ھفتہ, 18 مئی 2024

ایمزٹی وی(راولپنڈی) کسٹم عدالت نے غیر ملکی کرنسی کیس میں ماڈل ایان علی کو 31 اگست کو ہرصورت پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب نے ایان علی کے خلاف غیرملکی کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پرایان علی تو پیش نہ ہوئیں تاہم ان کی قانونی ٹیم کے وکیل خرم کھوسہ نے عدالت میں ایان علی کی حاضری سے مستقل استثنی کی درخواست پیش کرتے ہوئے دلیل دی کہ ایان علی نےکراچی میں عدالت میں پیش ہونا ہے اس لیے حاضری سےاستثنیٰ دیا جائے۔ فاضل جج نے ایان علی کے پیش نہ ہونے اورمسلسل غیرحاضری پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست وصول کرنے سے انکارکردیا اورحکم دیا کہ ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا جائے پھرمستقل حاضری سے استثنی کی درخواست سنی جائے گی، جس پروکیل صفائی نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی موکلہ آئندہ سماعت میں ہر صورت پیش ہوجائے گی۔

دوران دلائل خرم کھوسہ کی آواز بلند ہونے پرعدالت نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ وہ اونچی آواز میں بات نہ کریں، اونچا بولنے سے کچھ نہیں ہو سکتا، عدالت نے ایان علی کو حاضری سے ایک دن کے لیے استثنیٰ دیتے ہوئے حکم دیا کہ ایان علی 31 اگست کو ہرصورت پیش ہوں، ملزمہ کے مستقل استثنیٰ کی درخواست پیشی کی صورت میں ہی سنی جائے گی۔

  • ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مسعود خان بھاری تعداد میں ووٹ لے کر آزاد کشمیر کے 26ویں صدر منتخب ہوگئے۔ زرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے صدر کے انتخاب کے لئے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پولنگ کا عمل صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک جاری رہا۔ مجموعی طور پر 48 ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں سے مسلم لیگ (ن) کے صدارتی امیدوار مسعود خان نے 42 ووٹ لے کر واضح برتری حاصل کی جب کہ ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر تھے جو صرف 6 ووٹ حاصل کرسکے۔ آزاد کشمیر کے 26 ویں صدر کے انتخاب کے لئے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق سفارت کار مسعود خان اور پیپلزپارٹی نے سابق وزیر خزانہ اور پارٹی کے جنرل سیکرٹری چوہدری لطیف اکبرکو نامزد کیا تھا جب کہ مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف نے صدارتی انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کررکھا تھا۔

     

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) صدرآزادکشمیرکے انتخاب کے لیے پولنگ آج صبح 10 بجےآزادجموں وکشمیر قانون سا زاسمبلی کے لاجنگ ہال میں ہو گی ۔ صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان کی زیر صدارت آزادکشمیر اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس میں آزاد ریاست جموں وکشمیر کے نئے صدر کا انتخاب ہو گا۔ حکمراں جماعت مسلم لیگ ن نے سابق سفارت کارمسعود خان جبکہ پیپلز پارٹی نے سابق وزیر خزانہ اورپارٹی کے جنرل سیکریٹری چودھری لطیف اکبرکو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے ۔

 

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 49 میں سے 48 جبکہ کشمیر کونسل کے 7 اراکین صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ کا حق استعمال کریں گے ۔ آزادجموں وکشمیر پیپلزپارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم خان کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن تو منتخب ہوچکے ہیں لیکن اب تک حلف نہیں اٹھایا ۔ انھوں نے صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ اوراس موقع پر سینٹرل پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایمزٹی وی(لاہور)بلاول بھٹو نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کو لیگل نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کر لیا ۔تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں دو روز قبل وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پریس کانفرنس میں چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو پر الزم تراشی کی جس کو بنیاد بنا کر بلاول بھٹو کی جانب سے وزیر داخلہ چوہدری نثار کو لیگل نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

