ھفتہ, 30 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: جامعہ کراچی نے 12 دسمبر 2021 ء کو ہونے والے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جاری کردیئے۔

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اخترکے مطابق تعلیمی سال 2022 ء کے ڈاکٹر آف فارمیسی،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی،بی ای،بی ایس اور بی ایڈ(آنرز) پروگرام کے لئے ہونے والے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جاری کردیئے گئے ہیں۔طلبہ نتائج اپنے پورٹل پر دیکھ سکتے ہیں جبکہ حتمی داخلہ فہرست26 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ایسے طلباوطالبات جن کو تاحال انٹرمیڈیٹ کی مارکس شیٹ موصول نہیں ہوئی ان طلبہ کی سہولت کے پیش نظر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی ہدایت پر داخلہ کمیٹی کی جانب سے طلبہ کے نتائج کی تصدیق کے لئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کو خط ارسال کردیا گیا ہے تاکہ ان کے نتائج کو بھی حتمی داخلہ فہرست میں شامل کیا جاسکے اور اس کے ساتھ ساتھ حتمی داخلہ فہرست جاری کرنے کی تاریخ 19 دسمبر کے بجائے 26 دسمبر2021 ء کردی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سے مستفید ہوسکیں اورمیرٹ کی بنیاد پر جاری ہونے والی حتمی فہرست کا حصہ بن سکیں۔

علاوہ ازیں شعبہ ویژول اسٹڈیز کی داخلہ فہرست بھی اب 19 کے بجائے 26 دسمبر 2021 ء کو جاری کی جائے گی۔دریں اثناء اوپن میرٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں بھی 28 دسمبر 2021 ء تک توسیع کردی گئی ہے تاکہ داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں سے محروم رہ جانے والے طلبہ بروقت اوپن میرٹ کی بنیاد پر اپنا داخلہ فارم جمع کراسکیں

کراچی: بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں ”صحت سے متعلق علوم میں آرٹیفیشل انٹلیجنس“کے موضوع پر پیر (20 دسمبر) کوایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوگی۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق یہ ایک روزہ ورکشاپ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ، جامعہ کراچی کے تحت سرگرم سینٹرفار آرٹیفیشل انٹلیجنس اِن ہیلتھ سائینسز جامعہ کراچی اور سندھ انوویشن، ریسرچ اینڈ ایجوکیشن نیٹ ورک (سائرن) کے باہمی تعاون سے منعقد ہورہی ہے۔

اس ورکشاپ کا آغازصبح 9 بجے ایل ای جے نیشنل سائینس انفارمیشن سینٹر میں ہوگا جس سے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری سمیت ملکی و غیر ملکی ماہرین خطاب کریں گے جبکہ اس موقع پربرطانیہ کی یونیورسٹی آف لیسسٹر شائر کے ڈاکٹر عاشق انجم خصوصی خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ یہ ورکشاپ ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی ورکشاپ ہے جس سے ہلیتھ سائینسز میں آرٹیفیشل انٹلیجنس کی تحقیق کے نئے دریچے روشن ہوں گے۔

کراچی :  ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہے۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ریکارڈ کیا گیا۔سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی سخت سردی ہے جب کہ محنت کش سرد موسم میں بھی اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سردی میں اضافے کے سبب موسمی بیماریاں بھی بڑھ رہی ہیں جس سے شہری پریشان ہیں۔

دوسری جانب ملک میں سب سے کم درجہ حرارت گوپس میں منفی 16 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، قلات منفی 12،گلگت، کوئٹہ، استور میں منفی 08 ، ہنزہ میں منفی 06 ریکارڈ کیا گیا۔

، مری منفی 1،ایبٹ آباد منفی 3 اسلام آباد ، ڈیرہ اسماعیل خان صفر، ملتان، پشاور1 ،سکھر 4، لاہور ، فیصل آباد، نوابشاہ 6 اور حیدر آباد میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے این سی او سی کے فیصلے کے خلاف موسم سرما کی چھٹیاں 20 دسمبرسےیکم جنوری تک کرنےکااپنافیصلہ برقرار رکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق محکمہ تعلیم کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں 20 دسمبر سے یکم جنوری تک موسم سرما کی چھٹیاں کرنے کی منطوری دی گئی تھی۔

اسی فیصلے کے تحت سندھ میں تعلیمی ادارے اسکول و کالجز پیر 20 دسمبر سےیکم جنوری تک موسم سرماکی چھٹیوں کی وجہ سے بند رہیں گے اور بروز 3 جنوری سے سندھ بھر میں تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھلیں گے۔

واضح رہے کہ تعلیمی اداروں میں چھٹیاں 20 دسمبر بروز پیر سے ہوں گی تاہم ہفتہ اور اتوار کو پہلے سے ہی اسکول بند رہتے ہیں اس لیے موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز ہفتہ سے ہی ہوگیا ہے۔

اسلام آباد:وفاقی تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات این سی اوسی کےفیصلے کے مطابق ہونگی۔

تفصیل کے مطابق موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سےاین سی او سی کا خصوصی اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت ہوا

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شدید سردی اور دھند والے علاقوں کے علاوہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات آئندہ سال 3جنوری دی جائیں گی۔

وفاقی نظامت تعلیمات نے 3 جنوری سے موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جسکے مطابق وفاقی تعلیمی اداروں میں 3 سے 9 جنوری تک چھٹیاں ہوں گی۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ نیا ویریئنٹ اومی کرون تیزی سے دنیا میں پھیلنے کے باعث میں موسم سرما کی تعطیلات کو ری شیڈول کیا گیا ہے۔

تعطیلات ری شیڈول کرنے کا مقصد زیادہ سے زیادہ طلبا و طالبات کو کووڈ ویکسین لگانا ہے، اسکول کھلے رکھنے سے لاکھوں اسٹوڈنٹس کووڈ ویکسین سے مستفید ہو سکیں گے، والدین اپنے بچوں کو جلد از جلد کووڈ سے بچاو کی ویکسین لگوائیں۔

پشاور: صوبے خیبرپختونخواہ میں موسم سرما کی تعطیلات کااعلان کردیاگیاہے۔

تفصیلات کےمطابق این سی او سی کے فیصلے کے مطابق میدانی علاقوں میں 3 جنوری سے12 جنوری 2022 تک ہوں گی جبکہ پہاڑی علاقوں میں تعطیلات 24 دسمبرسے 28 فروری 2022 تک ہوں گی۔

جسکا محکمہ تعلیم خیبرپختونخواہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور اس نوٹیفکیشن کا اطلاق صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا۔

پشاور: پرانی سبزی منڈی میں نویں جماعت کے طالب علم نے خود کشی کرلی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ نویں جماعت کے طالب علم کو والد نے اسکول نہ جانے پر ڈانٹا تھا، جس پر بچے نے دلبرداشتہ ہوکر رات کے پہر کمرے میں جاکر خود کشی کرلی، گھروالوں کی بچے کی خود کشی کا علی الصبح علم ہوا، جب وہ اسے اسکول جانے کے لئے اٹھانے گئے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا، اور ضابطے کی کارروائی کرکے ورثا کے حوالے کردیا۔

ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کافیصلہ ہوگیا

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت این سی او سی کاا جلاس ہوا۔ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تمام صوبوں کی سفارشات کے تحت موسم سرما کی تعطیلات آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چھٹیوں کی تاریخ طے کرنے کے معاملے پر اجلاس میں بحث جاری ہے تاہم اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے
کہ تعلیمی اداروں میں ویکسینیشن کا عمل جاری رہے گا

یاد رہے محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھر میں اسکولز اور کالجز 20دسمبر سے 2 جنوری تک بند کرنے کااعلان کررکھا ہے۔

 

اسلام آباد: پرائیویٹ یونیورسٹیز کو بڑا دھچکا،عدالت عظمی ٰنےہائر ایجوکیشن کمیشن کوملک بھر کی پرائیویٹ یونیورسٹیز کے غیر قانونی کیمپس بند کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ ایچ ای سی غیر قانونی کیمپس سے پاس آؤٹ ہونے والے طلباء کو مخصوص طریقے سے ڈگریاں فراہم کرے، ملک بھر میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی یکساں پالیسیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، نوجوان نسل کو اعلی تعلیم کی فراہمی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔

عدالت نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے مکمل تعاون کریں، عدالت کے سامنے سوال تھا کہ کیا پرائیویٹ یونیورسٹیاں اپنی حدود سے باہر ذیلی کیمپس قائم کر سکتی ہیں یا نہیں، ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے واضح کر دیا کہ یونیورسٹیوں کو اپنی حدود سے باہر کیمپس قائم کرنے کی اجازت نہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایچ ای سی نے کئی بار پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو غیر قانونی کیمپس کے قیام پر الرٹ جاری کیے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا موقف ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کا غیر قانونی سرگرمیوں کو ختم کرانے میں تعاون ناگزیر ہے، وفاق اور صوبائی حکومتوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا۔

طلباء کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ عدالت نے نیب کو نجی یونیورسٹیوں کےخلاف کارروائی کا حکم دیا تھا، طلباء لاہور ہائیکورٹ اپنی ڈگریوں کے لیے گئے تھے، ہائیکورٹ نے نجی یونیورسٹیوں کے کیمپسز کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے پاس اختیارات ہیں، نیب کو معاملے کی تحقیقات کرنے کی ضرورت نہیں، اگر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کمزور ہے تو وفاق کو حکم دیں گے قوانین میں ترمیم کرے، لاہور ہائیکورٹ نے درست اور حقائق پر مبنی فیصلہ دیا۔

واضح رہے کہ پریسٹن اور الخیر یونیورسٹی نے لاہور اور کراچی میں غیر قانونی کیمپس قائم کیے تھے۔ طلباء نے ایچ ای سی کی جانب سے غیر قانونی کیمپسز سے ڈگریاں جاری نا کرنے پر عدالت سے رجوع کیا تھا۔

 پنجاب : محکمہ تعلیم پنجاب نے اساتذہ کی بھرتی کیلئے نئی پالیسی جاری کر دی ہے۔

پالیسی کے مطابق مستقبل میں انجینئرنگ ، کامرس ، بزنس اور تھرڈ ڈویڑن ڈگری حاصل کرنیوالے ٹیچرز نہیں بن سکیں گے۔

پالیسی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں اساتذہ کو عارضی طورپر 2 سال کیلئے بھرتی کیا جائے گااور اساتذہ کی نئی بھرتی کیلئے نوجوانوں کو پنجاب پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنا لازمی ہوگا۔

اساتذہ کی نئی بھرتیوں کیلئے پالیسی دو ہزاراٹھارہ میں تبدیلی کی گئی۔محکمہ اسکول ایجوکیشن نے نئی پالیسی سے متعلق تمام اتھارٹیز کو ہدایات جاری کر دی ہیں