ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان چین کے اشتراک سے تیارکیے گئے جے ایف17تھنڈر لڑاکا جیٹ طیاروں کے انجن اب براہ راست روس سے درآمدکرے گا، ۔قبل ازیں یہ انجن چین کے توسط سے روس سے ملتے تھے۔
ذرائع کے مطابق چین کی وزارت دفاعی پیداوار نے حال ہی میں اس حوالے سے این اوسی جاری کردیا ہے ۔ چین کی جانب سے این اوسی ملنے پر پاکستان اب روس سے ان طیاروں کے انجن خرید سکے گا جس سے نہ صرف طیاروں کی تیاری پر اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ پاک روس دفاعی تعاون کوبھی فروغ ملے گا۔ روسی وزیردفاع کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں نے دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق قبل ازیں پاکستان نے روس سے کبھی بھی براہ راست دفاعی شعبے میںکوئی سودا نہیں کیااورحالیہ پیشرفت اہم سمجھی جا رہی ہے ۔
روس کا جھکاؤ ہمیشہ بھارت کی طرف رہا ہے لیکن پہلی مرتبہ روسی وزیردفاع نے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کی خواہش کااظہارکیا ۔روس کا پاکستان کی جانب جھکاؤ پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ روسی وزیردفاع کے دورے کے بعد ماسکو واپس پہنچنے کے بعد روسی پارلیمنٹ ڈوما میں ایک بل بھی پیش کیاگیا جس میں پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کی اجازت طلب کی گئی۔ روسی پارلیمنٹ یہ بل منظورکرچکی ہے،اس قانون سازی کے نتیجے میں دونوں ملکوں نے دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے راستے تلاش کرنے کے لیے بات چیت کی اورنتیجتاً پاکستان کوجے ایف17تھنڈر طیاروں کے انجن دینے پراتفاق ہوا ہے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) فرانس میں پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی سرگرم خواتین کی کردار کشی کرنے والوں کو فرانسیسی پولیس جلد بے نقاب کرنے والی ہے۔ پاکستانی سیاسی کارکن اور رہنماخواتین کے جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنا کرنے انہیں بلیک میل کرنے والوں کے خلاف پولیس تفتیش حتمی مرحلےمیں داخل ہوگئی ، چند دنوں میں ملزمان کے نام منظر عام پر آجائیں گے۔
فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اہم رہنماؤں نے ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کیلئے سفارت خانہ کو خط ارسال کیا تھاجس میں بعض عناصر کی نشاندہی کی گئی کہ جعلی فیس بک آئی ڈی بنا کر خواتین کوہراساں کیا جا رہا ہے، یہ مطالبہ کیا گیا تھاکہ ایسے عناصر کو اہم تقریبات میں اہمیت نہ دی جائے بلکہ ان کا محاسبہ کیا جائے۔ اس سے پہلے جنسی فون ٹیپ اسکینڈل کا کیس پولیس کے پاس پڑا ہے اور حالیہ جعلی فیس بک کا معاملہ سامنے آیا ہے تاہم پولیس رپوٹ کا انتظار کیا جارہا ہے ۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی صدر بارک اوباما کو ایٹمی پروگرام سے متعلق خفیہ خط کا جواب دیدیا ہے ۔ امریکا نے ایٹمی معاہدے کی صورت میں داعش کیخلاف تعاون کی تجویز دی تھی ۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے ایرانی سفارت کار کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق صدر اوباما کی تجاویز کا جواب دیدیا ہے ۔ اخبار کے مطابق صدر اوباما نے گزشتہ سال اکتوبر میں آیت اللہ خامنہ ای کو خط لکھا تھا جس میں جوہری معاہدے کی صورت میں داعش کیخلاف جنگ میں تعاون کی پیش کش کی تھی، وائٹ ہاوس نے آیت اللہ خامنہ ای کے خط پر تبصرے سے انکار کیا ہے۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) ہالی ووڈ کی ایکشن سے بھرپور فلم ''ہِٹ مین ایجنٹ فورٹی سیون'' کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ فلم وڈیو گیمز سیریز ''ہِٹ مین'' کے کردار ایجنٹ فورٹی سیون پر مبنی ہے۔ اداکار رپرٹ فرینڈ نے ایجنٹ فورٹی سیون کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم رواں برس 28اگست کو نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان بار کونسل کی کال پروکلاء آج سانحہ پشاورکیخلاف ملک بھر میں یومِ سیاہ منا رہے ہیں۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین اعظم نذیر تارڑ کے مطابق وکلاء پشاور میں دہشتگردی کے اندوہناک واقعےکیخلاف ملک بھر میں یوم ِسیاہ منا رہے ہیں ، وکلاء بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کرعدالتوں میں پیش ہو رہے ہیںجبکہ بارز کےدفاتر پر سیاہ پرچم لہرائیں گئےہیں۔