ھفتہ, 21 ستمبر 2024

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) امریکی صدر اوباما نے فلے ڈیلفیا پولیس کمشنر کو فون کرکے پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر مذمت کی۔ وائٹ ہاوس ترجمان ایرک Schultz کا کہنا ہے کہ صدر اوباما نے فلے ڈیلفیا پولیس کمشنر چارلس رمسے کو ٹاکس فورس کا ساتھی چیئرمین بنایا ہے۔ یہ ٹاکس فورس امریکا بھر میں میزوری گرینڈ جیوری کے سفید فام پولیس اہلکار کیخلاف مقدمہ نہ چلائے جانے کے بعد شروع ہونے والے ہنگاموں کا جائزہ لے گی۔ صدر اوباما نے پولیس کمشنر چارلس کو فون کیا اور 2 روز قبل بروکلین میں پولیس اہلکاروں کے قتل کی مذمت کی ۔

ایمزٹی وی(کوئٹہ) ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں آتشزدگی سے متاثرہ گیس پلانٹ کی بحالی کا کام 2روز بعد بھی مکمل نہ ہوسکا۔ صورتحال کے باعث کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی دوسرے روز بھی متاثرسی این جی اسٹیشنز بھی بند ہیں۔ 2روز قبل سوئی میں آتشزدگی سے گیس پلانٹ متاثر ہونے سے صوبے میں گیس کا بحران پیدا ہوگیا تھا۔ تاہم سوئی میں آتشزدگی سے متاثرہ گیس پلانٹ کی بحالی کا کام 2روز بعد بھی مکمل نہیں ہوسکا ہے۔ کوئٹہ میں گیس کی بندش کے باعث شدید سرد موسم میں شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ گیس کی فراہمی متاثر ہونے کے باعث خواتین کو گھروں میں کھانا پکانے میں بھی شدید مشکلات پیش آرہی ہیں جبکہ ہوٹلوں میں اس مقصد کے لئے گیس سیلنڈراستعمال کئےجارہے ہیں۔ دوسری جانب صورتحال کےباعث کوئٹہ اور دیگرعلاقوں میں سی این جی اسٹیشنز بھی بند ہیں۔ سوئی سدرن گیس کمپنی ذرائع کے مطابق متاثرہ گیس پلانٹ سے آج شام تک گیس بحال ہونے کا امکان ہے ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) سینٹرل جیل حیدرآباد کی خستہ حال بیرونی دیوار کا ایک حصہ اچانک گر گیا۔ جیل میں سزائے موت کے 191 قیدی موجود ہیں ۔ سینٹرل جیل حیدرآباد کی خستہ حال بیرونی دیوار کا ایک حصہ اچانک صبح گرگیا۔ جسکے بعد یہاں پر پولیس کی نفری تعینات ہے اور مرمت کا کام کیا جارہا ہے۔ سینٹرل جیل میں سزائے موت کے 191 قیدی موجود ہیں، جن میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کے علاوہ 1998ء میں پی آئی اے طیارہ ہائی جیک کیس کے دو قیدی شاہ سوار اور صابر بھی قید ہیں جنکی رحم کی اپیلیں مسترد ہوچکی ہیں تاہم ڈیتھ وارنٹ جاری نہیں ہوئے۔ جبکہ ڈینل پرل کیس کا مرکزی ملزم شیخ عمر بھی سینٹرل جیل حیدرآباد میں قید ہے ۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک ) لاس اینجلس  میں ہالی ووڈ کے نامور اداکار بریڈلے کوپرکی ایکشن سے بھرپورفلم ’’امریکن اسنائپر‘‘کا نیاٹریلر جاری کر دیا گیا۔ فلم کی کہانی امریکی نیوی سِیل کرس کیل کے گِرد گھومتی ہے جو جنگی محاذوں پر درجنوں دہشت گروں کا خاتمہ کر چکا ہے۔فلم میں اداکار بریڈلے کوپر مرکزی کردار میں نظر آئیں گے ،جو نشانہ بازی میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ سنسنی اور حیرت انگیز واقعات سے بھر پور فلم 16جنوری کو سنیما گھروں میں کی زینت بنے گی

ایمزٹی وی (موسمیات) ملک کے دیگر شہروں کی طرح شہر کراچی میں بھی موسم سرد ہونے لگا، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد ہے، آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10.5 اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ اس وقت شمال مشرق سے 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم خشک رہے گا اور مزید سردی کا امکان ہے ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) لاہور ہائیکورٹ نے کنٹینرزمالکان کو معاوضہ نہ دیئے جانے کے خلاف دائر درخواست پر آئی جی پولیس پنجاب سے 15 روز میں جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے روبرو کنٹینرزمالکان نے معاوضہ کی عدم ادائیگی پر کیس دائرکر رکھا ہے، درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے کئی روز تک احتجاجی مظاہرے روکنے کے لئےایک درجن سے زائد کنٹینرز روکے رکھے، لیکن اب پولیس معاوضہ ادا نہیں کر رہی۔عدالت نے آئی جی پولیس پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 روز میں جواب طلب کرلیا۔

