ھفتہ, 21 ستمبر 2024

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) مشہورموسیقار سرایلٹن جان اور انکے ساتھی ڈیوڈ فرنش نے اپنی سول پارٹنرشپ کو شادی میں تبدیل کر لیا ہے۔ اس شادی میں مایہ ناڈ اداکاروں اور مشہور شخصیات نے شرکت کی۔ سر ایلٹن جان اور ڈیوڈ فرنش کے دو بیٹے ہیں اور سن 2005 میں وہ سول پارٹنرز بنے۔ انکا بڑا بیٹا زیکری 2010 میں پیدا ہوا جبکہ چھوٹا بیٹا الائجا پچھلے سال پیدا ہوا ہے۔ شادی میں ڈیوڈ بیکھم بھی مدعو تھے۔ ان دونوں کی سول پارٹنرشپ کی تقریب 21 دسمبر 2005 میں ہوئی تھی۔ مارچ میں انگلینڈ میں ہم جنس پرستوں کی شادی کا قانون لاگو ہوا تھا۔ اس موقعے پر سر ایلٹن جان نے کہا تھا کہ انکو بڑا فخر ہے کہ برطانیہ نے ہم جنس پرستوں کی شادی کے حوالے سے قانون میں تبدیلی کی ہے۔ ایلٹن جان نے مزید کہا تھا ’ہماری سول پارٹرشپ ان لوگوں کے لیے بہت بڑی کامیابی تھی جو اس مہم کے لیے 50 اور 50 کی دہائیوں میں اس حق کے لیے لڑ رہے تھے۔ اور یہ وہ وقت تھے جب ہم جنس پرسسی کا اعتراف کھلے عام کرنا نہایت مشکل تھا اور یہ ایک مجرمانہ فعل تھا ۔

ایمز ٹی وی (نیشنل نیوز ) شہید بشیر بلور کا شمار نڈر سیاست دانوں میں ہوتا تھا  بشیر بلور پشاور میں ایک خودکش حملے میں شہید ہوئے تھےبشیربلور یکم اگست 1943ءکو پشاور میں پیدا ہوئے۔ قانون میں گریجویشن کیا اور پشاور ہائی کورٹ بار کے رکن بھی رہے ۔ انہوں نے 1970ء میں عوامی نیشنل پارٹی سے اپنے سیاسی کیریر کا اغاز کیا۔ 2008ء کے عام انتخابات میں چوتھی مرتبہ صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ ،۔ شہید بشیر احمد بلور ،، پشاور کے بیری باغ قبرستان میں دفن ہیں ۔دہشت گردی کا شکار ہونے والے شہید بشیر بلور اپنی زندگی میں چاہتے تھے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف ایک ہوجائے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری جنگ ہے اور ہمیں اس کے لیے ایک ہونا ہوگا۔

ایمزٹی وی (سیاسی) کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں حساس اداروں اور پولیس کی کارروائی کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت چار افراد کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کچلاک کے علاقے کلی کمال الدین میں حساس اداروں نے پولیس کیساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک مکان پر چھاپہ مارا اور وہاں سے کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت چار افراد کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے مزید کارروائی متعلقہ انتظامیہ کر رہی ہے۔

