ایمز ٹی وی (لاہور) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، وہ سانحہ کی رپورٹ حاصل کرچکے ہیں ، اس سے متعلق انہیں مزید معلومات درکار ہے وہ پیر کو کراچی جارہے ہیں جہاں اس معاملے پر بھی بات ہوگی۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ قانون کی پاسداری کرنے والوں کا احترام اور آئین و جمہوریت کے تحفظ کے لئے کام کرنے والوں کی قدرکرتے ہیں، پاکستان اپنی تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، وزارت عظمٰی ایک وقت میں پھولوں کی سیج ہوتی تھی لیکن اب ایسا نہیں، ہم نے متحد ہوکر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قومی ایکشن پلان بنایا۔ پاکستان دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ، معاشی مسائل اور خارجہ امور کو ٹھیک کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن دھرنوں نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا۔ دھرنوں کے دوران روپے کی قدر میں 4 روپے کمی ہوئی۔ کئی غیر ملکی سربراہان مملکت کے دورے منسوخ ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بھی انسان ہیں جس سے غلطیاں ہوسکتی ہیں لیکن اگر کسی کو ان کی ذات کسی کو پسند نہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ بے جا الزامات عائد کردے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ میڈیا کی آزادی بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنا ضروری ملک کے دیگر اداروں کا آزاد ہونا ہے۔ میڈیا کئی باتوں پر متفق ہوجاتا ہے لیکن کئی امور پر یہ منقسم بھی ہوجاتا ہے۔ ملک کا میڈیا کم از کم دوسال کے لئے اپنی ریٹنگ بھول کر حکومت کا ساتھ دے۔ دھرنے دینے والوں نے پارلیمنٹ ہاؤس اور قومی نشریاتی ادارے پر حملہ کیا اور میڈیا نے کہا کہ وزیر اعظم ایک دو روز میں استعفیٰ دینے والے ہیں۔ انہوں نے کبھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا وقت نہیں بلکہ ہمیشہ یہی کہا کہ وہ اپنے دور حکومت میں ہی تاریکیوں کا خاتمہ کریں گے۔ میڈیا میں خوامخواہ کسی کی پگڑی نہ اچھالی جائے۔
ایمز ٹی وی (راولپنڈی) پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے راولا کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کرکے 60 سالہ شہری محمد اسلم کو شہید کردیا۔ واقعے کے بعد پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارتی بندوقوں کو خاموش کرادیا۔
ایمز ٹی وی (پشاور) خیبر پختونخوا اور فاٹا میں 33 لاکھ بچوں کو پو لیو سمیت 9 مہلک بیماریوں سے بچانے کے پروگرام صحت کا اتحاد کا آغاز پشاور سے ہو گیا ہے، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بچوں کو ویکسین دے کر مہم کا آغاز کیا ۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن اتحاد کر چکے ہیں جسے فوج کی حمایت بھی حاصل ہے۔
پشاور کے سروسزاسپتال میں پروگرام کے افتتاح کے موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ کہ پولیو،کالی کھانسی خسرہ،تشنج،نمونیہ ،ٹی بی،خناق اور کالا یرقان بچوں کی قاتل ہیں۔ اس لیے انکے خلاف سیاسی اختلاف کے باوجود وفاقی حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔صحت کا اتحاد کے نام سے یہ پروگرام خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع اور فاٹا کی5 ایجنسیوں میں بیک وقت چلے گا ،جس کے دوران صوبہ اور فاٹا میں فوج سمیت تمام ایجنیساں الرٹ ہیں ،صحت کا اتحاد کے اس پروگرام کے تحت 12 اضلاع اور قبا ئیلی ا یجنسیوں میں فری میڈیکل کیمپ بھی لگائے جائینگے، جہاں بچوںکو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی ۔
ایمز ٹی وی (حیدر آباد) حیدرآباد کے قریب شالیمار ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹری سے اترنے کے باعث 40مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی آنیوالی شالیمار ٹرین کو حادثہ حیدر آباد سے 6کلومیٹر کے فیصلے پر ہوا۔ریسیکو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا ہے۔ایس ایس پی عرفان کے مطابق حادثہ ٹرین کی دو بوگیاں الٹنے کے باعث پیش آیا ہے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) عالمی مالیاتی ادارے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران معاشی میدان میں اہم پیش رفت ہوئی تاہم اب بھی مزیدکام کی ضرورت ہے پاکستان کے مسائل حل ہونے میں اب بھی ایک دہائی لگے گی۔ حالیہ رپورٹ میں آئی ایم ایف نے کہاہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ٹیکس کی شرح بلحاظ جی ڈی پی0.7 فیصداضافہ ہوا۔ مہنگائی میں اضافے کی شرح 4فیصدسے کم پرآنااہم کامیابی ہے جس کی بڑی وجہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہے تاہم مہنگائی کم ہونے میں حکومتی پالیسیوں کابھی عمل دخل ہے۔ رواں مالی سال بھی ٹیکس ٹوجی ڈی پی میں ایک فیصداضافہ ہوا۔ آئی ایم ایف کے مطابق امیرطبقے کے لیے بجلی پرسبسڈی 2فیصدسے کم ہوکر اعشاریہ 7فیصد پر آگئی۔
