ھفتہ, 18 مئی 2024

ایمزٹی وی(کراچی) عدالت سے فرار ہونے کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے تھانے جاکر گرفتاری پیش کردی۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں دہشت گردوں کی معاونت اور ان کے علاج سے متعلق کیس میں ملزمان کی عبوری ضمانت کی توثیق کی درخواستوں کی سماعت ہوئی، عدالت نے پہلے سے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تمام درخواستیں مسترد کیں تو عدالتی فیصلے کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل اپنی گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوگئے تاہم ای سی ایل میں نام ڈالے جانے کے بعد انہوں نے تھانہ بوٹ بیسن میں گرفتاری پیش کردی۔

تھانہ بوٹ بیسن میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے قادر پٹیل کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کے بعد فرار ہونے کا تاثر دینا درست نہیں، کیس کی سماعت کے دوران 20 سے 25 منٹ تاخیر سے پہنچا تھا اورعدالت پہنچا تو کورٹ کا دروازہ بند تھا اور اندر جانے بھی نہیں دیا جارہا تھا جب کہ آج عدالتی ریکارڈ پر میری غیرحاضری موجود ہے جس کے بعد چند دوست اور وکلا باہرآئے تو انہوں نے بتایا کہ درخواست ضمانت مسترد ہوگئی اس لئے ہائیکورٹ سے رجوع کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرعدالت سے فرار ہونا ہوتا تو میں لندن سے کیوں واپس آتا ، کیس کا سامنا کرنے کے لئے لندن سے علاج ادھورا چھوڑ کر واپس آیا،عدالتوں سے بھاگنے والے نہیں بلکہ احترام کرنے اور کیسز کا سامنا کرنے والے ہیں، انسان کا ذہن اور ضمیرصاف ہوتو اسے کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، کوئی جرم نہیں کیا اور زندگی میں کبھی دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا بھی کبھی کوئی کیس نہیں بنا تو اس کیس سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ مزید پڑھیے: دہشت گردوں کی معاونت؛ وسیم اختر، رؤف صدیقی اور انیس قائم خانی گرفتار

اس سے قبل بات کرتے قادر پٹیل کا کہنا تھا کہ وہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں اور کسی صورت گرفتاری نہیں دیں گے جب کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ جاؤں گا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے عبدالقادر پٹیل کے عدالت سے فرار ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا اور پولیس کو ہدایت کی تھی کہ عبدالقادرپٹیل کو گرفتار کرکے قانون کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔

ایمزٹی وی(تعلیم)بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے ملازمین نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر اختر بلوچ کی کرپشن اور اپنے خاندان کے لوگوں کی غیرقانونی بھرتیوں ،میڈیکل الائونس ،ہائوس سیلنگ الائونس اور دیگرمطالبات کے ساتھ یونیورسیٹی کے وی سی آفس کے باہر دھرنا دیا اور تمام دفاترمیں تالابندی کرواکروی سی کادفتربھی خالی کروادیا۔ یونیورسٹی میں تالا بندی کرنے کے بعدملازمین نے لیاری یونیورسٹی سے کراچی پریس کلب کی طرف پیدل مارچ کیا اورپریس کلب کے باہرعلامتی دھرنادیا۔اس موقع پروی سی لیاری یونیورسٹی کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ دھرنے سے حمید بلوچ ، شبیرسوہو ،فضا قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وی سی اپنی کرپشن چھپانے کے لیے ملازمین کو دبانا چاہتے ہیں اورہمارے جائز مطالبات ماننے کے بجائے انتقامی کارروائیاں کررہے ہیں ،انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ، وزیراعلی سندھ اور گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ بے نظیر بھٹو شہید کے نام پر بننے والی یونیورسٹی کو کرپشن کی نذرہونے سے بچایا جائے اورکرپٹ وائس چانسلراختربلوچ جس پرنیب میں بھی سخت کرپشن کے کیسز چل رہے ہیں کو فی الفور ہٹایا جائے اور کوئی ایماندار وائس چانسلرتعینات کیا جائے