ایمزٹی وی (سیاسی) وزیراعظم نواز شریف نے سزائے موت کے خلاف حکم امتناعی ختم کرانے کیلیے اٹارنی جنرل آفس اور قانونی ٹیم کو ہدایات جاری کردیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مقدمات کی متحرک انداز میں پیروی کی جائے۔ جوانوں، شہریوں اور بچوں کوقتل کرنے والے رحم کے قابل نہیں۔ رپورٹ کے مطابق فوجی عدالت سے سزا پانے والے پانچ سویلین قیدیوں کی پھانسی رک گئی۔ جن پانچ قیدیوں کو آج کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دی جانی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ پنڈی بنچ نے انکی سزاؤں پر عمل درآمد روک دیا۔ پانچوں سویلین قیدیوں کو فوجی عدالت نے سزا سنائی تھی۔ وزیراعظم نے فیصلوں کے خلاف قانونی اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔ پانچ قیدیوں کو آج سزائے موت ہونی تھی۔ عدالت نے عمل درآمد روک دیا۔ فیصلے پر وزیراعظم بھی حرکت میں آگئے۔ سزامعطل کرنے کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے دیا ہے۔ جہاں قیدیوں کے وکیل نے شہریوں کا کورٹ مارشل کرنے پر کیس دائر کیا۔ جسٹس ارشد تبسم کے رو برو وکیل لائق خان سواتی نے موقف اپنایا کہ ملزمان کو وکیل کرنے کا اور عدالتی دستاویز نہیں دیے گئے۔ عدالت نےاحسن عظیم، آصف ادریس، عمر ندیم، کامران اسلم اور عامر یوسف کی سزا معطل کردی۔ ادھر لاہو رہائی کورٹ نے متفرق درخواستوں کی سماعت کے بعد سرکاری وکیل سے سزاے موت پانے والے تمام قیدیوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ سزائے موت پر عمل درآمد رکنے پر وزیراعظم نے نوٹس لیا ہے اور اٹارنی جنرل کو دہشت گردوں کی سزاؤ ں پر حکم امتناعی ختم کرانے کے لیے فوری قانونی اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔ ترجمان وزیراعظم کے مطابق دہشتگردی کے زیر التوا کیسز کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمارے فوجیوں، شہری اور معصوم بچوں کے قاتلوں پر رحم نہیں کیا جاسکتا ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک)شام نے گولان کی پہاڑیوں کے قریب اسرائیلی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق شام کے صوبے قنیطرہ کے گاوٗں حدر میں ڈرون طیارے کو نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم اس دعوٰے کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔ حدر کے علاقے میں اس سے قبل بھی اسرائیلی اور شامی افواج کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔ پچھلے ہفتے بھی شام نے الزام لگایا تھا کہ اسرائیلی طیاروں نے دارالحکومت دمشق کے قریب بمباری کی ہے ۔

ایمزٹی وی (تھر پارکر) تھر پارکر میں غذائی قلت کے باعث سول اسپتال مٹھی میں دو بچے انتقال کرگئے۔ تھر میں مسلسل تیسرے سال قحط سالی کے باعث صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے۔ سول اسپتال مٹھی میں غذائی قلت کا شکار چار ماہ کا بچہ نذیر انتقال کرگیا جبکہ تعلقہ اسپتال چھاچھرو میں تین دن کا بچہ بھی انتقال کرگیا۔ رواں ماہ میں مرنے والے بچوں کی تعداد 88 ہوگئی ہے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک )  امریکی شیف نے پاپ گلوکار کی شکل کا پین کیک تیار کر ڈالا ۔امریکا سے تعلق رکھنے والے اس ماہر شیف کو ہی دیکھ لیجئے جس نے آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کو خراج تحسین پیش کرنے کا انوکھا طریقہ ڈھونڈ نکالا اور پاپ اسٹار کی شکل کا پین کیک تیار کر ڈالا۔واضح رہے کہ ناتھن نامی یہ شیف اس سے قبل بھی کئی نامور شخصیات کے پین کیکس بنا کر مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستان کی جونئیر ہاکی ٹیم نے اگلے سال انڈر 21 ورلڈ کپ کے لئے تیاری کا آغاز کرلیا ہے۔ کوچ منظور الحسن پرامید ہیں کہ ایونٹ سے قبل نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے میں کامیاب ہوجائیںگے۔ نیوز چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی جونئیر ہاکی ٹیم کے کوچ اور منیجر منظور الحسن کا کہنا تھا کہ انڈر 21 ورلڈ کپ کی تیاری کا آغاز کردیا گیا ہے۔ نیشنل چیمپئن شپ اور آرمی چیف ہاکی ٹورنامنٹ سے نیا ٹیلنٹ لیا جائے گا۔ وہ پرامید ہیں کہ ایونٹ سے قبل نئے ٹیلنٹ کی تلاش مکمل ہوجائے گی۔ انکا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے اگلے سال کے آغاز میں ہی ایک ماہ کا تربیتی کیمپ لگانے کی ضروت ہے ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) فاٹا میں آج سے 4 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا۔ مہم میں 6 لاکھ 95 ہزار بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔ انسداد پولیومہم فاٹا کے انچارج ڈاکٹر اختیار کے مطابق وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات میں آج سے 4 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغازکیا گیا ہے۔ مہم کے دوران 695274 بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔ مہم کے لئے 2897 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ تاہم شمالی وزیرستان میں امن وامان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر انسداد پولیو مہم کو معطل کیا گیا ہے ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) نوشہرہ میں ٹرانسپورٹرز کے دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہل کار اور راہ گیر زخمی ہوگیا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ نوشہرہ کے علاقہ کوٹلی کلاں میں ٹرانسپورٹرز کے دو گروپوں میں فائرنگ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے سب انسپکٹر فواد اور ایک راہ گیر شدید زخمی ہوگئے جنہیں پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے ۔