جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جامعات کسی بھی معاشرے کی ترقی کو ناپنے کا پیمانہ ہو تی ہیں جبکہ مختلف شعبوں میں جامعات کے گریجویٹس ترقی کے لئے ناگزیر ہو تے ہیں۔ اس ضمن میں نجی شعبے کی جامعات عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقراء یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈاہر، اقراء یونیورسٹی کے بانی چانسلر حنید حسین لاکھانی ، اقراء یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنر ز کے صدر یوجی عیسانی، رجسٹرار ڈاکٹر عاکف اور نائب صدر ڈاکٹر وسیم قاضی بھی موجود تھے ۔ جلسہ تقسیم اسناد میں مختلف شعبوں میڈیا سائنس ،کمپیوٹر سائنس،ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ، الیکٹرانک انجینئرنگ ،فیشن و ٹیکسٹائل ڈیزائن،ایجوکیشن و بزنس ایڈمنسٹریشن،بیچلر، ماسٹر ،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے 600 گریجویٹ طلبہ و طالبات کو اسناد دی گئیں۔ مختلف قومی اور کثیر الاقومی کمپنیوں کی جانب سے دیئے گئے 16 گولڈ میڈل بھی طلبہ کو دیئے گئے ۔

گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہمارے نوجوان ڈگریاں تو حاصل کرلیتے ہیں لیکن ان میں اعتماد کا فقدان رہتا ہے ہمیں ان نوجوانوں میں بھرپور اعتماد پیدا کرنا ہوگا تاکہ وہ کسی بھی شعبہ میں اپنی صلاحیت کا لوہا منواسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی حب کراچی جسے خطہ میں اپنے محل وقوع کے لحاظ سے منفرد اہمیت بھی حاصل ہے اقتصادی ترقی اور پر کشش سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل اہمیت کا حامل ہے بدقسمتی سے ماضی میں اس شہر کے اصل امیج کی بجائے عالمی سطح پر اس کا منفی تاثردیا گیا ہم سب کو مل کراس منفی تاثر کو زائل کرنا ہوگا کیونکہ کراچی کی ترقی سے پورے ملک کی ترقی وابستہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارا اٹوٹ انگ اور شہ رگ ہے اس کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج یوم کشمیر ہے اس روز ہم اپنے کشمیری بھائی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں پاکستانی قوم اس بات کی بڑی شدت سے متمنی ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی اصل روح کے مطابق کشمیر ی بھائیوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے ۔ اس موقع پر چانسلر حنید لاکھانی نے طلباو طالبات سے خطاب کیا اور ان کی لگن اور محنت کو خوب سراہا اور اساتذہ کی تعریف کی انہوں نے کہا کہ ان سارے طالبعلموں کی محنت کے پیچھے ان کہ ماں باپ کی دعائیں اور محنت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طالبعلم ہماری قوم کا سرمایہ ہیں اور میں امید کرتا ہوں کے آپ سب لوگ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گے

