Reporter SS
کراچی: جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ اورفلکیاتی علوم کے ماہرپروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے 10 جولائی کو عید الاضحیٰ ہونے کی پیش گوئی کر دی
تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ اورفلکیاتی علوم کے ماہرپروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نےعید الا ضحی اور یوم ِ عاشورہ کے حوالےسےپیش گوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 10 جولائی اتوار کو عید اور عاشورہ محرم 8 اگست پیر کو ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ 29 جون کو اسلامی تاریخ بھی 29 ہی ہوگی جب اس روز سورج غروب ہوگا تو چاند کی پوزیشن یعنی آلٹی ٹیوٹ 5 ڈگری سے کم ہوگا اور سورج اور چاند کے ڈوبنے کا دورانیہ( وقفہ) 30 منٹ ہوگا۔
ماہرین کے مطابق اُس وقت چاند نظر نہیں آسکے گا چنانچہ یکم ذی الحج یکم جولائی کو اور10جولائی کو عید الاضحیٰ ہوگی جب کہ یکم محرم 30 جولائی کو اور عاشورہ 8 اگست کو ہوگا۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈائیگنوسٹک لیبارٹری اوربلڈبینک آئی ایس اوسرٹیفیکیشن 9001:2015 حاصل کرنےوالا پہلا ادارہ بن گیا۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈائیگنوسٹک لیبارٹری اور بلڈ بینک جے ایس ایم یو کا پہلا ادارہ بن گیا جس نے انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف اسٹینڈرڈائزیشن، برطانیہ سے 2021-2024 کی مدت کے لیے دوسری مرتبہ آئی ایس او سرٹیفیکیشن 9001:2015 حاصل کیا۔
یہ سرٹیفیکیشن 1 جون up 2022 کو سالانہ آڈٹ اور لیبارٹری کی سہولیات کے معیار پر پورا اترنے کے بعد حاصل ہوا۔جے ایس ایم یو لیب کے انچارج اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نوید الظفر اور منیجر جے ایس ایم یو، ڈائیگناسٹک لیبارٹری حسنین عباس نے وائس چانسلر جے ایس ایم یو پروفیسر امجد سراج میمن کو سرٹیفکیٹ پیش کیا۔
آئی ایس او سرٹیفیکیشن حاصل کرنے پر جے ایس ایم یو ڈائیگنوسٹک لیبارٹری اور بلڈ بینک کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے وائس چانسلر جے ایس ایم یو پروفیسر امجد سراج نے کہا کہ آئی ایس او سے ایکریڈیشن حاصل کرنا جے ایس ایم یو ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے اور دوسرے کاموں میں سے ایک قدم آگے ہے۔
انہوں نے جے ایس ایم یو لیب کی ٹیم کی اس کامیابی اور اپنے ہدف کے حصول کے لیے انتھک کوششیں کرنے پر مبارکباد دی۔لیبارٹری میں ہیماٹولوجی، ہسٹوپیتھولوجی، سائیٹولوجی، مائکرو بایولوجی، بائیو کیمسٹری، امیونولوجی، سیرولوجی اور پیراسیٹولوجی، اور خون کے شعبے میں پیتھالوجی کی خدمات با آسانی حاصل کی جا سکتی ہیں۔
مئی 2017 میں قائم ہونے والی، JSMU لیب و بلڈ بینک نے جون 2018 میں اپنا پہلا کوالٹی ایشورنس سرٹیفکیٹ حاصل کیاتھا۔
دوہاـ : جامعہ کراچی کے پی ایچ ڈی طالب علم دائم آصف راجہ نےریسرچ کانفرنس کے پوسٹرمقابلےمیں نمایاں کامیابی حاصل کرلی۔
ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی کے ایک پی ایچ ڈی طالب علم دائم آصف راجہ نے حال ہی میں امریکن کیمیکل سوسائٹی کی ٹریول گرانٹ اور قطر کے شہر دوہا میں امریکن کیمیکل سوسائٹی کے تحت منعقدہ ایک ریسرچ کانفرنس کے پوسٹر مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان نے پیر کو کہا ہے کہ طالب علم دائم آصف ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹر عمران ملک کی زیرِ نگرانی پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ترجمان کے مطابق ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اس ہونہار طالب علم نے 250 پوسٹرز پریزینٹیشن کے درمیان تیسری پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ اس عالمی کانفرنس میں پوری دنیا سے 800 افراد شرکت کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق امریکن کیمیکل سوسائٹی کی صدر اینجیلا کے ولسن نے کامیاب طالب علموں کو انعامات پیش کیے جبکہ اس موقع پر 2016 ء کے نوبل انعام یافتہ سائینسدان پروفیسر فریزر اسٹوڈرٹ بھی موجود تھے۔ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نےدائم آصف کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی دراصل پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت کا اعتراف ہے جبکہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں باصلاحیت اور قابل نوجوان اسکالروں کی موجودگی ادارے کے لیے قابلِ فخر ہے۔
شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے بھی ہونہار طالب علم کو اس کی میا بی پر مبارکباد دی ہے۔
