پیر, 06 مئی 2024

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان پپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پارٹی میں موجود سینئر رہنماؤں کو ہٹا کر تجربے کار لوگوں کو لانے کا ارادہ کیاہے ذرائع کے مطابق کرپشن میں ملوث سینئر صاحبان کو مرحلہ وار پارٹی عہدوں سے فارغ کردیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے آئندہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ جب کہ ضمنی الیکشن کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرے گی کہ پیپلز پارٹی کو این اے 122 کے حلقے سے اتنے کم ووٹ پڑنے کی وجہ کیا تھی، اس اجلاس میں ہی شریک چیئرمین آصف زرداری کے حوالے سے پارٹی عہدے کا فیصلہ کیا جائے گا کہ وہ پیپلزپارٹی میں کون سے عہدے کے طلب گار ہیں۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پلڈاٹ نے حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر رپورٹ پیش کردی۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف 75 فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف 70 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ عمران خان کی ریٹنگ 49 فیصد اورآصف علی زرداری کی27 فیصد ہے۔آئی این پی کے مطابق سروے میں75فیصد لوگوں نے پاک فوج کو قابل بھروسہ ادارہ قرار دیا، جبکہ پولیس32فیصد ریٹنگ کیساتھ سب سے کم قابل اعتماد ادارہ ہے، سروے میں اکثریت نے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بھی پہلے سے بہترقرار دیاجبکہ66فیصد لوگوں نے جمہوری معیار کو بہترین سمجھا، 44 فیصد لوگوں نے تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہارکیاجو گزشتہ سال کی نسبت کم ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایاگیا ہے کہ صوبائی اور قومی اسمبلیوں کے دو سال مکمل ہونے پرکوالٹی آف ڈیموکریسی اِن پاکستان کے بارے میں پاکستان بھر سے عوامی رائے عامہ سروے میں بتایا گیا ہے کارکردگی کے اعتبار سے مسلم لیگ (ن) عوام کی رائے کے مطابق70فیصد، پی ٹی آئی44 فیصد اور پی پی36 فیصد ہے۔ گزشتہ سال کی نسبت اس سال انتخابات13ء کودھاندلی سمجھنے والوں کی تعداد میں7فیصد کی کمی ہو چکی ہے،کوالٹی آف ڈیموکریسی اِن پاکستان کے11 اعشاریے میں سے 6 اعشاریے واضح طور پر مثبت ہیں، مجموعی طور پر جمہوریت کی کوالٹی کے معیار میں پچھلے سال کی نسبت 10فیصد بہتری آئی ہے جبکہ حکومت کی کارکردگی، میڈیا کی آزادی، سپریم کورٹ کی اثر پذیری، کابینہ کی کارکردگی، سیکیورٹی سیکٹر، انسانی حقوق کے احترام اور ریاست کی خودمختاری کے اعشاریے مثبت بہتری کی طرف گامزن ہیں۔

ایمز ٹی وی(چار سدہ)زرائع کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمراں باریاں لیتے رہتے ہیں،اس حکومت کو دو سال ہونے کو آئے ابھی تک انکے وعدے پورے نہ ہوئے،ہنی مون کا وقت ختم ہوا اب باتیں ہونگی کچھ حساب کتاب کی،انہوں نے کہا کہ غریبوں نے اے این پی ،پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا ساتھ دیا لیکن انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا،ہم فلاحی پاکستان بنانا چاہتے ہیں طبقاتی تعلیمی نظام اور اقرباء پروری کا خاتمہ کریں گے

ایمز ٹی وی(لاڑکانہ)پیپلز پارٹی کے بانی رہنماء ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر ہونیوالا جلسہ منسوخ کردیا گیا ہے، پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ جلسہ شدید بارشوں کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے۔

ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق خراب موسم اورشدید بارشوں کے باعث برسی کی تقریبات محدود سطح پر نوڈیرو ہاؤس میں ہوں گی، جس میں پارٹی رہنماء، اراکین صوبائی، قومی اسمبلی اور سینیٹ ارکان شرکت کریں گے۔لاڑکانہ، سکھر ، بینظیر آباد،اور دادو سے تعلق رکھنے والے کارکنان بھی تقریب میں شرکت کریں گے، دیگر اضلاع میں مقامی طور پر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔مرکزی تقریب سے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور دیگر رہنما خطاب کریں گے

