جمعہ, 29 نومبر 2024

لاہور: تعلیمی بورڈلاہور کے زیراہتمام جماعت دہم کے ضمنی امتحانات مکمل حفاظتی تدابیر کے ساتھ آج سے شروع ہوگئے

لاہورکنٹرولر امتحانات انفاس احمد کے مطابق امتحان میں 37 ہزار سے زائد امیدواروں کیلئے 105 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔ پہلے روز صبح کے سیشن میں کیمسٹری، صحت و تعلیم جسمانی ، جغرافیہ،شام کے وقت جنرل سائنس کا پیپر ہوگا ،امتحانات 17 نومبر تک جاری رہیں گے۔

کراچی: انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی کے لیے باہمی تعاون بڑھانے اور مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے کے لیے سرسید یونیورسٹی اور پاکستان سافٹ ویئر اسپورٹس بورڈ کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت پر  دستخط کئے گئے ۔ یادداشت پر سرسید یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین اور پاکستان سافٹ ویئر اسپورٹس بورڈ کی جانب سے عثمان ناصر نے دستخط کئے ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ مواصلات سید امین الحق نے کہا کہ دنیا میں بڑی تیزی سے ترقی ہورہی ہے اور دنیا تبدیل ہورہی ہے ۔ہمیں بھی چیزوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہوگا ۔ پاکستان ان خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جہاں نوجوانوں کا تناسب سب سے زیادہ ہے ۔ہمارے نوجوانوں میں بڑا ٹیلنٹ ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ انھیں جدید ٹیکنالوجی سے جوڑا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کی تشکیل وزیراعظم کا خواب ہے اور ہم ان کے اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے حال ہی میں ژانگZong کے ساتھ1.1 بلین کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں ۔

سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مختلف اداروں کے ساتھ باہمی تعاون و اشتراک کے ذریعے سماجی و معاشی ترقی کے لیے نہ صرف ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے کوششیں کر رہی ہے جامعہ کی توجہ ایجادات اور تخلیقات پر مرکوز ہے ۔ ہم پاکستان میں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں جس کی بنیاد علم و فنون پر ہو ۔

 

 

 

کراچی: آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے تحت گزشتہ روز سلیم الزماں صدیقی آڈیٹوریم میں ایم فل اورپی ایچ ڈی پروگرام برائے2020کے نئے طالب علموں کے لئے تعارفی پروگرام منعقد کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےبین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کا کہنا ہے کہ نئے اآنے والےمحققین کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری میں خوش آمدید کہتے ہیںیہ آپ کی خوش قسمیتی ہے کہ آپ ایک بین الاقوامی ادارے میں حصولِ تعلیم کے لیے داخل ہوئے ہیں، یہ ادارہ اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جہاں متعدد غیر ملکی محقیقین سمیت600سے زیادہ پی ایچ ڈی اور ایم فل طالب علموں پر مشتمل اعلیٰ معیار کا پی ایچ ڈی پروگرام کامیابی سے چل رہا ہے۔

موجودہ عالمی وباء (کویڈ19)نے معاشی بحالی کے تناظر میں مقامی سائینس کی اہمیت کو اُجاگر کیا ہے، پاکستانی قوم کو مستقبل کے چیلنج کے لیے تیار ہونے کی ضرورت ہے۔اس تقریب میں طلبہ و طالبات، ریسرچ آفیسرز اور اساتذہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جبکہ سینئر پروفیسر ڈاکٹر شائق علی، ڈاکٹر سیدغلام مشرف، ڈاکٹر مقصود احمد چھوٹانی، ڈاکٹر ظہیر الحق قاسمی سمیت دیگرآفیشل نے بھی طلبہ و طالبات سے خطاب کیا۔

بین الاقومی مرکز کا ایم فل، پی ایچ ڈی پروگرام میرٹ پر اُستوار ہے، انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت نئے محقیقین نامیاتی کیمیاء، تجزیاتی کیمیاء، طبعیاتی کیمیاء، غیر نامیاتی کیمیاء، حیاتی نامیاتی کیمیاء، ٹیکسٹائل کیمسٹری، فارماکولوجی، اور مالیکیولر میڈیسن جیسے اہم شعبہ جات میں تحقیق کرنے کے مجاز ہوں گے۔

