ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ پروڈکشن بھی کر رہی ہیں اور اب ان کی پروڈکشن میں بننے والی دوسری فلم 'فلوری' (Phillauri) کا پہلا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔ اس فلم میں انوشکا شرما نے ایک روح (بھوت) کا کردار ادا کیا، جو اپنی ادھوری خواہش کو پورا کرنے کے لیے دنیا میں واپس آجاتی ہے۔فلم کا ٹریلر مزاحیہ ہونے کے ساتھ ساتھ سنجیدہ کہانی کو بھی ہیش کررہا ہے۔
'فلوری' میں انوشکا شرما کے ساتھ اداکار دلجیت دوسانج، سورج شرما اور مہرین پیر زادہ اہم کردار کرتے نظر آئیں گی۔اس فلم کی ہدایات انشائی لال دے رہے ہیں، جبکہ فاکس اسٹار سٹوڈیوز اور انوشکا شرما کی کمپنی کلین سلیٹ فلمز اس کی مشترکہ پروڈکشن کررہی ہے۔
خیال رہے کہ انوشکا شرما کی پروڈکشن میں بننے والی پہلی فلم 'این ایچ 10' 2015 میں ریلیز ہوئی تھی جسے تجزیہ کاروں کا مثبت ردعمل موصول ہوا تھا، اس فلم میں بھی انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔فلم 'فلوری' رواں سال 24 مارچ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)معروف ادیبہ اور افسانہ نگار بانو قدسیہ 28 نومبر 1928 کو بھارت کے مشرقی پنجاب کے ضلع فیروز پور میں پیدا ہوئیں، انہوں نے ایف اے اسلامیہ کالج لاہوراور بی اے کنیئرڈ کالج سے کیا جب کہ 1949 میں گریجویشن کا امتحان پاس کیا اور وہ اس وقت پاکستان ہجرت کرچکی تھیں۔
بانو قدسیہ نے گورنمنٹ کالج لاہور میں ایم اے اردو میں داخلہ لیا اور یہیں اشفاق احمد ان کے کلاس فیلو تھے اور دونوں نے دسمبر 1956 میں شادی کرلی۔ مصنفہ بانو قدسیہ نے 27 ناول اور کہانیاں تحریر کی ہیں جس میں ’’راجہ گدھ‘‘، ’’امربیل‘‘، ’’بازگشت‘‘، ’’آدھی بات‘‘، ’’دوسرا دروازہ‘‘، ’’تمثیل‘‘،’’ حاصل گھاٹ‘‘ اور ’’توجہ کی طالب ‘‘ قابل ذکر ہیں جب کہ ان کے ناول ’’راجہ گدھ‘‘اور ’’آدھی بات‘‘ کو کلاسک کا درجہ حاصل ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے لیے بھی بہت سے ڈرامے لکھے ہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سےان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں 2003 میں ’’ستارہ امتیاز‘‘ اور 2010 میں ’’ہلال امتیاز‘‘ سے نوازا گیا جب کہ اس کے علاوہ انہیں کئی قومی اور بین الااقوامی ایورڈ بھی دیئے گئے ہیں لیکن اب یہ اردو ادب کا چمکتا ستارہ بجھ گیا ہے اور معروف مصنفہ بانو قدسیہ طویل علالت کے بعدآج لاہور میں 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے مصنفہ بانو قدسیہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ادبی خدمات ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)پہلے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا خواب پورا ہوا، اب رئیس کی ہیروئن کی ایک اور خواہش بھی پوری ہوگئی ، آخر کار ماہرہ خان ممبئی میں ہونے والی رئیس کی تشہیری مہم کا حصہ بن گئیں ۔
رئیس کی ٹیم نے ماہرہ خان کا ادھورا ارمان پورا کردیا ، بھارت میں رئیس کے پروموشنل ایونٹ میں ماہرہ خان کی ویڈیو کال کے ذریعے اینٹری ہوئی ۔
