کراچی : اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے کامرس پرائیوٹ اور ہومینٹیز ریگولر و پرائیویٹ کے 386طلبہ کے نتائج مختلف وجوہات کی بناء پر روک لیے ۔
ہومینٹیز ریگولرکے 3امیدواروں کے نتائج بورڈ کی کمیٹی کی منظوری کے بعد جاری کئے جائیں گے ۔ کمپیوٹرائرڈ انرولمنٹ کے عدم اجراء پر 259طلبہ کے نتائج روکے گئے جبکہ انرولمنٹ کی تجدید نہ ہونے کے باعث 1امیدوارکا نتیجہ روکا گیا، مطلوبہ دستاویزات کے جمع کرانے کے بعد نتائج جاری کردئیے جائیں گے ۔
ہیومینیٹیز پرائیویٹ کے 1امیدوارکا نتیجہ بورڈ کی کمیٹی کی منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔ کمپیوٹر ائرڈ انرولمنٹ کے عدم اجراپر 54طلبہ کے نتائج روکے گئے جبکہ انرولمنٹ کی تجدید نہ ہونے کے باعث 11امیدواروں کے نتائج روک لیے گئے ۔ مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے کے بعد نتائج جاری کردئیے جائیں گے ۔
کراچی: محکمہ صحت سندھ نے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کی تفصیلات جاری کردی۔ سندھ کے تعلیمی اداروں میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران ایک ہزار 317 کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 ماہ کے دوران ایک لاکھ 45 ہزار 859 ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے، 1317 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، ایک لاکھ 31 ہزار 913 ٹیسٹس کے نتائج منفی آئے جب کہ 12 ہزار 629 کورونا ٹیسٹس کے نتائج کا انتظار ہے۔ اس طرح سندھ کے تعلیمی اداروں میں یومیہ 22.3 کورونا کے مریض سامنے آئے ہیں اور تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کی شرح ایک فیصد رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی کے تعلیمی ادارے کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں جہاں 251 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی، اس کے علاوہ ضلع وسطی میں 208، کورنگی میں 127 ، جنوبی میں 40، غربی میں 29 اور ملیر میں 25 کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد کے تعلیمی اداروں سے 85، ٹھٹہ میں 62 ، جامشورو میں 61، مٹیاری میں 49، سکھر میں 45، میر پور خاص سے 35، تھرپارکر میں 20 ، ٹنڈو محمد خان میں 11 اور ٹنڈوالہیار کے تعلیمی اداروں سے 4 کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ آرٹس ریگولروپرائیوٹ، کامرس پرائیوٹ اور خصوصی امیدواروں کے سالانہ امتحانات برائے2020کےنتائج کااعلان کردیا، انٹر بورڈ کے مطابق ہومینیٹیز گروپ کے سالانہ امتحانات برائے سال2020ء میں 16سرکاری و نجی کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کی مایوس کن کار کردگی رہی ہے۔ ، 6 ہائر سیکنڈری اسکول، سرکاری 3کالجز اور 7 نجی کالجوں و ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلبہ ڈی او ر ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔
آرٹس ریگولر
چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر انعام احمد نے بتایا کہ آرٹس ریگولر کے امتحانات میں 16108 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی اور 16105امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 99.98 فیصد رہا۔
آرٹس پرائیویٹ:
آرٹس پرائیویٹ کے امتحانات میں 5408 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی 5407 امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 99.98 فیصد رہا۔
کامرس پرائیویٹ :
اسی طرح کامرس پرائیویٹ کے امتحانات میں 3270 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے 3260 امیدوار کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب 99.69 فیصد رہا۔
خصوصی امیدواروں