انہوں نے پی ایچ ڈی، گریجویٹس اور گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کو مبارکباد دی۔ اقراء یونیورسٹی کے وائس چانسلر یو اے جی عیسانی نے کہا کہ اقراء یونیو رسٹی کو اٹھارہ سال ہو گئے ہیں اور ہم انتھک محنت سے یہاں تک پہنچے ہیں انہوں تمام فیکلٹی اسٹاف کی تعر یف کی کے یہ ان کی محنت کا نتیجہ ہے کہ یہاں اتنے قابل اور ہونہار طلبا و طالبات گریجویٹس ہو کہ نکل رہے ہے جو کہ پو رے ملک میں مختلف شعبوں میں اپنا نام پیدا کر کے ملک و قوم کی خدمت کرے گی اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گئی اقرا یونیورسٹی نے معاشرے کو بہترین علمی سرمائے کو انسانی شکل میں دینے کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کیا ۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) بارسلونا کلب کے معروف فٹبالر لیونل میسی نے اپنے کلب کی طرف سے فری کک پر سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا،27گول کرنے کے بعدمیسی اب سب پر سبقت لے گئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بارسلونا اور ایتھلیٹک کلب کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں لیونل میسی کی ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی جس کے بعد سپر اسٹار میسی نے فری کک پر دوسراگول بھی کردیا، جس کے ساتھ ہی انہوں نے بارسلونا کی طرف سے فری کک پر سب سے زیادہ 27 گول اسکور کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔ اس سے پہلے یہ اعزاز26گولز کے ساتھ فٹبالر رونالڈ کوئیمین کے پاس تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی)کراچی کی سیاست میں ایک بار پھر ہلچل پیدا ہو گئی ،متحدہ رہنما سلیم شہزاد خود ساختہ جلا وطنی ختم کر کے آج کراچی پہنچ رہے ہیں ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ کے رہنما سلیم شہزاد طویل جلاوطنی کے بعد آج دبئی سے کراچی پہنچیں گے جہاں ایئر پورٹ پر انکے استقبال کیلئے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ وہ آج کراچی پہنچ رہے ہیں ۔”کوئی جرم نہیں کیا اور نہ ہی گرفتاری سے ڈرتا ہوں “۔ مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں جن کا جواب دونگا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیم شہزاد پر ایف آئی اے میں ایک مقدمہ قائم ہے جبکہ سابق مشیر پٹرولیم اور 462ارب روپے کی کرپشن اور دہشت گردوں کے علاج معالجے کے کیس میں ملوث پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کی سہولت کاری کے حوالے سے بھی ایک کیس قائم ہے جس پر انکی گرفتاری کا بھی امکان ہے ۔
متحدہ رہنما سلیم شہزاد نے اپنے ٹویٹر پیغام میں یہ بھی کہا تھا کہ کراچی آکر اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرونگا اور یہ بھی امکان ہے کہ وہ متحدہ چھوڑ کر پاک سر زمین پارٹی یا ایم کیو ایم پاکستان جوائن کر لیں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(شکاگو) نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی متنازع امیگریشن پالیسی کے خوف سے پاکستانی نژاد فہد بابر ویسٹ انڈیز میں ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر امریکا واپس لوٹ آئے۔پابندی کے خطرے کی وجہ سے وہ کچھ عرصے کسی بھی دوسرے ملک کا سفر نہیں کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حال ہی میں7 مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے نے دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے ولے کھلاڑیوں میں بھی خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔فہد بابر ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے ریجنل سپر 50 ٹورنامنٹ میں شریک آئی سی سی امریکا کے اسکواڈ میں شامل تھے

 

 

ایمز ٹی وی(سرینگر) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے گزشتہ سال8جولائی کو معروف کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد خواتین اور بچوں سمیت117معصوم کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔ ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کئے گئے
اعدادو شمار کے مطابق برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اورترال میں ان کی نماز جنازہ میں دولاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ بھارتی فوجیوں نے سوگواروں کو منتشر کرنے کے لیے ان پر گولیوں، پیلٹس اورآنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا۔
خواتین اور بچوں سمیت 17000سے زائد افراد کو زخمی کیاگیا،40 افراد دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوگئے جبکہ 1200افراد کی بینائی جزوی طور پرمتاثر ہوئی۔ بھارتی فورسز نے 65135 مکانوں، دکانوں اوردیگر ڈھانچوں کوتباہ کردیاجبکہ اس دوران 11000افرادکو گرفتاراور534خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔ ادھر بھارتی فوجیوں نے جنوری 1989ء سے 5فروری 2017ء تک 94612 معصوم کشمیریوں کو شہید کیا جن میں 7080افراد کو فرضی جھڑپوں میں زیر حراست شہید کیا گیا ہے

 

 

ایمز ٹی وی(راولپنڈی) خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں راولپنڈی پولیس کے ایک سب انسپکٹر کو نوکری سے معطل کر کے اس کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سب انسپکٹر مظہر اکرام مندرا پولیس سٹیشن میں تعینات تھا جس کے خلاف گوجر خان کی رہائشی خاتون نے ہراساں کرنے کی شکایت کی۔
ہمہ وقت سرگرم رہنے والوں کے لئے انٹرٹینمنٹ کی نئی دنیا متعارف کروادی
گوجر خان کی رہائشی خاتون نے کہا کہ اس نے سب انسپکٹر کے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرا رکھا ہے جسے واپس لینے کیلئے سب انسپکٹر مظہر اکرام نے اسے ہراساں کیا۔ مذکورہ خاتون سی پی او اسرار احمد خان کی کھلی کچہری میں پیش ہوئی اور شکایت کی کہ اس نے ایک تنازعہ کے باعث 25 جولائی 2016ءکو محمد عمران کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔
خاتون نے کہا کہ عمران کا بھائی سب انسپکٹر عمران رات ڈھائی بجے اس کے گھر میں گھس آیا اور پھر گن پوائنٹ پر اسے زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ شکایت کنندہ نے سی پی او کو مزید بتایا کہ سب انسپکٹر مظہر اکرام نے اسے مقدمہ واپس نہ لینے کے نتیجے میں منشیات سمیت دیگر جعلی مقدمات میں پھنسانے کی دھمکی بھی دی۔ خاتون کی شکایت سننے کے بعد سی پی نے سب انسپکٹر اکرام کو معطل کر دیا اور اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کا حکم دیدیا

