ھفتہ, 18 جنوری 2025

 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) اور ترکش ائیر لائنز کے درمیان یکم فروری 2017ءسے منسلک پروازوں میں ایک دوسرے کے مسافروں کو ان کی منزل پر پہنچانے میں تعاون بڑھانے کیلئے معاہدہ ہو گیا ہے۔ دونوں ائیر لائنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کے درمیان معاہدے پر دستخط کے بعد ترکش ائیر لائنز کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ” اس معاہدے سے مسافروں کو پاکستان سے ترکی یا دیگر ممالک میں سفر کے دوران مزید بہتر روابطہ اور بغیر رکاوٹ کے سفر کا موقع ملے گا۔“ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ منسلک پروازوں میں تعاون بڑھانے کے اس معاہدے کے تحت ترکش ائیر لائن اب اپنے کوڈ اور فلائٹ نمبرز کے ذریعے پی آئی کی کراچی اور اسلام آباد سے دبئی، ابو ظہبی، اور مسقط جبکہ لاہور سے دبئی اور ابوظہبی جانے والی پروازوں کی مارکیٹنگ کر سکتی ہے۔ اسی طرح اس معاہدے کے تحت اب پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) اپنے کوڈ اور فلائٹ نمبروں کا استعمال کرتے ہوئے استنبول سے آگے اٹلانٹا، جوہانسبرگ، ایتھنز، ایمسٹرڈیم، تاشقند، ماسکو، میامی، بوسٹن، ہوسٹن، واشنگٹن، لاس اینجلس، سان فرانسسکو اور شکاگو جانے والی پروازوں کی ٹکٹیں فروخت کر سکتی ہے۔ 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت)کیا آپ اپنے بہت سے دیگر کاموں کی طرح ورزش کو بھی ویک اینڈ کے لیے مخصوص رکھتے ہیں، کیونکہ آپ پورا ہفتہ ورزش کے لیے وقت نہیں نکال پاتے؟ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو جان لیں کہ آپ ان افراد کی نسبت زیادہ فوائد حاصل کر رہے ہیں جو روزانہ ورزش کرتے ہیں۔ جنرل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن انٹرنل میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق یوں تو باقاعدگی سے ورزش کرنا بھی صحت کے لیے نہایت مفید ہے اور یہ بے شمار بیماریوں سے حفاظت فراہم کرتا ہے، لیکن اگر آپ صرف ویک اینڈ پر یا ہفتہ میں صرف ایک سے دو دن ورزش کرنے کے عادی ہیں تو آپ ورزش سے حاصل ہونے والے تمام فوائد دگنے حاصل کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دراصل ایک مخصوص وقت کے لیے جسم کو فعال رکھنا اسے بے شمار بیماریوں سے بچاتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ہفتے میں کم از کم 75 منٹوں کی ورزش جسم کو چاق و چوبند رکھتی ہے۔ ماہرین نے واضح کیا کہ یہ ایک اوسط اندازہ ہے۔ تاحال اس بات کا تعین نہیں کیا جاسکا کہ کسی شخص کے لیے کتنے گھنٹوں یا منٹوں کی ورزش اسے صحت مند رکھنے کے لیے کافی ہے۔ تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ ویک اینڈ پر ورزش کرنے والے افراد میں باقاعدگی سے ورزش کرنے والے افراد کی نسبت مختلف بیماریوں سے موت کا امکان بھی کم ہوتا ہے۔ تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک خوشگوار انکشاف ہے کہ ہم ہفتے میں صرف ایک سے دو دن ورزش کر کے بھی اپنے جسم کو بے شمار بیماریوں سے بچا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ورزش نہ کرنا اور غیر متحرک زندگی گزارنا مختلف بیماریوں جیسے امراض قلب، فالج، جسم میں درد اور موٹاپے کو جنم دیتا ہے اور یہ بیماریاں انسان میں قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھا دیتی ہیں۔

 

 

