ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)ویسے تو سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس ایٹ کے سامنے آنے میں ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے مگر اس کی پہلی واضح تصویر لیک ہوکر سامنے آگئی ہے۔ ایولیکس نامی ٹوئٹر صارف نے گلیکسی ایس 8 کی تصویر لیک کی ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ یہ ڈیوائس کیسی ہوگی۔ تصویر سے پتا چلتا ہے کہ یہ سام سنگ کا پہلا فون ہے جس میں ہوم بٹن نہیں جبکہ اس کی اسکرین بھی دنگ کردینے والی ہے۔ سام سنگ کی جانب سے 29 مارچ کو اس فون کو متعارف کرائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے، اس نئی لیک میں اس کے فیچرز کی تفصیلات تو نہیں بتائی گئیں۔ مگر یہ بات پہلے سامنے آچکی ہے کہ گلیکسی ایس ایٹ پلس 6.2 انچ کی کواڈ ایچ ڈی سپر امولیڈ ڈسپلے والا فون ہے۔ سام سنگ کی جانب سے یہ فون اس بار موبائل ورلڈ کانگریس میں تو متعارف نہیں کرایا گیا تاہم اس کے متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان ضرور کیا گیا۔ یہ سام سنگ کا پہلا بیزل لیس یا ایج لیس فون ہوگا مگر اس کے دونوں ماڈلز کا سائز گلیکسی ایس سیون اور ایس سیون ایج سے بڑا ہوگا۔ اس فون میں آڈیو جیک، ٹائپ سی یو ایس بی اور پہلے سے بہتر کیمرہ وغیرہ تو ہوں گے مگر ہوم بٹن کو ممکنہ طور پر ختم کردیا جائے گا۔ اسی طرح یہ سام سنگ کا پہلا فون ہے جس میں کمپنی کا اپنا ڈیجیٹل اسسٹنٹ بھی متعارف کرایا جائے گا۔ اس میں انفینٹی اسکرین ہے جو کہ ورچوئل طور پر اس فون کے فرنٹ پینل کو کور کرے گی یا یوں کہہ لیں کہ مکمل طور پر فرنٹ پر بس پوری اسکرین ہوگی جسے ایج لیس اسکرین بھی کہا جاتا ہے اور فنگر پرنٹ اسکینر بیک پر چلا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ اگر آپ سوشل میڈیا کا حصہ ہیں تو آپ کو برا بھلا سننے کے لیے بھی تیار رہنا چاہیئے۔امیتابھ بچن بالی ووڈ کے وہ اسٹارہیں جو سوشل میڈیا پربہت زیادہ فعال رہتے ہیں جب کہ ان کی فالورزکی تعداد بھی دوسرے فنکاروں سے بہت زیادہ ہے اور اداکار مختلف موضوعات پر اپنے اظہارخیال کے بعد بہت کچھ برداشت بھی کرتے ہیں اور اس کا اظہارانہوں نے اپنی فلم سرکار 3 کے ٹریلر کی رونمائی کے موقع پر کیا۔
امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ اگرآپ آج کے دورمیں سوشل میڈیا کا حصہ ہیں توآپ کو ہروقت برا بھلا سننے کے لیے تیاررہنا چاہیئے کیونکہ یہاں لوگ آپ کی رائے کو پڑھنے کے بعد بہت کچھ کہہ اورلکھ ڈالتے ہیں، وہ بھی اپنے متعلق لوگوں کی آرا پڑھ کرمحظوظ ہوتے ہیں۔
اداکارکا اپنی نئی فلم کے حوالے کہنا تھا کہ فلم سرکار 3 سے بہت امیدیں وابستہ ہیں جب کہ فلم ایک بار پھر مداحوں کو محظوظ کرے گی کیونکہ اس میں سب نے ہی بہترین کام کیا ہے۔واضح رہے کہ فلم میں اداکارامیتابھ بچن، یامی گوتم، جیکی شروف اور منوج باچپائی بھی جلوہ گرہوں گے جب کہ فلم 7 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی)برطانوی حکومت کی جانب سے ڈرائیورز کے لیے انگریزی پڑھنے اور لکھنے کی شرط عائد کیے جانے کے بعد خدشہ ہے کہ لندن میں اوبر کے ہزاروں ڈرائیورز لائسنس سے محروم ہوجائیں گے۔ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے سفری سہولتیں فراہم کرنے والی امریکی کمپنی اوبر کا کہنا ہے کہ سرکاری ادارے ٹرانسپورٹ فار لندن نے ڈرائیورز کے لیے انگریزی پڑھنے اور لکھنے کی شرط عائد کی ہے جس کے بعد یہ خدشہ ہے کہ ہزاروں ڈرائیورز لائسنس سے محروم ہوسکتے ہیں۔ اوبر نے اس حکومتی فیصلے کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کرلیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹرانسپورٹ فار لندن کا موقف ہے کہ ڈرائیورز کو یہ بات ثابت کرنی ہوگی کہ وہ انگریزی میں بات چیت کرسکتے ہیں اور انگریزی پڑھنے اور لکھنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے اوبر کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ فار لندن کی جانب سے طے کردہ شرائط بہت ہی سخت ہیں۔ اوبر کے وکیل تھامس ڈی لا مارے نے لندن ہائی کورٹ میں موقف اپنایا کہ حکومت کے اس اقدام سے سیکڑوں افراد روزگار سے محروم ہوسکتے ہیں۔ اوبر کے وکیل نے بتایا کہ لندن میں ایک لاکھ 10 ہزار کے قریب ڈرائیورز اوبر کے لیے کام کررہے ہیں اور ممکن ہے کہ ان میں سے تقریباً 33 ہزار ڈرائیورز لائسنس کی تجدید کے دوران لیے جانے والے انگریزی کے ٹیسٹ میں فیل ہوجائیں۔ ادھر ٹرانسپورٹ فار لندن کا کہنا ہے کہ عوام کے تحفظ کے لیے یہ ضروری ہے کہ ڈرائیورز ایک خاص حد تک انگریزی سے واقف ہوں۔ ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ سیکٹر تیزی سے ترقی کررہا ہے کہ لہٰذا اسے قانون کے دائرے میں لانے کے لیے اس طرح کے اقدامات ضروری ہیں۔ واضح رہے کہ لندن میں اوبر کی مقبولیت کی وجہ سے لندن کی روایتی کالی ٹیکسی کے ڈرائیورز نے احتجاج کیا تھا اور موقف اپنایا تھا کہ پرائیوٹ گاڑیوں کے ذریعے سفری سہولتیں فراہم کرنے والے اُس معیار پر پورا نہیں اترتے جس پر ٹیکسی ڈرائیورز کو اترنا پڑتا ہے اور وہ کم کرائے لے کر ان کے کاروبار کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ کے دوسرے پلے آف میں کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 44 رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے دوسرے پلے آف مرحلے میں کراچی کنگز کے بلے بازوں نے ایک بار پھر کراچی کے چاہنے والوں کو مایوس کیا اور کوئی بھی بیٹسمین خاطرخوا کارکردگی نہیں دکھاسکا جس کی بدولت ٹیم صرف مقررہ 20 اوورز میں 126 رنز ہی بناسکے لیکن کراچی کنگز کے بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائٹیڈ کی پوری ٹیم کو 82 رنز پر ڈھیر کردیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیون اسمتھ اور آصف علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اسمتھ صرف 8 رنز بناکر محمد عامر کا نشانہ بنے جب کہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے بریڈ ہیڈن کو بھی عامر نے تیسری گیند پر ہی بولڈ کرکے واپس پویلین بھیج دیا جس کے بعد آصف نے کپتان مصباح کے ساتھ ملکر اسکور کو آگے بڑھایا لیکن مصباح بھی 13 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے جب کہ شین واٹسن بھی صرف 8 رنز ہی بناسکے۔ 