منگل, 14 جنوری 2025

ایمز ٹی وی(تعلیم / روہڑی ) روہڑی کے نجی پبلک ہائی اسکول میں سائنسی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء طالبات کے والدین اساتذہ اور معزز شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی نمائش میں بنائے گئے۔ ماڈلز کو سراہا طلباء نے نمائش میں رکھے گئے ماڈلز سے متعلق دیکھنے والوں کو بریفنگ دی طلباء طالبات نے سانحہ سہون شریف اور دیگر واقعات میں شہید ہونیوالے کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعائیں کی۔ اس موقع پر پہلی پوزشن نویں جماعت کی جانب سے بنائے جانے والے پیراڈک ٹیبل، دوسری پوزشن دسویں کلاس کی جانب سے بنائے گئے سولر سٹم، تیسری پوزشن آٹھویں کلاس کی جانب سے چائنہ کورے ڈور اکنامک کے نقشے نے حاصل کی اور عوام کو سی پیک سے متعلق اہم معلومات مل سکیں۔ تقریب کی مہمان خصوصی ریجنل ڈائریکٹر اسکو لز سکھر ریجن آپا زیب منگی نے طلباء کی جانب سے بنائے گئے ماڈلز پر طلبا ء اور استاتذہ کی محنت کو سراہا۔ اس موقع پر اسکول کے چیئرمین سید اجمل حسین شاہ موسوی، ڈائریکٹر سیدقلب حسین شاہ موسوی، ڈائریکٹر پرائمری ایجوکشن سید نصیر حسین شاہ، یوسی اروڑ کے چیئرمین سید ارشد حسین شاہ طلباء طالبات کے والدین نے نمائش دیکھی اور بنائے گئے ماڈلز کی معلومات لیں۔

 

ایمز ٹی وی(کراچی) نیو کراچی کے مکان سے متحدہ لندن کے اسلحہ کی کھیپ پکڑی گئی، پولیس اہلکار سمیت تین ملزم گرفتار نیو کراچی کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک کارروائی کے دوران اسلحے کا بڑا ذخیرہ پکڑ لیا۔
ذرائع کے مطابق، کارروائی کے دوران 1 پولیس اہلکار سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا پولیس اہلکار عاطف معراج کو ایم کیو ایم لندن کے عمران شیخ نے اسلحہ چھپانے کے لئے دیا تھا۔ عاطف معراج نے کرایہ پر مکان لیکر اس میں اسلحہ چھپایا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مالک مکان سہولت کار جاوید اور پولیس اہلکار عاطف معراج کو گرفتار کر لیا ہے ۔
 

 

ایمز ٹی وی (صحت /کراچی ) شہر میں ڈینگی وائر س کے کیسز کو تاحال روکا نہیں جاسکا جس کے باعث گزشتہ ہفتے بھی 10افراد ڈینگی وائر س سے متاثر ہوگئے جس کے بعد رواں سال شہر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد78ہو گئی ہے۔ ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 12سے18فروری کے دوران کراچی میں ڈینگی وائر س کے10مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے6افراد کو مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ جبکہ4مریضوں کو او پی ڈی میں لایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ضلع وسطی میں 2، ضلع جنوبی میں 4، ضلع غربی میں 1،ضلع شرقی میں 2اور ضلع کورنگی میں ایک مریض سامنے آیا۔ اس طرح رواں سال کے ابتدائی 7ہفتوں میں صوبے بھر میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد85ہوگئی ہے جن میں78مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی ڈینگی وائرس سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے تھے اور درجنوں ہلاکتیں ہوئی تھیں لیکن اس کے باوجود حکومتی اداروں نے ڈینگی کے خاتمے کےلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سائنسدانوں کی ٹیم نے حال ہی میں ایک نیا روبوٹ تیار کیا ہے جو اپنے پائوں پر چلتے ہوئے شتر مرغ سے ملتا جلتا دکھائی دیتا ہے۔ منفرد انداز سے ڈیزائن کیے گئے اس روبوٹ کا نام Cassie کیسی ہے۔ اس کی پنڈلی جو کہ کسی بڑے پرندے کی پنڈلی سے مماثلت رکھتی ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق محققین کا کہنا ہے کہ کیسی کا ڈیزائن ایسے روبوٹوں کی تیاری میں استعمال کیا جائے گا جو پارسل کی تقسیم یا امدادی کارروائیوں میں معاونت انجام دے سکیں۔
کیسی روبوٹ کو امریکا کی دو ریاستوں اوریگون اور پینسلوینیا میں قائم کمپنی ایجیلیٹی روبوٹکس کی ٹیم نے ڈیزائن کیا ہے۔ روبوٹ کا ڈیزائن اس کو کھڑے ہونے، چلنے اور یہاں تک کہ ایسے نازک انداز سے گرنے میں مدد دیتا ہے جس سے ٹوٹنے کا کوئی اندیشہ نہیں ہوتا۔کیسی کا وزن اوریگون یونیورسٹی میں اس سے قبل تیار کیے جانے والے روبوٹوں کے مقابلے میں آدھا ہے تاہم اس کی صلاحیت سابقہ روبوٹوں سے کہیں زیادہ ہے۔

