ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ آج کولمبو میں کھیلا جا رہا ہے۔
سیریز میں دو میچوں میں فتح کے ساتھ پاکستان کو برتری حاصل ہے اور وہ یہ میچ جیت کر سیریز میں فتح حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
پاکستان کے لیے یہ فتح اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ سیریز میں کامیابی کی صورت میں پاکستانی ٹیم 2017 چیمپیئنز ٹرافی میں رسائی کے امکانات بھی روشن کر لے گی۔
پاکستانی ٹیم ان دنوں بہترین فارم میں نظر آ رہی ہے جہاں تین ایک روزہ میچوں میں ابتدائی بلے بازوں نے ذمے داری کا مظاہرہ کیا جبکہ شعیب ملک بھی اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مستقل رنز اسکور کر رہے ہیں۔
سرفراز احمد اور رضوان نے بھی اپنی افادیت ثابت کی تو باؤلنگ اور فیلڈنگ نے بھی فتح میں اپنا کردار ادا کیا۔
دوسری جانب سری لنکن ٹیم کیلئے سب سے بڑا غیر مستقل مزاجی ہے اور اس میں باؤلنگ کا شعبہ سر فہرست ہے۔
ایک سبق آموز درس
کسی ملک میں ایک قانون تھا کہ وہ ایک سال بعد اپنا بادشاہ بدل لیتے۔ اس دن جو بھی سب سے پہلے شہر میں داخل ہوتا تو اسے بادشاہ منتخب کر لیتے اور اس سے پہلے والے بادشاہ کو ایک بہت ہی خطرناک اور میلوں پھیلے جنگل کے بیچوں بیج چھوڑ آتے جہاں بے چارہ اگر درندوں سے کسی طرح اپنے آپ کو بچا لیتا تو بھوک پیاس سے مر جاتا نہ جانے کتنے ہی بادشاہ ایسے ہی سال کی بادشاہی کے بعد جنگل میں جا کر مر کھپ گئے اس دفعہ شہر میں داخل ہونے والا نوجوان کسی دور دراز کے علاقے کا لگ رہا تھا سب لوگوں نے آگے بڑھ کر اسے مبارک دی اور اسے بتایا کہ آپ کو اس ملک کا بادشاہ چن لیا گیا ہے اور اسے بڑے اعزاز کے ساتھ محل میں لے گئے ، وہ حیران بھی ہوا اور بہت خوش بھی تخت پر بیٹھتے ہیں اس نے پوچھا کہ مجھ سے پہلا بادشاہ کہاں گیا تو درباریوں نے اسے اس ملک کا قانون بتایا کہ ہر بادشاہ کو سال بعد جنگل میں چھوڑ دیاجاتا ہے اور نیا بادشاہ چن لیا جاتا ہے یہ سنتے ہیں وہ ایک دفعہ تو پریشان ہوا لیکن پھر اس نے اپنی عقل کو استعمال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس جگہ لے کر جاؤ جہاں تم بادشاہ کو چھوڑ کر آتے ہو۔ درباریوں نے سپاہیوں کو ساتھ لیا اور بادشاہ سلامت کو وہ جگہ دکھانے جنگل میں لے گئے ، بادشاہ نے اچھی طرح اس جگہ کا جائزہ لیا اور واپس آگیا اگلے دن اس نے سب سے پہلا حکم یہ دیا کہ میرے محل سے جنگل تک ایک سڑک تعمیر کی جائے اور جنگل کے بیچوں بیج ایک خوبصورت محل تعمیر کیا جائے جہاں پر ہر قسم کی سہولت موجود ہو اور محل کے اردگر خوبصورت باغ لگائے جائیں بادشاہ کے حکم پر عمل ہوا اور تعمیر شروع ہوگئی ، کچھ ہی عرصہ میں سڑک اور محل بن کر تیار ہوگئے ایک سال کے پورے ہوتے ہی بادشاہ نے درباریوں سے کہا کہ اپنی رسم پوری کرو اور مجھے وہاں چھوڑ آؤ جہاں مجھ سے پہلے بادشاہوں کو چھوڑ کے آتے تھے درباریوں نے کہا کہ بادشاہ سلامت آج سے یہ رسم ختم ہوگئی کیونکہ ہمیں ایک عقل مند بادشاہ مل گیا ہے ، وہاں تو ہم ان بےوقوف بادشاہوں کو چھوڑ کر آتے تھے جو ایک سال کی بادشاہی کے مزے میں باقی کی زندگی کا بھول جاتے اور اپنے لیے کوئی انتظام نہ کرتے ، لیکن آپ نے عقلمندی کا مظاہرہ کیا کہ آگے کا خوب بندوبست فرمالیا۔ ہمیں ایسے ہی عقل مند بادشاہ کی ضرورت تھی اب آپ آرام سے ساری زندگی ہم پر حکومت کریں اب آپ لوگ سوچیں کہ کچھ دن بعد ہمیں بھی یہ دنیا والے ایک ایسی جگہ چھوڑ آئیں گے تو کیا ہم نے عقل مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہاں اپنا محل اور باغات تیار کرلیے ہیں یا بے وقوف بن کر اسی چند روزہ زندگی کی مزوں میں لگے ہوئے ہیں اور ایک بہت لمبی زندگی برباد کر رہے ہیں ذرا سوچیئے کہ پھر پچھتانے کی مہلت نہیں ملے گی۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم) برطانیہ کی برمنگھم یونیورسٹی کی لائبریری میں قرآن پاک کا ایک نسخہ ملا ہے جسے ممکنہ طور پر قدیم ترین نسخہ تصور کیا جا رہا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق برمنگھم یونی ورسٹی کی لائبریری سے قرآن پاک کا ایک قدیم نسخہ ملا ہے، قرآنی نسخے کا ریڈیو کاربن ٹیسٹ کرایا گیا تو پتہ کہ یہ نسخہ 1370 سال پرانا ہے۔ یہ نسخہ بھیڑ یا بکری کی کھال پر 568 سے 645 صدی عیسوی کے درمیان لکھا گیا ہے۔
یونی ورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ نسخہ لائبریری میں تقریباً ایک صدی سے موجود ہے، اگر ٹیسٹ کا نتیجہ ٹھیک ہے تو پھر یہ قرآن پاک کا قدیم ترین نسخہ ہے۔
برٹش لائبریری میں قدیم نسخوں کے ماہر ڈاکٹر محمد عیسیٰ کا کہنا ہے کہ یہ بہت ہی دلچسپ دریافت ہے، یہ نسخہ لائبریری میں دیگر کتابوں کے ساتھ موجود تھا لیکن کسی نے بھی اس کی پہچان نہیں کی۔ قرآن پاک کا یہ نسخہ ’حجازی‘ رسم الخط میں ہے جو رسول اللہ ﷺ کی حیات کے وقت رائج تھا۔ خوبصورت اور واضح حجازی لکھائی میں تحریر کیا گیا یہ نسخہ یقینی طور پر پہلے 3 خلفائے راشدین کے زمانے یعنی 632 سے 656 عیسوی کے عرصے کا ہے۔
برمنگھم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈیوڈ تھامس کا کہنا ہے کہ اس نسخے کی تاریخ سے کہا جا سکتا ہے کہ یہ رسول اللہ ﷺ کی رحلت کے چند سال بعد کا ہے، اس بات کے بھی قوی امکانات ہیں کہ جس نے بھی یہ لکھا وہ شخص حضرت محمد ﷺ کے وقت حیات تھا۔
ایمز ٹی وی (تعلیم) اٹھائیس سالہ عالمی چیمئین باکسر عامر خان کو کھیل اور ان کی فلاحی خدمات کے اعتراف میں سائنس میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا گیا۔
بولٹن یونیورسٹی کی جانب سے 190 ویں تقسیم اسناد کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی تین اہم شخصیات کو برطانوی معاشرے اور عالمی سطح پر متاثر کن کردار ادا کرنے پر ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دی گئی ہے۔
یونیورسٹی کے اعلامیہ کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی نوجوان باکسر عامر خان اور برطانوی کابینہ کی پہلی مسلمان وزیر خاتون بیرونس سعیدہ وارثی کو ان کے شعبوں میں گرانقدر خدمات انجام دینے کے اعتراف میں یونیورسٹی کی طرف سے اعزازی سند سے نوازا گیا ہے ۔
