اتوار, 24 نومبر 2024

ایمز ٹی وی (تجارت) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیاں عروج پر ہیں اور ہر روز نئی تاریخ رقم ہورہی ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 32 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرگیا ہے۔ منگل کے روز کاروباری سرگرمیوں کے آغاز کے وقت ہنڈریڈ انڈیکس 31 ہزار 702 پوائنٹس پر موجود تھا تاہم ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کے رجحان نے تیزی کے تسلسل کو برقرار رکھا او دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس  309 پوانٹس کے اضافے سے31 ہزار 807 پوائنٹس کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور امور خارجہ سرتاج عزیز نے پیر کے روز کہا ہے کہ پاکستان کو ان عسکریت پسندوں کو ہدف نہیں بنانا چاہیے جو اس کی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں ہیں۔

سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ جو امریکا کے دشمن ہیں وہ خوامخواہ پاکستان کے دشمن ہوگئے ہیں۔

حقانی نیٹ ورک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جب امریکہ نے افغانستان پر حملہ کیا تو وہ تمام لوگ جن کو ہم نے ملکر مسلح کیا اور تربیت دی تھی، انہیں ہماری طرف دھکیل دیا گیا۔ ان میں سے کچھ ہمارے لیے خطرہ ہیں اور کچھ نہیں ہیں۔ تو ہم سب کو کیوں دشمن بنائیں؟

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستانی سرزمین سے امریکا میں حملے کرنے والوں کیخلاف پاکستان نے بہت بڑا قدم اٹھایا، آپریشن سے قبل جو بھاگ گئے وہ بھاگ گئے جو رہ گئے ان سب کیخلاف کارروائی کی ہے۔ لیکن ایسے لوگوں کیخلاف کیوں کارروائی کریں جو پاکستان لیے خطرہ نہیں

فغان طالبان افغانستان کا مسئلہ ہیں اور حقانی نیٹ ورک انہی کا حصہ ہیں۔ افغان حکومت کا کام ہے کہ وہ ان سے مذاکرات کرے۔ ہم اپنی طرف سے افغان طالبان کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے، لیکن جو نوے کی دہائی کے تعلقات تھے وہ اب نہیں ہیں۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کے دورہ امریکا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔

ایمز ٹی وی: (کراچی) جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ملزم کا بیان کے سچ یا جھوٹ ہونے کا 90 فیصد فوری طور پر پتہ چل جائے گا ،یہ بات ڈی آئی جی ٹریننگ ڈاکٹرجمیل خان نے ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی ، انھوں نے کہا کہ اب کراچی پولیس میں تفتیش کے روایتی انداز کو جدید تقاضوں کے تحت ہم آہنگ کیا جائے گا اور ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے گا۔

آسٹریلین فیڈرل پولیس کی جانب سے فراہم کیے گئے سسٹم ’’کمپیوٹر وائس اسٹریس اینالائزر‘‘ کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ اس سافٹ ویئر کے ذریعے ملزم کے بیان کے دوران اس کی آواز کا اتار چڑھاؤ، کپکپاہٹ، پریشانی اور دل کی دھڑکن مانیٹرکی جائے گی، بیان کے دوران ان تمام عوامل میں ہونے والی تبدیلیوں کے ذریعے فوری طور پر ملزم کے بیان کا سچ یا جھوٹ ہونا ثابت ہوجائے گا،ڈی آئی جی نے بتایا کہ ٹیکنالوجی کے نتائج سے90 فیصد تفتیشی افسران مطمئن ہوں گے۔

ڈاکٹر جمیل کا کہنا تھا کہ جلد ہی سینٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں اس ٹیکنالوجی کو قانونی تقاضوں سے بھی ہم آہنگ کرنے کی سفارشات دی جائیں گی تاکہ اس کے نتائج کو عدالت میں بطور ثبوت بھی فراہم کیا جاسکے ، ڈی آئی جی ٹریننگ نے کہا کہ اس سے قبل جھوٹ بولنے کا پتہ لگانے والی ’’لائر مشین‘‘ بھی پولیس کے حوالے کی گئی تھی لیکن اس کے نتائج میں کچھ نقائص سامنے آئے تھے، اس کی کارکردگی بہتر نہیں تھی،کمپیوٹر وائس اسٹریس اینالائزر اس کے مقابلے میں انتہائی معتبر اور ٹھوس کارکردگی کی حامل ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر کمپیوٹرسافٹ ویئر کے مزید یونٹس بھی بیرون ملک سے منگوائے جاسکتے ہیں،انھوں نے مزید کہا کہ سافٹ ویئر کے استعمال کے حوالے سے تفتیشی افسران کو تربیت بھی فراہم کردی گئی ہے جنھیں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا تھا۔

