ھفتہ, 21 ستمبر 2024

ایمزٹی وی(اسلام آباد) انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں زیر سماعت دہشت گردی کے مقدمات جلد نمٹانے کے لیے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان اور انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے نگران ججز شریک ہوئے۔ اجلاس میں دہشت گردی کے زیر التوا مقدمات کا جائزہ لیا گیا اور انہیں جلد نمٹانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا ۔

ایمزٹی وی (سیاسی)کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلہ کیلئے حتمی فہرست جاری کردی گئی۔ پولنگ 31 دسمبر کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلہ کیلئے کسان اور ورکرز کی نشستوں پر انتخابات کیلئے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہے۔ مجموعی طور 1486 نشستوں کیلئے مجموعی طور پر 768 امیدوار کسان کی 378 اور ورکرز کی 390 نشستو ں پر بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ 613 نشستوں کیلئے 1482 امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔ کوئٹہ کی کسان اور ورکر کی 20 مخصوص نشستوں کیلئے 68 امیدواروں کی فہرست ہے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلہ کیلئے پولنگ 31 دسمبر کو ہوگی ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تیسرا ٹیسٹ جمعے سے میلبرن میں کھیلا جائے گا، چار ٹیسٹ کی سیریز میں آسٹریلیا کو دو صفرکی برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا کو چار ٹیسٹ کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائےگا۔ کپتان مہندرہ سنگھ دھونی کا کہنا ہے سیریز کے دونوں ٹیسٹ میں بھارت نے اچھی کرکٹ کھیلی انہیں امید ہے وہ میلبرن ٹیسٹ جیت کر سیریز میں کم بیک کریںگے، دوسری جانب آسٹریلوی قائد اسٹون اسمتھ پر امید ہیں کہ انکی ٹیم سیریز میں جیتنے میں کامیاب ہوجائےگی ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک)اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نےسال 2014 کو دنیا بھر کے بچوں کیلئے انتہائی بد ترین سال قرار دے دیا ہے، رواں سال پُرتشدد واقعات میں 23 کروڑ بچے متاثر ہوئے جسکی تازہ مثال پاکستان میں پیش آنے والا پشاور اسکول کاسانحہ ہے۔ بچوں کی تعلیم اور صحت کے لئے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادرے یونیسیف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ، اِس سال دنیا بھر میں 23 کروڑ بچے مسلح تصادم کا نشانہ بنے۔ 2014 میں بچوں کی معذوری، جنسی زیادتی، تشدد اور انتہائی سفاکی سے قتل کرنے کے واقعات منظر عام پر آئے۔ ایسا ہی دل دہلا دینے والا واقعہ 16 دسمبر کو پاکستان کے شہر پشاور میں بھی پیش آیا، جس نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ اُس روز شدت پسندوں نے پشاور کے ایک اسکول میں حملہ کر کے 135 بچوں کو شہید کر دیا تھا۔ جمہوریہ وسطی افریقہ، عراق، جنوبی سوڈان، شام، یوکرین اور فلسطین میں 1 کروڑ 50 لاکھ بچے پُر تشدد واقعات کا نشانہ بنے، یونیسیف کے مطابق 2 کروڑ 30 لاکھ بچے ایسے علاقوں میں رہتے ہیں جہاں بحران یا فسادات جاری ہیں، جبکہ گنی، لائبیریا اور سیرا لیون کے بچوں کو ایبولا وائرس کا خطرہ ہے۔ وسطی جمہوری افریقہ میں فرقہ ورانہ تشدد کے باعث کُل آبادی کا پانچواں حصہ بے گھر ہوگیا۔ جس میں 23 لاکھ بچے متاثر ہوئے۔ جبکہ 10 ہزار مسلح گروپ کا حصہ بن گئے اور 430 مارے گئے یا معذور ہو گئے۔ فلسطین میں 538 بچے ہلاک، تین ہزار سے زائد زخمی ہوئے، شام میں خانہ جنگی سے 73 لاکھ بچے متاثر ہوئے ہیں، اسی طرح عراق میں 27 لاکھ بچے متاثر ہوئے ، جن میں سے 700 ہلاک یا معذور ہوئے، جنوبی سوڈان میں ساڑھے سات لاکھ بچے بے گھر ہوئے۔ 600 سے زائد ہلاک، 200 سے زائد معذور اور 12 ہزار مسلح گروپ میں شامل کردئے گئے ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) مظفر آباد میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا زیر تعمیر ستون گرنے سے 6 مزدور جاں بحق ہوگئے، جن میں تین چینی باشندے بھی شامل ہیں۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران کرین کے ذریعہ لوہے کا بنا ستون اوپر اٹھایا جارہا تھا کہ اچانک ستون کا ایک حصہ ٹوٹ کر نیچے گر گیا۔ ستون تلے دب کر چھ مزدور جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں میں ایک چینی انجینئر اور 2 چینی مزدور بھی شامل ہیں۔ حادثے میں پانچ مزدور زخمی بھی ہوئے ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) یورپی یونین نے پاکستان میں پھانسیوں کی سزا پر عملدر آمد پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، یورپی یونین کا اس حوالے سے موقف ہے کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے سزائے موت کوئی بہترعلاج نہیں، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں، تاہم پھانسیوں کے فیصلے پرعملدر آمد پر شدید تحفظات ہیں ۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک غیرمعمولی صورت حال ہے، ہم نے کمزور اقدامات اٹھائے تو قوم قبول نہیں کرے گی۔ وزیراعظم کی زیرصدارت قومی پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کے موقع پر نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں غیر معمولی صورت حال غیر معمولی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے، خوشی کی بات ہے کہ پشاور کے سانحہ پر تمام رہنما ایک ہی صفحے پر ہیں، جس طرح پشاور میں بچوں کو مارا گیا انسانی تاریخ میں ایسی مثال شاید ہی ہو۔ دہشت گردی کینسرجیسی بیماری ہے، جسکاعلاج نہ کیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی، یہ مرض نہیں ایک بڑی بیماری ہے جسکا علاج ہم سب نے ملکر کرنا ہے، قوم کی نظریں ہم پر لگی ہیں وہ دیکھ رہی ہے کہ ہم کیا فیصلے کرتے ہیں۔ لولے لنگڑے فیصلوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، سخت فیصلے کرنے ہیں، ہمیں یہ فیصلے ان کے خلاف کرنے ہیں جو پاکستان کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہتے ہیں، میں تمام لوگوں کا مشکور ہوں کہ سب نے مسئلے کے حل کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی، سب نے ذمہ داری کا ثبوت دیا انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شرکا کی آمد کا خیرمقدم کرتا ہوں ۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان میں عالمی ادارہ برائے خوراک ’ورلڈ فوڈ پروگرام‘ کی کنٹری ڈائریکٹر مس لولا کاسترو نے کہا ہے کہ خوراک کی رسائی پر ہرانسان کا بنیادی حق ہے اور عالمی ادارہ خوراک شمالی علاقوں اور فاٹا سے نقل مکانی کرنے والے سولہ لاکھ افراد کے لیےماہانہ مفت خوراک فراہم کررہا ہے، لیکن پے در پے قدرتی آفات اور پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر عالمی اداروں کی جانب سے مزید تعاون بہت ضروری ہے۔اسکے ساتھ ساتھ یہ بھی اہم ہے کے قدرتی آفات اور دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے، انکی غذائی ضروریات کا خیال رکھا جائے اور انکے بچوں کی تعلیم کا بندوبست کیا جائے جس کے لیے عالمی امدادی اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ عالمی ادارہ خوراک کی طرف سے آسڑیلیا، فرانس اور ناروے کے نمائندوں کو نوشہرہ میں واقع جلوزئی کیمپ اور سوات کا دورہ کرایا گیا جہاں انہیں جاری منصوبوں اور پروگراموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ورلڈ فوڈ پروگرام جلوزئی کیمپ اور پشاور کے مختلف علاقوں میں فاٹا سے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد میں مفت خوارک تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ سوات میں سیلاب اور دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر سرگرم عمل ہے ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) ماہِ ربیع الاول 1436 کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا۔ ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا۔ کمیٹی کے چیئر مین مفتی منیب الرحمن اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں چاند نظر آنے یا نہ نظر آنے سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔ اسی دوران ذونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے صدر مقام پر ہوںگے۔ شہادتیں ملنے کے بعد مفتی منیب الرحمن چاند کی رویت سے متعلق اعلان کریںگے ۔