جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(چترال)خیبر پختونخواہ کے علاقے چترال میں شدید برفباری کے بعد 20گھروں پر برفانی تودہ گر گیا جس کے نیچے سے اب تک 14 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ برفانی تودے میں مزید کئی افراد دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے مقامی لوگ اور انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں ۔
چترال میں کریم آباد کے علاقے شیر شال میں گزشتہ رات 20گھروں پر برفانی تودہ گر گیا جس کے نیچے سے اب تک 14 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ مزید افراد کے جاںبحق ہونے کا بھی خدشہ ہے ۔کمانڈنٹ چترال اسکاوٹس کا کہناہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 6خواتین ، 6بچے اور2مرد شامل ہیں ۔چترال میں بہت زیادہ برفباری کے باعث سڑکیں بھی بند ہو گئی ہیں جس کے باعث امدادی سرگرمیوں میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں
۔مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت برفانی تودے میں دبے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ انتظامیہ کے بھی کچھ لوگ امداد ی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک چار افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں ،برفباری کے باعث سڑکیں بند ہونے سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ابھی برفانی تودے کے نیچے متعدد افراد دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں

 

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد)قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں پیپلز پارٹی کا کردار تاریخی رہا ھے اور پیپلز پارٹی کشمیر کی آزادی کی ہر تحریک اور جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی،
کشمیری عوام کی حق خود ارادیت سے محرومی عالمی برادری کی ناکامی ہے جو اس مسئلہ کے حل میں اپنے مفادات کیلئے خاموش ہیں،کشمیر کے مسئلے کا حل پورے خطے کے مفادات کیلئے ضروری ہے اور اب بھارت کو کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے عملی قدم اٹھانا ہوگا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں خورشید احمد شا نے کہا کہ ہم کشمیر ڈے پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور عالمی رائے عامہ کی توجہ اس مسئلے کی طرف مبذول کراتے ہیں اور انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ آگے آئیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کا حل نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جمہوریت پسند ممالک ہیں ،اس لئے اگر بھارت مسئلے کے حل میں سنجیدہ ہو تو وہ جمہوری روایات کے مطابق مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالے، لیکن بدقسمتی سے بھارت کی ہٹ دھرمی اور عالمی قوتوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے یہ دیرینہ مسئلہ آج بھی حل طلب ھے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اگر یہ مسئلہ حل ہو چکا ہوتا تو آج دونوں ملکوں کے عوام خوشحال اور بہتر زندگی گزار رہے ہوتے اور تعلیم اور صحت کے شعبے میں بھی دونوں ملکوں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہو چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کی تاریخی اور بے مثال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گیں اور انشااللہ آزادی کا سورج آخر طلوع ہو کر ہی رہے گا

 

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) کشمیر یو ں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ، پاکستان اور دنیا بھر میں آج ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ منایا جارہا ہے ،5فروری کے موقع پر پہلی مرتبہ دنیا بھر کے پاکستانی سفارت خانوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے،
جب کہ 5 فروری کو صبح 10 بجے ملک بھر میں سائرن بجتے ہی ٹریفک رک جائے گی اور ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی جائے گی، دنیا بھر میں یہ دن منانے کا مقصد کشمیریوں کے تسلیم شدہ حق خود ارادیت اور جدوجہد آزادی کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی ظلم و بر بریت اور غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم مذمت کے طور پر منایا جاتا ہے ۔
وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں بڑی بڑی ریلیوں اور انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی ،خواتین اور بچے بھی ’’یوم یکجہتی کشمیر ‘‘ کے تمام پروگراموں میں بھر پور شرکت کریں گے ،جبکہ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا وفد اقوام متحدہ کے مبصر مشن میں مسئلہ کشمیر پر قراردادوں کی یاد دہانی کے لئے یادداشت پیش کرے گا، پاکستانی سفارتخانوں اور مشنز کو بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریبات کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔
دنیا بھر میں پاکستان کا سفارتی عملہ پاکستانی کمیونٹی کی معاونت سے خصوصی پروگرامز منعقد کریں گے،نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے اور یورپی یونین کے مختلف ممالک میں بھی ریلیاں منعقد کی جارہی ہیں ۔ملک بھر کی مذہبی و سیاسی اور دینی جماعتیں اس دن کی مناسبت سے ملک کے کونے کونے میں جلسے جلوس،ریلیاں ،مظاہرے، سیمینارز اور کانفرنسیں منعقد ہوں گی ،جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں پاکستانی قوم انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم میاں نواز شریف کا چترال میں برفانی تودہ گرنے سے ہونیوالے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کی طرف سے این ڈی اے کو فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنیکی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے چترال میں برفانی تودہ گرنے سے ہونیوالے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی اداروں کو فوری امدادی کارروائی کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ متاثرین کو فوری طور پرخوراک، طبی امداد اور پناہ مہیا کی جائے جبکہ وزیراعظم نے کشمیر ڈے کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع ہے اور پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں منظم ریاستی دہشت گردی کی شدیدمذمت کرتاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیرکاتنازع تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں خون ریزی روکے اوراقوام متحدہ کی زیرنگرانی استصواب رائے کرائے

 

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) یوم یکجہتی کشمیر کے لئے آج صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔وزارت داخلہ کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ انتظامیہ سمیت عوام بھی کشمیری شہداءکے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکریں۔
کشمیر ڈے منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب دلاناہے اور اس حوالے سے کانفرنسیں،ریلیاں اور مظاہر ے کیے جائیں گے۔ پاکستان ،کشمیرکوملانےوالے کوہالہ اور دیگر مقامات پرہاتھوں کی زنجیربنائی جائےگی