جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(لاہور) کوٹ لکھپت جیل میں دو سگے بھائیوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، پھانسی سے قبل دونوں مجرموں کی اہلخانہ سے ملاقات بھی کرائی گئی تھی۔بتایا گیا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں دو بھائیوں منشاءاور سلمان کو علی الصبح پھانسی دی گئی ۔
اس موقع پر سکیورتی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔غیر متعلقہ افراد کو جیل کی طرف آنے کی اجازت نہیں تھی۔ دونوں بھائیوں سلمان اور منشا نے 1996 ءمیں دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا، جرم ثابت ہونے پر عدالت نے سزائے موت سنائی تھی، عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے دونوں مجرموں کو پھانسی دی گئی ۔جیل انتظامیہ کی جانب سے ضروری کارروائی کے بعد دونوں بھائیوں کی میتیں ورثاءکے حوالے کردی گئی ہیں

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) ہنڈائی موٹر کمپنی، ٹیکسٹائل کی مقامی کمپنی نشاط ملز کے ساتھ مل کر پاکستان میں گاڑیاں اسمبل کرنے کا پلانٹ نصب کر ے گی۔ ہنڈائی کی پاکستان میں واپسی معیشت کو بہتر بنانے کی حکومتی کوششوں اور مقامی مارکیٹ پر جاپانی ساختہ گاڑیوں کی کمزور ہوتی گرفت کا نتیجہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نشاط ملز کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نشاط ملز کا ہنڈائی کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے نتیجے میں ہنڈائی کمپنی نشاط ملز کے ساتھ پاکستان میں گاڑیوں کا پلانٹ نصب کرے گی۔

ہنڈائی اور کیا موٹرز جنوبی کوریا کی کمپنیاں ہیں جو 2004 تک پاکستان میں اپنی موٹر گاڑیاں اسمبل کررہی تھیں،ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کوریا کی سب سے بڑی آٹو کمپنی پاکستان میں کتنی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔

پچھلے سال فرانسیسی موٹر ساز کمپنی رینالٹ اور جنوبی کوریا کی کیا موٹر کمپنی نے پاکستان میں مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر اپنے پلانٹ لگانے کا اعلان کیا تھا، حکومت کا خیال ہے کہ گاڑیوں کی صنعت میں مسابقت سے ان کی قیمتیں مناسب سطح پر لانے میں مدد ملے گی جو اس وقت بہت زیادہ ہیں۔

برطانوی خبررساں ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت مارچ میں آٹو انڈسٹری کے لیے اپنی نئی پالیسی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جس میں اس شعبے کے لیے فیاضانہ مراعات کی توقع کی جا رہی ہے، پاکستان کی آبادی 20 کروڑ کے لگ بھگ ہے جو آٹو کمپنیوں کے لیے ایک پر کشش مارکیٹ ثابت ہو سکتی ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن)امریکی عدالت نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی سےمتعلق صدارتی حکم نامہ عارضی طور پرمعطل کردیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست واشنگٹن کے شہر سیاٹل کی وفاقی عدالت کے ڈسٹرکٹ جج جیمز رابرٹ نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا ہے کہ 7مسلم ملکوں کے شہریوں کو روکنے کا حکم نامہ معطل رکھا جائے اور حکم نامے کا اطلاق امریکا بھر میں ہو گا۔ فیصلے کے بعد اب اصولی طور پر جن 7 مسلم ممالک پر پابندی عائد کی گئی تھی ان کے شہری اب امریکی ویزا کے لیے درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں تاہم انتظامیہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق رکھتی ہے۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی کے خلاف ابتدائی طور پر مقدمہ ریاست واشنگٹن نے درج کروایا جس کے بعد مینیسوٹا کی ریاست بھی اس میں شریک ہوگئی۔ واشنگٹن کے اٹارنی جنرل باب فرگوسن نے اس پابندی کو غیرقانونی اور غیر آئینی قرار دیا اور ان کا کہنا تھا کہ یہ پابندی لوگوں میں ان کے مذہب کی بنیاد پر تفریق پیدا کر رہی ہے۔
عدالت میں حکومتی وکیل کا مؤقف تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی حکم نامے کوچیلنج نہیں کیا جا سکتا۔ ٹرمپ انتظامیہ نے اس عدالتی فیصلے کو زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا ایگزیکٹیو آرڈرز کے حوالے سے مؤقف یہ ہے کہ انھوں نے ایسا امریکہ کا تحفظ کرنے کے لیے کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اب تک 60 ہزار ویزوں کو معطل کیا جا چکا ہے اورصدر ٹرمپ کےصدارتی حکم نامے کی وجہ سے اب 120 روز تک پناہ گزین امریکہ میں داخل نہیں ہو سکتے۔ اس کے علاوہ شام سے تعلق رکھنے والے پناہ گزینوں پر غیر معینہ مدت تک کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔ عراق، ایران، شام، لبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن سے آنے والوں کے ویزے بھی 90 روز تک معطل کیے گئے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم بلوچستان پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جبکہ پنجاب حکومت بھی بلوچستان کے طلباءسے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
بلوچستان کے طلباءمیں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بلوچستان ہمارا بہت پیارا صوبہ ہے اور طلباءاور اساتذہ سے مل کر بہت خوشی ہو رہی ہے ۔ وزیراعظم بلوچستان پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جہاں انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر کام جاری ہے، دور دراز علاقوں میں بجلی کی فراہمی بہت بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک، چین اقتصادی راہداری کے باعث آنے والے دنوں میں گوادر کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنے گا اور آپ اندازہ نہیں کر سکتے کہ اس سے نوجوانوں کیلئے کتنے مواقع پیدا ہوں گے