اسلام آباد: ایچ ایس سی کی جانب سے غیر ملکی اور دوہری شہریت کےحامل پاکستانی طلباء کےلئے سیلف فائنانس اسکیم کے تحت بی ایس سی(انجیئنرنگ (اور فارمیسی میں داخلے کاآغاز ہوگیا ہے ۔

فارمیسی میںداخلہ لینے والے خواہشمند امیدوار یونیورسٹی آف بلوچستان، گومل یونیورسٹی ڈی آئی خان، یونیورسٹی آف پشاور، یونیورسٹی آف سرگودھا، جامعہ کراچی، سندھ یونیورسٹی جامشورو ،

جبکہ بی ایس سی (انجینئرنگ) میں داخلے کے خواہشمند طلبایونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور،، این ای ڈی یونیورسٹی کراچی، مہران یونیورسٹی جامشورو میں داخلے لے سکتے ہیں

بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان، یونیورسٹی آف پنجاب لاہور میں بی ایس سی انجینئرنگ اور فارمیسی میں نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ داخلے کی مزید معلومات ایچ ای سی کی دی گئی لنک پر کلک  https://bit.ly/2U2EwVv  کرکے حاصل کرسکتے ہیں۔ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 نومبر 2020 ہے۔

ایچ ای سی کی جانب سے سیلف فنانس اسکیم کا مقصد غیر ملکی طلباء اور دوہری شہریت رکھنے والوں کو پاکستان میں تعلیمی امنگوں سے مدد فراہم کرنا ہے۔اس اسکیم کو 2006 میں ہائر ایجوکیشن کمیشن میں منتقل کیا گیا تھا

میڈیسن (ایم بی بی ایس) ، ڈینٹسٹری (بی ڈی ایس) ، فارمیسی (فارم ڈی) اور انڈرگریجویٹ انجینئرنگ (بی ایس سی انجینئرنگ) کی محدود تعداد میں نشستوں کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ پروگرام دوہری قومی پاکستانیوں اور غیر ملکی شہریوں کے لئے ہے جس میں ایچ ایس ایس سی یا مساوی ڈگری ہے
اس کا مقصد پاکستانی ثقافت اور معاشرے کے بارے میں جاننے کے لئے تارکین وطن پاکستانیوں کو اپنے مادر وطن اور غیر ملکی شہریوں کے ساتھ منسلک رہنے کی ترغیب دینا،دوستانہ ، ساتھی ترقی پذیر ممالک کے ساتھ علم کے اشتراک کی حوصلہ افزائی کرنا
تاکہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنایا جاسکے۔

 

اسلام آباد: ہائرایجوکیشن کمیشن نے طلبا و طالبات سمیت اساتذہ کو خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی خبریں گردش کررہی ہے جس میں یہ دعوی کیا جارہا ہے کہ جامعات کو کیمپس بند کرنے اور طلباء کی تعداد کو داخلے کے 30 فیصد تک محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایچ ای سی کا کہناہے کہ ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی ہر ادارہ اپنی مخصوص صورتحال کے مطابق کام کرنے یا بند کرنے کا فیصلہ کرے گا۔ وائس چانسلرز طلباء کی صحت اور حفاظت کے ساتھ ساتھ فیکلٹی اور عملہ کی حفاظت کے لئے ضرورت کی بنیاد پر طلبہ کی حاضری یا گردش کے متعلقہ امور کا فیصلہ کرنے کے لئے پوری طرح بااختیار ہیں۔

اگر صحت سے متعلق واقعات ایک اہم حد سے اوپر ہوجاتے ہیں تو صرف صحت کے حکام ہی جامعات کو بند کرنے کی ہدایت کرسکتے ہیں۔کوڈ - 19 بحران سے متعلق ایچ ای سی کی پالیسی رہنمائی کی تمام دستاویزات ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں اور انھیں دیکھا اور ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہےایچ ای سی نے 30 فیصد حاضری کے لئے کوئی ہدایت جاری نہیں کی ہے۔

کراچی : عثمان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کو ایک اور سنہری موقع دیا جا رہا ہے وہ طلبا و طالبات جو کسی بھی وجوہات کی بنا پر انسٹیٹیوٹ میں داخلہ حاصل کرنے سے قاصر رہے ہیں وہ 14 نومبر بروز ہفتہ کو این ای ڈی یونیوروسٹی کے ٹیسٹ میں شرکت کر سکتے ہیں۔

