفیسر آغا خان یونیورسٹی اسپتال ڈاکٹر سید کوثر علی نے منگل کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