ھفتہ, 21 ستمبر 2024

ایمزٹی وی  (کوئٹہ) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں حساس اداروں اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک اہم کمانڈر سمیت چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کچلاک کے علاقے کلی جمال الدین میں سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں نے مشترکہ کاروائی کی، جسکے دوران اہم طالبان کمانڈر سمیت چار مبینہ دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔ گرفتار دہشت گردوں میں سے دو آپس میں بھائی ہیں۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ حساس اداروں کی جانب سے چاروں افراد کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ رواں ماہ 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے طالبان کے حملے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں تیزی آگئی ہے اور ملک کی سول و عسکری قیادت ہر ایک دہشت گرد کے خاتمے کے لیے پر عزم ہوگئی ہے ۔

ایمزٹی وی(لاہور) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باوجود پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی جانب سےعمرے کے کرایوں میں اضافے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔ اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کو عمرے کے کرایوں میں اضافہ واپس لیے جانے کے حوالے سے اقدامات کرنے چاہیں۔ انکا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پٹرول انتہائی سستا ہونے کے باوجود حکومت بجلی کے نرخوں میں کمی نہ کرکے بھی عوام کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے۔ اعجاز چوہدری نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو بجلی کے نرخوں میں کمی کرکےعوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔ انھوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی نہیں کی گئی جبکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس سلسلے میں ہنگامی اقدامات کرنے چاہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک و قوم کو درپیش چیلینجز سے نمٹنے کے لیے جمہوری قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اپنا دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ قومی مفاد میں کیا ہے اور اب حکومت کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہیں ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے دہشت گردی کے جرم میں سزائے موت کے منتظر پانچ قیدیوں کی سزا پر عمل درآمد روک دیا۔ ان پانچ قیدیوں احسان عظیم، آصف ادریس، کامران، عامر یوسف اورعمر ندیم کو 2012، گجرات میں ایک فوجی کیمپ پر حملہ کا مجرم ٹھرایا گیا تھا۔ احسان عظیم کے وکیل لئیق خان سواتی ایڈوکیٹ نے عدالت میں پٹیشن دائر کر رکھی ہے جس پر پیر کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس ارشد محمود تبسم نے سماعت کی۔ احسان عظیم کا موقف تھا کہ متعدد درخواستوں کے باوجود انہیں آرمی کورٹ میں اپیل کرنے کا موقع اور کیس کی شارج شیٹ، شواہد کی تفصیلات وغیرہ فراہم نہیں کی گئیں۔ سواتی نے عدالت کو بتایا کہ احسان کے والدین کو اچانک کہا گیا کہ آخری ملاقات کرلیں کیونکہ انہیں پھانسی دی جا رہی ہے۔ اس پر عدالت نے احسان سمیت گجرات حملے میں ملوث پانچ قیدیوں کی سزائے موت پر عمل درآمد روک دیا۔ واہ کینٹ کا رہائشی احسان اس وقت کوٹ لکھپت جیل، لاہور میں قید ہے۔ خیال رہے کہ ان پانچوں پر ایک فوجی کیمپ پر حملہ کرنے اور کم از کم سات سیکورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا جرم ثابت ہونے پر ایک فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی ۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ لال مسجد کے مولانا عبدالعزیز کو تین سالوں سے حاصل سرکاری سیکیورٹی حال ہی میں واپس لے لی گئی ہے۔ اتوار کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے گفتگو میں چوہدری نثار نے بتایا کہ مولانا کو 2011 سے سرکاری سیکیورٹی فراہم تھی۔ چوہدری نثار نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ مولانا عبدالعزیز لال مسجد کے باقاعدہ خطیب نہیں۔ خیال رہے کہ مولانا عبدالعزیز سرکاری مسجد سے ریاست کے خلاف لاؤڈ سپیکر کا آزادانہ استعمال کر رہے ہیں۔چوہدری نثار نے مزید بتایا کہ مشرف دور میں عزیز کے ایک قریبی عزیز کو مسجد کا خطیب مقرر کیا گیا تھا۔ جب چوہدری نثار کی توجہ لال مسجد سے باہر آنے والی دھمکیوں کی جانب دلائی گئی تو انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی پاکستان میں رہتے ہوئے ریاست کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت مشرف پالیسی پر عمل نہیں کرے گی اور اس طرح کے عناصر سے ایک طے شدہ حکمت عملی کے ذریعے نمٹا جائے گا۔ چوہدری نثار نے بتایا کہ 90 فیصد مدارس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں اور سارے مدارس کو تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی مدرسوں کے زمینوں پر غیر قانونی قبضوں اور فنڈنگ کے حوالے سے سوالات موجود ہیں لیکن زیادہ تر مدرسے پاکستان اور اسلام کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں سے 'تعلق' رکھنے والے مدرسوں سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔ چوہدری نثار نے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد سے پورے ملک میں انٹلی جنس معلومات کی بنیاد پر چار ہزار چھاپے مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان چھاپوں میں کئی دہشت گرد اور ان کے ہمدرد گرفتار ہوئے۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) بولی وڈ اسٹار سلمان خان عموماً سوشل میڈیا کے ذریعے ہلکے پھلکے پیغامات یا فلموں کی تشہیر ہی کرتے ہیں۔ تاہم پاکستان کے شہر پشاور میں ایک اسکول پر شدت پسندوں کے حملے میں 130 سے زائد بچوں کی ہلاکت پر انکے سنجیدہ خیالات سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے اس واقعہ پر ٹوئٹر کے ذریعے کہا ' جہاد کا مطلب کوشش ہے۔ اچھا بننے کی کوشش۔ آج جہاد کا سب سے زیادہ غلط مطلب لیا جاتا ہے۔ لوگوں نے فساد کو جہاد بنا دیا۔ خواتین پوری طرح مردوں کے برابر ہیں اور انکے بھی مردوں جتنے حقوق ہیں۔ مذہب کے نام پر قتل کرنے والوں نے قرآن نہیں پڑھا۔ سلمان نے ٹوئیٹر پر اپنے تاثرات ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ اردن کی ملکہ رانیہ کی کچھ پوسٹس ری ٹوئیٹ بھی کیں۔ ملکہ کی ایک ٹوئیٹ میں کہا گیا تھا 'آخر کب تک معصوم بچے انتہا پسندی کی بھیانک قیمت ادا کرتے رہیں گے'۔ سانحہ پشاور کے کچھ دنوں بعد سلمان نے 19 دسمبر کو ٹوئیٹر پر لکھا تھا 'ایک معصوم کی جان بچانا پوری انسانیت بچانے جیسا ہے، اسی طرح ایک معصوم کی جان لینا پوری انسانیت کی جان لینے جیسا ہے۔ سب سے بڑا جرم ایک معصوم کی جان لینا ہے۔ حتی کہ جنگ کے دوران بھی آپ بچوں، عورتوں، بزرگوں، مذہبی مقامات اور زراعت کو نشانہ نہیں بنا سکتے۔ 'وہ ہم میں سے نہیں جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے محفوظ نہ ہوں' ۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک کا کہنا ہے کہ ملا فضل اللہ جب بھی پاکستان سے بھاگا افغانستان گیا، سینیٹ کو بھی بتا چکے ہیں کہ افغان انٹیلی جنس کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ کی حمایت کر رہی ہے۔ ایک انٹرویو میں سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی کہتا رہا ہوں کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بیرونی ہاتھ ہے، سینیٹ کو پہلے ہی بریفنگ دی تھی کہ افغان انٹیلی جنس فقیر محمد اور فضل اللہ کو سپورٹ کررہی ہیں۔ سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ فضل اللہ جب بھی بھاگا افغانستان ہی گیا۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پنجاب کو دہشت گردوں سے خطرہ ہے، پہلے پنجابی طالبان کو کوئی نہیں مانتا تھا، آج وہ کھل کر بات کرتے ہیں، اچھی بات یہ ہے کہ پنجاب حکومت دہشتگردی کے خلاف ایکشن لے رہی ہے ۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسس میں بریت کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے سابق صدر کی جانب سے دونوں مقدمات میں بریت سے متعلق درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہوں کو طلب کر لیا ہے اور کیس کی مزید سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر د ہے ۔

