جمعہ, 05 جولائی 2024

 


ایمزٹی وی(راولپنڈی) سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف 39 اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ بن گئے ہیں جب کہ معاہدے کی تصدیق وزیردفاع خواجہ آصف نے کردی ہے

ذرائع کے مطابق وزیردفاع خواجہ آصف نے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے 39 اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ بننے کے معاہدے کی تصدیق کردی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ معاہدے کی حتمی شکل سے پہلے قانونی عمل کی پیروی کی گئی جب کہ وزیراعظم نواز شریف بھی مشاورت میں شامل تھے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ راحیل شریف کی تقرری کا معاملہ کچھ عرصے سے زیرغورتھا تاہم وہ اب باقاعدہ طور پر 39 اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ بن گئے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی ۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین لاقوامی تعاون اہمیت کا حامل ہے ۔ادھر برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ امن کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں ۔

 

 


ایمزٹی وی(خضدار)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ مسترد کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی طرح کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے جب کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارت کے دوبارہ ممکنہ سرجیکل اسٹرائیک کوبھی مسترد کردیا اور ان کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف دعویٰ کرکے خود کو دھوکا دے رہے ہیں۔

اس سے قبل پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق خضدارمیں تقریب سے خطاب کے دوران آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور بلوچستان میں ہر قیمت پر امن قائم کریں گے، پاک فوج بلوچستان میں امن قائم کرنے کے لئے ہراقدامات کرے گی۔

آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان میں 30 ہزارفوجی جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، بحریہ، فضائیہ سمیت دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں میں بھی بلوچستان کے نوجوانوں کو نمائندگی دی گئی ہے، بلوچستان میں 25 ہزار بچے ایف سی اور آرمی پبلک کے زیرانتظام تعلیم حاصل کررہے ہیں، کوئٹہ میں بھی انجینیرنگ یونیورسٹی کا کیمپس بنایا جارہا ہے۔

 

واضح رہے بھارت کے نئے آرمی چیف جنرل بپن راوت نے گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک ایک ضروری پیغام تھا اور مستقبل میں ایسی کارروائیوں کے امکان کومسترد نہیں کیا جا سکتا۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزرات داخلہ نے دہشتگرد کے 40 مزید مقدمات کارروائی کیلئے پاک فوج کو منتقل کردئیے ہیں،مقدمات وزیراعظم کی منظوری کے بعد پاک فوج کے ادارے جیگ برانچ کو بھیجے گئے ہیں۔

آرمی چیف نے دہشتگردوں کی موت کی توثیق کردی

تفصیلات کے مطابق پنجاب اورخیبرپختونخواحکومتوں نے و زارت داخلہ مقدمات کو ارسال کیے جن کاوزرات داخلہ کی اعلی سطحی کی کمیٹی نے جائزہ لیتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سے منظوری لے کر دہشتگردی کے 40مقدمات پاک آرمی کی جیگ برانچ کے حوالے کرد ئیے ہیں۔ جبکہ وزرات داخلہ نے جج ایڈووکیٹ جنرل برانچ کوخط لکھا ہے کہ مقدمات پر فوری طور پر کارروائی کی جائے ۔

 

 