یمز ٹی وی(تعلیم / فیصل آباد) یونائیٹڈ صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو آج دوپہر2 بجے سرکٹ ہاؤس میں اقلیتی برادری کے ذہین اورباصلاحیت طالب علموں میں تعلیمی وظائف کے چیک تقسیم کریں گے۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے افسران،ڈائریکٹر کالجز رانا منور اوراقلیتی برادری کے سرکردہ افرادکے علاوہ ذہین طلباء و طالبات بھی موجود ہونگے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) عدالت نے حج کرپشن کیس میں آخری ملزم احمد فیض کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے 30 سال قید اور 4 کروڑ 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی ماتحت عدالت میں حج کرپشن کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران کیس میں مطلوب آخری ملزم احمد فیض کو سینٹرل جج ملک نذیر کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ملزم احمد فیض کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے 30 سال قید اور 4 کروڑ 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جرمانہ ادا نہ کرنے پر مجرم کو مزید 10 سال قید بھگتنا ہوگی۔ احمد فیض کو سزا فراڈ اور جعل سازی کے جرائم کے تحت سزا ہوئی۔

 

ایمز ٹی وی(تعلیم /فیصل آباد)یونیورسٹی کی پہچان اس کے اساتذہ اور ریسرچرز کی وجہ سے ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نورین عزیز قریشی نے آفس آف ریسرچر انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن اور پاسٹک کے زیر اہتمام ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیکھنے کا جہاں سے موقع ملے سیکھیں حاصل ہونے والے علم سے زیادہ سےزیادہ فائدہ اٹھائیں اور طلباء کی بہترین تعلیم و تربیت کریں کیونکہ اساتذ ہ معاشرے میں مثبت اور انقلابی تبدیلی لاتے ہیں ۔ تعلیم ،تحقیق اور اس کا پر چاروقت کی اہم ضرورت ہے۔ ورکشاپ کا مقصد ریسرچرز کوکوالٹی ورک سے آگاہی فراہم کرنا ہے ۔

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) امریکی وزارت خارجہ کے متعدد سینیئر افسران نے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد کے پہلے ہفتے میں ہی مشترکہ طور پر اپنے استعفے جمع کروا دیئے ہیں۔
مستعفی ہونے والوں میں انڈر سیکریٹری برائے انتظامیہ پیٹرک کینیڈی، دو اسسٹنٹ سیکریٹری جوائس بار اور مشیل بونڈ اور بیرون ملک امریکی سفارت خانوں کے امور کے نگران جینٹری سمتھ بھی شامل ہیں۔ وزارت خارجہ میں استعفیٰ دینے والے اہلکاروں میں سے یہ چار افسران ساری عمر دفتر خارجہ سے منسلک رہے تھے۔ بقیہ مستعفی ہونے والے افسران کم مدت کے لیے اپنے عہدوں پر تھے۔ان افسران کے جانے سے نئے سیکریٹری سٹیٹ ریکس ٹیلرسن پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ریکس ٹیلرسن کو ابھی سینیٹ سے اپنے عہدے کی منظوری ملنی باقی ہے۔
سابق سیکریٹری خارجہ جان کیری کے چیف آف سٹاف ڈیوڈ ویڈ نے بتایامجھے نہیں یاد پڑتا کے آخری دفعہ اتنی بڑی تعداد میں لوگ سٹیٹ ڈپارٹمنٹ ایک ساتھ چھوڑ کے چلے گئے ہوں ان لوگوں کی کمی پورا کرنا انتہائی دشوار ہوگا۔عمومی طور پر نئی انتظامیہ کے آنے کے بعد پرانے افسران کچھ عرصہ نوکری میں رہتے ہیں تاکہ وہ اقتدار کی منتقلی پوری ہونے تک معاملات کو روانی سے چلاتے رہیں
۔یہ ظاہر نہیں ہے کہ مستعفی ہونے والے افسران میں سے کسی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے طرز حکومت سے اختلاف تھا۔ان افسران میں سے کچھ لوگ دفتر خارجہ میں 40 سال گزار کر ریٹائرمنٹ کی عمر تک پہنچ گئے تھے۔دفتر خارجہ کے ملازمین کے حقوق کی نمائندگی کرنے والی امریکن فارن سروس ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ نئی انتظامیہ کے آنے کے بعد دفتر میں تبدیلیاں کوئی انہونی بات نہیں ہے لیکن ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ اس بار قلیل عرصے میں بڑی تعداد میں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ان کے بیان کے مطابق ان نوکریوں پر کام کرنے والوں کے لیے مطلوبہ تجربہ امور خارجہ کے ماہرین کے علاوہ بہت کم لوگوں کے پاس ہوتا ہے