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمٹ)جان سینا اپنی ریکارڈ 16 ویں چیمپئن شپ محض دو ہفتے کے اندر برے وائیٹ کے ہاتھوں ایلیمینیشن چیمبر میں ہار گئے تھے۔ اس کے بعد 14 فروری کو اسمیک ڈاﺅن میں برے وائیٹ نے جان سینا اور اے جے اسٹائلز کے ساتھ مقابلے میں اپنے اعزاز کا دفاع کیا اور اس کی کہانی سامنے آگئی ہے۔ اس میچ سے قبل جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای حکام پر زور دیا تھا کہ برے وائیٹ کے ہاتھوں انہیں چت کرایا جائے۔ اس طرح برے وائیٹ نے ایلیمینیشن چیمبر اور اسمیک ڈاﺅن دونوں جگہ جان سینا کو بغیر کسی دھوکے بازی کے شفاف انداز سے شکست دی۔ ایسا لگتا ہے کہ جان سینا برے وائیٹ کے کیرئیر کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں کیونکہ میچ کے دوران بھی جب شکست کے وقت جان سینا نے چیمپئن کو ' اب تم صحیح معنوں میں چیمپئن سمجھے جاﺅ گے'۔ یہ جان سینا کی جانب سے برے وائیٹ کے لیے خیرسگالی کا حیرت انگیز مظاہرہ تھا کیونکہ اگر وہ چاہتے تھے تو اپنی جگہ اے جے اسٹائلز کو بھی ہروا سکتے تھے یا ایلیمینشین چیمبر میں سب سے آخر میں شکست کھاتے۔ ایسا لگتا ہے کہ جان سینا ڈبلیو ڈبلیو ای سے بتدریج دوری کے دوران اپنے ساتھی ریسلرز کے کیرئیر کو آگے بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔ واضح رہے کہ ریسل مینیا 33 میں پہلے برے وائیٹ اور رینڈی اورٹن کے درمیان مقابلہ متوقع تھا مگر اسمیک ڈاﺅن میں رینڈی اورٹن نے اس سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔ اب برے وائیٹ کے ریسل مینیا کے مخالف کا تعین 21 فروری کو اسمیک ڈاﺅن میں ایک بیٹل رائل میں کیا جائے گا جس کے بارے میں افواہیں ہیں کہ وہ وائیٹ فیملی کے سابق رکن لیوک ہارپر جیت جائیں گے اور اس طرح ڈبلیو ڈبلیو ای کے سال کے بڑے ایونٹ میں چیمپئن شپ میچ دو کی بجائے تین ریسلرز یعنی رینڈی اورٹن، برے وائیٹ اور لیوک ہارپر کے درمیان ہوگا۔

