ایمز ٹی وی (پشاور) خیبرپختونخوا اور فاٹا میں “صحت کا اتحاد” مہم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں ایک بڑا صوبہ بن جائے تو تمام صوبے برابر ہوجائیں گے اور قومی مسائل میں کمی واقع ہوگی، وفاق خیبرپختونخواحکومت کو ناکام بنانا چاہتا ہے اگر چھوٹے صوبوں کو حقوق ملیں تو وفاق مضبوط ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ چھوٹے صوبوں سے ان کے حقوق چھینے جاتے رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج بلوچستان کے حالات اس نہج کو پہنچ چکے ہیں، اگربلوچستان کے عوام کو ان کے حقوق میسر ہوتے تو وہاں حالات معمول کے مطابق ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کو ناکام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم وزیراعلی پرویز خٹک کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت پشاور کو مثالی صوبہ بنا کر دکھائے گی اور پشاور سے اسلام آباد منتقل ہونے والے شہریوں کو دوبارہ شہر میں لاکر بسائیں گے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) بھارت نے پاکستان کے دو ٹوک موقف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے اور اپنے سیکرٹری خارجہ کو پاکستان بھیجنے پر رضامند، بھارتی میڈیا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور پاکستانی حکام سے اپنے دورے کے دوران خطے کی سیکیورٹی اوردو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مذاکرات کی بحالی پر مسلسل بھارتی ہٹ دھرمی کے نتیجے میں پاکستان نے موقف اختیار کیا تھا کہ بھارت نے سیکرٹری خارجہ لیول مذاکرات ختم کئے اور اسے ہی دوبارہ مذاکرات شروع کرنا ہوں گے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستانی پیسر محمد عرفان کے لمبے قد نے بھارت کو پریشان کردیا ہے اور 2 اسٹولز پر چڑھ کر گیندیں پھینکیں۔ اوپنرز شیکھر دھون اور روہت شرما نے ایک گھنٹے تک نیٹ میں بیٹنگ کی، اس دوران 2چھوٹے اسٹولز پر چڑھ کر گیند ان کی جانب تھرو کی جاتی رہی،اس کا مقصد انھیں عرفان کی بولنگ ہائٹ سے ہم آہنگ کرنا تھا، کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری نے خاصی دیر تک اتوار کے میچ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) میکسیکو میں موجود ترک صدر رجب طیب اردوان نے تقریب سے خطاب کے دوران امریکا میں 3 مسلمان طلبا کے قتل پر امریکی صدر براک اوباما کی جانب سے خاموشی اختیارکرنے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس حوالے سے اپنا موقف واضح کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی ریاست شمالی کیرولینا میں 3 مسلمان قتل کردیئے گئے لیکن اس کے باوجود امریکی صدر،وزیر خارجہ جان کیری اور نائب صدر جوبائیڈن کی جانب سے کوئی بیان تک سامنے نہیں آیا، سیاست دان اپنے ملک میں ہونے والے واقعات کے ذمہ دار ہوتے ہیں اس لئے انہیں اپنا موقف واضح کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا سلامتی کونسل کے 5 مستقل ممبران سے کہیں زیادہ بڑی ہے اگر اس قسم کے واقعات پر خاموش رہا گیا تو دنیا امریکا کی حمایت میں بھی آواز بلند نہیں کرے گی۔ 2 روز قبل 23 سالہ ضیا برکت کو ان کی اہلیہ 21 سالہ یسر محمد اوران کی بہن 19 سالہ رزان محمد کے ہمراہ چیپل ہل میں واقع ان کی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ کر کے قتل کر دیاگیا تھا۔
ایمز ٹی وی (پشاور) پشاور کے علاقے حیات آباد میں واقع امامیہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران 3 دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے کے بعد نامعلوم افراد کی جانب سے شدید فائرنگ بھی گئی جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکوں کے بعد پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ پاک فوج، ایلیٹ فورس اور انسداد دہشتگردی فورس کے اہلکاروں نے بھی موقع پر پہنچ کر پوزیشنیں سنبھال لیں۔ ایس ایس پی آپریشنز نے تصدیق کی ہے کہ مسجد میں دھماکا خود کش تھا اورحملہ آوروں کی تعداد 3 سے 4 تھی جس میں ایک نے مسجد میں داخل ہوکرخود کو دھماکے سے اڑالیا جبکہ مسجد کے صحن سے برآمد ہونے والی ایک خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد میں دھماکے کے بعد حملہ آوروں نے فائرنگ کی تاہم ایک دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا اور ممکنہ طورپر2 روپوش ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اسپتال منتقل کردیا جہاں اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے متاثرہ 19 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ اسپتال میں 50 سے زائد افراد کو لایا گیا ہے۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس انتظامیہ نے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کو طلب کرلیا جبکہ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ افراد کو خون دینے کے لئے بلڈ کاؤنٹر سے رجوع کریں۔