 

پیپلزپارٹی کے چئیرمین نے پیپلز پارٹی کے سینئر وکلاء کو لیگل نوٹس تیار کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کو الزامات پر معافی مانگنا ہو گی یا قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا

ایمزٹی وی(اسالم آباد)وزیراعظم آفس اسلام آباد میں میں نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطح کا اجلاس ہوا اجلاس میں ملکی داخلی و سلامتی اور نیشنل ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کیاگیا جب کہ کوئٹہ دھماکے کے بعد حالیہ فیصلوں پر غور اورسیکیورٹی اداروں کے عزم اور قربانیوں کو سراہا گیا۔

 

اجلاس کے دوران نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کے جائزے کے لیے ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کیا گیا، اس ٹاسک فورس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمایندے اور متعلقہ ایجنسیوں کے سربراہ شامل ہوں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل اور موثر عمل درآمد کے لیے کوئی کسر نہ اٹھارکھی جائے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے نتیجہ خیز اور بروقت ایکشن یقینی بنائیں۔

 

اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر اور دیگر سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔

ایمزٹی وی(لاہور) حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت کے مقامی ماہرین فصل کی بہتر دیکھ بھال اور کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے فیلڈ میں موجود ہیں

محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ پیسٹ وارننگ ساہیوال ڈویژن کی گزشتہ روز کی جاری کردہ پیسٹ سکاؤٹنگ رپورٹ کے مطابق ساہیوال پاکپتن اور اوکاڑہ کے اضلاع میں سفید مکھی کے 4 چست تیلہ کے 8 ملی بگ کے 5 لشکری سنڈی کے 3 گلابی سنڈی کے 2 اور کپاس کی پتہ مروڑ وائرس کے 11 سپا مشاہدہ میں آئے ہیں محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے ساہیوال، پاکپتن اور اوکاڑہ کے اضلاع کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کپاس کی فصل کی ہفتہ میں دوبارہ پیسٹ سکاؤٹنگ کریں۔

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر میں پارٹی کی تمام تنظیمیں تحلیل کر دیں ۔بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر کے الیکشن میں بدترین شکست کے بعد پہلے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید سے پارٹی صدارت سے استعفیٰ لیا اور اب آزاد کشمیر کی تمام تنظیمیں تحلیل کر دی ہیں جبکہ آزاد کشمیر کی آرگنائزنگ کمیٹی اسی ہفتے قائم کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق بلاول کے اعلان کے بعد صدر پی پی آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید ، سیکرٹری جنرل لطیف اکبر سمیت تمام عہدیدارمعزول ہو گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے اس سے قبل ناقص کارکردگی پر پارٹی قائدین کی سرزنش بھی کی اور ساری صورتحال سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے

ذرائع نے بتایا کہ الیکشن سے قبل چوہدری عبدالمجید ،چوہدری ریاض اور ان کی ٹیم نے پارٹی قیادت کو اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں آٹھ سے دس سیٹیں حاصل کر لے گی پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور میں پارٹی کے نظریاتی کارکن شدید مایوسی کا شکار تھے ، مرکزی قیادت نے آزاد کشمیر کے اندر تنظیمی عہدوں سمیت بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ پارٹی صدارت کیلئے 3ناموں پر غور شروع کر دیا ہے جس میں چوہدری یاسین ،سردار قمرالزمان اور فیصل راٹھور شامل ہیں۔

ایمزٹی وی(کراچی) آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی گاڑی پر حملے میں شہری تعاون کرتے تو ملزم فرار نہیں ہوسکتے تھے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس شہر سے جرائم کے کاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کررہی ہیں۔ صرف جولائی میں شہر کے مختلف علاقوں میں 490 پولیس مقابلے ہوئے ہیں اور ہر روز 3 سے 4

ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑا جارہا ہے۔ پولیس کی کارروائیوں کی بدولت ہی شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں واضح کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امجد فرید صابری قتل کیس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے لیکن ابھی اسے منظر عام پر نہیں لایا جاسکتا۔

اے ڈی کواجہ کا کہنا تھا کہ اگر چند روز قبل پاک فوج کے اہلکاروں پر کئے گئے حملے میں عوام تعاون کرتے تو ملزم فرار نہیں ہوسکتے تھے۔ لائسنس والا اسلحہ گھر میں سجانے کے لیے نہیں ہوتا ، شہری اسے اپنے دفاع کے لیے استعمال کر سکتے ہیں، لوگوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ناظم آباد میں 2 ڈاکوؤں کو مارنے والے کو 50 ہزار روپے انعام دے رہے ہیں۔

ایمزٹی وی(لاہور)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ستمبر سے ملک بھر میں حکومت مخالف احتجاجی جلسے، جلوس اور احتجاجی ریلیاں نکالنے کیلئے حکمت عملی بھی طے کر لی ہے۔

بلاول نے پیپلزپارٹی کی صوبائی اور ضلعی تنظیموں کو بھی تیاریاں کر نے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلاول عوامی میدان میں اترنے سے پہلے ستمبر تک تمام صوبائی صدور نامزد کریں گے۔ تنظیمیں مکمل ہونے کے بعد بلاول بھٹو ملک گیر دورے کریں گے، جلسوں اور ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔ عوامی میدان سجانے سے قبل بلاول اگست میں یورپ کا دورہ بھی کریں گے۔

ایمزٹی وی(کراچی) نو منتخب وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا جب کہ ان کا کہنا ہے کہ اب صوبے میں طرز حکمرانی سمیت ہر شعبے میں تبدیلی نظر آئے گی اور میری ترجیحات میں صرف اور صرف عوامی خدمت شامل ہوگی۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیرصدارت ہوا جس میں اراکین نے مراد علی شاہ کو نیا قائد ایوان منتخب کیا جب کہ اس موقع پر پالیسی بیان دیتے ہوئے نومنتخب وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت خاص طور پر چیرمین بلاول اور شریک چیرمین آصف زرداری کا بہت شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کرکے وزیراعلیٰ کے لیے نامزد کیا، پوری کوشش کروں گا کہ اپنے ساتھیوں اور سندھ کے عوام کی امیدوں پر پورا اتروں۔

مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم قائد، پیر پگارا، وزیراعظم نوازشریف اور عمران خان سمیت دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اور (ن) لیگ نے ووٹنگ کے معاملے پر خاموشی اختیار کی لیکن یہ بھی ہاں ہوتی ہے اور انہوں نے خاموشی اختیار کرکے میری حمایت کی جس پر ان کا شکرگزار ہوں جب کہ تحریک انصاف ہارنے کے لیے الیکشن لڑنے کی عادی ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ترجیحات میں عوامی خدمت، عوامی خدمت صرف عوام کی خدمت شامل ہوگی جب کہ پوری کوشش کروں گا کہ ایوان کو ساتھ لے کر چلوں، مجھے ایوان کی مدد بھی چاہیے ہوگی کیوں کہ شاید اکیلا کچھ نہ کرسکوں۔

سندھ میں ایک قوم کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، خواجہ اظہار

نومنتخب وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کرپشن کوئی نیا مسئلہ نہیں لیکن اب صوبے میں طرزحکمرانی، کرپشن اور بیوروکریسی سمیت ہر شعبے میں تبدیلی نظر آئے گی جب کہ میرٹ پر افسروں کا تقرر یقینی بنایا جائے گا، کوشش ہوگی کہ صوبے میں ایسا طرز حکومت نافذ کیا جائے جس میں انتظامی ڈھانچے کو فعال بنایا جائے ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ تعلیم کے سلسلے میں ہم نے بہت کچھ کرنا ہے، 5 سے 6 ہزار بند اسکولوں کو فعال بناکر 55 فیصد بچے جو تعلیم سے محروم ہیں انہیں تعلیم دینی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ میں پروٹوکول کم سے کم رکھوں گا اور اتنی ہی سیکیورٹی ساتھ لے کر چلوں گا جتنی مجھے ضرورت ہو جب کہ سفر بھی ایسے وقت میں کروں گا جس سے شہریوں کو تکلیف نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری ترجیحات ہوں گی کہ ہر شہری خود کو محفوظ سمجھے اور ہر پیدا ہونے والا بچہ صحت مند ہو اور والدین اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دیں سکیں۔