ایمز ٹی وی(کراچی)یپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے قومی امور پر مشاورت کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو آج بلاول ہاؤس مدعو کرلیا۔

آسف علی زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کے سربراہوں کو دعوت دی ہے جو سہ پہر 3 بجے سر جوڑ کر بیٹھیں گے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں یمن کی تازہ صورتحال سمیت دیگر ملکی مسائل پر غور کیا جائے گا اور اس حوالے سے تجاویز پیش کی جائیں گی

ایمز ٹی وی(کراچی)کراچی میں سیاسی سرگرمیوں کے بڑے مرکز اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین کی رہائش گاہ بلاول ہاؤس کےاطراف سے رکاوٹیں ہٹادی گئیں۔

کے ایم سی کے عملے نے بھاری مشینری کے ساتھ رات گئے بلاول ہاؤس کے اطراف آپریشن شروع کیا۔

بلاول ہاؤس کے اطراف سے کے ایم سی عملہ رینجرزکی موجودگی میں رکاوٹیں ہٹارہاہے۔ آپریشن کی نگرانی ڈی سی ساؤتھ کر رہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین سابق صدر آصف زرداری نے خود اپنی رہائش گاہ بلاول ہاؤس کے اطراف سے بیریئرز ہٹانے کی ہدایت کی تھی۔ جس پر بلاول ہاؤس کے اطراف سے رکاوٹیں ہٹائی جارہی ہیں

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) سابق وزیراعظم اور پاکستان پیلپزپارٹی کی مقتول رہنما بینظیر قتل کیس کے اہم گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کو جاری سمن کی تعمیل نہ ہوسکی، امریکی صحافی نے پاکستان آکر بیان ریکارڈ کرانے سے انکار کردیا، جب کہ دوسری جانب کیس کی سماعت کرنے والے جج کو پانچویں بار تبدیل کردیا گیا۔

سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے  قتل کیس کی سماعت آج انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں نمبر ایک میں ہو نا تھی، تاہم کیس کی سماعت کرنے والے جج  جسٹس پرویز اسماعیل  کو تبدیل کردیا گیا،  جسٹس پرویز اسماعیل جوئیہ بے نظیر قتل کیس کی  سماعت کرنے والے پانچویں جج تھے، انہیں چکوال کی سیشن عدالت کا جج تعینات کردیا گیا ہے۔ کیس کی سماعت چھ اپریل تک ملتوی کردی گئی ہے۔ 

دوسری جانب  کیس کے اہم گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کو جاری سمن  کی  تعمیل نہ ہوسکی،ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر کے مطابق  سیکیورٹی خدشات کے باعث مارک سیگل نے پاکستان آنے سے انکار کردیا۔

پاکستان آنے سے متعلق غیر ملکی صحافی کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے پر جان کا خطرہ لاحق ہے، میرا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے امریکا یا برطانیہ سے ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔مارک سیگل نے یہ جواب بینظیر بھٹو قتل کیس میں پراسیکیوٹر ٹیم کی جانب سے رابطے پر دیا ۔  سمن سے متعلق  ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ  صحافی کو سمن کی تعمیل کیلئے کم از کم پانچ روز دیئے جائیں۔  واضح رہے کہ امریکی صحافی مارک سیگل نے بینظیر بھٹو کے قتل کا ذمہ دار سابق صدر پرویز مشرف کو قرار دیا تھا

ایمز ٹی وی(اسلام آباد)چیئرمین سینیٹ کون ہوگا، حکمراں جماعت اور پیپلزپارٹی کے درمیان اصل معرکہ ہوگا، دونوں جماعتوں کو بظاہر پینتالیس پینتالیس ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

شکایات، اعتراضات اور الزام تراشیوں کی گھن گھرج کے ساتھ سینیٹ الیکشن ہوگئے، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمراں جماعت باون میں سے اٹھارہ نشستوں پر کامیاب ہوگئی، پیپلزپارٹی نے بھی آٹھ نشستوں پر میدان مارلیا ہے موجودہ صورتحال میں ن لیگ کی ایوانِ بالا میں مجموعی نشستوں کی تعداد چھبیس ہوگئی جبکہ سینیٹ میں پیپلزپارٹی کے ارکان کی تعداد ستائیس ہوگئی ہے، یوں چیئرمین سینیٹ کےلئے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کےدرمیان اصل معرکہ ہوگا