ایمز ٹی وی (حیدر آباد) جمعرات کو کارکنوں کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا جیسے ذہنی مریض کو کوئی جواب دینا مناسب نہیں میں ذوالفقارمرزا کے خلاف میدان میں آگیا ہوں، پیپلزپارٹی کسی صورت بھی جرائم پیشہ افراد کو پارٹی میں قبول نہیں کرے گی۔ سندھ کی حکومت اگر آج عذیر بلوچ کو واپس لانے کا فیصلہ تبدیل کر دے تو سب کچھ پیپلزپارٹی میں دوبارہ اچھا ہو جائے گا۔
ایمز ٹی وی (لاڑکانہ) پشاور امام بارگاہ میں ہونے والے دھماکے کے سوگ میں لاڑکانہ شہر میں کاروبار بند ہے ۔ ریشم گلی ، شاہی بازار ، بندر روڈ ، پاکستان چوک سمیت شہر بھرکے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہوگئے ہیں ۔ جبکہ پیٹرول پمپ اور سی این جی سٹیشنز بھی بند ہیں اور سی این جی سٹیشنز کے سامنے گاڑیوں کی قطاریں لگی ہیں جہاں پر سی این جی نہ ملنے کے باعث سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے ۔
ایمز ٹی وی (لاہور) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان عمل پر عملدر آمد کے لیے میڈیا کا ساتھ ضروری ہے، 2سال کے لیے میڈیا ریٹنگ بھول کر حکومت کا ساتھ دے، قومی سلامتی کے معاملات پر میڈیا مضبوط کردار ادا کرے۔
لاہور میں سی پی این ای (کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز) کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہر ادارے کا فرض بنتا ہے پاکستان کو بحران سے نکالنے میں کردار ادا کرے، مسائل اور چیلنجز کے حل کے لیے وقت درکار ہے۔صحافیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اہل صحافت کا کردار کلیدی رہا ہے، قانون کی پاسداری کرنے والوں کا احترام کرتا ہوں، صحافیوں نے ہر مشکل گھڑی میں حکومت کا ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین و قانون سے انحراف کی پاکستان بھاری قیمت ادا کر چکا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دھرنوں کے مقاصد سمجھ سے بالاتر تھے، دھرنوں کی وجہ سے غیرملکی سربراہوں کے دورے منسوخ ہوئے اور ان دھرنوں کے دوران پاکستانی روپے کی قدر کم ہوئی۔ نواز شریف نے طاہر القادری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دھرنا دینے والوں میں سے ایک صاحب تو ملک سے باہر چلے گئے ہیں،انہوں نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی وی (پاکستان ٹیلی ویژن) پر حملہ کرنے والوں کا ایجنڈا کیا تھا؟ ان کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ پھولوں کی سیج نہیں، حکومت عالمی برادری میں پاکستان کا تشخص بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
کراچی کے حالات کے حوالے انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات درست کرنے کے لیے اقدامات کیے، 2012 میں آپریشن شروع کیا، اس سے حالات بہتر ہوئے، اس وقت تک اقدامات جاری رکھیں گے جب تک امن نہ ہو جائے، کراچی میں بے امنی کو ختم کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت عالمی برادری میں پاکستان کا تشخص بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے، آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کا بہت بڑا حامی ہوں۔ حکومت کے مستقبل کے لائحہ عمل پر انہوں نے کہا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے211سے منتخب ایم این اے وفاقی وزیرصنعت و پیداوارغلام مرتضیٰ جتوئی نے وزیراعظم نوازشریف سے اختلافات کے باعث مسلم لیگ (ن) کو خیربادکہہ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کاحتمی فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق غلام مرتضیٰ جتوئی اپنے بھائی رکن سندھ اسمبلی مسرورجتوئی، عارف مصطفیٰ جتوئی، سابق صوبائی وزیرعاقب جتوئی، سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرابراہیم جتوئی، سابق رکن سندھ اسمبلی عابدجتوئی سمیت دیگردوستوں کے ہمراہ آئندہ48گھنٹوں میں پیپلزپارٹی میں شمولیت کااعلان کریں گے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) ورلڈ کپ اسکواڈ سے اچانک باہر ہونے والے محمد حفیظ کا دبے الفاظ میں احتجاج چیئرمین تک پہنچ گیا،اوپنر کو معمولی انجری پر فوری وطن روانہ کرنے پر ٹیم مینجمنٹ سے وضاحت طلب کرلی، تسلی بخش جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں آسٹریلیا میں موجود عہدیداروں کیخلاف ایکشن بھی لیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق فٹنس مسائل کو جواز بنا کر محمد حفیظ کو ورلڈ کپ سے آئوٹ کر کے ان کی جگہ ناصر جمشید کو کینگروز کے دیس بجھوانے کے معاملے پر کئی سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں، پنڈلی کی انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہرہونے والے اوپنروطن واپس لوٹتے ہی ٹورسلیکشن کمیٹی پربرس پڑے تھے، ان کا کہنا تھا کہ انجری معمولی نوعیت کی تھی جو جلد ٹھیک ہوجاتی اور وہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر سکتے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ نے بورڈ کوآگاہ کیا تھا کہ حفیظ کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے جس کے باعث وہ ورلڈ کپ نہیں کھیل سکیں گے، اسی رپورٹ کی روشنی میں شہریار خان نے ٹورسلیکشن کمیٹی کی سفارش پر ناصرجمشید کوآسٹریلیا بھیجنے کی منظوری دی تھی۔