مراد علی شاہ نے سیاست میں 2002 میں قدم رکھا

نومنتخب وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ قائم علی شاہ میرے استاد ہیں، ان سے بہت کچھ سیکھا ہے، ان کی جدوجہد سے سب واقف ہیں اور اس وقت پاکستان میں ایسا کوئی شخص نہیں جس کی سیاسی جدوجہد اتنی زیادہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ قائم علی شاہ کے دور میں مثالی امن قائم ہوا اور امن و امان کی صورتحال ان کے دور میں بہت بہتر ہوئی لیکن میں کوشش کروں گا کہ امن وامان کی صورتحال اس سے مزید بہتر بناؤں کیوں کہ اس میں اور بہتری کی گنجائش ہے۔ مراد علی شاہ نے اسمبلی اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیں سب ساتھ مل کر صاف کراچی اور محفوظ سندھ کے لیے کرم کریں، سندھ بے پناہ ذخائر سے مالا مال ہے لیکن چیلنجز بھی بہت زیادہ ہیں جب تک ہم سب ساتھ ہوں گے تو مسائل بھی خوش اسلوبی سے حل ہوجائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں مراد علی شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ان سے حلف لیا۔ تقریب میں پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ،سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اور قمر زمان کائرہ سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے حلف اٹھانے کے بعد مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ میں ابتدائی طور پر 7 وزرا کو شامل کیا جائے گا جن میں نثار کھوڑو، مخدوم جمیل الزماں، سہیل انور سیال، ناصر شاہ، گیان چن، سکندر میندھرو اور جام مہتاب ڈہر شامل ہیں جو آج اپنی وزارتوں کا حلف اٹھائیں گے جن میں مخدوم جمیل الزماں کیبنٹ کے سینئر وزیر ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ کابینہ میں فی الحال 3 مشیر ہوں گے جن میں مولا بخش چانڈیو، مرتضیٰ وہاب اور قیوم سومرو شامل ہیں جب کہ وزارت داخلہ کا قلمدان مراد علی شاہ اپنے پاس ہی رکھیں گے۔

قبل ازیں سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی۔ وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز ہونے کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے مراد علی شاہ اور تحریک انصاف کے خرم شیرزمان کے درمیان مقابلہ تھا۔ ووٹنگ کے دوران اپوزیشن جماعت مسلم لیگ فنکشنل کے اراکین نے وزیراعلی کے چناؤ کے لیے کی جانے والی ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا اور ایوان سے باہر چلے گئے۔

وزارت اعلیٰ کےانتخاب کے لیے مجموعی طور پر 91 ووٹ ڈالے گئے جس میں سے پیپلزپارٹی کے امیدوار مراد علی شاہ 88 ووٹ لے کر نئے قائد ایوان منتخب ہوگئے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار نے صرف 3 ووٹ حاصل کئے۔ نئے قائد ایوان منتخب ہونے پر اسپیکر اور اراکین نے مراد علی شاہ کو مبارکباد پیش کی جب کہ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے اراکین نے سابق وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔

نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 1937 میں سندھ کی ممبئی سے علیحدگی کے بعد سندھ کے 32 ویں اور 1947 میں قیام پاکستان کے بعد سندھ کے 27 ویں وزیراعلیٰ ہیں جب کہ مراد علی شاہ کے والد سید عبداللہ شاہ بھی سندھ کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