ایمزٹی وی (سیاسی) کراچی میں آج پاکستان کوسٹ گارڈز کے 35 ویں بیج کی پاسنگ آوٹ پریڈ منعقد ہوئی ، پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔پاکستان کوسٹ گارڈ کے 35ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کوسٹ گارڈ ٹریننگ سینٹر کورنگی میں ہوئی ۔پریڈ میں 425 ریکروٹس نےحصہ لیا ۔کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں نے ملکی دفاع اور پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کا حلف اٹھایا ۔کوسٹ گارڈز ریکروٹس نے پاسنگ آوٹ پریڈ کے دوران دشمن سے بہادری سے نمٹنے کے جوہر دکھائے، اس موقع پر ریکروٹس نے مارشل آرٹس کا مظاہرہ بھی کیا۔ملک کی سلامتی اور دفاع کو اپنا نصب العین سمجھنے والے اور اس سرزمین کے لئے جاں کی قربانی دینے سے دریغ نہ کر نے ک اعزم رکھنے والے ان جوانوں کاحوصلہ چٹانوں کی طرح مضبوط اور بلند دکھائی دیا۔

ایمزٹی وی (سیاسی) بلوچستان کے 11 اضلاع میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم آج سے شروع ہوگئی۔ محکمہ صحت بلوچستان ذرائع کے مطابق مہم پشین، قلعہ عبداللہ، نصیرآباد، جعفرآباد، لسبیلہ، آواران، واشک، قلات، خضدار، ژوب اور شیرانی میں چلائی جارہی ہے۔ ضلع کوئٹہ میں انسداد پولیو کی مہم اگلے ہفتے سے چلائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق صوبے کے 12 اضلاع میں 14 لاکھ 25 ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

ایمزٹی وی(کراچی) سندھ ہائی کورٹ میں ڈیتھ وارنٹ کے خلاف دو مجرموں کے اہل خانہ کی درخواستوں پر عدالت نے سرکاری وکیل سے جواب طلب کرلیا ہے۔ کالعدم تنظیم کے محمد اعظم اور عطا اللہ عرف عبداللہ کے اہل خانہ نے ڈیتھ وارنٹ کو معطل کرنے سے متعلق درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کررکھی ہے۔ درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں بینچ کررہا ہے۔ دوران سماعت ایڈوکیٹ جنرل سندھ اور سپرنٹنڈنٹ سکھر جیل پیش ہوئے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے سپریٹنڈنٹ سکھر جیل سے استفسارکیا کہ کیا آپکو پھانسی کے رولز میں کی گئی ترمیم کا علم ہے، اگر آپ جانتے ہیں تو بلیک وارنٹ جاری ہونے کے سات دن بعد پھانسی کی تاریخ مقرر کی جانی تھی۔ 23 دسمبر کیسے رکھ دی؟ تاریخ 26 دسمبر بنتی ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ حکومت خود قانون کا مذاق بنارہی ہے۔ اپنی مرضی نہیں قانون کے مطابق چلیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سزا کے خلاف تمام اپیلیں مسترد ہونے کے بعد سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی دوسری درخواست زیر التوا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بلیک وارنٹ جاری کرتے وقت سپریم کورٹ میں موجود نظر ثانی کی درخواست کو نظر انداز کیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ جب تک سپریم کورٹ درخواست پر فیصلہ نہ کردے ڈیتھ وارنٹ معطل کیا جائے۔سرکاری وکیل نے درخواست پر جواب کے لئے عدالت سے کچھ وقت مانگ لیا، جس پر عدالت نے سماعت کچھ دیر کے لئے معطل کردی ۔

ایمزٹی وی(کراچی) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ منشیات اور دہشتگردی کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔ جو ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کررہی ہیں۔ کراچی میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے 35 ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ جسکے مہمان خصوصی کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ بنے۔ کیڈٹس سے سلامی لینے کے بعد اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ منشیات کی طرح دہشت گردی بھی ملک کو اندرونی طور پر کمزور کررہی ہے۔ جسکے خلاف کوسٹ گارڈ نے سربکف رہنا ہے۔ لیفٹننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود سمندروں کی مسلسل نگرانی، منشیات و انسانی اسمگلنگ اور اسلحے کی غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کے لیے کوسٹ گارڈ کا کردار قابل تحسین ہے۔ کیڈٹس کی جانب سے شاندار پریڈ اور اعلیٰ کارکردگی کے مظاہرے پر کمانڈر سدرن کمانڈ نے انہیں مبارک باد پیش کی ۔