خصوصی امیدواروں کے امتحانات میں 91 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے اس سال امتحانات منعقد نہیں ہوئے بلکہ طلبا کو پروموٹ کرنے کی حکومتی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے تمام طلبا کو گیارہویں جماعت کے حاصل کردہ نمبروں کے مطابق بارہویں جماعت کے پرچوں میں نمبرز دیے گئے ہیں ساتھ ہی بارہویں جماعت کے پرچوں میں تین فیصد اضافی نمبرز بھی دیے گئے ہیں۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ آرٹس ریگولروپرائیوٹ، کامرس پرائیوٹ اور خصوصی امیدواروں کے سالانہ امتحانات برائے2020کےنتائج کااعلان کردیا، انٹر بورڈ کے مطابق ہیومینیٹیز گروپ کے سالانہ امتحانات برائے سال2020ء میں 16سرکاری و نجی کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کی مایوس کن کار کردگی رہی ہے۔ ، 6 ہائر سیکنڈری اسکول، سرکاری 3کالجز اور 7 نجی کالجوں و ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلبہ ڈی او ر ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔
سرکاری کالجوں میں گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج ابراہیم حیدری،گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج شہواز شیر گوٹھ، گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج پاک کالونی شامل ہیں۔
سرکاری ہائر سکینڈری اسکولوں میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ایس ایم چنیسر گوٹھ، سی ایم ایس گورنمنٹ ہائی اسکول، این جے وی گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول سندھی میڈیم،گورنمنٹ بوائز کمپری ہینسو ہائر سیکنڈری اسکول عزیز آباد ایف بی ایریا،علامہ اقبال گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول سہراب گوٹھ، ، گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول سائٹ شامل ہیں۔
نجی تعلیمی اداروں میں میمن گرلز کالج ایف بی ایریا بلاک 3، دی پینسل کالج، دانش فراز انٹر میڈیٹ کالج ملیر، اقرا انٹر میڈیٹ کالج فار بوائز اینڈ گرلز شاہ فیصل کالونی، حبیب اکیڈمی ہائر سیکنڈری اسکول کورنگی نمبر ساڑھے 5، فاطمہ الزہرہ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول، دی گریس فل ہائر سیکنڈری اسکول شامل ہیں۔
راولپنڈی : ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی کے ڈی ای اوز نے چیف ایگزیکٹو آفیسر (ڈی ای اے ) سے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس بلانے کی درخواست کردی،اساتذہ تنظیموں نے بھی ڈی پی سی کااجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا ۔
راولپنڈی بھر کے اساتذہ کو 2014 کی پالیسی کے تحت کوٹہ ملنے کا امکان ہے ، اس اقدام سے راولپنڈی ضلع کے 300 سے زائد اساتذہ مستفید ہوں گے ،ذرائع نے بتایاکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی کے ڈی ای او(سیکنڈری )،ڈی ای او (ایلمینٹری ) اور ڈی ای او ( زنانہ) نے ضلع بھر کے اساتذہ کی سنیارٹی لسٹیں مکمل کرلیں۔
اس سلسلے میں تینوں ڈی ای اوز نے کمیٹی کا اجلاس بلانے کے لئے تحریری طورپر مراسلہ بھجوایا ہے کہ ایک سال سے زائد عرصہ گزرگیا اجلاس نہیں ہوسکا ۔دوسری جانب اساتذہ تنظیموں نے بھی اجلاس بلانے کامطالبہ کردیا ، اجلاس ہر مہینے ہو ناتھا لیکن ستمبر 2019 سے تاحال نہیں ہو سکا، اجلاس میں پی ایس ٹی سے ای ای ٹی اور ای ایس ٹی سے ایس ای ایس کی ترقی کی منظوری لی جائے گی ۔
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2020کے میٹرک /ایف اے /آئی کام /بی اے اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامزکے داخلے کنفرم ہوچکے ہیں داخلہ فارم ارسال کرنے والے امیدوار اپنے داخلے کی کنفرمیشن یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے کرسکتے ہیں۔ترسیل کتب کا عمل جاری ہے ۔