اعظم نذیر تارڑنےبتایا کہ یوم سیاہ کے باوجود وکلاء عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں،تاکہ سائلین کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ایمز ٹی وی (بزنس) وفاقی حکومت نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والی کمپنیوں، کھاد درآمد کرنیوالے اورکھاد مینوفیکچررز، دالیں درآمد کرنیوالوں، شپ بریکرز، اسٹیل میلٹرز، کمرشل امپورٹرزسمیت دیگر نان فائلرز کیلیے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں 5فیصدتک اضافہ کردیا ہے۔ حکام کاکہناہے کہ دالوں، کھاد اوراسٹیل مصنوعات سمیت دیگر اشیا مہنگی ہونے کا امکان ہے تاہم ایف بی آرکی جانب سے باضابطہ طور پر ترمیمی ایس آراو جاری کردیا گیاہے جس میںانکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کم رکھی ہے جبکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بڑھا دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں (فائلرز) کے لیے دالوں کی درآمد پرودہولڈنگ ٹیکس کی شرح ایک فیصد مقرر کی گئی ہے جبکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے درآمدکنندگان (نان فائلرز) کے لیے دالوں کی درآمدپرود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح ڈیڑھ فیصدکردی گئی ہے۔ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے کھاد کے درآمدکنندگان اور مینو فیکچررز کے لیے کھادکی درآمدومینوفیکچرنگ پرودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 1 فیصد جبکہ نان فائلرزکے لیے کھادکی درآمد ومینوفیکچرنگ پرودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 1.5فیصدمقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے کمرشل امپورٹر پرودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 3فیصد اور نان فائلرز کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 4.5 فیصدمقرر کی گئی ہے۔
ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) اکثر و بیشتر لوگ جب ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں تو اپنی بیماری سے متعلق مکمل معلومات دینے سے گھبراتے ہیں اور ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں لیکن ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نامکمل معلومات دینے سے مریض کسی خطرناک بیماری کا شکار ہوسکتا ہے اور اسی سے متعلق ایک مطالعے کے بعد کچھ ایسی معلومات سامنے آئی ہیں جنہیں مریض کو اپنے ڈاکٹرز سے شیئر کرنا ضروری ہے۔
1.روزانہ وٹامن اور یونانی ادویات کا نیند کے لیے استعمال: بہت سے لوگ رات کی پرسکون نیند اور یادداشت کو بڑھانے کے لیے ملٹی وٹامنز اور جڑی بوٹیوں سے بنی ہوئی ادویات کا استعمال کرتے ہیں ویسے تو اس کے بہت زیادہ سائیڈ ایفکٹس نہیں ہوتے لیکن بعض اوقات یہ ڈاکٹرزسے لی گئی بلڈ پریشر کی ادویات سے مل کر خطرناک ہوجاتی ہیں اور بلڈ پریشر کے لیول کو خطرناک حد تک کم کردیتی ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے کیلشیم لیتی ہیں جو جسم میں اینٹی بائیوایٹک کو جذب کرنے کی صلاحیت کم کردیتی ہیں لہٰذا ان ادویات کا تذکرہ ڈاکٹر سے کرنا ضروری ہے۔
2.فضلے میں خون کا آنا: اکثر لوگ یہ معلومات ڈاکٹرزکو بتاتے ہوئے شرماتے ہیں لیکن یاد رہے کہ فضلے میں خون کا آنا ’کلوریکٹل کینسر‘ کی علامات میں سے ایک ہے اور اس کی فوری تشخیص سے اس بیماری کا علاج ممکن ہے اسی لیے اس کا تذکرہ ضرور اپنے ڈاکٹر سے کریں بصورت دیگر ذرا سے لاپرواہی جان لیوا ہوسکتی ہے جب کہ اگر آپ مسلسل قبض کا شکار ہیں تو اس سے فوری ڈاکٹر کو آگاہ کریں۔
3.ذہنی تناؤ سے آگاہی دیں: اکثر لوگ گھریلو مسائل کے باعث ڈپریشن کا شکار ہوجاتے ہیں لیکن شرمندگی کے وجہ سے اس کا تذکرہ اپنے ڈاکٹرز سے نہیں کرتے حالانکہ ڈپریشن کا شکار لوگ پیٹ کے درد، بھوک کی کمی اورسر درد جیسی بیماریوں کا شکار ہوجاتے ہیں اور اگر اس کا تذکرہ آپ ڈاکٹرز سے نہیں کریں گے تو آپ کو مختلف قسم کے ٹیسٹ اور ادویات کے استعمال کا سامنا کرنا پڑے گا جو ایک طرف رقم کے ضائع ہونے اور دوسری جانب اصل بیماری کی تشخیص کرنے میں رکاوٹ بن جاتا ہے۔
4.کھانے پینے کی عادات سے آگاہ کریں: کئی موٹاپے کا شکار لوگ اپنی عادت کے ہاتھوں مجبور ہوکر چٹ پٹی اور موٹاپا پیدا کرنے والی غذاؤں کا استعمال کرتے ہیں لیکن اس کا تذکرہ ڈاکٹر سے نہیں کرتے یا پھر جھوٹ بولتے ہیں لیکن وہ بھول جاتے ہیں کہ یہ ان کے لیے انتہائی خطرناک اور نقصان دہ ہے۔ ایسے لوگ فوری طور پر اپنی فوڈ ڈائری بنائیں تاکہ اپنی غذا سے متعلق اصل صورت حال ان کے سامنے آسکے اور ایسے لوگ یاد رکھیں کہ غیر صحت مندانہ غذائیں دل ، شوگر اور دیگر بیماریوں کا باعث بن سکتی ہیں۔