ایمز ٹی وی (لاہور) بالی وڈاسٹار گووندا کا ایک پاکستانی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستانی اداکاروگلوکار علی ظفر ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا، اللہ نے انہیں فنکارانہ صلاحیتوں سے مالامال کرکے دنیا میں بھیجا ہے، برسوں بعد ایک ایسے فنکار سے ملا ہوں جوبہت سی خوبیوں کا مالک ہے۔ وہ جتنا باصلاحیت فنکارہے ، اتنا ہی با ادب بھی ہے اور جو لوگ باادب ہوتے ہیں وہی دنیا میں نام روشن کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ علی ظفربالی وڈفلموں میں ایک بہترین اضافہ ہیں۔ ان کومزاح پربھی عبورحاصل ہے۔ اس کی مزاح کی ٹائمنگ بہت اچھی ہے جوان کو دوسروں سے منفرد بناتی ہے۔ ویسے تو بالی ووڈ میں آئے دن نوجوان فنکارقسمت آزمائی کرتے ہیں لیکن سب کے سب ہیروبننا چاہتے ہیں مگرعلی ظفر میں مجھے ایک ورسٹائل فنکار کی جھلک دکھائی دی ہے۔ مجھے امید ہے کہ وہ بالی وڈ کے بعد ہالی ووڈ میں بھی اسی طرح بہترین کام کرتا دکھائی دے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان باصلاحیت فنکاروں اورگائیکوں کی دھرتی ہے۔ میں خود بھی کئی پاکستانی گلو کاروں کا مداح ہوں۔

ایمز ٹی وی (کراچی) حال ہی میں، تین پاکستانی نوجوانوں کو ’ایشین پیس ایوارڈ‘ سے نوازا گیا ہے، جن میں سندھ کی اقلیتی برادری سے تعلق رکھنےوالی مونا پرکاش، نجی ٹی وی چینل سے وابسطہ صحافی رابعہ بیگ اور نوجوان شاہ زمان شامل ہیں۔

مونا کا تعلق صوبہٴسندھ کے شہر حیدرآباد سے ہے۔ مونا ان دنوں ٹندوالہیار کے پسماندہ گاوٴں میں تعلقہ جھڈو مری میں تعلیم سے محروم بچوں کو علم کی دولت سے نواز رہی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل سے وابسطہ صحافی رابعہ بیگ ہیں جنھوں نے میڈیا اور صحافت میں بہترین خدمات انجام دیں اور پاکستانی صحافت میں خواتین کا ایک بہتر رول پیش کیا ہے۔

دوسری جانب، گلگت بلتستان کے شہر چترال سے تعلق رکھنےوالے پاکستانی نوجوان شاہ زمان ہیں جنھوں نے غیر سرکاری سطح پر نوجوان لڑکے اور لڑکیوں میں تعلیمی مہیا کرکے امن کو فروغ دینے کیلئے کام کیا۔

پاکستانی نوجوانوں سمیت دیگر ایشیائی ممالک کے نوجوانوں کو بھی اپنے اپنے ملک میں تعلیم سمیت امن و امان کے مسائل کیلئے کام کرنے کے لیے این پیس ایوارڈ دئےگئے ہیں۔