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس ہوا جس میں پاناما لیکس کے معاملے پر حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاجی تحریک کی تجویز مسترد کرنے اور ٹی او آر پر حکومت سے مزید مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ اپوزیشن نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے پارلیمنٹ میں بل لانے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کے استعفیٰ پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں پاناما پیپرزانکوائری ایکٹ بل لایا جائے گا جس کا نام پاناما لیکس انکوائری ایکٹ رکھا جائے گا جب کہ بل سینیٹ کے اسی سیشن میں پیش کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے لیکن یہاں وزیراعظم کے مقابلے میں وزرا کا رویہ مختلف ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ٹی او آر کے معاملے پر حکومت کارویہ غیر مناسب تھا کیوں کہ ہمیں کہا گیا کہ وزیراعظم کی واپسی پراپوزیشن سے رابطہ کریں گے لیکن ٹی او آر کے معاملے پر حکومت کی آگے بڑھنے کی نیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بل مسترد ہوا تو صوبائی اسمبلیوں میں پیش کیا جائے گا اور قومی اسمبلی کے ہراجلاس میں ٹی اوآر کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں میں اتفاق ہے.

ایمزٹی وی(آزادکشمیر)آزاد کشمیر میں انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہوجائے گی ، قانون ساز اسمبلی کی 41 نشستوں کیلئے پولنگ21 جولائی کو ہوگی ۔ برسر اقتدار پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون میں کانٹے کا مقابلہ ہے ۔ تحریک انصاف بھی اپنی موجودگی کا احساس دلا رہی ہے ۔ سندھ میں دو نشستوں پر ایم کیو ایم اپنی برتری قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہے ۔ شفاف انتخابات کیلئے پولنگ کے دن پاک فوج کے سترہ ہزار جوان بھی فرائض انجام دیں گے
اکیس جولائی جمعرات کو چھبیس لاکھ سے زائد ووٹر اپنے نمائندے چنیں گے ۔ پانچ ہزار چار سو ستائیس پولنگ آسٹیشن قائم کیے گئے ہیں ۔ ایف سی اور پنجاب کانسٹیبلری کے ساتھ پاک فوج کے سترہ ہزار جوان بھی فرائض انجام دیں گے۔

  • ایمزٹی وی(آزادکشمیر)جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیر ضلع کراچی کا اجلاس راجہ محمد صغیر کی زیر صدارت گزشتہ روز منعقد ہوا۔اجلاس میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لیے 21جولائی کو ہونے والے انتخابات میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے مرکزی نظم کے فیصلوں کی پاسداری کا اعادہ کیا گیا۔ مرکزی نظم نے ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کیساتھ بعض نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ /اتحاد کا فیصلہ کیا ہے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایل اے 30جموں1ودیگر اور ایل اے 36وادی1پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کی جائے گی۔اجلاس میں تمام کارکنان اور ووٹرز سے اپیل کی گئی ہے کہ مذکورہ دونوں حلقوں میں مسلم لیگ (ن)کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔

ایمزٹی وی(آزادکشمیر)وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ مودی کے دوست ہمارا راستہ نہیں روک سکتے ۔زندہ کھالیں اتروانے والوں کی اولادوں کے ضمیروں کو خریدنے والے فضول مشق میں مصروف ہیں ۔تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں خرید و فروخت کی منڈیاں قائم کرنے والوں کے عزائم پورے نہیں ہوں گے ۔آزادکشمیر میں انتخابات پی پی پی ہی جیتے گی ۔پیپلزپارٹی کا راستہ روکنے کے تمام گٹھ جوڑ اور ہتھکنڈے ناکام ہوں گے ۔عوام ہماری طاقت ہیں کسی کو بھی عوام کا مینڈیٹ چوری نہیں کرنے دیں گے ۔ حلقہ انتخاب میں مجھے ہرانے کے لیے 35کروڑ تقسیم کیے گئے ۔جعلی اسکیمیں دی گئیں عوامی منصوبوں کے خلاف حکم امتناعی لیا گیا ۔مگر میں انتخابات میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط کر ائوں گا اور انہیں نشان عبرت بنائوں گا ۔خدمت خلق ہی میری سیاست کا محور ومرکز ہے جب تک زندہ ہوں عوام کی خدمت کرتا رہوں گا اور عوام مجھے سرخرو کرتے رہیں گے ۔عوام کے حقوق کا محافظ ہوں عوامی حقوق پر کبھی کمپرومائز نہیں کروں گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ن لیگ کا دھونس دھاندلی کا منصوبہ ناکا م ہوگا ہم گلگت بلتستان طرز کا ڈرامہ آزادکشمیر میں نہیں کرنے دیں گے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر اپنے حلقہ انتخاب چکسواری میں کارنر میٹنگز سے خطاب کر رہے تھے ۔ چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی سطح پر ناکام ہوچکی ہے آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم کرنے کی وفاقی وزراء کی کوششیں ناکا م ہوں گی ۔تحریک انصاف آزادکشمیر میں مکمل فلاپ ہوچکی ہے ۔تحریک انصاف کا کوئی امیدوار اسمبلی تک نہیں پہنچ سکتا یہ فوٹو سیشن کی پارٹی ہے ۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام نے منفی سیاست کو مسترد کر دیا ہے مخالفین کو بھی اندازہ ہوگیا ہے کہ پی پی پی انتخابات جیت چکی ہے ۔مصنوعی گٹھ جوڑ اور سازشوں کے ذریعے اب پیپلزپارٹی کا راستہ روکا نہیں جاسکتا ۔