گریجویشن کی تقریبات کا آغاز 15,16 اور 17 جولائی کو ہوا جس میں اعزازی سند پانے والی شخصیات نے اپنی ڈاکٹریٹ کی ڈگری وصول کی ۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم) عید کی تعطیلات جاری رہنے کے باوجود منگل کے روز بھی میٹرک بورڈ اور ثانوی بورڈ کا عملہ کام میں مصروف رہا ۔ان دونوں تعلیمی بورڈ میں سالانہ امتحانات برائے سال 2015 کے نتائج کو مرتب کرنے کا کام جاری رہا۔ اس لئے یہاں کے افسران اور عملے کی رضاکارانہ طور پر اپنے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی کو یقین دلایا تھا کہ وہ صرف عید کے دن چھٹی کرینگے جبکہ عید کی تعطیلات میں بھی دفتر کھلا رہے گا ۔
اس موقع پر پروفیسر انوار یوسف زئی نے عملے سے ملاقات کی اور انکے جزبے کو سراہا۔
ایمز ٹی وی (تعلیم) لندن کے معروف شہر فلپائن کا ایک بچہ جو بے گھر ہے معروف ریسٹورینٹ کی روشنی میں بیٹھ کر پڑھتا ہے ۔ اسکی تصویر فلپائن کے ایک جزیرے سیبو میں رہنے والی ایک میڈیکل کی طالبہ جوائس گیلس نے اپنے فیس بک اکاونٹ پر شیئر کی تھی، جس کے بعد فیس بک کے صارفین نے نو سالہ ڈینیئل کیبریرا کی متاثر کن تصویر مختلف زبانوں میں شیئر کی ہے۔
جب سے یہ تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی ہے۔ ڈینیئل کیبریرا کو ایک تنظیم کی جانب سے کالج اسکالر شپ کی پیشکش ہوئی ہے، اور سینکڑوں خیرخواہوں کی طرف سے اسکول کاسامان اور نقد امداد فراہم کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر چھا جانے والی تصویر کے حوالے سے فلپائنی نیوز نیٹ ورک نے ڈینیئل اور اس کے خاندان کے بارے میں معلومات جمع کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈینیئل کا خاندان پچھلے پانچ برسوں سے بے گھر ہے، ان کی مستقل سکونت آگ میں جھلس کر تباہ ہو گئی تھی، اور اب ڈینیئل اور اس کے دو بہن بھائی رات میں ایک چھوٹی سی کریانہ کی دوکان پر سوتے ہیں۔
سماجی بہبود کے ایک آفیسر نےکہا کہ یہ تصویر کچی آبادیوں کے ان غریب بچوں کی علامت بن گئی ہے،جو بجلی سے محروم ہونے کی وجہ سے مطالعہ نہیں کر سکتے ہیں ۔
ایمز ٹی وی (تعلیم) المصطفیٰ ویلفئیر سوسائٹی کے سر پرست سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا ہے کہ قوم تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی وجہ سے بے روزگاری اور ناخواندگی جیسے مسائل سے دوچار ہے جس سے نجات کیلئے تمام پاکستانیوں اور بالخصوص سماجی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم) برٹش کونسل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ مستقبل میں ہنرمندوں کے لیے عربی زبان کی زیادہ اہمیت ہو گی اور عربی برطانیہ کی دوسری اہم زبان بن جائے گی۔
برٹش کونسل کی تحقیق کے مطابق عربی زبان کو برطانیہ کی دوسری اہم زبان قرار دیا گیا ہے، ماہرہن تعلیم کا کہنا ہے کہ فرانسیسی اور مینڈارن یا چینی زبان کے مقابلے میں عربی سیکھنے کے لیے زیادہ اہم زبان ہے۔
برٹش کونسل نے تعلیمی اداروں کے پالیسی سازوں پر زور دیا ہے کہ برطانوی اسکولوں کے نصاب میں دیگر جدید زبانوں کے ساتھ عربی کو شامل کیا جانا چاہیئے، کیونکہ برطانیہ کی طویل مدتی ثقافتی اور اقتصادی خوشحالی کے لیےعربی زیادہ ضروری ہے۔
عربی زبان کے فروغ کی مہم کے طور پر برٹش کونسل کی طرف سے لگ بھگ پانچ ہزار پرائمری اسکولوں کے لیے عربی زبان وثقافت پر مبنی تعلیمی مواد فراہم کیا گیا ہے تاکہ اسکولوں میں بچوں کو عرب دنیا کی ثقافت سے روشناس کرایا جاسکے۔