نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کے سالانہ Finding Innovative & Creative Solutions (FICS) 2024 کے تیسرے مرحلے میں علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 10 انقلابی پروجیکٹس پروٹوٹائپ فنڈنگ کے لیے منتخب کر لیے گئے ہیں۔
منتخب ہونے والے ان پروجیکٹس میں علیگڑھ انسٹیٹیوٹ کے کمپیوٹر سائنس ڈپارٹمنٹ اور سرسید یونیورسٹی کے IT ڈپارٹمنٹ کے پانچ فائنل ایئر پروجیکٹس شامل ہیں۔جن میں فیس اونکس، رافٹ، میڈ اسسٹ، ٹاک لنگو، اور ڈیپ ڈینٹسٹری نمایاں ہیں۔
یہ پروجیکٹس جدید تحقیق، تخلیقی سوچ اور ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشرتی مسائل کے مؤثر حل فراہم کرنے کی ایک شاندار مثال ہیں۔
پرنسپل علیگڑھ انسٹیٹیوٹ، شاہد جمیل اور چئیرمن کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ولیج حیدر نے اس اہم کامیابی پر تمام طلبہ اور ان کے سپروائزرز کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی طلبہ کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور ادارے کے اعلیٰ تعلیمی معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سرسید یونیورسٹی اور علیگڑھ انسٹیٹیوٹ کے یہ کارنامے نہ صرف ادارے کی تعلیمی برتری کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ ملک کی ترقی کے لیے نوجوانوں کے عزم اور جذبے کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