ھفتہ, 21 ستمبر 2024

ایمزٹی وی (سیاسی) معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کا بھیک مشن آج دوسرے ہفتے میں داخل ہوگیا ہے، ایدھی فاونڈیشن کے مالی بحران کے بعد عبدالستار ایدھی نے بھیک مشن کا آغاز گزشتہ ہفتے کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق عالمی اور قومی سانحات، غریب اور بے سہارا لوگوں کی کفالت اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والا پاکستان کا فلاحی ادارے کے مالی بحران کے بعد فلاحی کاموں کو جاری رکھنے کیلئے عبدالستار ایدھی خود میدان عمل میں اترے اور بھیک مہم کا آغاز کیا ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) مدت ملازمت میں توسیع نہ ملنے پر پنجاب پولیس کے ملازمین نے لاہور پریس کلب کے سامنے دھرنا دے دیا ہے، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ مدت ملازمت میں توسیع کے بغیر دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔ پولیس ملازمین کنٹریکٹ میں توسیع کے لیے مسلسل نعرے بازی کر رہے ہیں۔ پولیس میں کنٹریکٹ پربھرتی ریٹائرڈ فوجی ہیں جنہیں 2012 میں بھرتی کیا گیا تھا۔ ان میں 40سال سے زائد عمر والے ملازمین کے کنٹریکٹ منسوخ کیے گئے ہیں۔ پریس کلب کے سامنے دھرنا دینے والے باوردی پولیس ملازمین کو سی سی پی او لاہور نے مذاکرات کے لیے بلا لیا ہے تاہم مظاہرین نے اہلکاروں کو بحال کیے بغیر مذاکرات کرنے سے انکارکردیا ہے ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) جاپان کے وزیراعظم شنزو ایبے نے ایک بار پھر وزیراعظم کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ ایوان زیریں نے شنزو ایبے کو 73 ووٹ کے مقابلے میں 328 ووٹ دے کر کامیاب کرایا۔ جبکہ انکے مقابلے میں اپوزیشن رہنما Katsuya Okada تھے۔ شنزو ایبے کی جماعت نے عام انتخابات میں دو تھائی اکثریت حاصل کی تھی، ایوان بالا میں بھی شنزو ایبے کی جماعت اکثریت میں ہے ۔

ایمزٹی وی (تجارت)ملک میں زائد پیداوار کو دیکھتے ہوئے حکومت نے 6 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔ اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے شوگر ملرز کو اجازت دی ہے کہ وہ 31 مئی 2015 تک 6 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرسکتے ہیں۔ شوگر ملرز کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ملوں کی مالی حالت بہتر ہونے سے گنے کے کشت کاروں کو جلد ادائیگیاں بھی ممکن ہوسکیں گی۔ اسکے علاوہ کمیٹی نے آلو کی برآمد پر عائد ڈیوٹی بھی ختم کردی ہے ۔

ایمز ٹی وی (کراچی)جامعہ کراچی کے رجسٹرار کے اعلامیے کے مطابق جامعہ کراچی سے الحاق شدہ کالجز کے پرنسپلز کا اجلاس بروز بدھ 31دسمبرکودوپہر12بجے سماعت گاہ کلیہ سماجی علوم میں ہوگا۔جس میں بی اے (پاس)، ی ایس سی (پاس) اور بی کام کے داخلوں سے متعلق اُمور زیر غورآئینگے۔ ٭ جامعہ کراچی کے شعبہ شماریات کے چیئر مین پروفیسر محمد اسلم کے اعلامیہ کے مطابق سیکنڈ ایئر سبسڈری شماریات کورس نمبر (402( s)کے ملتوی ہونے والے امتحانات اب بروز بدھ 31 دسمبر کو صبح 10 تا دوپہر 1بجے شعبہ شماریات میں منعقد ہونگے۔طلبہ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ جاری کردہ شیڈول کے مطابق امتحان میں لازماً شرکت کریں۔واضح رہے امتحانات دوبارہ نہیں ہونگے۔ ٭جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کے اعلامیہ کے مطابق بیچلرز اور ماسٹرز (مارننگ پروگرام) میں اوپن میرٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی 24دسمبر آخری تاریخ ہے

ایمز ٹی وی (کراچی)وفاقی اردو یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین کے مطابق بی اے، بی کام، ایم اے، بی او ای، ہومیوپیتھک اور مدارس برائے سال 2014کی رجسٹریشن کی تاریخ میں 500روپے لیٹ فیس کے ساتھ 3500روپے 16جنوری 2015 تک توسیع کردی گئی ہے۔ فارم نیشنل بینک، گلشن کیمپس اور عبدالحق کیمپس میں قائم پرائیویٹ امتحانات کاؤنٹر سے حاصل اور جمع کرائے جاسکتے ہیں

ایمزٹی وی (راولپنڈی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بھتیجے احمد نیازی کی مار پیٹ کے الزام میں پارٹی کی احتساب اور ڈسپلن کمیٹی کی جانب سے کلیئر قرار دیئے جانے کے باوجود بھی پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر صداقت عباسی کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے پر مجبور کردیا گیا۔ اس سے قبل پی ٹی آئی شمالی پنجاب کی جنرل سیکریٹری حنا منظور نے بھی شمالی پنجاب اور راولپنڈی ڈسٹرکٹ کے معطل کیے گئے صدور کی جگہ سینیئر نائب صدور کے تقرری پر پارٹی کی جانب سے ناراضگی کا سامنا کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ منگل کو تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین نے غلام سرور خان کو شمالی پنجاب کا صدر جبکہ زاہد کاظمی کو سیکریٹری جنرل کے طور پر نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ ذرائع نے ڈان کو بتایا ہے کہ پی ٹی آئی پنجاب کے صدر کو 10 نومبر کو اسلام آباد دھرنے کے دوران عمران خان کے بھتیجے احمد نیازی کے ساتھ ہونے والے واقعے سے بری قرار دیئے جانے کے باوجود عہدہ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان، احمد نیازی کے واقعے میں پارٹی افسران کی شمولیت کے حوالے سے ناراض تھے اور انھوں نے سیکریٹری جنرل کو حکم دیا تھا کہ وہ راولپنڈی ڈسٹرکٹ اور شمالی پنجاب میں پارٹی قیادت کو تبدیل کریں۔ انکا کہنا تھا کہ حنا منظورجنھوں نے 2013 میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 سے عام انتخاب لڑا تھا، پارٹی کی جانب سے 10 افسران معطل کیے جانے کے فیصلے پر خوش نہیں تھیں، جس کے بعد انھوں نے نائب صدور کو صدور کی حیثیت سے کام کرنے کا کہا تھا۔ تاہم حنا منظور کے اس فیصلے کے بعد انھیں بھی استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا، جس کے بعد 30 نومبر کو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ شاہد ذوالفقار کی قیادت میں احتساب اور ڈسپلن کمیٹی نے سیکیورٹی کے ناکافی انتظامات کو احمد نیازی کے ساتھ ہونے والے واقعے کا ذمہ دار ٹہرایا تھا اور تحریک انصاف کے تفتیش کاروں نے 10 نومبر کو اسلام آباد دھرنے کے دوران عمران خان کے بھتیجے احمد نیازی کی مار پیٹ کے واقعے سے چار مقامی رہنماؤں صداقت عباسی، عارف عباسی، راشد حفیظ اور عمر بٹ کو بری قرار دیتے ہوئے ان کی معطلی کے احکا مات کو خارج کرنے کی سفارش کی تھی۔ تاہم کمیٹی نے پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے واسق عباسی، شیخ فہد اور راجا امجد کو قصوروار ٹہراتے ہوئے انکی ممبر شپ معطل کرنے کی سفارش کی تھی۔ پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے سابق صدر صداقت عباسی نے بتایا کہ انھوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور 'اب میں ایک پارٹی ورکر کے طور پر کام کروں گا'۔ جب پی ٹی آئی کے سینیئر نائب صدر عامر کیانی سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ پارٹی نے شمالی پنجاب کے نئے صدر اور جنرل سیکریٹری کا انتخاب کرلیا ہے ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) ہندوستان کی دور دراز اورغیر مستحکم شمال مشرقی ریاست آسام میں قبائلی علیحدگی پسندوں کے حملوں میں کم از کم 56 افراد ہلاک ہوگئے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ علیحدگی پسندوں نے طویل عرصے سے جاری اپنی مہم میں اچانک اضافہ کردیا ہے۔ آسام کے وزیر داخلہ تارن گوگیہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ 'حالیہ حملے بدترین ہیں، جن میں معصوم بچوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ حملوں کے ذمہ داران کو کسی طور معاف نہیں کیا جائے گا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ منگل سے جاری ان حملوں کے دوران مسلح افراد نے گاؤں کے لوگوں کو انکے گھروں سے کھینچ کر باہر نکالا اور انھیں انتہائی قریب سے گولی مار دی۔ ایک عینی شاہد انیل مرمو نے بتایا کہ 'حملہ آور جدید رائفلوں سے مسلح اور پیدل چل کر آئے تھے، جنھوں نے میری آنکھوں کے سامنے میری بیوی اور دو بیٹوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جبکہ میں نے بستر کے نیچے چھپ کر اپنی جان بچائی۔ پولیس نے حملے کی ذمہ داری کالعدم نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف بوڈولینڈ (این ڈی ایف بی) پر عائد کی ہے جو کئی دہائیوں سے علیحدہ ریاست کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ ریاست کے سینئر پولیس افسر ایس این سنگھ نے بتایا کہ اب تک تقریباً 56 افراد ہلاک جبکہ 80 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، جن میں سے 20 کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ہماری ٹیمیں دور درازعلاقوں میں جاکراس بات کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہی ہیں کہ گھروں یا جنگلات میں مزید لاشیں تو موجود نہیں ہیں۔ سنگھ کے مطابق ریاست میں ریڈ الرٹ جاری کرکے رات کو کرفیو کا نفاذ کیا جا چکا ہے۔ بھوٹان اور بنگلہ دیش کی سرحد سے متصل ہندوستانی ریاست آسام میں پر تشدد کارروائیوں کی تاریخ بہت پرانی ہے، جہاں بوڈو افراد، بنگلہ دیش کے مسلمان آباد کاروں اور متحارب قبائل کے مابین زمین کے تنازعات سر اٹھاتے رہتے ہیں۔ ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی نے آسام حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے 'ایک بزدلانہ فعل' قرار دیا ہے اور وفاقی وزیر داخلہ کو یہاں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) دہشت گردی کا شکار آرمی پبلک اسکول کی تعمیر و مرمت کا کام 31 دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا، بیرونی دیوار کو دس فٹ اونچا کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے مین گیٹ سے ملحقہ 8فٹ بلند دیوار کو 10فٹ اونچا کیا جارہا ہے، جس پر دو فٹ چوڑے حفاظتی جنگلے لگائے جائیںگے۔ حملے سے قبل دیوار کی ا ونچائی 4فٹ تھی۔ اس کے علاوہ متاثرہ اسکول کے ہال اورکمروں کی مرمت کا کام بھی جاری ہے۔ اسکول انتظامیہ نے 31 دسمبر تک تعمیر و مرمت کام مکمل ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) پیرس میں سانتا کلاز اسوبا ڈائیونگ کرتا مچھلیوں کے ایکوریم میں جاپہنچا۔ دنیا بھر میں مسیحی برادری کل زور وشور سے اپنا مذہبی تہوار کرسمس منائی گی جس کے لئے دنیا بھر میں تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جہاں اہم وینیوز پر کرسمس ٹریز ابھی سے جگمگا اُٹھے ہیں وہیں دلچسپ اور منفرد سجاوٹی انداز اپنانے اور مختلف ایونٹس کے انعقاد پر بھی بیحد توجہ دی جارہی ہے۔ اسی مناسبت سے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے سٹی ایکوریم میں بھی گذشتہ روز سے ایک منفرد شو کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس ایکوریم میں آنے والے ننھے مہمانوں کو لطف اندوز کرنے کیلئے سانتا کلاز مچھلیوں کیساتھ اسکوبا ڈائیونگ کرنے اُنکے ٹینک میں اُتر گیا ہے۔ مچھلیوں کو دانہ کھلاتے اور منفرد انداز میں لوگوں کو کرسمس کی چھٹیوں کی مبارک باد دیتے سانتا کلاز کو دیکھنے بڑی تعداد میں عوام بچوں کے ہمراہ یہاں کا رُخ کررہی ہے ۔