جمعرات, 16 جنوری 2025

 

پاکستان تحریک انصاف کو پشاور میں بھی بڑا دھچکا لگ گیا ، عمران خان کے درینہ دوست اور بانی رہنما طاہر عمر زئی نے مسلم لیگ نواز میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصا ف کے بانی رکن طاہر عمر زئی نے عمران خان کو خیر آباد کہہ دیا اور وزیر اعظم نوازشریف کے مشیر امیر مقام کے ہمراہ مسلم لیگ نواز میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طاہر عمر زئی کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے بانی ارکان میں ہوتا ہے اور وہ عمران خان کے درینہ دوستوں میں شامل ہیں تاہم انہیں خیبر پختونخوا حکومت کے طرز حکمرانی کے حوالے سے شدید تحفظات تھے۔
جس کا اظہا ر عمران خان کے سامنے بھی کیا گیا تھا مگر ان کے تحفظات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا اور آج انہوں نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے نواز لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) دو ہزار پانچ کے زلزلے نے ایک ٹانگ چھینی لیکن ہمت اور حوصلہ نہ چھین پایا۔ پاکستان کی انشا افسر دنیا کے لیے روشن مثال بن گئیں۔ ایک ٹانگ سے اسکینگ کرتی ہیں،بڑے بڑوں کو چیلنج دیتی ہیں،یہ جواں سال لڑکی دو ہزار اٹھارہ میں جنوبی کوریا کے پیرالمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے بھی پُرعزم ہے ۔
برفیلے میدانوں اور برف پوش پہاڑوں پر انشا افسر جب اپنی مہارت دکھاتی ہیں تو مجبوری اور معذوری میلوں پیچھے رہ جاتی ہے،یہ جذبہ ہی تو ہےجو عزم اور ہمت کی صورت انشا کی نسوں میں لہو بن کر دوڑتا ہےتو دیکھنے والوں کی سانسیں تھم جاتی ہیں۔
لیکن یہ سفر آسان نہیں تھا،تکلیفوں اور آزمائشوں نے رکاوٹ بن کر کئی بار راستہ روکا،امریکا میں علاج کے دوران ہی درد دل رکھنے والے جوڑے نے ماں باپ بن کر رہائش کے ساتھ ساتھ انشا کے تعلیم کے اخراجات برداشت کیے۔ امریکا میں برفانی کھیلوں کے کئی مقابلوں میں کامیابی انشا کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑی نظر آئی،اب انہوں نے اگلے سال جنوبی کوریا میں ہونے والے پیرا لمپکس پر نظریں جمالیں ہیں،جہاں سبز ہلالی پرچم کو سربلند کرنا ان کا مشن بن چکا ہے۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کی انتظامیہ نے محمودآباد ٹریٹمنٹ پلانٹ(ٹی پی ٹو) کی قبضہ کی گئی اراضی واگزار کرانے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔
ادارہ فراہمی ونکاسی آب نے محمود آباد ٹریٹمنٹ پلانٹ نزد پارسی کالونی کی اراضی واگزار کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے اس ضمن میں واٹربورڈ نے قبضہ کنندگان کو اراضی خالی کرنے کے لیے 3دن کی مہلت دی ہے جبکہ ان کو باقاعدہ قانونی نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ واٹربورڈ کے محمود آباد ٹریٹمنٹ پلانٹ جوکہ پارسی کا لونی کے قریب واقع ہے کی اراضی ٹریٹمنٹ پلانٹ IIکے لیے مختص ہے اس اراضی کے کچھ حصے پر ٹریٹمنٹ پلانٹ بنا ہوا