کراچی: انگلش آل راؤنڈر معین علی پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنےکےخواہاں ہیں۔
انگلش آل رآنڈر معین علی نے پاکستان کے دورے پر ٹیسٹ میچز میں واپسی کی خواہش ظاہر کردی، انھوں نے کہا کہ اگر انگلینڈ نے مجھ سے اس دورے میں شرکت کا پوچھا تو میں ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس بھی لے سکتا ہوں۔
معین علی اپنے آبائی وطن کیخلاف طویل فارمیٹ کے میچز کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں، 64 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے معین علی نے گزشتہ ستمبر میں طویل فارمیٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا تھا تاہم اب وہ نئے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم کے کیویز کیخلاف حالیہ سیریزمیں اثرات دیکھنے پر فیصلہ تبدیل کرنے کا سوچ رہے ہیں، دوران کمنٹری انھوں نے انکشاف کیا کہ وہ رواں برس موسم سرما میں پاکستان کا دورہ کرنے کو بھی تیار ہوں گے۔
یاد رہے کہ میک کولم نے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد کہا تھا کہ وہ وائٹ بال کی کرکٹ تک محدود ہونے والے اسٹارز کو واپس ٹیسٹ کرکٹ میں لانے کی کوشش کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر کوئی محدود اوورز کے فارمیٹ میں اچھا پرفارم کررہا ہے تو وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین پرفارمنس دے سکتا ہے، انھوں نے اس حوالے سے عادل رشید اور معین علی سے بات کرنے کو کہا تھا جس کے فوری جواب میں دونوں پلیئرز نے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا عندیہ دے دیا تھا۔
کوریا: نیٹ فلکس کی جانب سے معروف کورین سیریز’’اسکوئڈ گیم‘‘ کا دوسراسیزن ریلیزکرنےکااعلان کردیا گیا۔
گزشتہ برس دنیا بھر میں بےحد مقبولیت حاصل کرنے والی کورین سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کا دوسرا سیزن ریلیزکرنےکااعلان کردیا گیا ہے، نیٹ فلکس نے اسکوئڈ گیم کے رائٹر، ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور تخلیق کار ہوانگ ڈونگ کی طرف سے تحریر کردہ نوٹ شیئر کر کے مداحوں کونئے سیزن کی اطلاع دی۔
اسکوئڈ گیم کے تخلیق کار نے اپنے پیغام میں کہا کہ’ پچھلے سال سیریز کا پہلا سیزن اسکرین پر لانے میں 12 برس لگے لیکن اسے نیٹ فلکس کی مقبول ترین سیریز بننے میں صرف 12 دن کا وقت لگا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اسکوئڈ گیم کے رائٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کی حیثیت سے میں دنیا بھر میں موجود مداحوں کو سراہنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے ناظرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا بہت شکریہ کے آپ نے اسکوئڈ گیم دیکھا اور اسے بہت پسند کیا۔
ہوانگ ڈونگ نے مزیدکہا کہ ’اب سیزن 2 آرہا ہے، جی آئی ہن واپس آرہا ہے اور آپ کو ینگ ہی کے بوائے فرینڈ چیول سُوسے بھی ملوایا جائے گا‘۔
یاد رہے کہ اسکوئڈ گیم کاپہلا سیزن پچھلے برس ریلیز ہوا تھا اور اس نےشائقین میں بےحد مقبولیت حاصل کی تھی۔
کراچی: سندھ حکومت نے 4سالوں کے لئے چارٹر انسپیکش اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر طارق رفیع کو ہائرایجوکیشن کمیشن سندھ کاچیئرمین مقرر کردیا ہے ۔وہ 2026 کے وسط تک اس عہدے پر کام کریں گے
وزیراعلیٰ سندھ نے اس سمری کو منظور کرتے ہوئےتفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر عاصم حسین کی سبکدوشی کے بعد ڈاکٹر طارق رفیع کو 18 مارچ کوپہلے 3 ماہ اور بعد ازاں 4 سال کے لیے ڈاکٹر طارق رفیع کو چیئرمین سندھ ایچ ای سی مقرر کیا۔ وہ اس سے قبل 8 سال تک جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی رہ چکے ہیں اور ڈاکٹر عاصم حسین کے بعد سندھ ایچ ای سی کے دوسرے سربراہ ہیں جس کا قیام 2013 میں ہوا تھا ڈاکٹر عاصم حسین دو مدت یعنی 8 سال تک سندھ ایچ ای سی کے چیرمین رہے۔
واضح رہے ڈاکٹر عاصم حسین کی جگہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نئے چیئرمین کے لیے 3 ناموں کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھجوائی گئی جن میں جامعہ کراچی کے سابق گورنر سندھ کے سابق پرنسپل سیکریٹری اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد شیخ ،وائس چانسلر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، چارٹر انسپکشن کمیٹی کے چیئرمین و سابق وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر طارق رفیع کے نام شامل تھا۔