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت)منی مارکیٹ سسٹم میں سرمائے کی قلت ،اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 925 ارب روپے فراہم کردیئے۔

مرکزی بینک نے سرمایہ سات روزہ اوپن مارکیٹ آپریشن میں ٹی بلز اور پاکستان انوسٹمنٹ بانڈ خرید کر فراہم کیا۔

سرمائے کی فراہمی5 اعشاریہ 80 فیصد سالانہ شرح سود پر کی گئی۔

 

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن) امریکی صدر ٹرمپ نے اسرائیل، فلسطین تنازع پر یوٹرن لیتے ہوئے مغربی کنارے پر یہودی بستیوں کی مخالفت کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان شون اسپائسر نے کہا کہ یہودی بستیوں کی تعمیر نے امن کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے۔ دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا۔
دوسری جانب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر جاری ہونے کے بعد ایک لاکھ ویزے منسوخ کیے گئے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)رومانیہ کی گلوکارہ اوٹیلیا برومانے کہا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور یہاں آکر بہت محفوظ محسوس کیا۔ گلوکارہ اوٹیلیا برومانے کراچی میں امن و امان کی صورت حال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور یہاں آکراپنے آپ کو بہت محفوظ محسوس کررہی ہوں۔

ایشیا ءمیں اپنے پہلے دورے پر پاکستان آنے والی گلوکارہ اوٹیلیابروما نے ڈیفنس ہاﺅسنگ اتھارٹی کراچی میں ایک کانسرٹ کے دوران پرفارم بھی کیا اور کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی اور خواہش ہے کہ بار بار پاکستان آتی رہوں ۔ایونٹ کے آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ غیر ملکی فنکاروں اور اداکاروں کو مدعو کر کے دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تاثر پیش کرنا چاہتے ہیں ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رومانیہ کی گلوکارہ نے پاکستانی کھانوں اور لوگوں کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوبد امن ملک کہنے والے ممالک دنیا کے سامنے غلط بیانی سے کام لیتے ہیں۔”پاکستان ایک پر امن اور محفوظ ملک ہے “۔گلوکارہ کو  سندھی شال کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ اداکارہ کنگنا راناوت نے کہاہے کہ بالی ووڈ میں دوستی تک تو ٹھیک لیکن محبت ہونا اور بھی برا ہے اب بھی  فلم انڈسٹری کے بہت سے لوگوں کی ذہنیت نہیں بدلی ہےبہت سے لوگ خواتین کے اہم کردار والی فلم بنا کر پیسے کمانا چاہتے ہیں خواتین کو پیسے نہیں دیتے۔ 

