ایمز ٹی وی (بزنس) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں3 روپے21 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی جائی گی
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے)نے فرنس آئل اورہائی سپیڈڈیزل کے نرخ کم ہونےکے باعث گزشتہ ماہ نیپرا سے بجلی3روپے21پیسے فی یونٹ سستی کرنےکی درخواست کی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے وزارت خزانہ نے نیپرا پر دباؤڈال کر29 جنوری کو ہونےوالی سماعت ملتوی کروا دی تھی کیونکہ وزارت خزانہ کے حکام کی طرف سے نیپرا پرمسلسل دباؤ ڈالا گیا کہ ماہانہ فیول لاگت میں کمی کا فائدہ صارفین کو منتقل نہ کیا جائے اوراس پرایک روپیہ پچاس پیسے فی یونٹ سرچارج عائد کردے تاکہ گیارہ ارب سے زائد کے گردشی قرضے اور پاور سیکٹر کے قرضہ جات پر سروس چارجز کی مد میں مختلف بینکوں کو ادائیگی کی جا سکے۔
نیپرا حکام کے مطابق اجلاس میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میکنزم کے تحت بجلی کی فی یونٹ قیمت میں3روپے21پیسے کمی کی منظوری دیدی جائیگی۔ سی پی پی اے نے نیپرا سے درخواست کی تھی کہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں3روپے21پیسے فی یونٹ سستی کی جائے۔ حکام کے مطابق بجلی کے نرخوں میں کمی کی منظوری سے بجلی صارفین کو21ارب روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک اور50یونٹ ماہانہ استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین پر نہیں ہو گا۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) پاکستان فلم انڈسٹری اپنے احیاکی طرف ترقی سے گامزن ہے اور یہ ’’اینی میٹڈ‘‘ فیچر فلم بنانے کا اعزاز بھی حاصل کرنے والی ہے۔
پاکستان کی پہلی سپر ہیرواینی میٹڈ فیچر فلم’’3 بہادر‘‘ریلیز کے لیے تیارہے جو رواں سال 22 مئی کو پاکستان بھر میں سینماء میں پیش کردی جائے گی، یہ سپرہیرو فلم پاکستان کے ایک افسانوی شہر’’روشن بستی‘‘کی ہے جس کا حال پاکستانی شہروں جیسا ہی ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ فلم کے مرکزی کردار بچے آمنہ، سعدی اور کامل کی جڑیں بھی تصوراتی ہونے کے بجائے حقیقی ہیں جو اپنی بستی کو دشمنوں سے بچانے کے لیے میدان میں نکلتے ہیں اور جرا ت و بہادری سے بدی کی قوتوں کو للکارتے ہیں۔ فلم کی کہانی غیر متوقع اور ناممکن حالات میں اپنے حق کے لیے آواز اٹھانے،حمایت،دوستی اور محبت کے سفر پر مبنی ہے۔
اسے پاکستان کی پہلی اردو زبان میں بننے والی ایچ ڈی اینی میٹڈ فیچر فلم کا اعزاز حاصل ہوگا۔ بنیادی طور پر بچوں کی دلچسپی کے موضوع پر بنائی گئی اس فلم کا بنیادی خیال آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے کا ہے۔ فلم وادی اینی میشن کے بینر تلے بنی ہے، فلم کی پروموشن کے حوالے سے فروری کے اختتام میں فلم کی کامک سیریز بھی شائع کردی جائیں گی اورفلم کے حوالے سے بچوں کے لیے کتاب بھی شائع کی جائے گی،اس کے علاوہ ’’3 بہادر‘‘کی اینڈرائڈ اور ایپل وڈیو گیم بھی جاری کیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) پاپ میوزک کی ملکہ اور منفرد لباس متعارف کرانے والی لیڈی گاگا نے بھی اپنا جیون ساتھی تلاش کرلیا۔
پاپ موسیقی کی ملکہ لیڈی گاگا نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی اور انہوں نے جیون ساتھی کا انتخاب کرلیا۔ 28 سالہ گلوکارہ نے بتایا کہ ویلنٹائن ڈے پرشوبز سے وابستہ 33 سالہ ٹیلر کینی نے انہیں ہیرے کی انگوٹھی دے کر پرپوز کیا جس پر وہ انکار نہ کرسکیں۔ گاگا نے اعلان کیا کہ وہ جلد ٹیلر کینی سے شادی کریں گی اور شادی کے روز اپنی والدہ کا عروسی جوڑا زیب تن کریں گی۔