یاد رہے کہ انہوں نے اپنے ابتدائی تین ماہ میں ہی این ای ڈی یونیورسٹی کے اشتراک سے انجینیئرنگ سے تعلق رکھنے والے مختلف ضابطوں کے طلبہ کے پروجیکٹس کی نمائش کرائی جبکہ طلبہ کے لیے سندھ لیول پر جانب فیئر بھی آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔
اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے ان کی تقرری سے چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی کے سربراہ کا عہدہ خالی ہوگیا ہے۔
کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کا بین الاقوامی کیرئیر تقریبا ختم ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم میں محمد رضوان کی شاندار فارم اور نوجوان وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کی شمولیت کے بعد سابق کپتان سرفراز احمد کا بین الاقوامی کریئر تقریباً ختم ہوگیا ہے
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے یہ بات چیف سلیکٹر محمد وسیم سے ملاقات کے دوران کہی، پاکستان کو 2017 میں چیمپئیز ٹرافی جتوانے والے کپتان سرفراز احمد کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بھی موقع نہیں دیا گیا۔
دوسری جانب نوجوان وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
کراچی: کراچی کےمختلف علاقوں میںرات گئےبونداباندی سے موسم خوشگوارہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مون سون بارش کا پہلا اسپیل رواں ماہ کے آخری ہفتے میں متوقع ہےجبکہ شہر میں صبح اور رات کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
دن بھر 10 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 29ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی: عثمان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں روبومینیا کے نام سےربوٹکس مقابلوں کاانعقادکیاگیا۔
مقابلے میں یورنیورسٹی کے مختلف گروپ کے طلبہ نے روبوٹس کی بہترین پرفارمینس دکھائی روبومینیا میں پچاس سے زائد ربوٹس نے حصہ لیا۔ جہاں روبوٹس کے درمیان لائن فلونگ ربوٹس ، روبو ریس اور روبو سومو جیسے زبردست مقابلے کروائے گئے۔
مقابلوں میں کراچی کی دس بڑی جامعات کے طلبہ و طالبات نے بھی حصہ لیا۔ مقابلہ جیتنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔طلبہ نے بلو ٹوتھ الیکٹرانک ایپ سے چلنے والے ربوٹس کے درمیان مقابلہ کروا کے بتا دیا کے پاکستانی طالب علم بھی ربوٹکس کی دنیا میں کسی سے پیچھے نہیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر یو آئی ٹی یورنیورسٹی ڈاکٹر جوہر علی نے طلبہ کاوشوں کو سراہا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ اچھا انجینئر بننے کے لئے لازمی ہے کہ جو کتابوں میں پڑھا جائے اس پرحقیقی دنیا میں بھی عمل کرنا سکھایا جائے تاکہ جب طلبہ عملی دنیا میں قدم رکھیں تو انہیں مشکلات کا سامنہ نا کرنا پڑے۔ طلبا نے بھی درس گاہ میں اس طرح کے مقابلوں کے انعقاد کو خوش آئیند قرار دیا۔
کراچی: ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 فتوحات نے گرین شرٹس کی قسمت جگا دی جب کہ ٹیم نے سپرلیگ میں چوتھی پوزیشن سنبھال لی۔
پاکستان نے کیریبیئن ٹیم کے خلاف ہوم سیریز کا آغاز آئی سی سی ورلڈکپ سپرلیگ میں دسویں پوزیشن کے ساتھ کیا،تب اس کے مجموعی پوائنٹس 60 تھے جو12 میچز میں ملنے والی 6 فتوحات کی بدولت حاصل کیے، نیدرلینڈز پر کلین سوئپ کرکے آنے والی ویسٹ انڈین ٹیم 80 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود تھی۔
گرین شرٹس نے ملتان کی سخت گرمی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پہلے ون ڈےمیں کامیابی حاصل کی تو پوائنٹس 70 ہوگئے اورساتویں پوزیشن سنبھال لی، مگر جیسے ہی دوسرے میچ میں کامیابی حاصل ہوئی تو گرین شرٹس کی پوزیشن کو بھی پر لگ گئے اور مہمان سائیڈ سے چوتھا درجہ چھین لیا، اب پاکستان کے مجموعی پوائنٹس 80 ہوچکے جواس نے 14 میچز میں سے ملنے والی 8 فتوحات کی وجہ سے حاصل کیے ہیں۔
ٹیم کو رواں دورانیے کے 6 میچز میں شکست ہوچکی، اگر پاکستانی ٹیم تیسرا میچ جیت کر سیریز میں کلین سوئپ کرے تو پھر مجموعی پوائنٹس تیسرے نمبر پر موجود افغانستان کے برابر 90 ہوجائیں گے۔
اس وقت سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ پر بنگلہ دیش کی ٹیم 120 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے،یہ اس نے 18 میں سے 12 میچز جیت کر حاصل کیے، دوسرے نمبر پر انگلینڈ کے 95 پوائنٹس ہیں، اس نے 15 میں سے 9 میچز جیتے، 5 میں شکست ہوئی جبکہ ایک بے نتیجہ رہا۔
چھٹے نمبر پر بھارت اور ساتویں پر آسٹریلیا موجود ہے، آئرلینڈ کا آٹھواں اور سری لنکا کا نواں نمبر ہے، فی الحال نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ بالترتیب دسویں اور11ویں نمبر پر براجمان ہیں۔