ایمزٹی وی(آزادکشمیر)وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے جرات مندانہ موقف اختیار کرنے پر خراج تحسین پیش کیااورکہاکہ پاک افواج اہل کشمیر کی عزت وناموس کی محافظ ہیں ۔ اہل کشمیر پاک افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور ہرقسم کی قربانی کاعزم رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیرکے حوالے سے جرات مندانہ موقف اپنائے اور کشمیرایشو کوفوکس کرے ۔ سرکاری ٹی وی ن لیگ کی تشہیری مہم کے بجائے کشمیریوں کے لہوکو اجاگر کرے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کشمیرایشوکے حوالے سے جوجرات مندانہ اورحقیقت پسندانہ موقف اختیار کیاہے اس نے بھارتی اقتدار کے ایوانوں کو ہلاکررکھ دیاہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کے خطاب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد کونیاجوش وولولہ ملا۔ وزیراعظم نے کہاکہ کشمیری شہداء کا لہورائیگاں نہیں جاسکتا ہم کشمیری شہداء کے وارث ہیں۔ ہربین الاقوامی فورم پرکشمیرایشوکواجاگرکرتے رہیں گے ۔ بھارت ریاستی دہشتگردی کے ذریعے تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا ، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی منظم نسل کشی پر بھارتی حکمرانوں کے خلاف آج یوم سیاہ منایا جائے گا ، آزادکشمیر سمیت دنیابھرمیں آباد کشمیری عوام بھارت کے خلاف احتجاجی جلسے جلوس منعقد کریں گے اور اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیرکی طرف دلوائیں گے چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پیپلزپارٹی آزادخطہ کے عوا م کی ترقی وخوشحالی کیلئے کوشاں ہے ، ماضی کے حکمرانوں نے عوام کا استحصال کیا۔ عوام کوبرادریوں اور قبیلوں میں الجھاکرپسماندہ رکھا۔ وزیراعظم نے کہاکہ اب روپ بدل کرماضی کے حکمران عوام کودھوکہ دے رہے ہیں آزاد کشمیر میں سیاسی سوداگروں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا اسلام گڑھ میں 19 جولائی کومرکزی جلسہ ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ریاستی تشخص پامال کرنے والوں کاراستہ روکیں گے ۔