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ ٹو کے اہم میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کودلچسپ مقابلے کے بعد 9رنزسے شکست دے دی،پشاور زلمی 20ویں اوور میں165رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔پشاور زلمی کی ٹیم شروع میں دباﺅ کا شکار نظرآئی اور32رنز کےاآغاز کے باوجود58رنز تک آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی،تمیم اقبال16،کامران اکمل14،افتخار احمد1،ائن مورگن3،صہیب مقصود5اور شکیب الحسن18رنز بنا کراپنی ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کرچلتے بنے۔ مشکل صورت حال میں جب مقابلہ یک طرفہ نظر آرہا تھا ،پشار زلمی کے تجربہ کار بیٹسمین شاہدخان آفریدی 54اور ڈیرن سامی34رنزکے ساتھ کراچی کنگز کے بالرز کے سامنے ڈٹ گئے اور اپنی ٹیم کو کھیل میں واپس لے کرآئے ،دونوں بیٹسمینوں کے درمیان 70رنز کی شراکت قائم ہوئی ،اس موقع بد قسمتی سے ڈیرن سامی کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ تاہم شاہد آفریدی نے آخری اوور تک جدو جہدجا ری رکھی اورکراچی کنگز کو مشکل میں ڈالے رکھا،انہوں نے آخری اوور میں چھکا لگا کر میچ کو مزید سنسنی خیز بنادیا،آخری4گیندوں پر پشاور کوجیت کیلئے10رنز درکار تھے،لیکن شاہد آفریدی اگلی گیند پر کیچ آﺅٹ ہو گئے اور کراچی کنگز کے کپتان ،کھلاڑیوں نے سکون کا سانس لیا۔ پشاور زلمی کو آخری دو گیندوں پر 10رنز درکار تھے اورایک وکٹ باقی تھی لیکن حسن علی پانچویں گیند پر کیچ آﺅٹ ہو گئے یوں دلچسپ مقابلے کے بعد یہ میچ کراچی کنگز نے9رنز سے جیت لیا۔کراچی کنگز کی ایونٹ میں یہ دوسری کامیابی ہے۔کراچی کنگز کے سہیل خان اور عثمان خان نے تین ،تین جبکہ اسامہ میر نے2وکٹیں حاصل کیں۔شعیب ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 

ایمز ٹی وی(کراچی) شہر کی سڑکوں پر چلنے والی پرانی اور خستہ حال بسوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، فٹنس کی خلاف ورزی کرنے والی بسوں اور منی بسوں سمیت تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو شہر میں چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ ٹریفک پولیس سے مل کر اس پابندی پر 20 مارچ سے عملدرآمد کرائے گی تاہم بس مالکان کو تنبیہ کی گئی کہ وہ اس دوران اپنی وہ گاڑیاں مرمت کراکر ٹھیک اور قانونی تقاضوں کے مطابق بنالیں20 مارچ سے تمام ڈپٹی کمشنرز خستہ حال بسوں کے خلاف ٹریفک پولیس کے تعاون سے مہم شروع کریں گے۔
یہ فیصلہ گزشتہ روز کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں ڈی آئی جی ٹریفک آصف اعجاز شیخ، ڈی آئی جی ایڈمنسٹریشن غلام سرور جمالی، ایڈیشنل کمشنر کراچی ۔II فرحان غنی ، ڈپٹی کمشنرز تمام اضلاع کے ایس ایس پیزٹریفک پولیس ،ڈائریکٹر ترقیات و منصوبہ بندی کمشنر کراچی سید محمد شکیب کراچی،ڈائریکڑ ٹریفک انجینئرنگ بیورو قاضی عبدالقادر ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری کی قیادت میں وفد نے شرکت کی۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت /کراچی ) سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی اپنے قیام کے20سال گزرنے کے باوجود صوبے میں خون کی کمی کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے۔ اتھارٹی کے تحت غیر محفوظ انتقال خون کو روکا جاسکا ہے نہ ہی نایاب و کمیاب خون فراہم کرنے کے لئے کوئی حکمت عملی مرتب کی جاسکی ہے۔ جس کے باعث مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہےبالخصوص حادثات وواقعات میں خون نہ ملنے پر سالانہ سیکڑوں افراد اپنی زندگیاں ہار جاتےہیں۔ جمعرات 16فروری کو بھی درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر ؒ میں ہونے والے خود کش دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو خون کے سلسلے میں پریشانی کاسامنا کرنا پڑا تھا۔ صوبے میں بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کا قیام1997میں عمل میں آیا تھا لیکن اتھارٹی آج تک صوبے کے باسیوں کے بلڈ گروپس کی ڈائریکٹری قائم نہیں کر سکی۔ ماہرین صحت بتاتے ہیں کہ دنیا کے دیگر ممالک میں شہریوں کے خون کے گروپس کا ڈیٹا جمع کیا جاتا ہے اورایک ڈائریکٹری بنائی جاتی ہے جس میں ان کے خون کے گروپس کے ساتھ موبائل نمبر، دفاترا ورگھروں کے پتے درج ہوتے ہیں۔ جب کوئی حادثہ رونما ہوتا ہے یا خون کی ضرورت پڑتی ہے تو اس ڈائریکٹری سے مدد لی جاتی ہے اور قریب ترین رہنے والے افراد سے رابطہ کیا جاتا ہے۔ پھر جدید ایمبولینس شہریوں کے پاس جاکر خون لیتی ہے اس طرح ہر گروپ کے خون کی ضرورت پڑ نے پر مریضوں کو پریشانی نہیں ہوتی اور باآسانی خون دستیاب ہو جاتاہے۔ لیکن سندھ میں تاحال ایساکوئی نظام وضع نہیں کیا جاسکانہ ہی سینٹرالائزڈ بلڈ بینکنک کا نظام وضع ہوسکاہے حالانکہ 2012میں 4ریجنل بلڈ ٹرانسفیوژن سینٹرز کی تعمیر شروع ہوئی تھی جن کی گزشتہ سال تکمیل کے باوجود انہیں فعال نہیں کیا جاسکا۔ جس کے باعث حادثات وواقعات میں زخمیوں کے خون کےلئے اپیل کی جاتی ہے۔ صوبے میں غیر محفوظ انتقال خون کی منتقلی کو بھی نہیں روکا جا سکا اور اب تک درجنوں افراد ایڈز میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ درجنوں بچے ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہوئےہیں۔ لیکن صوبائی محکمہ صحت اتھارٹی کو فعال کرنے اور اتھارٹی اس ضمن میں خاطر خواہ اقدامات کرنے سے قاصر ہے۔ اس سلسلے میں سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے سیکریٹری ڈاکٹر زاہد حسن انصاری کا کہنا تھا کہ جب نایاب وکمیاب خون کی ضرورت پڑتی ہے تو بڑے بلڈ بینکس سے حاصل کر لیا جاتا ہےاور اس کے لئے کیمپس بھی لگائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں عنقریب ریجنل بلڈ ٹرانسفیوژن سیٹرز کو فعال کر دیا جائے گاجس کے ساتھ بلڈ گروپس کی ڈائریکٹری بھی بنائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں غیر معیاری بلڈ بینکس کے خلاف کاروائی بھی کی جاتی ہے۔ عنقریب یہ تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔

 

ایمز ٹی وی(تجارت) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے آزاد جموں وکشمیر کونسل میں ڈیپوٹیشن پر تعینات افسران نے واپس آنے سے انکار کر دیا۔
افسران نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز واپسی کیخلاف آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ سے حکم امتناع حاصل کر لیا جبکہ ایف بی آر نے افسران کو واپس لانے کیلیے تجربہ کار وکیل کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دستاویز کےمطابق ایف بی آر نے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے حکم پر ڈیپوٹیشن پر کونسل میں تعینات افسران واپس بلا کر ان کیخلاف تحقیقات مکمل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور کمیٹی کو آگاہ کیا تھا کہ تحقیقات کے دوران افسران پر کونسل میں تعیناتی کے دوران کرپشن میں ملوث ہونے کے شواہد ملنے پر انضباطی کارروائی کی جائیگی۔
ادھر ایف بی آر کا کہنا ہے ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ کونسل میں تعینات 2 افسران کرپشن و بدعنوانی میں ملوث ہیں لیکن ان میں ایک ایف بی آر کا افسر ہے جو ڈیپوٹیشن پر تعینات ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمداجمل خان کی صدارت میں منعقدہ سنڈیکیٹ کے حالیہ اجلاس میں سنڈیکیٹ کے اجلاس منعقدہ29دسمبر2016ء کی روداد کی توثیق کی گئی اور قراردادوں پر عملدرآمد کی رپورٹ کی منظوری دی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد کی سیلڈ رپورٹ کو اجلاس میں پیش کیا گیا جس پر فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ رپورٹ کی نقول تمام ممبران کوفراہم کی جائیں گی، اس کے بعد ہی ممبران اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔ ڈاکٹر شہناز غازی، ڈاکٹر عبید خان، ڈاکٹر نعیم قریشی، ڈاکٹر زاہد علی زاہدی اور شاہین خان کے معاملات کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سرقہ نویسی کمیٹی کو ارسال کی جائے گی جس کے بعد کمیٹی سرقہ نویسی پالیسی کے مطابق فیصلہ کرے گی۔شہید پروفیسر ڈاکٹر وحید الرحمٰن کے خاندان کی مالی اعانت کیلئے پچاس ہزارروپے ماہانہ 12سال تک دیئے جانے کی منظوری دی گئی۔ بینک برانچز اور بوتھ کے کرایہ میں اضافے کی اصولی منظوری دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ لیگل ویٹنگ کے بعدنیامعاہدہ تیارکرکے کمیٹی کو پیش کیا جائے گا۔سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شیخ ندیم الزماں کو پریکٹسنگ الائونس دیئے جانے کی بھی منظوری دی گئی۔