لیڈی گاگا کے 33 سالہ مجازی خدا ٹیلرکینی ٹی وی شوز کے حوالے سے جانا پہنچانا نام ہیں اور انہوں نے لیڈی گاگا سے اعلان محبت کے لئے ویلنٹائن ڈے کے دن کا انتخاب کیا۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی ) کے ریڈیو اسٹیشنز نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء کی غیر قانونی لائیو کمنٹری شروع کردی جس کیخلاف ایف ایم 107 کی انتظامیہ نے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔
ایف ایم 107 کے چیف آپریشن آفیسر شہزاد قریشی کی جانب سے پی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کے میچوں کی لائیوکمنٹری کے حقوق ایف ایم 107کے پاس ہیں لیکن پی بی سی غیر قانونی طور پر یہ حقوق استعمال کر رہا ہے۔ ہمیں اسوقت شدید دھچکا لگا جب پی بی سی کے پاس حقوق نہ ہونے کے باوجودمختلف ایم ڈبلیو/ اے ایم ریڈیو سٹیشنز پرکرکٹ ورلڈ کپ کے میچوں کی لائیوکمنٹری جاری تھی۔ یہ نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ پی بی سی کے اس اقدام نے حکومت کا امیج بھی خراب کیا ہے۔
مراسلے میں انتباہ کیا گیا ہے کہ اگر یہ غیر قانونی لائیوکمنٹری فوری طور پر نہ روکی گئی توہمارے پاس پی بی سی، وزارت اطلاعات، وزراء اورسیکریٹری اطلاعات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے سواکوئی آپشن نہیں ہوگا اگر پھر بھی اسی طرح پی بی سی کے سٹیشنز سے یہ لائیو کمنٹری کی غیر قانونی ٹرانسمیشن جاری رہی تو اپنے حقوق کے حصول کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رجوع کرینگے جس کے نتیجہ میں پی بی سی کو مستقبل میں براڈ کاسٹ کے حقوق حاصل کرنے کے سلسلے میں بلیک لسٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔ مراسلے میں پی بی سی کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ایسے اقدام سے باز رہے جس سے پاکستان کی منتخب حکومت کی بدنامی ہواور آئی سی سی جیسے باوقار عالمی اداروں کے سامنے سبکی کا سامنا کرنا پڑے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان اوربھارت کے درمیان ورلڈ کپ میچ پر بھارت میں 30 ہزار کروڑ روپے کا جوا کھیلا گیا۔
اگرچہ ممبئی میں بکیز کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون جاری لیکن بھارتی سٹہ مافیا بھرپور انداز میں اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے، ایک بکی نے کہاکہ اب سٹہ بازار ممبئی سے ناشک گجرات منتقل ہوگیا ہے۔ ایک اور بکی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ جیتے کیلیے آسٹریلیا فیورٹ ہے جس کیلیے 2.40 روپے کا دائو آفر کیا گیا،پاکستان کی فتح پر ایک روپیہ لگانے والے کو ٹیم کے چیمپئن بننے پر ساڑھے 9 روپے ملیں گے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستانی سلیکٹرز کی جانب سے نظر انداز عبدالرزاق غیروں کو اب بھی یاد ہیں۔