5.ڈاکٹر سے مشورہ کے بغیر ادویات کا استعمال: بہت سے لوگ خود ہی ڈاکٹر بن کر اپنی بیماری کی دوا لینا شروع کردیتے ہیں جو انتہائی خطرناک اقدام ہے اور اس سے سائیڈ ایفکٹس کے خطرات بڑھ جاتے ہیں لہٰذا اس طرح کی عادات سے گریز کرتے ہوئے معمولی بیماری کے لیے بھی اپنے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کریں کیونکہ ڈاکٹر جو ادویات تجویز کرتا ہے وہ اس کے سائیڈ ایفکٹس سے بھی بخوبی آگاہ ہوتا ہے۔
6.جنسی تعلقات میں کمی آنا: بہت سے لوگ جنسی تعلقات میں کمی آنے یا اس کے مسائل کا تذکرہ شرمندگی کے باعث اپنے ڈاکٹرز سے نہیں کرتے جو ازدواجی زندگی کو اذیت ناک بنا دیتا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ خاص طور پر خواتین کا جنسی تعلقات سے دور ہونا واضح طور پر جسمانی بیماری کی علامت ہے جو عام طور پر ڈپریشن، اسٹریس اور انیوریکزیا جیسی بیماریوں کی وجہ سے ہوتا ہے اس لیے اپنے ڈاکٹر سے اس کا تذکرہ کرنے میں شرمندگی نہ دکھائیں۔
بیماریوں کے حوالے سے ڈاکٹرز کو مکمل آگاہی فراہم کریں تاکہ آپ کئی بڑی بیماریوں سے بچ سکیں۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی جس کے دوران سینیٹ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور پیسے کا عمل دخل روکنے کے امور پر بات کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں آصف زرداری سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق نے میڈیا کو بتایا کہ ملاقات میں سینیٹ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ اورووٹوں کی خریدو فروخت روکنے کے حوالے سے امور پر بات کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس بات پر مفاہمت ہوئی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں سینیٹ انتخابات کے لیے آپس میں رابطے میں رہیں گی تا کہ ہارس ٹریڈنگ کو روکا جاسکے ،اس بات پربھی اتفاق ہوا کہ صوبوں میں مینڈیٹ کے مطابق ہرپارٹی کی سینیٹ میں نمائندگی ہونی چاہیے۔
ایمز ٹی وی (راولپنڈی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی والدہ انتقال کرگئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مرحومہ کی نمازجنازہ چکلالہ میں دوپہرپونے2بجےاداکی جائےگی۔
ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی کی حسا س یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم کے جائزے کیلیے کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 8 حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی، اجلاس کو بتایاگیا کہ مہم 7 مرحلوں پر مشتمل ہوگی ہر مرحلہ 2 روز پر ہوگا، مہم ہفتہ اور اتوارکو چلائی جائے گی، ہفتہ کو 4 یونین کونسلوں میں اور اتوار کو 4 یونین کونسلوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جن حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی ان میں ضلع ملیر میں واقع مظفرآباد یونین کونسل ون، مظفر آباد یونین کونسل 2، ضلع شرقی میں وا قع یونین کونسل گجرو، یونین کونسل سونگل، یونین کونسل منگھوپیر ضلع غربی میں واقع یونین کونسل اتحاد ٹاؤن، یونین کونسل چشتی نگر اور یونین کونسل اسلامیہ کالونی شامل ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم میں 2 لاکھ 40 ہزار 955 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے 1285 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی کی 11 حساس یونین کونسلوں میں پولیو وائرس کا ماحولیاتی ٹیسٹ کیا گیا ہے جس میں 8 یو نین کونسلوں کو حساس قرار دیا گیا ہے3 یو نین کونسلوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا لہٰذا عالمی ادارہ صحت، یونیسف اور حکومت نے مشتر کہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ان3 یونین کونسلوں کو حساس یونین کونسلوں کی فہرست سے نکال دیا جائے تاہم ان یونین کونسلوں میں معمول کی انسداد پولیو مہم جاری رہے گی اور ان 3 یونین کونسلوں میں این آئی ڈی (نیشنل امونائزیشن ڈے) پروگرام کے تحت بچوں کو انسداد پولیو کے تحت پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے ان 3 یونین کونسلوں میں یونین کونسل 2 ریڑھی، بن قاسم ٹاؤن، یونین کونسل فردوس کالونی لیاقت آباد اور یونین کونسل چکرا گوٹھ کورنگی شامل ہیں، انسداد پولیو مہم میں7 طبی کیمپ لگائے جائیں گے۔