 

 

ایمز ٹی وی(راولپنڈی) ڈاکٹروں نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس عظمت سعید کوصحت میں بہتری کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی ۔
جسٹس عظمت سعید کو ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور ڈاکٹروں نے صحت میں بہتری کے بعد جسٹس عظمت سعید کو گھر جانے کی اجازت دے دی ہے ۔جسٹس عظمت سعید کو اگلے ہفتے دوبارہ چیک اپ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل جسٹس عظمت سعید کو دل کے عارضے میں مبتلا ہونے پر ہسپتال لے جا یا گیا تھا جہاں ان کا علاج کیا گیا ۔
TapMad نے ہمہ وقت سرگرم رہنے والوں کے لئے انٹرٹینمنٹ کی نئی دنیا متعارف کروادی
جسٹس عظمت سعید پاناما لیکس کیس میں پانچ رکنی بینچ کا بھی حصہ ہیں اور ان کی طبعیت نا ساز ہونے کے بعد پاناما لیکس کی سماعت کو پیر تک کے لیے موخر کردیا گیا تھا ۔امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ کل پاناما لیکس کی سماعت دوبارہ شروع ہو گی جس میں جسٹس عظمت سعید بھی شریک ہوں گے

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کی خوب رو اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ماڈلنگ اور فلمی دنیا میں آنے سے پہلے سری لنکا میں صحافی کے طور پر کام کرتی رہی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ صحافت میں اپنے آپ کو ایک جاسوس کی طرح سمجھتی تھی ۔
TapMad نے ہمہ وقت سرگرم رہنے والوں کے لئے انٹرٹینمنٹ کی نئی دنیا متعارف کروادی
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق جیکو لین فرنینڈس نے سری لنکا سے صحافت کی تعلیم حاصل کی اور پھر وہاں ایک نجی ادارے میں رپورٹر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دئیے ۔جب ان سے رپورٹنگ کرنے کے دنوں کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں رپورٹنگ کے دنوں کو بہت یاد کرتی ہوں کیونکہ رپورٹنگ میں ہر روز ایک نیا ایڈونچر ہوتا تھا ۔انہوں نے بتا یا کہ کام پر جا کر تازہ ترین خبروں کو تلاش کرنا اور اپنی ٹیم کے ساتھ پرفارم کرنا ،یہ سب کسی جاسوسی کے کام کی طرح تھا ۔اپنے یونیورسٹی کے دور میں بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں تحقیقاتی صحافت کے بارے میں پڑھا کیونکہ یہ حقیقت کے بہت قریب ہوتی تھی

 

 

ایمز ٹی وی(زیارت) ہرنائی سے کوئٹہ جانے والی کوچ کار سے ٹکر ا گئی جس سے 18 مسافر زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق شدیدبرفباری کی وجہ سے ایک رویہ سڑک کی وجہ سے مخالف سمت سے آنیوالی کار ہرنائی سے کوئٹہ جانیوالی سے کوچ سے ٹکرا گئی جس کے باعث کوچ الٹ گئی اور بس میں سوار 18 کے قریب مسافرزخمی ہوگئے ۔
زخمی ہونے والے مسافروں کو فوری طور پر ضلع زیارت کے لیویز اہلکاروں نے کوئٹہ ہسپتال منتقل کردیا ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تقسیم پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے کشمیر کے مسئلہ کو تمام عالمی فورمز پر اٹھائیں گے۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے ،کشمیر پر قابض بھارتی فوج کے مظالم سے ہزاروں کشمیری شہید ہوئے ،ہم بھارتی ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی کشمیر سے وابستہ رہنے کے عزم کا اعادہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا تھا ،ہم مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اٹھائیں گے، پاکستان کشمیر کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ، پیپلزپارٹی ہمیشہ کی طرح کشمیری عوام کے ساتھ ہے۔