رئیس کی کامیابی پر ہونے والی پریس کانفرنس میں صحافیوں نے ماہرہ سے ان کی والدہ کی نقل اتارنے کی فرمائش کی ۔ماہرہ خان نے بالی ووڈ کے بادشاہ کے ساتھ کام کرنے پر کہا کہ یہ خواب تھا جو پورا ہوا۔
ایمز ٹی وی (تجارت)آذربائیجان نے پاکستان کو خام تیل سمیت ایل این جی اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات بر آمد کرنے کی پیشکش کی ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان معاہدے کا امکان ہے۔
یہ بات آذربائیجان کی سرکاری خبر ایجنسی نے وزارت پیٹرولیم اور قدرتی ذخائر کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتائی۔عہدیدارکے مطابق آذربائیجان نے پاکستان کوخام تیل، ایل این جی اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کی پیشکش کی ہے۔
آذربائیجان پا کستان کے ساتھ مل کرٹرمینل لگانے کے علاوہ ایل پی جی اور ایل این جی کی اسٹوریج کی خواہش کابھی اظہارکیاہے۔اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کے کئی دور ہوچکے ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی اس سلسلے میں معاہدے طے ہوجائے گا۔
ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی سائنسدان نے انسانی ہاتھ سے مشابہہ ایک ایسا روبوٹ تیار کیا ہے جو موبائل فون پر بنائی گئی کوئی سی بھی تصویر کو کاغذ پر ثبت کردیتا ہے۔روبوٹ کو ’’لائن‘‘ کا نام دیا گیا ہے جس کا وزن 160 گرام ہے، یہ کسی انسانی ہاتھ کی طرح کام کرتے ہوئے پیچیدہ اور دلچسپ خاکے کاغذ پر اتارتا ہے۔ یہ ننھا مصور روبوٹ لیپ ٹاپ، اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ سے منسلک ہوکر کام کرتا ہے اور یوایس بی پورٹ سے ہی ہدایات اور بجلی حاصل کرتا ہے۔
روبوٹ کے ذریعے آپ ماؤس، انگلی یا کسی ایپل پینسل سے خاکہ بناسکتے ہیں اور یہ روبوٹ اسے فوری طور پر کاغذ پر نقش کردیتا ہے۔روبوٹ دھیرے دھیرے کسی انسان کی طرح لکیریں کھینچ کر مشکل ترین تصاویر اور اشکال کو کاغذ پر اتارتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ روبوٹ فریکؤج اور شیشے پر بھی لکھ سکتا ہے۔ اسی طرح ڈرائنگ کو دوستوں کو بھی بھیجا جاسکتا ہے۔ کک اسٹارٹر منصوبے کے تحت پہلے ایسے 1000 روبوٹس تیار کئے جائیں گے جس کی قیمت سے 9 سے 12 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ اس سال اکتوبر میں اولین روبوٹ کی فروخت شروع ہوجائے گی۔
ایمزٹی وی(تجارت) سندھ میں تجارتی و صنعتی گیس کنکشنز پر پابندی کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی نے سال 2012 سے 2015 کے دوران 129 کنکشنز جاری کیے ہیں جن میں صنعتی، تجارتی اور سی این جی اسٹیشنز کو جاری کیے گئے کنکشنز بھی شامل ہیں۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے اپنی رپورٹ 2015-16میں غیرقانونی گیس کنکشنز کی فراہمی کا انکشاف کرتے ہوئے ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی سفارش کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پرائم منسٹر سیکریٹریٹ کی جانب سے 18اپریل 2011 اور 23اپریل 2011 کو جاری کردہ خطوط میں صنعتی و تجارتی گیس کنکشنز کے اجرا پر پابندی عائد کی گئی تاہم سوئی سدرن گیس کمپنی کی انتظامیہ کی جانب سے اس پابندی کے 4 سال کے دوران صنعتی یونٹس کیلیے 50، سی این جی اسٹیشنز کو 10 جبکہ کیپٹیو پاور پلانٹس کیلیے 69نئے کنکشنز جاری کیے۔ سال 2012 میں 89، سال 2013میں 21، سال 2014میں 12اور سال 2015کے دوران 7 کنکشنز جاری کیے گئے۔