ہے مذکورہ ٹریٹمنٹ پلانٹ سے شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والا 46ملین گیلن سیوریج کے پانی کو صاف کرنے کی سہولت ہے، 49.25 ایکڑ زمین سابقہ سٹی نا ظم نے پریڈی اسٹریٹ کے متا ثرین کو کے ایم سی کو نسل کی منظوری سے دی اس پر سندھ ہا ئیکورٹ میں کیس زیر سماعت ہے اس کے علا وہ با قی40 ایکڑ سے زائد اراضی پر غیرقانونی طریقے سے لینڈ مافیا نے قبضہ کررکھا ہے اس وجہ سے ٹریٹمنٹ پلانٹ IIبند ہوچکا ہے۔
واٹربورڈ اس اراضی کا قانونی مالک ہے اور یہ زمین خصوصی طور پرٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے مختص کی گئی ہے جبکہ نامعلوم افراد اس اراضی کو غیرقانونی طریقے سے خرید اور فروخت کررہے ہیں اور واٹربورڈ کی اراضی پر ناجائز تعمیرات بھی جاری ہیں اس کے معاملات یا لین دین کی بابت کسی بھی قسم کے اختیارات واٹربورڈ نے نہ تو کے ایم سی، کے ڈی اے، لینڈ یوٹیلائزیشن بورڈ آف ریونیو سندھ ، کچی آبادی سندھ اور نہ ہی کسی دوسرے ادارے کو دے رکھے ہیں اور نہ ہی ان اداروں کو واٹربورڈ کی اراضی کے سلسلے میں لیز یا الاٹمنٹ کا اختیار حاصل ہے۔
نوٹس کے مطابق واٹر بورڈ کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ کچھ لوگوں نے غیر قا نو نی طور واٹر بورڈ کی زمین کو لیز کرالیا ہے جو کہ غیرقانونی ہے لہٰذا ہر خاص و عام کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ مذکورہ محمود آباد ٹریٹمنٹ پلانٹ کی اراضی سے متعلق کسی بھی قسم کے معاملات بشمول لیز یا الاٹمنٹ، خریداری نہ کی جائے اور موجودہ قابضین کو 3یوم کا نوٹس دیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر واٹربورڈ کی 40 ایکڑ سے زائد اراضی جو ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے مختص ہے خالی کریں، بصورت دیگر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے لیے واٹربورڈ کی اراضی قانون کے مطابق زبردستی خالی کرالی جائے گی اور غیر قانونی قابضین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثنا ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے واٹربورڈ کے چیف انجینئر چیف سیکیورٹی آفیسر، ڈائریکٹر لیگل افیئر وایڈمن اورایگزیکٹو انجینئر ٹی پی ٹو کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس ضمن میں ضروری کارروائی مکمل کرلیں ،نوٹس کی میعاد گزرنے کے بعد ٹی پی ٹو کی اراضی پر غیر قانونی قبضہ اور ناجائز تعمیرات کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں پر قابو پانے کے لیئے پولیس نے انوکھا حل نکالا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے مساجد میں اعلان کرانےکافیصلہ کرلیا ہے۔ڈکیتی اوراسٹریٹ کرائمزکیخلاف آگاہی کےاعلانات کرائےجائیں گے اوراسٹریٹ کرائم کا شکار افرادپولیس کو رپورٹ کریں۔اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لئے اورنگی ٹاؤن میں اب مساجد سے اعلانات کرائیں جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے

ایس ایس پی ویسٹ ناصر آفتاب کا کہنا ہے کہ گھروں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر مساجد سے اعلانات کرائیں جائیں گے۔انہوں نے اس سلسلے میں اورنگی ٹاؤن کے مکینوں سے پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ لوگ جرائم پیشہ افراد اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث افراد کی نشاندہی پولیس کو کرائیں۔

 

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) بنگلہ دیش میں دو ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ میں کے دوران بلے باز نے وکٹ مار کر 14 سالہ لڑکے کا قتل کردیا۔
اسسٹنٹ کمشنر پولیس جہانگیر عالم نے غیرملکی خبرایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی شہر چٹاگانگ میں فیصل حسین فیلڈنگ کررہےتھے جب بلے باز کو آؤٹ قرار دیا گیا۔
بلے باز کو یہ دیکھ کر شدید غصہ چڑھا جب انہوں نے دیکھا کہ وہ اسٹمپ یا باؤلڈ ہوئے اور غصہ میں آ کر اسٹمپس کو اٹھا کر ہوا میں پھینک دیا۔ اس موقع پر اسٹمپس قریب ہی موجود فیصل کی گردن اور سر کے حصے کے جا لگی۔
وکٹ لگنے کے بعد فیصل درد کی شدت سے کراہتے ہوئے زمین پر گر گئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن اسپتال میں وہ جانبر نہ ہو سکے اور ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔
پولیس نے ملزم بلے باز کو حراست میں لے لیا ہے اور غیرارادی حملے کے نتیجے میں ہونے والے موت کا مقدمہ چلایا جائے گا۔
کھیلوں خصوصاً کرکٹ میں جنون کی حد تک لگاؤ رکھنے والے بنگلہ دیش میں میچوں کے درمیان جھگڑے اور لڑائیاں عام سی بات ہے اور اس میں کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
گزشتہ سال مئی میں ڈھاکا میں ہونے والے میچ کے دوران امپائر کی جانب سے گیند کو نوبال قرار دیے جانے پر اس کا مذاق اڑایا اور بلے باز نے اسٹمپ سے 16 سالہ کرکٹر کو مار مار کر ہلاک کردیا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کلفٹن میں قائم افغان قونصلیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
شہر قائد میں افغان قونصل خانے کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت اور ایک کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
نجی ٹی وی نیوز کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ تقریبا ً30 سے 45 منٹ سے جاری ہے اور اس کے نتیجے میں ایک شخص کے ہلاک اور ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر قونصل خانے اور اطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا ہے اور فائرنگ کاسلسلہ تاحال جاری ہے۔
کراچی کے پوش علاقے میں قائم افغان قونصلیٹ کے قریب نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، تاہم کسی سیکیورٹی ادارے کی جانب سے ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
افغان قونصیلٹ کے اندر سے وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں آرہی ہیں، پولیس حساس اداروں اور رینجرز نے قونصلیٹ کو چاروں جانب سے گھیرے میں لے لیا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت)ویسے تو کون ہے جسے انگور کھانا پسند نہیں ہوگا؟ مگر یہ پھل صرف لذیذ ہی نہیں بلکہ صحت کے لیے انتائی مفید بھی ہے۔اس مزیدار پھل کو کھانا پسند کرنے والوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ اس سے دماغ کو الزائمر امراض سے تحفظ ملتا ہے۔یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق انگور کھانے کی عادت دماغی تنزلی کا خطرہ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ انگور کھانے سے ان اثرات سے تحفظ میں مدد ملتی ہے جو کہ الزائمر امراض سے جڑے ہوتے ہیں۔

اسی طرح ایک اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ انگور کو کھانا بھی بینائی کے لیے اچھا ہوتا ہے اور یہ بڑھاپے میں اندھے پن کا خطرہ کم کردیتا ہے۔میامی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ انگور کھانے سے آنکھوں کے قرینے میں نقصان دہ مالیکیولز کے اخراج کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ انگور چونکہ اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں اسی لیے وہ ڈی این اے کو نقصان سے بچا کر صحت مند خلیات کو تحفظ دیتے ہیں اور اس کے نتیجے میں بینائی کو فائدہ ہوتا ہے۔قرینہ آنکھ کا وہ حصہ ہوتا ہے جہاں موجود خلیات روشنی پر ردعمل ظاہر کرتے ہیں اور عمر بڑھنے کے ساتھ لاحق ہونے والے امراض سے اندھے پن کا خطرہ بڑھتا ہے۔