 

 

یمز ٹی وی ( فیصل آباد)بارش کے باعث طویل رو ٹس کی مسافر ٹرینیں گزشتہ روز گھنٹوں کی تا خیر سے فیصل آباد پہنچ پائیں، ٹرینوں کی آمد و رفت کا شیڈول متاثر ہو نے سے مسافروں کو گھنٹوں انتظار کر نا پڑا۔کراچی سے آنے والی قراقرم اور ملت ایکسپرس 3 گھنٹے لیٹ ہو ئیں جبکہ کوئٹہ سے آنے والی کو ئٹہ ایکسپریس ساڑھے3گھنٹے اور پاکستان ایکسپریس ساڑھے4گھنٹے تاخیر سے پہنچیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم /فیصل آباد ) معاشرے میں لوگ ٹیچرزکو اس لئے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کہ اسلام نے انہیں روحانی والدین کا درجہ دیا ہے اس لئے اساتذہ کرام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بلاامتیاز تمام طلباء وطالبات کے ساتھ اچھا برتاؤ کریں ۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری تعلیمی بورڈ خرم قریشی نے ہیڈ ایگزامینرز و سب ایگزامینرز کی ٹریننگ ورکشاپ کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مارکنگ کرتے وقت ہیڈ ایگزامینرز و سب ایگزامینرز ایس او پیز کا خیال رکھیں ۔

 

 

ایمز ٹی وی(دبئی) آئی سی سی نے تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے۔پاکستان کے بلے باز بابر اعظم 5 درجے ترقی پاکر دسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی )کیجاری کردہ رینکنگ میں محمد حفیظ آل راؤنڈ ر کی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ پاکستان کا کوئی بھی باؤلر ٹاپ 10 کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام رہا ہے۔
پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر 2 درجے ترقی پاکر پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگئے ہیں۔آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم ریکنگ کے مطابق آسٹریلیا پہلے،جنوبی افریقہ دوسرے،بھارت تیسرے جبکہ پاکستان بدستور آٹھویں پوزیشن پر ہے۔یاد رہے آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی پاکستان کو بری طرح شکست دیکر دونوں سیریز اپنے نام کی تھی

 

 

ایمز ٹی وی(ساہیوال) ساہیوال کول پاور پروجیکٹ کے لئے کوئلے کا جہاز کراچی کی بندرگاہ پہنچ گیا ہے، جہاں سے مال گاڑی کے ذریعے اسے ساہیوال منتقل کیا جائیگا۔محکمہ ریلوے نے کوئلے کی ترسیل کے لئے مال گاڑی کراچی پہنچا دی ہے
اور لوڈنگ کا کام شروع ہوگیا ہے۔ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید انور کے مطابق 29 جنوری کو پہلی مال گاڑی کوئلہ لیکر کراچی سے ساہیوال کول پاور پلانٹ کے لئے روانہ ہوجائے گی،شروع میں ایک جبکہ بعد میں روزانہ پانچ مال گاڑیوں کے ذریعے کوئلہ پاور پلانٹ تک پہنچایا جائیگا۔
سی ای او ریلوے کے مطابق کوئلے کی ترسیل کے لئے امریکہ سے چار ہزار ہارس پاور والے انجن پاکستان پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔سیکرٹری انرجی پنجاب اسعد رحمن گیلانی کے مطابق تقریبا پانچ ماہ تک پاور پلانٹ پر کوئلہ ا سٹاک کیا جائے گا اور اسی سال جون میں ساہیوال کول پاور پلانٹ میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ13سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے