ایمز ٹی وی(افغانستان):غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق طالبان کے سابق امیر ملا عمر کے بیٹے محمد یعقوب نے اپنے والد کی موت کو کسی بھی سازش کے نتیجے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال طبعی طور پر افغانستان میں ہوا تھا۔ اکثر طبیعت ناسار رہتی تھی ڈاکٹروں سے کافی علاج کرایا گیا مگر ان کی طبیعت میں کوئی بہتری نہ آئی اور یہاں ہی ان کی موت واقعہ ہوئ اور افغان سرحد میں ہی وہ دفن ہیں تاہم اپنی موت سے پہلے انہوں نے کسی کو بھی اپنا جا نشین مقرر نہیں کیا تھا۔ واضح رہے کہ ملا عمر کی وفات کی اطلاعات کافی عرصے سے سامنے آرہی تھیں تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی جب کہ افغان حکومت کا کہنا تھا کہ ان کا انتقال کراچی کے ایک اسپتال میں ہوا تاہم 30 جولائی کو طالبان نے تسلیم کیا کہ ملا عمر 2 سال قبل 23 اپریل 2013 کو بیماری کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے اور بعد ازاں طالبان شوریٰ نے ملا عمر کے نائب ملا اختر محمد منصور کو طالبان کا نیا سربراہ مقرر کر نے کا اعلان کیا تھا۔
ایمز ٹی وی(کراچی) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر انواراحمد زئی کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں ایسے طلبہ وطالبات جو سالانہ امتحان برائے سال 2015 جماعت نہم سائنس و جنرل گروپ (ریگولر) میں شریک ہوئے مگر اپنے انرولمنٹ فارم جمع نہیں کرواسکے ہیں جس کی وجہ سے ان کے امتحانی نتائج رکے ہوئے ہیں اس لئے ان کو انرولمنٹ فارم جمع کروانے کا خصوصی موقعہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ایسے امیدوار اپنے انرولمنٹ فارمزلیٹ فیس کے ساتھ 30ستمبر 2015 تک جمع کروا سکتے ہیں۔
فرانس میں گستاخ جریدے چارلی ہیبڈو نے ترکی کے ساحل پر مردہ حالت میں ملنے والے تین سالہ شامی بچے ایلان کردی کی لاش کا مذاق اڑایا ہے۔ آزادی اظہار کا غلط استعمال کرتے ہوئے چارلی ہیبڈو نے اس بچے کی لاش کے دو کارٹونز بنائے اور فرانسیسی جریدے کے صفحہ اول پر پہلے خاکے میں ’خوش آمدید تارکین وطن ، اپنے ہدف سے قریب تر‘ کے عنوان سے ساحل پر ایلان کی لاش کا کارٹون بنا کر فاسٹ فوڈ کمپنی میکڈونلڈ کا بل بورڈ لگادیا جس پر لکھا ہے کہ ’ایک کی قیمت میں بچوں کے دو مینیوز‘۔ دوسرے خاکے میں ’ثبوت کہ یورپ عیسائیت کا پیرو کار ہے‘ کے عنوان سے کارٹون میں ایک شخص کو سمندر پر چلتا دکھایا گیا ہے جبکہ ایک بچہ اوندھے منہ ڈوبا ہوا ہے اور ’عیسائی پانی پر چلتے ہیں ، مسلمان ڈوب جاتے ہیں‘ لکھا ہوا ہے۔ان خاکوں کی اشاعت کے بعد سوشل میڈیا پر چارلی ہیبڈو پر کڑی تنقید شروع ہو گئی ہے اور تنقید کرنے والوں میں یورپی ممالک کے باشندے بھی شامل ہیں۔
ایمز ٹی وی(افغانستان):کابل: افغانستان میں طالبان نے غزنی کی جیل پر حملہ کرکے 350 سے زائد قیدی چھڑا لئے۔ غزنی کے صوبائی نائب گورنر محمد علی احمد نےکہاغیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان فوج کی وردی میں ملبوس طالبان نے سب سے پہلے جیل کے مرکزی دروازے پر خودکش کار بم دھماکا کیا جس کے بعد راکٹوں اور جدید خودکار ہتھیاروں سے لیس حملہ آور جیل میں داخل ہو گئے۔ جیل پر حملے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جب کہ 7 حملہ آور بھی مارے گئے۔ محمد علی احمد کا کہنا تھا کہ جیل پر انتہائی منظم طریقے سے حملہ کیا گیا، انہوں نے جیل کی جانب جانے والے راستوں میں بارودی سرنگیں بھی بچھائی تھیں تاکہ جیل میں موجود پولیس اہلکاروں کی مدد کے لئے مزید دستے نہ پہنچ سکیں۔ حملے کے بعد جیل کی طرف جانے والی ایک فوجی گاڑی سڑک میں نصب بم سے تباہ ہو گئی۔ نائب گورنر نے کہا کہ حملے کے دوران 402 سے زائد قیدی فرار ہوئے تھے جن میں سے 80 کو دوبارہ پکڑ لیا گیا جب کہ 352 بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔ فرار ہونے والے قیدیوں میں سے 150 کا تعلق طالبان سے ہے۔ دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 خودکش بمباروں اور مصلح جنگجوؤں نے یہ حملہ کیا، جس میں تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے۔ اس حملے میں افغان سیکیورٹی فورسز کے 40 اہلکار ہلاک ہوئے اور کئی اہم طالبان کمانڈروں کو چھڑوا لیا گیا ہے۔
ایمز ٹی وی (کراچی) ڈی آئی جی ٹریفک پولیس ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا ہے کہ اب خواتین کے لیئے بھی موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جائے گا ۔ خواتین صرف کراچی میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں گاڑیاں چلا رہی ہیں اور کچھ شہروں میں بحالت مجبوری رکشہ بھی چلا رہی ہیں۔ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو خواتین کے لیئے الگ ڈرائیونگ لائسنس برانچ بنا دی جائے گی۔انکا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں خواتین ہر سطح پر کام کر رہی ہیں حتیٰ کہ پاکستان ایئر فورس میں فائٹر جیٹ پائلٹ بن چکی ہیں اور اگر خواتین موٹر سائیکل چلانا چاہتی ہیں تو پولیس کسی قانون کے تحت انھیں نہیں روک سکتی۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ خواتین کراچی کے کچھ علاقوں بشمول ڈیفنس، کلفٹن، باتھ آئی لینڈ،کے ڈی اسکیم نمبر ایک، شارع فیصل ، پی ای سی ایچ ایس میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے موٹر سائیکل چلا رہی ہیں۔
ایمز ٹی وی(نیشنل) نجی اسکولوں کی جانب سے اسکولوں میں فیس کی مد میں اضافے پر پاکستان میں سوشل میڈیا پر انتہائی منفی ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ نجی اسکولوں کی جانب سے فیس کی مد میں اضافے نے طلبہ اور انکے والدین کو سڑک پر احتجاج کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ بھاری فیسوں سے عاجز والدین کا مطالبہ ہے کہ فیس کی مد میں حالیہ اضافے کو واپس لیا جائے۔ ٹوئٹر پر موجود صارفین نے بھی اس معاملے پر شدید رد عمل کا مظاہرہ کیا ہے اور نجی اسکولوں کی مخالفت میں ٹرینڈ StopPrivateSchoolMafia# سب سے اوپر ہے۔
(کراچی )ایمز ٹی وی ،متحدہ قومی مومنٹ کے زیر اہتمام شہداء لاپتہ اور کارکنان کو سلام عقیدت پیش کرنے کےلئے اتوار کو لیاقت آباد دس نمبر سے مزار قائد تک منعقدہ ریلی کے شرکاءسے مزار قائد کے سامنے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینئر مستعفی رکن قومی اسمبلی ڈاکڑ محمد فاروق ستار نے کہا کہ اگر ہمارے جائز مطالبات نہ حل کئے گئے تو ایم کیو ایم مزار قائد کے سامنے 250 دن کا دھرنا دے گی،اس دھرنے کو دیکھ کر پوری قوم 126 دن کا دھرنا بھول جائے گی ،ایم کیو ایم کے قائد کے خطاب پر عائد پابندی کوجلد سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا ،ایم کیو ایم نے اپنے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل ،جبری گمشدگیوں اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ہر دروازہ کھٹکھٹایا ریاستی ادارے آئین و قانون کی خلاف ورزیاں کررہے ہیں ، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی اور کراچی کی عوام کو دہشت گردوں کے حوالے کرنے کی سازشوں کو ناکام بنا دینگے ،اتوار کو باہمت و نڈر عوام نے تمام تر رکاوٹوں اور دھمکیوں کے باوجود لیاقت آباد سے مزار قائد تک ریلی نکال کر ظالم قوتوں کو ناکام بنا دیا ہے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی میں جنگل کا قانون یکسر مسترد کرتی ہے اور اب اس جنگل کے قانون کو مزید چلنے نہیں دینگے۔
ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل)مصر میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے بارہ سیاح ہلاک ہو گئے ، وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کیے جانے والے آپریشن میں غلطی سے بارہ سیاحوں کو شدت پسند سمجھ کر ہلاک کر دیا ہے ۔ ہلاک ہونے والے سیاحوں میں میکسیکو کے شہری بھی شامل ہیں ۔ اس واقعے میں مصر اور میکسیکو کے دس شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ حکام کے مطابق یہ سیاح ملک کے مغربی ریگستانی علاقے میں داخل ہو گئے تھے جہاں جانے پر پابندی ہے ۔ مصر میں فوجی انقلاب کے بعد سے سیاسی عدم استحکام کی صورت حال برقرار ہے ۔
(کشمیر):کشمیری طلبہ نے ایک بار پھر آزادی اور پاکستان کےحق میں نعرے بلند کردیئے۔ نہتے کشمیری طلبہ پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی حکومت طاقت کے نشے میں حقائق نظرانداز کررہی ہے۔مقبوضہ کشمیر کا دارالحکومت سرینگر آج پھر پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ آزادی کی شمع دلوں میں جلائے کشمیری نوجوانوں نے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ پاکستان سے محبت اور بھارت سے آزادی کی خواہش ایک بار پھر بھارتی فورسز کے لیے تازیانہ ثابت ہوئی۔جس کا جواب نہتے کشمیریوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ سے دیا گیا۔ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی حکومت ایسا بدمست ہاتھی بن چکی ہے جسے طاقت کے نشے میں کچھ نظر نہیں آتا۔ بھارتی فورسز کے لاٹھی چارج میں کئی کشمیری طلبہ زخمی ہوئے،جس کا غصہ طلبہ نے پتھراؤ کرکے نکالا
ایمزٹی وی( عطاءآباد) وزیراعظم نوازشریف نے گلگت میں عطاءآباد کے مقام پر پاک چین دوستی ٹنل کا افتتاح کر دیا۔چین نے عطاءآبادجھیل پر 7کلومیٹرطویل 5سرنگیں بنائی ہیں، 24 کلو میٹر طویل یہ سرنگیں قراقرم ہائی وے کا حصہ ہیں۔وزیراعظم ہیلی کاپٹرکے ذریعے گلگت بلتستان پہنچے تو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان نے ان کا استقبال کیا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے وزیراعظم کو منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔جنوری 2010 میں دریائے ہنزہ میں پہاڑی تودہ گرنے سے عطاآبادکے مقام پر 200 کلو میٹر گہری اور 25 کلو میٹر طویل جھیل بن گئی تھی۔ جس کے باعث شاہراہ قراقرم کا 24 کلو میٹر طویل حصہ پانی میں دوب گیا تھا۔ سڑک کی بحالی کامنصوبہ چین کے تعاون سے مکمل کیاگیا۔