دوسری جانب پشاور میں موجود چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیراعلی پرویز خٹک اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچے تو سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں آگے جانے سے روک لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نماز جمعہ کے دوران سلام پھیرتے ہی پولیس وردیوں میں ملبوس دہشتگردوں نے پہلے 2 دستی بم پھینکے جس کے بعد ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جب کہ دھماکے کے وقت مسجد میں کم و بیش 150 افراد موجود تھے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد ) ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کیا ہے۔دونوں رہنماوں نے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔نریندر مودی نے پاکستانی وزیراعظم نواز شریف سمیت سارک ممالک کے دیگر سربراہان سے سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی۔انہوں نے ٹیلیفونک گفتگو میں پاکستان سمیت دیگر ممالک کے سربراہان کو کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔
ایمز ٹی وی (کراچی) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پوش علاقے ڈیفنس کی اہم ترین مارکیٹ سے پاکستان انٹرنیشل ائر لائن (پی آئی اے) کے ایک سینئر کیپٹن کو اغواء کر لیا گیا ہے۔ ڈیفنس کے علاقے کلفٹن میں زمزمہ کہکشاں اسکیم سے پی آئی اے کے سینئر پائلٹ محمد سعید کو اغوا کرلیا گیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے مغوی کیپٹن کی بازیابی کے لئے ٹیم تشکیل دے دی ہے پی آئی اے کے سینئر کیپٹن محمد سعید کلفٹن زمزمہ کہکشاں اسکیم میں واقعہ نرسری میں پودے خریدنے آئے تھے کہ اس دوران مسلح ملزمان اسلحے کے زور پر محمد سعید کو اغوا کرکے ل گئے۔ کیپٹن سعید قومی ائر لائن سے بطور سینیئر پائلٹ وابستہ ہیں۔ مغوی کیپٹن محمد سعید ڈیفنس فیز فائیو کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے کیپٹن سعید کے اغواء کی تصدیق کردی ہے۔ ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اغواء کاروں نے مغوی سعید کو گھگر پھاٹک نیشنل آئی وے روڈ کے ذریعے شہر سے باہر منتقل کردیا ۔ پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ساوتھ نے مغوی کیپٹن سعید کی بازیابی کے لئے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک ) ہندوستانی اخبارکے مطابق نئی دہلی کے جنوبی علاقے میں واقع ہولی چائلڈ اوگزیلیم (Holy Child Auxilium) اسکول پر جمعہ کو حملہ کیا گیا۔پولیس کے مطابق اس واقعے کے بعد اسکول آنے والے طالب علموں کو واپس گھر بھیج کر اسکول میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔دہلی پولیس کمشنر بی ایس باسی نے اسے چوری کا واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ واقعہ لوٹ مار کا ہی لگتا ہے تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔پولیس کی جانب سے ابھی حملہ آوروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم بتایا گیا ہے کہ حملہ آور 3 یا 4 تھے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ملزمان ماسک پہنے ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق اسکول پرنسپل کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی گئی اور وہاں سے 8 ہزار کی رقم غائب ہے۔پولیس کے سینیئر افسران، فرانزک آفیشلز اور کرائم ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرنے شروع کر دیئے ہیں۔جبکہ وسانت وہار پولیس اسٹیشن میں اس واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ہندوستان میں عیسائی مشنری ادارے پر حملے کا یہ چھٹا واقعہ ہے۔حملے پر دہلی سمیت ہندوستان میں موجود عیسائی غم و غصے کا شکار ہیں جبکہ عام آدمی پارٹی کے اروند کیجریوال نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایمز ٹی وی ( راولپنڈی) پاکستان آرمی ترجمان جنرل عاصم باجوا کا کہنا ہے کہ آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرنے والوں ک شناخت کرلی گئی ہے جبکہ حملہ کرنے کا حکم ملۤا فضل اللہ کا تھا آرمی ہیڈ کواٹر میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے عاسم باجواہ نےبتایا کہ حملہ آواروں نے چار راتیں جمرود میں قیام کیا اور پشاور میں حملے سے قبل تہکال میں امام مسجد کے گھر رات گزاری جبکہ حملہ آواروں کے گروپ کے ایک سربراہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
ایمز ٹی وی(کراچی) سائٹ ایریا میں ضیا موڑ کے قریب تیز رفتار ٹینکر نے 3 معصوم بچوں کو کچل ڈالا۔ تینوں بچوں کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔
کراچی میں سائٹ کے علاقے ضیا موڑ کے قریب ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے گلی میں کھیلنے والے تین بچوں کو کچل دیا۔ ذرائع کے مطابق تینوں بچے ایک ہی محلے کے رہنے والے تھے جن کی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واٹر ٹینکر کا بریک فیل ہو جانے کے باعث حادثہ پیش آیا تاہم پولیس کے مطابق اہل محلہ نے فرار ہونے والے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ حادثے کے بعد علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