اتوار کو ایڈیلیڈ میں ورلڈ کپ میچ میں فتح کے بعد بھارتی کپتان دھونی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ماضی جیسے کھلاڑی نہیں ہیں تاہم اب بھی ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کئی باصلاحیت بولرز بھی موجود ہیں، عبدالرزاق جیسے آل رائونڈرز گرین شرٹس کی قوت ہوا کرتے تھے لیکن اب یہ سہولت میسر نہیں ہے، اچھا آل رائونڈر نہ ہونے کی وجہ سے کمبی نیشن نہیں بن پارہا، موجودہ وسائل کے پیش نظر ٹیم کو 3 فاسٹ بولرز اور 2 اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنا پڑتا ہے، اگر ایک ایسا آل رائونڈر ہو جو پیسر کے طور پر بھی موثر کردار ادا کرسکے تو اسکواڈ متوازن ہوسکتا ہے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) بھارت سے بدترین شکست کے بعد جاوید میانداد ٹیم مینجمنٹ پر برس پڑے، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ اسپیشلسٹ کو چھوڑ کر آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارتی ٹیم سے کبھی نہ جیتنے کی روایت برقرار رہنے پر میانداد بھی سخت نالاں ہیں، آئی سی سی کیلیے خصوصی کالم میں انھوں نے تحریر کیا کہ مینجمنٹ نے غلط ٹیم کھلا کردنیا بھر میں موجود پاکستانی شائقین کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، بڑے میچزمیں ٹیمیں اپنے بہترین11کھلاڑی میدان میں اتارتی ہیں، تجربات نہیں کیے جاتے، افسوس کہ پاکستان کویہ آسان فارمولا کبھی سمجھ نہیں آتا، مینجمنٹ نے غلط ٹیم کھلا کردنیا بھرمیں پاکستانی شائقین کودھچکا پہنچایا، یونس خان سے اننگز اوپن کرانے میں کیا راکٹ سائنس تھی میری سمجھ سے بالا تر ہے، انھوں نے سوال کیا کہ اوپنرناصرجمشید کوکیا صرف وارم اپ میچ کھلانے کیلیے بھیجا گیا تھا؟ ریگولروکٹ کیپرسرفرازاحمد جارحانہ بیٹنگ بھی کرلیتے ہیں انھیں ڈراپ کرنے کی کیا منطق تھی؟ میانداد نے کہا کہ مجھے عمراکمل کی جانب سے کوہلی کا کیچ ڈراپ کرنے پرحیرت نہیں ہوئی کیونکہ وہ کئی بارایسا کرچکے ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ اپنی قوت کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہے،اسپیشلسٹ کو چھوڑ کر آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش ہوئی،ملک کا مفاد پہلے اور افراد بعد میں آتے ہیں، یہی پیش نظر رکھ کر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے لیکن ایسا نہیں کیا جارہا،ہم اپنی بیٹنگ بھی نمبر 8تک دیکھنا چاہتے ہیں، اس کے ساتھ چھٹے بولر کو بھی ضروری سمجھا جا رہا ہے، انھوں نے کہا کہ غلط حکمت عملی سے مصیبت کو خود ہی آواز دیدی گئی دوسری جانب بھارت کا ہوم ورک بہت اچھا تھا،شیکھر دھون اور ویرات کوہلی نے خراب گیندوں کا انتظار کرتے ہوئے اچھی بنیاد فراہم کی، پاکستان محمد عرفان کے قد کا فائدہ اٹھا سکا نہ تینوں اسپنرز لائن اور لینتھ پر بولنگ کرسکے، سابق کپتان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو ابتدا میں ہی ایک بڑا جھٹکا لگ گیا ہے، اب پلیئرزکے کندھوں سے بوجھ اتر جانا چاہیے،اگلے 5گروپ میچز پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
ایمز ٹی وی(سندھ) دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف شکارپور سے روانہ ہونے والے لانگ مارچ قافلے کے شرکاء دولت پور پہنچ گئے۔ جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر لانگ مارچ شرکاء کا کہنا تھا کہ شیعہ نسل کشی روکنے کے بجائے مزید بڑھتی جارہی ہے۔ انہوں نے سانحہ شکار پور کے ملزمان کی گرفتاری کا پھر مطالبہ کیا جبکہ لانگ مارچ کے قائد مولانا امین مشہدی اور علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ قافلہ دولت پور سے کراچی کیلئے روانہ ہوگا جہاں انصاف کے ملنے تک وزیر اعلی ہاؤس کا گھیراؤ جاری رہے گا۔