این پیس نامی ایشین امن ایوارڈ ایشیائی ممالک میں یونائٹڈ نیشنز ڈیولپمنٹ پروگرام (یو این ڈی پی) کےتحت ایشیائی ممالک میں خواتین اور امن کو فروغ دینے اور ان سے جڑے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرنےوالے افراد کو دیا جاتا ہے، جسکا مقصد علاقائی، کمیونٹی اور قومی سطح پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے نفاذ کو فروغ دینا ہے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ رکاوٹیں، گرفتاریاں اور مقدمات تبدیلی کا راستہ نہیں روک سکتے، حکمران جو مرضی کرلیں تیس نومبر کو انسانی سمندر اسلام آباد آئے گا، آصف علی زرداری اور نوازشریف کی پارٹنرشپ توڑ کر دکھاؤں گا۔ اسلام آباد میں آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ظلم کا نظام ختم ہونے کو ہے،عوام تبدیلی کیلئے تیار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ میں سندھ کو آزاد کرنے کیلئے آرہاہوں، ظلم کا نظام ختم ہونے کو ہے،عوام تبدیلی کیلئے تیار ہیں، انہوں نے کہاکہ مجھے ضدی کہا جاتاہے، ہم نے کرپٹ لوگوں کو تسلیم نہیں کرنا، چوروں کو اسمبلی میں نہیں جانے دینا، اصول کےلئے لچک نہیں دکھانی، نہ ہی ہم دھاندلی پر لچک دکھائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ حکومت ملنے پر سمجھوتا کرسکتا تھا لیکن قوم کیلئے اپنی ذات اہم نہیں ہوتی، ہم ظالم نظام کے سامنے کھڑے ہوئے اور ناانصافی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پختونخوا میں دوبارہ الیکشن کروالیں میں پہلے سےزیادہ ووٹ حاصل کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اپنے اثاثے ڈکلیئر نہیں کریں گے، کوئی ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا،پولیس کے ذریعے جھوٹے مقدمات نوازشریف کی سیاست ہے۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے آپس میں بندربانٹ کررکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تھرمیں بھوک سے درجنوں بچے مرگئے، پیپلزپارٹی برمنگھم میں جلسے کررہی ہے ،یہ کون سی جمہوریت ہے؟ انہوں نے کہاکہ گونوازگو کہنا ہمارا جمہوری حق ہے،یہ گالی نہیں۔ عمران خان نے کہاکہ پرویز رشید کو جھوٹ بولتے ہوئے شرم نہیں آتی، مسلم لیگ نون کے دہشت گردوں سے تعلقات ہیں جسے پوری دنیا جانتی ہے ،ہمارا دہشت گردوں سے کوئی تعلق نہیں۔

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ سعید اجمل سے متعلق آئی سی سی کا فیصلہ سمجھ سے باہر ہے، ان کا باولنگ ایکشن تبدیل کرنے میں وقت لگے گا، خواہش ہے کہ سعید اجمل ورلڈ کپ سے پہلے ٹیم کا حصہ ہوں۔

اسلام آباد میں تقریب کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں یونس خان ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔ جبکہ جنید خان ، محمد عرفان اور وہاب ریاض پسندیدہ باولر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بھارت میں نوکری سے متعلق ٹویٹ سمجھ سے بالاتر ہے۔ میری نوکری بھارت میں ہے تو کیا پاکستان میں امرود بیچوں۔

ایمزٹی وی:  قلعہ سیف اللہ میں ایک گھر کے کمرے میں گیس بھر جانے سے خاتون اور اس کے 2 بچے دم توڑ گئے جبکہ خاندان کے دیگر 4 افراد بیہوش ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق خاتون کمرے میں گیس کا ہیٹر جلتا ہوا چھوڑ گئی تھی جس کے باعث کمرے میں گیس بھر گئی اور سوئے ہوئے 2 بچے اور ماں دم توڑ گئی۔ اطلاع ملنے پرپڑوسیوں نے کمرے سے لاشیں اور بیہوش افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں اسپتال ذرائع نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔

بلوچستان کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کے دوران اکثرلوگ رات کے اوقات میں گیس ہیٹرز کا استعمال کرتے ہیں اور کمرے میں گیس بھر جانے سے ہلاکتوں کے واقعات ماضی میں بھی رونما ہوچکے ہیں۔

ایمز ٹی وی نیشنل ڈیسک

پیپلز پارٹی کے رہنماء میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو عمران خان سے کوئی خطرہ نہیں،سندھ میں انہیں فری ہینڈ دیا جائے گا، 

لاہور میں بلاول ہاؤس آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں منظور وٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس ملکی سطح پر منفرد انداز سے منایا جائے گا،،، پیپلز پارٹی کو کسی کی سپورٹ کی ضرورت نہیں، عمران خان سے کوئی خطرہ نہیں، سندھ میں انہیں فری ہینڈ دیا جائے گا۔

ایمز ٹی وی (لاہور) لاہور میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے داعش کے سٹکر اور پوسٹر لگانے والے دو افراد کو حراست میں لے لیاہے۔پولیس نے ملزموں کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا جنہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔واضح رہ کہ چند روز قبل لاہور میں مختلف مقامات پر شدت پسند تنظیم کے پوسٹر لگائے گئے ، حکام نے نوٹس لیتے ہوئے پوسٹر اتروا دیئے تھے، اب دو افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا جن کے خلاف تھانہ نواب ٹاؤن میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے