ھفتہ, 30 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کےسالانہ امتحانات برائے 2021ء کے پہلے مرحلہ کے آرٹس ریگولر گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آرٹس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 13ہزار 367 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 12ہزار 933امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ 12ہزار 52امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 93.19 فیصد رہا۔

چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے مزید بتایا کہ آرٹس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 876 امیدوار اے ون گریڈ،1934 اے گریڈ، 2761 بی گریڈ، 2690 سی گریڈ، 2532 ڈی گریڈ اور 1259 ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔

اسلام آباد: پاک بحریہ نے ہنگور کے پچاس سالہ جشن شجاعت پرخصوصی ویڈیوریلیزکردی۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ ویڈیو میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی دشمن کے خلاف لازوال کامیابی کو اجاگر کیا گیا ہے۔

1971 کی جنگ میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے بہادری کی عظیم تاریخ رقم کی۔

ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ 1971 کی پاک بھارت جنگ میں پاکستانی آبدوز ہنگور نے بھارتی جنگی جہاز کُکری کو سمندر بُر`د کیا، آبدوز ہنگور نے اپنے دوسرے حملے میں دوسرے بھارتی جنگی جہاز کِرپان کو بھی مفلوج کیا، دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے جس میں کسی آبدوز نے بحری جہاز کو نیست و نابود کر دیا، بحری معرکوں میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کا یہ کارنامہ ہمارے دشمنوں کو کبھی نہ بھولے گا۔

اسلام آباد : وفاقی حکومت نےسانحہ آرمی پبلک اسکول کیس میں وزیراعظم کادستخط شدہ جواب جمع کرانےکی مزید3ہفتوں کی مہلت مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس میں وزیراعظم کا دستخط شدہ جواب سپریم کورٹ کے دیئے گئے وقت پر جمع نہ کراسکی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں کہا کہ وزیراعظم کا دستخط شدہ جواب جمع کرانے کیلئے تین ہفتے کی مہلت دی جائے۔ سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کی 16 دسمبر کو برسی ہے۔

درخواست کے مطابق وزیراعظم نے شہداء کے والدین سے ملاقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ مناسب ہوگا والدین اور کمیٹی کی ملاقات کا نتیجہ سامنے آنے دیا جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مہلت دی جائے تاکہ عدالت کو جامع عملدرآمد رپورٹ پیش کی جاسکے۔

عدالت کی جانب سے وزِیراعظم کا دستخط شدہ جواب 4 ہفتے میں طلب کیا گیا تھا، دیا گیا وقت 10 دسمبر کو پورا ہو رہا ہے۔

کراچی: دنیا بھر میں پھیلا کورونا کا خطرناک ویرینٹ اومی کرون کاپہلا کیس پاکستان میں بھی رپورٹ ہوگیا۔

محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں اومی کرون ویرینٹ کے پہلے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں اومی کرون ویرینٹ کا پہلا کیس ایک نجی اسپتال میں رپورٹ ہوا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ خاتون میں اومی کرون ویرینٹ کی تصدیق 8 دسمبر کو ہوئی، متاثرہ خاتون میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں اور وہ ویکسی نیٹڈ بھی نہیں ہیں تاہم وہ گھر پر قرنطینہ میں ہیں۔

دوسری جانب قومی ادارہ صحت کی جانب سے وضاحتی بیان کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اومی کرون کی موجودگی کے حوالے سے میڈیا پر آنے والی اطلاعات کے حوالے سے وضاحت کی جاتی ہے کہ کراچی سے رپورٹ ہونے والے اومی کرون ویرینٹ کے مشتبہ کیس کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی، اس کا مکمل جینوم سیکوئینس ٹیسٹ ہونا باقی ہے، جسے نمونہ حاصل کرنے کے بعد انجام دیا جائے گا تاہم عالمی حالات کی روشنی میں عوام سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔

واضح رہے کہ اب تک ایشیا، افریقا، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور امریکا میں کورونا کے نئے ’اومیکرون ویرینٹ‘ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ مزید ملکوں میں ظاہر ہوتا جارہا ہے۔

 

کراچی: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر شہرِ قائدپہنچ گئی۔

مہمان ٹیم دبئی کے راستے کراچی پہنچی۔ اس موقع پر سیکوریٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔ مقامی ہوٹل آمد پر کوویڈ19 ٹیسٹ کے بعدکھلاڑی اور آفیشلز ایک دن کے لیے قرنطینہ کریں گے۔

جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں پہلا پریکٹس سیشن ہوگا۔ سیریز 13 تا 22 دسمبر نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

تین ٹی ٹوئنٹی میچز اور اتنے ہی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میچز ہوں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ویسٹ انڈیز کی قیادت نکولس پوران کریں گے جبکہ ون ڈے میچز میں شائی ہوپ کپتان کی ذمہ داری ادا کریں گے۔

کیرون پولارڈ انجری کے سبب سیریز سے دستبردار ہوگئے تھے۔ ٹی ٹوئنٹی میں ان کی جگہ رومان پاول اور ون ڈے میں ڈیورنڈ تھامس کو شامل کیا گیا ہے،13 دسمبر کو پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ شام 6 بجے ہوگا۔ 14 دسمبر کو دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا، 16 دسمبر کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کا آغازشام 6 بجے ہوگا، 18 دسمبر کو پہلا ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلا جائے گا۔ دوسرا ون ڈے 20 دسمبر کو ہوگا جبکہ22 دسمبر کو تیسرا اور آخری ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔

کراچی: گوگل نے پاکستان میں مقبول ترین سرچز کی فہرست جاری کردی ہے یہ وہ سرچز ہیں جن کے باعث، 2020ء کے مقابلے میں 2021ء کے دوران ٹریفک میں انتہائی بلند پیش رفت نظر آئی۔

اس فہرست میں کھیلوں، ڈراموں، موویز اور اینیمیٹیڈ فلموں کی وسیع کیٹگریز شامل ہیں اور ملک میں گزشتہ برس کے مقابلے میں، ایک منفرد اور دلچسپ معلومات فراہم کرتی ہے۔

اس سال پوری قوم کرکٹ کے جنون میں مبتلا رہی اور یہ کھیل گوگل سرچزکے نتائج پر چھایا رہا۔ سنہ 2021ء کے لیے ٹاپ سرچز میں جنوبی افریقا اور انگلینڈکے ساتھ پاکستان کی کرکٹ سیریز شامل تھیں جن کے بعد آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ اور پاکستان سپر لیگ چھائے رہے۔ ذیل میں مقبول ترین سرچز دی گئیں ہیں:
مقبول ترین سرچز:
1۔ پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ
2 پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز
3۔ پاکستان سپر لیگ
4۔ پاکستان بمقابلہ انگلینڈ
5۔ ٹی 20 ورلڈ کپ
6۔ پاکستان بمقابلہ زمبابوے
7۔ بھارت بمقابلہ انگلینڈ
8۔ پاکستان بمقابلہ انگلینڈ
9۔ پاکستان بمقابلہ نیو زی لینڈ
10۔ پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا

اس سال کی ٹاپ موویز اور شوز کی فہرست میں اقسام اور اسٹائلز کے اعتبار سے تنوع پایا گیا۔ نیٹ فلیکس کے شو ’اسکوئیڈ گیم‘ نے عالمی سطح پر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمائے رکھا۔ٹاپ موویز اور ٹیلی ویژن شوز کی فہرست میں مقبول پاکستانی ڈراما’خدا اور محبت‘ دوسرے نمبر پر رہا جبکہ ہم ٹی وی کا مزاحیہ ڈراما ’چپکے چپکے‘ نے تیسری پوزیشن حاصل کی جس کے بعد جیو ٹیلی ویژن کا ڈراما ’ہر پل‘اور’رنگ محل‘تھے۔مکمل فہرست ذیل میں دی گئی ہے:

1۔ اسکوئیڈ گیم
2۔ خدا اور محبت
3۔ چپکے چپکے
4۔ رنگ محل
5۔ رادھے
6۔ بگ باس 15
7۔ منی ہیسٹ
8۔ ارطغرل
9۔ بلیک وِیڈو
10۔ ایٹرنلز
11۔ کورلوس عثمان