61 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین جانے کے بعد بظاہر میچ اسلام آباد کے حق میں دکھائی دے رہا تھا لیکن عماد وسیم اور اسامہ میر نے پچ پر ٹرن کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اسلام آباد کے بیٹسمینوں کو نہ صرف پریشان کئے رکھا بلکہ 16 رنز کے فرق سے ان کے 4 کھلاڑی پویلین بھیج کر اسلام آباد یونائیٹڈ کی پریشانی میں مزید اضافہ کیا۔ آصف علی کی مزاحمت بھی 39 رنز پر جواب دے گئی وہ اسامہ میر کا شکار بنے جب کہ شاداب خان اور نیکولس پوران، ایک، ایک جب کہ محمد سمیع بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوئے۔
ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے مصنوعی ذہانت کو استعمال کرتے ہوئے ان افراد کی شناخت کرنا شروع کر دی ہے جن کے بارے میں خطرہ ہو کہ وہ خود کشی کر سکتے ہیں۔ فیس بک نے ایسا ایلگوردم بنایا ہے جو صارفین کی پوسٹس اور ان پر دوستوں کی جانب سے کیے جانے والے تبصروں کی روشنی میں ان صارفین کی نشاندہی کرے گا جن کے بارے میں خطرہ ہو کہ وہ خودکشی کر سکتے ہیں۔فیس بک کی ٹیم کی جانب سے تصدیق کے بعد کمپنی ان لوگوں سے رابطہ کرے گی جن کے بارے میں یہ خیال ہو کہ وہ خود کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور انھیں بتایا جائے گا کہ وہ کیسے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ خودکشی کے حوالے سے قائم ہیلپ لائن کے سربراہ نے اس اقدام کے بارے میں کہا ہے کہ ’یہ نہ صرف مددگار ہے بلکہ اہم بھی ہے۔‘اس وقت اس طریقہ کار کا صرف امریکہ میں ہی تجزیہ کیا گیا ہے۔فیس بک پراڈکٹ مینیجر ونیسا کیلیسن برک نے بتایا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ رفتار اہمیت رکھتی ہے جب چیزیں ضروری ہوں۔ ‘ خودکشیوں کو روکنے والے امریکی ادارے کے ڈائریکٹر نے ان کوششوں کی تعریف تو کی لیکن ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ انھیں امید ہے کہ فیس بک صرف مشورے دینے کے ساتھ ساتھ ان لوگوں سے رابطہ کرنے کے لیے بھی کوشش کرے جو مدد کر سکتے ہیں۔ زبکر برگ کے مطابق یلگوردمز جیسے ضروری سافٹ ویئر کو مکمل طور پر تیار کرنے میں برسوں لگ سکتے ہیں خیال رہے کہ اس سے قبل فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے اعلان کیا تھا کہ ایک ایسا نیا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت مصنوعی ذہانت والے سافٹ ویئر کی مدد سے سائٹ پر پوسٹ کیے جانے والے شدت پسندانہ مواد کی نگرانی کی جا سکے گی۔ انھوں نے اپنے ایک خط میں اس منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ بالآخر مصنوعی ذہانت والے سافٹ ویئر ایلگوردمز دہشت گردی، تشدد، غنڈہ گردی جیسے مواد کی نشاندہی کر سکیں گے اور اس سے خودکشیاں روکنے میں بھی مدد ملے گی۔ تاہم انھوں نے کہا تھا کہ اس قسم کے سافٹ ویئر کو مکمل طور پر تیار کرنے میں برسوں لگ سکتے ہیں۔ اس سے متعلق انھوں نے تقریبا 5500 الفاظ پر مشتمل ایک خط میں تفصیلات کا ذکر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ فیس بک پر ہر روز اربوں کی تعداد میں مختلف طرح کے پیغامات اورتبصرے پوسٹ ہوتے ہیں اور ان کا جائزہ لینا تقریباً ناممکن ہے