علاوہ ازیں اِن تمام پروگرامز کی کتابیں یونیورسٹی کی ویب سائٹ پربھی موجود ہیں۔شیڈول کے مطابق میٹرک ایف اےاور آئی کام کی پہلی اسائنمنٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ 30نومبر مقرر کی گئی ہے ۔طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس شیڈول کے مطابق اپنی تعلیمی سرگرمیوں کا جاری رکھیں۔
کراچی: ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ، جامعہ کراچی نےاپنے وسائل بروئے کارلاتے ہوئے کچھ عرصہ توقف کے بعدمحدود پیمانے پر کورونا وائرس ٹیسٹ سروس کا آغاز دوبارہ کردیا ہے۔ یہ ٹیست ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کی جدید بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری میں کیے جائیں گے، اگر صوبائی حکومت کی جانب سے فری ٹیسٹوں کے لیے بنیادی فنڈنگ جاری کی گئی تو ان ٹیسٹوں کی تعداد ۲ہزار یومیہ ہوجائے گی
پروفیسر اقبال چوہدری ہفتے کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ عالمی وباء کے خلاف بین الاقوامی مرکز کی جانب سے محدود پیمانے پر کرونا وائرس ٹیسٹ سروس کادوبارہ آغاز قومی مفاد میں ایک مستحسن عمل ہے۔ انھوں نے کہا چند ماہ قبل سندھ حکومت نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کی جدید بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری کی تکمیل کے لیے خطیر رقم مختص کی تھی۔ انھوں نے کہا ڈاکٹر پنجوانی سینٹر پہلے بھی ا س وبائی صورتِ حال میں ایک لاکھ دس ہزار سے زیادہ پی سی آر پر مبنی کرونا وائرس کے ٹیسٹ کرکے اپنی اعلیٰ تحقیقی استعداد ثابت کرچکا ہے،
انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر صحت ڈاکڑ عذرا فضل پیچو کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی ایک جدیدتحقیقی ادارہ ہے جو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی کے زیر انتظام کام کرتا ہے، اس کی تمام تجربہ گاہیں صحت کے عالمی ادارے کے معیار کے عین مطابق ہیں جہاں وائرولوجی سے متعلق تقریباً تمام ٹیسٹ انجام دینے کی صلاحیت موجود ہے، انہوں نے کہاماہرین اور جدید پی سی آر مشینیں و دیگر جدید ساز وسامان اس دارے کی خصوصیات میں شامل ہے۔
کراچی: محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے شعبہ معاشرت کے زیر اہتمام معاشیات اور مالیات کے طلبہ کے لیے ریسرچ کی تکنیک کو اجاگر کرنے کے موضوع پر ہونے والے ایک سمینار منعقد کیا گیا جس کی صدارت یونیورسٹی کی بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ سوشل سائنسز کی فیکلٹی کے ایسوسی ایٹ ڈی ڈاکٹر ایس ایم زمان شاہ نے کی جبکہ ممتاز ٹی وی اینکر علی ناصر نے سمینار کی میزبانی کے فرائض انجام دیے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے شعبہ معاشیات کے سابق سربراہ ڈاکٹر خالد مصطفی کاکہنا تھاکہ جامعات میں ملک کو درپیش معاشی اور اقتصادی مسائل کے حل کے لیے تحقیق کرنا بہت ضروری ہوتا ہے جس کے نتیجے میں معاشی اور مالیاتی مسائل کا بہتر حل پیش کیا جا سکتا ہے اور برآمدات میں اضافے کیلئے یا میں یاد میں کی جانے والی تحقیق کی بنا پر رہنمائی ملتی ہے اور اس کی مدد سے سوسائٹی میں عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام شروع کیے جاسکتے ہیں
ڈاکٹر خالد محمود نے اپنے خطاب میں تحقیق کے کام کرنے والے طلبہ پر وسیع مطالعے مطلوبہ مواد رکھ کر اور غوروفکر کی اہمیت پر زور دیا جس کے لیے اپنے سپروائزر کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنا اور رہنمائی حاصل کرتے رہنا ضروری ہوتا ہے
سیمینار سے شعبہ معاشیات کے سربراہ ڈاکٹر محمد معراج کے علاوہ ڈاکٹر حنا فاطمہ ڈاکٹر رضوان الحسن ڈاکٹر محمود اور عبدالغفار نے تعارف اور موضوع کا انتخاب اب لٹریچر کا جائزہ ماڈل بلڈنگ اور تخمینہ اور ریسرچ پیپر کے اختتام کے تقاضے کے موضوعات پر خطاب کیا