گوگل کی فہرست میں انتہائی سرچ کیے جانے والے کھلاڑیوں میں تجربہ کار کرکٹر شعیب ملک ٹا پ پر رہے۔ اس سال، کرکٹ چونکہ پاکستان میں انتہائی مقبول کھیل رہا، جارحانہ بلے باز آصف علی اور بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے فخر زمان نے،سرچ انجن کی ٹاپ کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔دیگر پاکستانی کھلاڑی بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔  مقبول ترین کھلاڑیوں کی فہرست درج ذیل ہیں:

مقبول ترین ایتھلیٹس

1۔ شعیب ملک
2۔ آصف علی
3۔ فخر زمان
4۔ شاہین آفریدی
5۔ حسن علی
6۔ محمد رضوان
7۔ شاداب خان
8۔ عابد علی
9۔ دانش عزیز
10۔ حارث رؤف

 

نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر تامل ناڈو میں گرکرتباہ ہوگیاجس کےنتیجےمیں 11 افرادہلاک اور 3 شدید زخمی ہوگئے۔

یلی کاپٹرمیں بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت بھی اہلیہ سمیت سوار تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 14 افراد سوارتھے۔ حادثے میں 11 افرادکی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی جبکہ 3 افراد کوشدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

بھارتی فوجی حکام نے ہیلی کاپٹرحادثے میں سابق آرمی چیف اور موجودہ ڈیفنس چیف آف اسٹاف بپن راوت کے ہلاک یا زخمی ہونے سے متعلق کچھ نہیں بتایا تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جنرل بپن راوت حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔

ارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر ایئر فورس بیس سے آرمی ڈیفنس سروسز کالج جا رہا تھا کہ تمل ناڈو میں کنور کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ بھارتی فضائیہ نے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلی کاپٹر ایک کالج نے نزدیک گھنے جنگل والے علاقے میں گرا ہوا ہے اور آگ کے شعلوں میں گھیرا ہوا ہے۔

سان فرانسسکو: واٹس ایپ نے گفتگو کو خفیہ رکھنے کا ایک اور آپشن پیش کیا ہےجسے آٹوڈیلیٹ کانام دیا گیا ہے۔

اس آپشن کی بدولت آپ 24 گھنٹے، سات روز یا 90 دن کے آپشن رکھ سکتےہیں اور پیغام اس مدت کےبعد ڈیلیٹ ہوجائے گا۔

واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ اب ’صارف تمام نئی گفتگو کے لیے نیا آپشن استعمال کرسکتے ہیں۔ اسے سرگرم کرنے پر اپنی مقررہ مدت میں پیغامات یا اس کے طویل سلسلے (تھریڈ) ازخود مٹ جاتے ہیں۔ اس فیچر کو مخصوص واٹس ایپ گروپ پربھی متعارف کرایا جاسکتا ہے،‘ واٹس ایپ نے اپنے اعلامئے میں کہا ہے۔

فی الحال تین اوقات دئیے جارہے ہیں جنہیں آپ اپنی پسند کے لحاظ سے منتخب کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ واٹس ایپ کی ہمیشہ سے اولین ترجیح ہی رابطوں اور گفتگو کو محفوظ تر بنانا ہے۔ اس کے علاوہ سابقہ فیس بک اور حالیہ میٹا کمپنی کی ملکیت ہونے کی وجہ سے واٹس ایپ سے انسٹاگرام پر رابطے ممکن بنانے پر بھی غور ہورہا ہے۔ تاہم میٹا کی جانب سے مکمل طور پر ای ٹو ای انکرپشن پر بھی کام جاری ہے جس پر 2023 تک مکمل عملدرآمد ہوگا۔

میٹا پر ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لیے بالخصوص یورپی ممالک کا بھی دباؤ ہے اور شاید ڈیلیٹ آپشن اسی وجہ سے پیش کیا گیا ہے۔

ڈھاکہ: ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں پانچویں اور آخری روزبنگلادیش کی ٹیم فالوآن کاشکار ہوگئی۔

پانچویں روز بنگلہ دیش نے 7 وکٹ کے نقصان پر 76 رنز سے میچ کا آغاز کیا تو اس کے باقی تین کھلاڑی بھی مزید 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 87 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور فالو آن کا شکار ہوگئی۔

بنگال ٹائیگرز دوسری اننگز میں بھی ابتدا سے ہی ناکامی کا شکار ہوگئے اور اس کے 4 کھلاڑی 72 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
پہلی اننگ میں پاکستانی باؤلر ساجد خان نے بنگلہ دیشی ٹیم کے پرخچے اڑا دیے اور صرف 42 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

چوتھا روز
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ڈھاکا میں کھیلا جارہا ہے۔ چوتھے روز میچ تاخیر سے شروع ہوا اور پاکستان کی اننگز سے کھیل کا آغاز ہوا۔ اظہر علی 56 رنز اور کپتان بابراعظم 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ فواد عالم 50 رنز بناکر اور محمد رضوان 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے بعد پاکستان نے پہلی اننگز 300 رنز پر ڈیکلیئر کردی۔
بنگلادیش کی بیٹنگ اننگ کےآغازمیں ہی لڑکھڑاگئی اور صرف 76 رنزپر اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔شادمان اسلام نے3رنز،محمود الحسن (0)،نجم الحسن30،مومن الحق (1)، مشفیق الرحیم (5)، مہدی حسن (0) اور لٹن داس نے صرف 6 رنز بنائے۔

تیسرا دن
ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں تیسرے دن کا کھیل مسلسل بارش کے باعث نہیں ہوسکا۔

دوسرا دن؛
کھیل کے دوسرے دن بارش اور پچ گیلی ہونے کے باعث میچ کھانے کے وقفے کے بعد شروع ہوا تاہم صرف 6.2 اوورز کا کھیل ہوا تھا کہ بارش کے باعث ایک بار پھر میچ روک دیا گیا،بارش نہ رکنے کی صورت میں امپائرز نے دوسرے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا۔
دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے تھے جب کہ وکٹ پر اظہر علی اور بابر اعظم موجود ہیں، دونوں کے درمیان 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم ہے۔

پہلا دن؛
ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم دونوں کھلاڑی بالترتیب 39 اور 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنالیے تھے۔

لاہور: پنجاب بورڈ کمیٹی چیئرمینز نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کےسالانہ امتحانات کے سو الیہ پرچوں کے پیٹرن کو تبدیل کرنےکافیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب بورڈ کمیٹی چیئرمین کی جانب سے میٹرک اور انٹرکے سالانہ امتحانات میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے سوالیہ پرچوں کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پنجاب بورڈ کمیٹی چیئرمین کی جانب سے سوالیہ پرچوں کے پیٹرن کو تبدیل کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ فیصلے کا اطلاق 2022 سے تمام تعلیمی بورڈز پر ہو گا۔

اس حوالے سے تمام تعلیمی بورڈز کو آگاہ کر دیا گیا ہے

پنجاب بورڈ کمیٹی چیئرمین کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے تحت رٹہ سسٹم کو ختم کر کے کنسپٹ بیسڈ پرچوں کی تیاری ہے۔ آگے بنائے جانے والے پرچے اسی نئے پیٹرن کے مطابق بنائے جائیں گے۔

پی بی سی کے مراسلے میں بتایا گیا ہے سوالیہ پرچے کے معروضی،مختصر اور انشائیہ سوالات کو بین الاقومی معیار کا بنایا جائے گا ۔

تین کیٹیگری کے سوالات میں نالج ، اس کی سمجھ اور اس کے استعمال کے تناسب کو تین سال میں مرحلہ وار تبدیل کیا جائے گا ۔2022 میں نالج کا تناسب 70 فیصد ،انڈرسٹینڈنگ 20اور اس کے استعمال سے متعلق سوالات10فیصد ہونگے۔

2023میں نالج سے متعلق سوالات 50 ، نصاب 35 جبکہ اس کے استعمال سے متعلق سوالات15فیصد ہونگے ، 2024 میں نالج پرمبنی سوالات 30 ،انڈر سٹینڈنگ50 اور اس کے استعمال سے متعلق سوالات کا تناسب 20 فیصد ہوگا ۔

پی بی سی سی کی چیئرپرسن کا کہنا ہے 2023میں سوالیہ پرچوں میں معروضی،مختصر اور انشائیہ سوالات کا تناسب تبدیل کیا جاسکتا ہے ،پیٹرن میں تبدیلی کا مقصد رٹہ سسٹم ختم کرنا اور ایسے سوالیہ پرچے تیار کرنا ہے جو کانسیپٹ بیسڈ ہوں۔