حکمراں جماعت کو ایوانِ بالا میں عوامی نیشنل پارٹی کے سات نیشنل پارٹی کے تین اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے تین ارکان کی حمایت حاصل ہوگی یعنی ن لیگ کے سینیٹ میں انتالیس ووٹ بظاہر پکےنظر آتے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کو ایم کیوایم کے آٹھ اور ق لیگ کے چار ارکان کی یقینی حمایت کا امکان ہے، اس طرح پیپلزپارٹی کو انتالیس نشستیں ملنے کا امکان ہے

ایسی صورتحال میں جمیعت علمائے اسلام ف، تحریک انصاف اور آزاد ارکان کی اہمیت انتہائی اہم ہوگئی ہے، اگر فضل الرحمان ن لیگ کے ساتھ جاتے ہیں تو امکان ہے کہ جماعت اسلامی بھی حکومت کا ساتھ دے گی، اسطرح ن لیگ

 کی نشستوں کی تعداد پینتالیس ہوجائے گی

اگرعمران خان نے پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا تو پی پی کو بھی پینتالیس ارکان کی یقینی حمایت حاصل ہوگی، ایسی صورتحال میں اگرعمران خان نے پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا تو پی پی کو بھی پینتالیس ارکان کی یقینی حمایت حاصل ہوگی، ایسی صورتحال میں سینیٹ میں موجود چھ آزاد ارکان کی کروٹ چیئرمین سینیٹ کے حتمی انتخاب کیلئے سب سے اہم ہوجائےگی جبکہ فاٹا کی چار نشستوں پر انتخاب ہونا ابھی باقی ہے۔

ایمز ٹی وی(لاہور) سینیٹ انتخابات میں پنجاب میں پیپلزپارٹی کے ندیم افضل چن کو ووٹ دینے والوں میں ن لیگ کے دو صوبائی رکن بے نقاب ہو گئے۔ دونوں ایم پی ایز نے ذاتی رنجشوں کا بدلہ ندیم افضل چن کو ووٹ دے کر چکا دیا۔

سینیٹ الیکشن کے دوران پنجاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار ندیم افضل چن کو ووٹ ڈالنے والے نون لیگ کے ارکان کے نام سامنے آ گئے ہیں۔ فیصل آباد سے صوبائی رکن رانا شعیب ادریس نے تھانہ حملہ کیس میں مدد نہ کرنے کا غصہ ندیم چن کو ووٹ دے کر نکالا جبکہ ندیم افضل چن کو ووٹ دینے والے دوسرے ایم پی اے کا تعلق بھی پی پی 59فیصل آباد سے ہی ہے صوبائی رکن عارف محمود گل بھی جعلی ڈگری کے مماملہ پر قیادت کے عدم تعاون پر ناراض تھے۔ ذرائع نے مزید بتایا رانا شعیب اور عارف گل کو بغاوت پر اکسانے میں آزاد رکن احسن فتیانہ نے اہم کر دار ادا کیا۔ احسن فتیانہ تحریک انصاف کے رہنما ریاض فتیانہ کے بیٹے ہیں۔ ذرائع کے مطابق رانا ثناء اللہ بھی معاملہ کی جڑ تک پہنچ گئے اور ایسے مزید ارکان کی تلاش جاری ہے جنہوں نے پارٹی لائن کے برعکس ووٹ ڈالے۔ کمیٹی نے دونوں باغیوں کی اطلاع وزیر اعلی شہباز شریف کو دے دی۔ واضح رہے گزشتہ روز سینٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار ندیم افضل چن کو دس ن لیگی ارکان کے ووٹ پڑ گئے تھے جو مسلم لیگ ن کے لئے بڑا اپ سیٹ تھا۔

ایمز ٹی وی (کراچی) شرمیلا کا کہنا ہے کہ شادی کی خوشی ہے لیکن پارٹی انکی ترجیح ہے۔ شرمیلہ فاروقی زندگی کے حسین دن مصروفیات اور ہلہ گلہ چھوڑ کر شادی کے روز سینیٹ کے انتخاب میں ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے  سندھ اسمبلی جا پہنچیں۔