ایمزٹی وی(آزادکشمیر)راولا کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا دوست مودی کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور ریاستی دہشت گردی پر مودی کو میاں صاحب کی خاموش حمایت حاصل ہے لیکن عوام (ن) لیگ کا جھرلو آزاد کشمیر میں نہیں چلنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے مہنگے منصوبے عوام کی فلاح کے لیے نہیں بلکہ اتفاق فاؤنڈری کی ترقی کے لیے ہیں جب کہ نوازشریف لیڈرنہیں بزنس مین ہیں وہ صرف اپنا مفاد دیکھتے ہیں، نواز شریف نے 3 سال میں آف شور کے علاوہ کوئی یونیورسٹی نہیں بنائی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غیرآئینی بجٹ کی کوئی اہمیت نہیں کیوں کہ اس میں صوبوں کو نظرانداز کیا گیا جب کہ عوام مسائل میں گھرے ہوئے ہیں اور وزیرخزانہ دال کی جگہ مرغی کھانے کا کہتے ہیں، روٹی کی جگہ کیک کے مشورے پرانقلاب فرانس ہوا اب ایسے ہی تخت لاہور کے خلاف بھی انقلاب آسکتا ہے کیوں کہ میاں صاحب کا جانا ٹھہر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دربدر پھرنے والے رہنماؤں کی ضرورت نہیں بلکہ مشکل حالات میں کھڑے ہونے والی قیادت کی ضرورت ہے جب کہ شفافیت پر یقین رکھتا ہوں اس لیے کرپشن نہیں کرنے دوں گا، خراب حالات کے باوجود سندھ حکومت کی کارکردگی پنجاب سے بہتر ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیر میں رائے شماری کا وعدہ پورا کرے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی نے 8 جولائی کوعبد الستارایدھی کے انتقال کی مناسبت سے قومی یوم انسانیت قرار دینے کے لیے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں پیپلزپارٹی کے تمام ارکان کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عبدالستارایدھی قومی ہیرو ہیں، انہوں نے دنیا بھرمیں انسانیت کیلیے گراں قدرخدمات انجام دیں، جس پر قوم کا منتخب ایوان عبدالستار ایدھی کی وفات پر ملال کا اظہار اور انسانیت کے لیے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ انسانیت کی بھلائی کے لیے عبدالستارایدھی کی خدمات کے اعتراف میں ہرسال ان کے یوم وفات کی مناسبت سے 8 جولائی کو یوم ایدھی، نیشنل چیریٹی ڈے اور قومی یوم انسانیت قرار دیا جائے۔

ایمزٹی وی(آزادکشمیر)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ آزادکشمیرمیں قتل وغارت کے ذمہ داروفاقی وزراء ہیں ، ہم نے پانچ سالوں میں اخوت بھائی چارے اور رواداری کی سیاست کی، اپوزیشن کو ساتھ لے کرچلے ، آزادکشمیر کو تحریک آزادی کا صحیح معنوں میں بیس کیمپ بنایا۔ وفاقی وزراء نے بھمبر سے اشتعال انگیزی کی ابتدا کی اور آج سارےآزادکشمیر میں کشیدگی ہے ، عوام نے وفاقی وزراء کا ایجنڈاناکام بنادیاہے ،وفاقی وزراء آزادکشمیرکے گلی کوچوں میں نجانے کیاڈھونڈرہے ہیں،انہیں آزاد کشمیر سے کچھ نہیں ملنے والا۔ آزادکشمیرکے عوام باشعور ہیں اورعوام کا استحصال کرنے والوں کے چہروں کو پہچانتے ہیں، 21 جولائی کو عوام ان اقتدار پرستوں کے غباروں سے ہوانکال دیں گے اور انھیں ان کی اصل اوقات یاد دلادیں گے ،21 جولائی کو پیپلزپارٹی آزادکشمیر میں کلین سویپ کریگی۔ وزیراعظم یہاں اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف کارنرمیٹنگز اور خواتین کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ وفاقی وزراء کو اندازہ ہوگیاہے کہ پیپلزپارٹی الیکشن جیت چکی ہے اب وفاقی وزراء بوکھلاہٹ میں آزاد کشمیر کو بھی صوبہ سمجھنے لگے ہیں اور وہ آزادخطہ کے پرامن ماحول کوخراب کررہے ہیں،وفاقی وزراء ہمیں دھمکیاں دے کرنہ ڈرائیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اور آزادکشمیر کا اقتدار کشمیری شہداء کی امانت ہے ، ہم کشمیری شہداء کے لہوکورائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔دریں اثناء وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت کشمیریوں کے قتل وغارت حریت قیادت کی گرفتاریوں ، نظربندیوں اورکرفیوکے نفاذکی شدید مذمت کرتے ہوئے آزادی پسند دنیاسے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں ریاستی عوام کا قتل عام بند کرائیں اورریاست جموں وکشمیر کے عوام کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی دلائیں، وزیراعظم نے کہاکہ بھارت بھی جان لے کہ کشمیری شہداء کا لہورائیگاں نہیں جاسکتا، جبروتشدد قتل وغارت سے اب کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روکاجاسکتا۔