ایمز ٹی وی (پشاور) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا کابینہ میں دو ہفتوں کے دور ان ردو بدل کا فیصلہ کیا ہےسانحہ آرمی پبلک سکول کے بعد عمران خان نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی خود مانیٹر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق کچھ وزرا، مشیر اور معاونین کی کارکردگی کی شکایت پر عمران خان نے کابینہ میں ردوبدل کے علاوہ نئے لوگوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے، وہ ہفتے میں تین روز جمعہ، ہفتہ اور اتوار پشاور میں گزاریں گے۔

ایمزٹی وی (سیاسی) الطاف حسین کو لال مسجد کے خطیب کی مبینہ دھمکی کے خلاف کراچی اور کئی شہروں میں متحدہ قومی موومنٹ نے مظاہرے کیے، رہنماؤں نے خطاب میں کہا ہے کہ مولانا عبدالعزیز کو گرفتار کیا جائے، آرٹیکل سکس کے تحت سزا دی جائے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے لال مسجد کے خطیب کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر بڑا مظاہرہ کیا گیا۔ متحدہ کے رہنماؤں کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم امن پسند جماعت ہے، مولانا عبدالعزیز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے الطاف حسین کے خلاف بیان پر عزیز آباد تھانے میں مولانا عبدالعزیز کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا۔ مقدمے میں مذہبی منافرت پھیلانے، سائبر کرائم اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ بعد میں کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی ریلی سے خطاب میں انچارج رابطہ کمیٹی قمر منصور کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم امن اور انصاف پسند جماعت ہے اور ہمارا عدالتوں اور انصاف پر یقین ہے۔ حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ہم دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، الطاف حسین کے کروڑوں چاہنے والے موجود ہیں۔ سینیٹر بابرغوری کا کہنا تھا کہ حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا کیوں کہ یہ مسئلہ کمیٹی سے حل نہیں ہوگا۔ عوام کو دہشت گردی کے خلاف نکلنا ہوگا۔ اراکین سندھ اسمبلی فیصل سبزواری ، خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