مانیٹرنگ ڈیسک: دنیا میں آج اربوں لوگ اسمارٹ فون استعمال کرنے لگے ہیں۔اس کے سستے ہونے پر اب ہر کوئی اس کا مالک بن سکتا ہے۔ مگر بہت سے اسمارٹ فونزکی ایک بڑی خرابی یہ ہے کہ ان کی بیٹری بہت جلد ختم ہو جاتی ہے۔ لیکن خوش قسمتی سے کچھ ایسے طریقے موجود ہیںجن سےبیٹری کی زندگی بڑھائی جاسکتی ہے۔ان طریقوں کا بیان درج ذیل ہے۔
اسکرین کا استعمال: اسمارٹ فون میں سب سے زیادہ توانائی اس کی اسکرین استعمال کرتی ہے۔ لہذا اسکرین کی روشنی کم کر دیجیے۔یوںآئی فون پر ایک گھنٹے میں 54 فیصد جبکہ اینڈرائیڈ فون پر 30 فیصد کم بیٹری صرف ہوتی ہے۔
بیٹری نچوڑنے والے اشتہارات: ویب براؤزنگ کے وقت سمارٹ فون اشتہارات ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے خاصی توانائی خرچ کرتا ہے۔ چناں چہ ایڈ بلاکرانسٹال کرکے بھی آپ بیٹری کی زندگی بڑھا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے آئی فون کے لیے 1 blocker اور اینڈرائیڈ کے لیے Ghostery Privacy Browserاچھے پروگرام ہیں۔
ڈاؤن لوڈ موسیقی سنیے:نوجوان انٹرنیٹ پہ بیٹھے گانے سننا پسند کرتے ہیںلیکن اس طرح بیٹری زیادہ پاور استعمال کرتی ہے۔ مثلا وائی فائی کنکشن پر 2 گھنٹے گانے سننے سے 10 فیصد بیٹری خرچ ہوتی ہے مگر فون کے اندر موجود گانے سننے پر بیٹری کا خرچ صرف 5 فیصد ہے۔
وائرلیس بند کر دیں: جب کسی مقام پر وائی فائی یا سیلولر کوریج اچھی نہ ہو تو بیٹری بہت تیزی سے ختم ہوتی ہے۔ وجہ یہ کہ فون اپنی توانائی اچھے سگنل کی تلاش پر خرچ کرتا ہے۔ لہٰذا بیٹری بچانے کے لیے وائی فائی موڈ بند کر دیں۔
تھوڑی سی جاسوسی: آئی فون اور اینڈرائیڈ فونوں میں یہ دیکھنے کا طریقہ موجود ہے کہ کون سی ایپس بیٹری زیادہ خرچ کرتی ہیں۔وہ یہ بھی بتاتا ہے فون جب استعمال نہ ہو تو کون سی اپلیکشنز بیٹری خرچ کرتی ہیں۔ انھیںتلاش کرکے بیک گراؤنڈ ایکٹیوٹیز کو ڈس ایبل کردیں۔ آئی فون پر سیٹنگز ، جنرل اور پھر بیک گراؤنڈ ایپ ریفریش پر جاکر کسی بھی ایپ کو ڈس ایبل کر دیجیے ۔ اینڈرائیڈ پر سیٹنگز میں جاکر ڈیٹا یوزایج پر کلک کریں، مطلوبہ ایپ کو منتخب کریں اور پھر ’’Restrict Background Data‘‘ کو چن لیں۔
ٹریکنگ پروگرام:بعض ایپس آپ کی لوکیشن ٹریک کرتی ہیں۔ تب فون کا جی پی ایس بہت زیادہ بیٹری استعمال کرتا ہے۔ ایک ٹریکنگ پروگرام آپ کی لوکیشن مانیٹر کرتا اور بیٹری کی سطح گرا دیتا ہے۔ لہٰذا بہتر ہے کہ ایسی ایپس کو ڈس ایبل کر دیا جائے۔
ڈاکٹر علامہ اقبال ؒ کا 143 واں یوم ولادت آج منایا جا رہا ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، فردوس عاشق اعوان ، کور کمانڈر لاہورلیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان سمیت مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔پاک نیوی کے دستے نے فرائض سنبھال لیے۔ اس سے قبل یہ ذمی داری پاک رینجرز کے پاس تھی۔
یومِ اقبال کے حوالہ سے ملک بھرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیمینار، مباحثوں اور اسکولوں اور کالجوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوگا، ریڈیو، ٹی وی پرخصوصی پروگرام نشر و ٹیلی کاسٹ ہوں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے علامہ محمد اقبال کی سالگرہ کے موقع پر پیغام میں کہا کہ اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے محسن تھے، جنہوں نے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا، وہ بڑے مفکر تھے جنہوں نے اپنی تحریروں اور شاعری کےذریعے مسلمانوں کو اتحاد کا درس دیا، انہوں نے مسلمانوں میں انقلابی روح پھونکی اور مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ قوم حضرت علامہ اقبال کو آج کے دن زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے، وہ ایک تاریخ سازشاعر،عظیم فلسفی اور مفکر تھے، خودی کاولولہ انگیز پیغام دے کردوسروں پر انحصار کے بجائے نوجوان نسل کواپنی دنیا آپ پیدا کرنے کاحکیمانہ درس دیا۔