سال 2012کے دوران 37 صنعتی یونٹس، 5سی این جی اسٹیشنز اور 47کیپٹیو پاور پلانٹس کو کنکشن جاری کیے گئے۔ سال 2013کے دوران 7 صنعتی یونٹس اور 14کیپٹیو پاور یونٹس کو کنکشن دیے گئے۔ سال 2014 کے دوران 5صنعتی یونٹس اور 7 کیپٹیو پاورز پلانٹ کو کنکشن دیے گئے۔ سال 2015 کے دوران ایک صنعتی یونٹ، پانچ سی این جی اسٹیشنز اور ایک کیپٹیو پاور پلانٹ کو کنکشن جاری کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پابندی کے باوجود نئے کنکشنز جاری کرنے کے ساتھ 41سی این جی اسٹیشنز کو گیس کے اضافی کمپریسر نصب کرنے کی بھی اجازت دی گئی جن میں کراچی کے 28، سندھ کے دیگر شہروں کے 11، کوئٹہ کے 2 سی این جی اسٹیشنز شامل ہیں۔ اس طرح 41سی این جی اسٹیشنز کو بھی گیس کی اضافی مقدار استعمال کرنے کی اجازت دی گئی جو پابندی کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)سمندر میں نصب دنیا کی سب سے بڑی ونڈ ٹربائن نے ہوا سے مسلسل 24 گھنٹے تک بجلی بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے جس کے مطابق اس نے گزشتہ ہفتے ایک دن میں 9 میگاواٹ بجلی تیار کی اور دنیا کی تمام ونڈ ٹربائنوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ڈنمارک میں ہوا سے بجلی بنانے کے محکمے (ڈیپارٹمنٹ آف وِنڈ انرجی) کی تیار کردہ یہ ونڈ ٹربائن ’’وی 164‘‘ کے نام سے شہرت رکھتی ہے اور دنیا کی سب سے بڑی ونڈ ٹربائن بھی قرار دی جاتی ہے جسے حال ہی میں مزید بہتر کرکے مسلسل 24 گھنٹے تک کام کرنے اور پہلے سے کہیں زیادہ بجلی تیار کرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔
پہلے یہ روزانہ 4 سے 6 میگاواٹ جتنی بجلی بناسکتی تھی لیکن نئی تبدیلیوں کے بعد اس نے روزانہ 9 میگاواٹ بجلی کی پیداوار دینے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ یہ بجلی اتنی ہے کہ اس سے 7200 عام گھروں میں توانائی کی ضرورت پوری کی جاسکتی ہے۔ فی الحال اس کے نئے ترمیم شدہ ڈیزائن کی آزمائشیں ڈنمارک کے شہر اوئسٹرلڈ (Østerild) کے ساحل سے چند کلومیٹر دور سمندر میں جاری ہیں جن کی کامیاب تکمیل کے بعد اسی طرح کی مزید ونڈ ٹربائنز تیار کرکے انہیں سمندر میں دوسرے مقامات پر نصب کرکے بجلی کی وسیع تر ضروریات پوری کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ’’وی 164‘‘ کی اونچائی 722 فٹ جب کہ اس میں ٹربائنوں (پنکھوں) کی چوڑائی 538 فٹ ہے جو دنیا کی کسی بھی دوسری ونڈ ٹربائن کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ اس نے 2014 میں کام شروع کیا تھا اور 2016 میں ڈنمارک کی حکومت نے اسے مزید بہتر بنانے کے منصوبے پر کام شروع کیا تھا جو گزشتہ مہینے ہی مکمل ہوا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ونڈ ٹربائن کی جسامت بڑھانے کے بجائے اس کی کارکردگی میں اضافے پر توجہ دی گئی اور اس طرح یہ 9 میگاواٹ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے قابل ہوئی۔