محققین کے مطابق انگوروں کو غذا میں شامل کرنے سے قرینے کی صحت کو تحفظ ملتا ہے اور وہ مضر صحت مالیکیولز سے ہونے والے نقصان کی بھرپائی کرکے آنکھوں کے افعال کو بحال رکھتے ہیں۔انگور وٹامن سی ، کے اور بیٹا کروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں جو جسم کے اندر سے نقصان دہ مالیکیولز کو نکال باہر کرتے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) معروف سیاسی رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ لیاری کے بے گناہ لوگوں کو قتل کیا گیا تاہم اب اس علاقے سے لاشیں اٹھنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، عذیر بلوچ کو جیل میں سہولیات فراہم کی جارہی ہیں یہی وجہ ہے کہ اب تک عدالت میں اُس کا کوئی چالان پیش نہیں کیا گیا۔
نبیل گبول نے کہا کہ لیاری سے جرائم کا مکمل خاتمہ ہونا چاہیے، 2005 سے پہلے گینگ وار کا کوئی وجود نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر گینگ وار کو مدد فراہم کی گئی، سندھ کے وزیر داخلہ نے گینگ وار کے کارندوں کو ہتھیار پھینکنے کے بجائے مقابلہ کرنے کے احکامات دیے اور گینگ وار کے لوگوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا۔
لیاری کی گلیوں میں گھومتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ جس وقت میں اس حلقے سے قومی اسمبلی کا رکن بنا تو نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کیں اور لوگوں کو اسلحے سے دور رکھنے کی کوشش کی مگر پھر حکومت نے اس طرف دھیان دینا چھوڑا اور لوگوں کو اسلحہ فراہم کیا۔
نبیل گبول نے کہا کہ صوبائی حکومت نے لیاری گینگ وار کے کارندوں کو مکمل تعاون فراہم کیا اور برا وقت آنے پر نوجوانوں کو چھوڑ کر بیرونِ ملک فرار ہوگئے، گینگ وار کے گرفتار سرغنہ عزیر بلوچ کے خلاف ابھی تک عدالت میں کوئی چالان پیش نہیں کیا گیا بلکہ حکومت اُسے جیل میں سہولتیں فراہم کررہی ہے۔
گفتگو کرتے ہوئے لیاری کے مکینوں نے امن و امان کی صورتحال کو بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ رینجرز آپریشن کی وجہ سے اس علاقے کے حالات بہت بہتر ہوگئے ہیں ورنہ ایک وقت ایسا تھا کہ ہم اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور تھے۔
لیاری میں امن قائم ہونے کے بعد سے کھلیوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد بچے باکسنگ، فٹ بال اور دیگر کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں، نبیل گبول نے باکسنگ کلب پہنچ کر اپنے اندر چھپے باکسر کو متعارف کرواتے ہوئے باکسنگ بھی کھیلی جس پر علاقہ مکینوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی ) دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا ہے کہ کامیابی کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے، وقت کو ضائع ہونے سے بچانے اور بہتر فوائد کیلئے طلباء اپنی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو خود مانیٹر کریں اور عزم کریں کہ وہ ہروقت مطالعہ کریں گے اپنے ساتھ ہمیشہ اچھی کتابیں رکھیں ، ہم نے یونیورسٹی میں بہترین تعلیمی کلچر فروغ دے دیا ہے جہاں بنا کسی رکاوٹ کےکلاسز کا انعقاد بڑی کامیابی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے داؤد یونیورسٹی میں ’تحقیق کے طریقہ کار‘ کے موضوع پر منعقد ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار میں دائود یونیورسٹی پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پیر روشن دین شاہ راشدی ، اکیڈمک کورآرڈینٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ ،رجسٹرار کیپٹن (ر) سید وقار حسین شاہ ، تمام شعبوں کے چیئرپرسنز ، اساتذہ ، کلیہ ممبران اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں شعبہ انڈسٹریل انجینئرنگ کے رانو خان وسان نے ’تحقیق کے طریقہ کار‘ پر معلوماتی لیکچر دیتے ہوئے طلباء کو ریسرچ ماڈلز ، مقامی تجزیات اور رجحانات اور تحقیق کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے پہلے سے متعین قواعد و ضوابط کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) گل رعنا ایجوکیشنل سوسائٹی کے چیئرمین محمد آصف خان اور فائنانس سیکرٹری محمد حسن خان نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیدیا ہے۔

موجودہ منیجنگ کمیٹی میں چیئرمین محمد اطہر خان، وائس چیئرمین پلوشہ حسن، جنرل سیکرٹری محمد فیضان خان، جوائنٹ سیکرٹری سرمد مسعود، فائنانس سیکرٹری ملیحہ خان، آڈیٹر عارفہ ندیم اور اراکین میں ارم شکیل اور حبیبہ رحمٰن شامل ہیں۔