ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) امریکہ کے صدر براک اوباما نے پاکستان کے وزیرِاعظم نوازشریف کو ٹیلی فون کر کے انھیں اپنے دورۂ بھارت کے بارے میں اعتماد میں لیا ہے۔ صدر اوباما نے پاکستانی وزیرِ اعظم کو ملک میں حالات معمول پر آنے پر دورۂ پاکستان کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔ بیان کے مطابق صدر اوباما نے وزیرِاعظم نواز شریف کو بتایا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے علاقے میں شدت پسندی پر قابو پانے، امن اور استحکام کو بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے اپنے عزم کو دوہراتے ہوئے خطے میں امن اور سلامتی قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ امریکی صدر نے پاکستان کی افغانستان کی نئی حکومت کے ساتھ بہتر ہوتے تعلقات کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ تعلقات خطے کی سلامتی کے لیے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ براک اوباما کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کا فروغ چاہتا ہے جبکہ نواز شریف نے ان سے پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کو کہا۔ پاکستانی وزیرِ اعظم نے صدر اوباما پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے معاملے پر بھارتی قیادت سے بات کریں کیونکہ اس مسئلے کا حل ہونا خطے میں پائیدار امن، استحکام اور معاشی تعاون لائے گا۔ صدر اوباما اس دورے کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی کے علاوہ دیگر اعلیٰ بھارتی حکام سے ملاقات بھی کریں گے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)-
سنٹرل لندن کے معروف حیات ریجنسی ہوٹل کے تہہ خانے میں گیس لیکیج کے باعث زور دار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہو گئے جب کہ ہوٹل کا کچھ حصہ بھی زمیں بوس ہو گیا۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے آگ لگنے کے باعث زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ آگ لگنے کے باعث انتظامیہ نے فوری طور پر ہوٹل کو خالی کرا لیا جب کہ آگ بجھانے میں فائر فائٹرز کی 80 گاڑیوں نے حصہ لیا۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)
ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت میں فریقین کے درمیان بڑی خلیج موجود ہے ۔
اطلاعات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور ان کے ایرانی ہم منصب جاوید ظریف تعطل ختم کرنے کے لیے ’نئی تجاویز‘ پر غور کر رہے ہیں جس سے وہ اپنی اپنی حکومتوں کو آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے آسٹریا کے شہر ویانا میں بات چیت جاری ہے جس میں ایران کے علاوہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اراکین، جرمنی اور یورپی یونین شریک ہیں۔
جان کیری نے اس بات چيت کی وجہ سے اپنا پیرس کا دورہ بھی منسوخ کر دیا ہے۔
اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر ہونے والی بات چیت میں انھیں کوئی ’نئی چیز‘ سننے کو نہیں ملی- گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جان کیری سے تین بار ملاقات کے بعد بھی انھیں تہران لے جانے کے لیے کوئی ’اہم تجویز‘ نہیں ملی ہے۔
دوسری جانب جوہری پروگرامز پر نظر رکھنے والے بین الاقوامی ادارے آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ ایران اپنی مشتبہ فوجی سرگرمیوں کے بارے میں خدشات دو کرے جو کہ اس کے جوہری پروگرام سے منسلک ہو سکتی ہیں۔
ایران نے آئی اے ای اے سے کہا تھا کہ وہ اگست تک اس بارے میں تفصیلات فراہم کرے گا تاہم اس نے ایسا نہیں کیا یہاں تک کہ معائنیہ کاروں کو ایک اہم فوجی اڈے پارچن میں جانے کی اجازت بھی نہیں دی۔
ایمز ٹی وی( فارن ڈیسک)
مشرقی امریکہ میں گذشتہ چند دن کے دوران ہونے والی شدید برفباری کی وجہ سے اب متعدد علاقوں میں سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔۔
انھوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پگھلتی برف اور بارش کے پانی کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔
نیویارک میں حکام نے عمارتوں کے منہدم ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ جن عمارتوں کی چھتوں پر اب بھی برف کے ڈھیر ہیں وہ بارش کے دوران گر سکتی ہیں کیونکہ بارش کے دوران ان چھتوں پر پہلے سے موجود وزن میں اضافے ہو جائے گا۔
ریاست نیویارک کے مغربی علاقوں میں برفانی طوفان سے 13 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے زیادہ تر سخت موسم یا پھر برف ہٹانے کے عمل کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے مارے گئے۔
نیویارک کے علاوہ مشی گن اور نیو ہیمپشائر سے بھی کم از کم دو افراد کے سخت موسم کی وجہ سے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے -
ایمز ٹی وی (کراچی) گڈاپ ٹاؤن کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہونے سے اسکواڈرن لیڈر شہید ہوگئے۔ پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گڈاپ ٹاؤن میں خان ندی کے قریب گر کر تباہ ہوا، طیارہ تربیتی پرواز کے لیے مسرور ایئربیس سے اڑا تھا۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق میراج طیارہ نائٹ ٹریننگ پر تھا جو فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اسکواڈرن لیڈر تنویر احمد شہید ہوگئے جبکہ ایئر ہیڈ کوارٹرز نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ایمز ٹی وی فارن ڈیسک
زمبابوے میں ایک سٹیڈیم میں مذہبی پروگرام کے بعد بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق اسٹیڈیم میں چار افراد ہلاک ہوئے جبکہ دیگر سات کو ہسپتال لائے جانے پر مردہ قراد دیا گیا۔
کچھ عینی شاہدین نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے اسٹیڈیم سے باہر جانے کے زیادہ تر راستے بند کر دیے تھے اور جب لوگ واحد کھلے راستے سے باہر جانے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے تو ان پر اشک آور گیس کے گولے داغے گئے۔
پولیس نے اشک آور گیس کے گولے داغنے کی تردید کردی ہے۔
ایمز ٹی وی (سرگودھا)سرگودھا کے گورنمنٹ ٹیچنگ اسپتال میں سہولیات کی عدم فراہمی روزانہ بچوں کی جان لے رہی ہے۔ بچوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی ایک نومولود دم توڑ گیا جس کے بعد چار روز میں 14 بچے لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ نومولود بچوں کی اموات پر لواحقین سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ اموات ، انکوبیٹرز کی کمی کے باعث ہوئیں۔ اسپتال میں ساٹھ بچے داخل تھے جبکہ انکوبیٹرز کی تعداد صرف پانچ ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق شعبہ نرسری میں اضافی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے چوبیس گھنٹے میں مزید 20 انکیوبیٹرز اور دیگر مشینری فراہم کرنے کے لیے سیکرٹری ہیلتھ کو احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ سرگودھا میں زچگی کیلئے واحد سرکاری اسپتال گورنمنٹ مولا بخش اسپتال ہے جہاں بچوں کیلئے نرسری وارڈ ہی نہیں بنایا گیا جس کی وجہ سے بچوں کو آدھا کلومیٹر دور ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال میں منتقل کیا جاتا ہے۔ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال میں نرسری تو موجود ہے لیکن خواتین وارڈ نہیں،واضح رہے کہ اس افسوسناک صورتحال کے باعث گزشتہ برس بھی ایک سو اکاون بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔
ایمز ٹی وی (لاہور) جماعت اسلامی کے اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز درس حدیث سے ہوگیا ۔اجتماع کے دوسرے روزآغاز پر جماعت اسلامی ہند کے امیر مولانا جلال الدین نے درس حدیث دیا۔واضح رہےکہ اجتماع کے دوسرے روز کو خواتین کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کے آزادی دھرنے کےآج سو دن مکمل ہو گئے ،اسی خوشی میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آزادی کے لئے جدو جہد کرنی پڑتی ہے اور انتہائی کوشش کے بعد ہی عوام کو ان کے حقوق ملا کرتے ہیں مگر خوشی کی بات ہے کہ ہماری قوم جاگ گئی ہے اور اب نئے پاکستان کا خواب تعبیر کے قریب ہی ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کی طرف سے عمران خان کو تحائف بھی پیش کئے گئے،واضح رہے کہ آزادی دھرنے کا آغاز 14 اگست کو لاہور سے شروع ہونے والے آزادی مارچ کے اسلام آباد پہنچنے پر ہوا تھا۔
ایمز ٹی وی (کراچی) متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے ایم کیو ایم کے کیمپ پر حملے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمپ پر ہونے والے دستی بم حملے میں 3 رکن اسمبلی سمیت 50 افراد زخمی ہوئے ہیں۔خالد مقبول صدیقی نے بتایا کہ ایم کیو ایم نے رکنیت سازی کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع کرنا تھا ۔میڈیا کے ذریعے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماءنے اپنے کارکنان سے درخواست کی ایسی کاروائیوں سے بالکل بھی مشتعل نہ ہوں اور اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ایم کیو ایم کسی سے ڈرنے والی جماعت نہیں ہے اور ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے ہم کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہم طالبانائزیشن کے بارے میں ہم نے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔ایم کیو ایم پر حملہ کرنے والے وہی دہشت گرد ہیں جو پولیس اور رینجرز پر حملے میں ملوث ہیں۔انکا کہنا تھا کہ ایسے حملے کر کے ایم کیو ایم حق اور سچ بولنے سے روکا نہیں جا سکتا۔ کیمپ کی سیکورٹی کی ذمہ داری سندھ حکومت کی تھی۔ایم کیو ایم ہر مرحلے پر داعش اور طالبان کے حوالے سے حکومت کو آگاہ کرتی رہی ہےانہوں نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ اب انہیں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرنی چاہیئے۔