 خصوصی گفتگو کے دوران کنگنا راناوت نے فلم انڈسٹری کی دوستی پر کہا کہ میں کامیاب ہوں کیونکہ یہاں میرا کوئی دوست نہیں ہے اگر آپ کے دوست کامیاب ہو جاتے ہیں یا صرف آپ کامیاب ہو جاتے ہو تو رشتے الجھ جاتے ہیں کام پر جب انسانی جذبات غالب آ جاتے ہیں تو تلخی آجاتی ہے اور آپ درست فیصلہ نہیں کر پاتے۔کنگنا نے کہا کہ دوستی تک تو ٹھیک ہے لیکن فلم انڈسٹری میں محبت ہو جانا اور بھی برا ہے۔ اس لیے وہ کسی ڈائریکٹر، اداکار یا شریک آرٹسٹ کی دوست نہیں ہیں اور فلم انڈسٹری میں صرف کام کرتی ہے۔بالی ووڈ میں اداکارائوں کو اداکاروں کے مقابلے میں کم پیسے ملتے ہیں اور حالیہ دنوں اس کے متعلق بہت سی اداکارائوں نے اپنی بات رکھی ہے۔ کنگنا کا کہنا ہے کہ انھوں نے باکس آفس پر اپنی اہمیت ثابت کی ہے لیکن ان کے مطابق اب بھی فلم انڈسٹری کے بہت سے لوگوں کی ذہنیت نہیں بدلی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بہت سے لوگ خواتین کے اہم کردار والی فلم بنا کر پیسے کمانا چاہتے ہیں لیکن خواتین کو پیسے نہیں دیتے۔ ہماری جدوجہد جاری ہے۔ اگر کچھ نہیں ہوا تو ہم خود اپنے لیے فلمیں بنائیں گے انہوں نے کہا کہ بھارت سے جانے والا کوئی بھی بھارتی آرٹسٹ ہالی ووڈ میں مہمان ہی ہوگا اور کوئی بھارتی کردار ہی ادا کرےگا۔ انہیں فخر ہے کی پرینکا چوپڑہ، عرفان خان اور دیپکا پاڈوکون ملک کا نام روشن کر رہے ہیں تاہم یہ گمان کر لینا کہ ان کے وہاں جانے سے بہت کچھ بدل جائے گا تو یہ خام خیالی ہے۔انہوںنے کہاکہ جو اداکار کامیاب ہو جاتے ہیں وہ دوسرے فنکاروں کو آگے آنے نہیں دیتے تاہم یہ چلن صرف فلم انڈسٹری تک ہی محدود نہیں ہے۔

 

 

ایمز  ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بھارتی فلم "رئیس" کو پاکستان میں نمائش کی اجازت مل گئی ہے اور فلم (کل )اتوار سے ملک بھر کے سنیما گھروں میں دکھائی جائے گی۔پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت ملنے کے بعد ایک اور بالی ووڈ فلم "رئیس" بھی سنیما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے، مرکزی فلم سنسر بورڈ کی جانب سے رئیس کو سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا ہے۔ 

بھارت کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اور ماہرہ خان کی فلم 5 فروری سے نمائش کیلئے پیش کردی جائے گی، اس سے پہلے "کابل" اور "اے دل ہے مشکل" کو بھی نمائش کی اجازت مل چکی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ سٹار نواز الدین صدیقی اب پاکستانی اشتہارات میں بھی نظر آنے لگے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم ”رئیس“ میں پولیس افسر کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار کی قسمت کا ستارہ چمک اٹھا ہے اور انہیں بھارتی اشتہارات کے علاوہ پاکستانی اشتہارات کا بھی حصہ بنایا جانے لگا ہے۔

دبئی میں بنائے جانے والے ایک نجی کمپنی کے ایئر کنڈیشنر کے اشتہار میں نوازالدین صدیقی پاکستانی اداکارہ عائشہ خان کے ہمراہ جلوہ گر ہیں۔اس اشتہار میں نواز الدین صدیقی عائشہ خان کے شوہر کردار ادا کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ نوازالدین صدیقی کسی بھی پاکستانی کمرشل میں نظر آئے ہیں جبکہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اداکار مستقبل میں بھی پاکستانی فلموں یا ڈراموں میں جلوہ گر ہونگے۔