این ای ڈی یونیورسٹی کی بنیاد پر طلبہ عثمان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں داخلہ حاصل کر سکتے ہیں گریجویٹ کرنے والے طلبہ کو این ای ڈی کی ڈگری دی جائے گی ۔

داخلوں کےخواہش مند طلبہ 12 نومبر 2020 تک داخلہ فارم آن لائن www.uit.edu  پرجمع کروا سکتے ہیں۔ طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم کے حصول کے لئے ویب سائیٹ دیکھ سکتے ہیں۔

بیچلرز پروگرام میں الیکٹریکل انجینئرنگ (کمپیوٹر سسٹم، الیکٹرانکس، ٹیلی کمیونیکیشن، پاور )اور سائنسز میں کمپیوٹر سائنس اور سافٹ ویئر انجینئرنگ کے شعبہ جات شامل ہیں۔ پری میڈیکل کے طلبہ سائنسز پروگرام میں داخلے کے اہل ہیں داخلہ فارم کامیابی سے بھرنے والے طلبہ کے لئے ایڈمٹ کارڈز بھی آن لائن ہی موجود ہوں گے۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں کورونا کی دوسری لہر کے باوجود تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی صدارت میں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا اہم اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبائی اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم اور حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

وزرائے تعلیم کانفرنس میں تین نکاتی ایجنڈے کورونا کی صورتحال، موسم سرما کی تعطیلات اور تعلیمی سال اپریل سے اگست منتقل کرنے پر مشاورت ہوئی۔

وزرائے تعلیم کانفرنس میں شرکا نے موسم سرما کی تعطیلات معمول سے کم کرنے، آئندہ اجلاس دسمبر کے پہلے ہفتے میں بلانے اور اس میں تعلیمی سال بڑھانے سے متعلق مزید گفتگو پر اتفاق کیا ہے۔

اجلاس سے قبل ایک تقریب کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اچھی یونیورسٹی صرف عمارت سے نہیں بنتی بلکہ اس کے لیے بہترین اساتذہ اور سہولیات کی ضرورت ہوتی ہے، تعلیمی معیار میں بہتری کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔

تعلیمی ادارے بند ہونے سے بہت نقصان ہوا، فی الحال اسکول بند کرنے کی نوبت نہیں آئی، وزارت صحت کی ایڈوائزری ہمارے لیے مقدم ہے، وزارت صحت سے ایڈوائس آنے تک تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے پہلی موبائل لائبریری کا افتتاح کردیا۔

محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا نےنوجوانوں کے لئےیہ سروس کتابوں کی فراہمی کے لیے شروع کی ہے۔پہلی موبائل لائبریری کا افتتاح وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کیا۔

محکمہ سیاحت کے مطابق پہلے مرحلے میں 2 گاڑیوں میں لائبریری قائم کی گئی ہے، دونوں گاڑیاں طلبا کے لئے پشاور یونیورسٹی کی حدود میں کھڑی ہوگی،

طلبا 30 فیصد رعایت کے ساتھ کتابیں خریدنے کا موقع ملے گا، منصوبہ نظامت امور نوجوانان، خیبرپختونخوا کے زیر انتظام 12ملین روپے سے مکمل ہوا ہے۔ منصوبے کی کامیاب تکمیل کے بعد اس کا دائرہ کار دیگر کالجز اور یونیورسٹیوں تک کیا جائے گا۔

لاہور: وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے تمام تعلیمی اداروں کو ایس او پیزپر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا بین الصوبائی وزیر تعلیم اجلاس کے دوران کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں اسکول کھلے رہیں گے تمام خبریں بے بنیا د ہیں۔ کوویڈ 19 کی صورتحال اس وقت قابو میں ہے اس لئے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

انہوں نے تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ برائے کرم اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے
جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وزراء تعلیم نے بذریعے وڈیو لنک شرکت کی۔

Image

اجلاس میں وزارت صحت کے حکام نے کورونا کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور حالات کا بغور جائزہ لیا ۔

Image

جس کے بعد تمام صوبائی وزرات تعلیم کے حکام ، تعلیمی بورڈز سربراہوں اور دیگرنے متفقہ فیصلہ کیا ہےکہ موجودہ صورتحال میں تعلیمی اداروں کو بند کرنے کی ضرورت نہیں۔

 

Image

کوروناصورتحال فی الحال قابو میں ہے لہذا تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کریں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