ایمزٹی وی(سندھ) آصف علی زرداری نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں اس خوشخبری کی بات کرنا چاہتا ہوں جس کا میں نے وطن واپسی پر وعدہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوابشاہ سے اپنی بہن فریال تالپور کی نشست سے اور بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ سے ایاز سومرو کی نشست سے ضمنی انتخابات لڑیں گے اور پارلیمینٹ میں جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جمہوریت کی خاطر سیاست کی خاطر اور پاکستان کو بچانے کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ ہمیں یہ افسوس کیساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اب اس مغل بادشاہ کو ہم نہیں چھوڑیں گے اور اس بات پر ہمارا اٹل فیصلہ ہے ۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ میاں صاحب کو یہ سیاست امانت سمجھ کر دی تھی، آپ یہ الیکشن جیتے تھے اور صرف امانت سمجھ کر سیاست سونپی تھی کیونکہ آپ کے ساتھ مل کر ہم نے ہر فیصلہ کیا تھا۔ پارلیمینٹ میں دونوں جماعتوں نے مل کر فیصلے کئے تھے۔ 18 ویں ترمیم سمیت دیگر فیصلوں پر دونوں نے حامی بھری تھی لیکن افسوس آپ نے ان سب وعدوں کو بھلا دیا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور عدالتوں سے کوئی خوف نہیں ہے ،ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا اور مستقبل میں بھی اسی ہی پالیسی پر گامزن ہوں گے لیکن حکومت کو اپنے ججوں اور کورٹس کا وقار بلند کرنا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ اب عوام ہوشیار ہو گئی ہے ،پنجاب بھی پڑھا لکھا پنجاب ہے ،انہیں لیپ ٹاپ کوئی بھی دے مگر یہ لیپ ٹاپس پر دیکھ رہے ہیں کہ ترقیاتی منصوبوں پر کیا خرچہ آرہا ہے اور کونسے کام ہو رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں پیٹرول کی قیمت150ڈالر پر بیرل تھی لیکن میاں صاحب کے دور میں تیل کی قیمت سستی ہے پھر بھی مہنگائی میں کمی نہیں آرہی ۔آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ ٹرینیں بنا سکتے ہیں تو جہاز کیو ں نہیں لے سکتے ،لوگوں کو ٹرینوں سے زیادہ جہازوں کی ضرورت ہے کیو نکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قومی ائیر لائن کی پرواز پر سفر کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بھی سب جمہوری باتیں کیں ،بلاول نے کبھی بھی یہ نہیں کہاکہ دفن کردوں گا ،سڑکوں پر آکر پارلیمنٹ بند کردوں گا جس طرح دوسرے کہتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے ،ہم پارلیمنٹ بھی جائیں گے اور عدالتوں کے دروازے بھی کھٹکھٹائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے قطر سے گیس منگوائی اور ہم نے ایران سے تیل کا معاہدہ کیا ،قطر میں جو دو نمبر آدمی بیٹھا ہوا ہے اس کی وجہ سے مہنگے داموں گیس خریدی گئی ،ہم مہنگی گیس کیوں لے رہے ہیں ؟۔انہوں نے کہاکہ میاں صاحب آپ تاریخ پڑھیں تو پتہ لگے گا مغل بھی آپس میں لڑتے تھے اور شہزادوں میں جنگیں ہوتی تھیں ،آپ اس ملک کو کس قسم کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ میں تاثر دیا جاتا ہے کہ پنجاب میں میاں صاحب مضبوط ہیں ،اس بات کو میں نہیں مانتا ،2013کے انتخابات میں الیکشن مہم کے دوران مجھے دو ججوں نے نکلنے نہیں دیا اور کہا کہ آپ صدر ہیں جو غیر سیاسی عہدہ ہے ،اگر یہ غیر سیاسی عہدہ ہے تو اسے ختم کردو۔جس کو سارے صوبوں سے ووٹ ملتے ہیں وہ عہدہ غیر سیاسی کس طرح ہو سکتا ہے ،اگر اس طرح کی بات ہے کہ پھر پروفیسرز کو صدر بنا دیں ۔

سابق صدر نے کہا کہ ہمیں جمہوریت کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے ہمارے کتنے لوگ شہید ہوئے لیکن میاں صاحب کا آج تک جانور بھی زخمی نہیں ہوا،میاں صاحب ملک کے لیے قربانیاں دینی پڑتی ہیں صرف عیاشیاں آرام نہیں چلتا ،ہم نے ایسی ایسی جیلیں کاٹی ہیں جہاں آپ کے دوست جائیں تو پتہ چل جائے ۔ ہم وقت کے آمروں کے ساتھ لڑے مگر فوج کے خلاف آواز کبھی نہیں اٹھائی کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ فوج ایک با عزت ادارہ ہے،ہم ان سب چیزوں کو سوچ سمجھ کر سیاست چلاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ نے ہمارے ملک کا خانہ خراب کردیا ،کسی صدر کو رکن پارلیمنٹ بننے کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن ہم پارلیمنٹ میں آئیں گے ،ہم پارلیمنٹ میں آکر آپ کی کرسی نہیں کھینچیں گے لیکن آپ کو سمجھائیں گے ۔آصف علی زرداری نے کہا کہ ماضی میں جو اس تخت پر موجود تھا اس کو بھی ہم نے بغیر لڑے دودھ میں سے مکھی کی طرح نکال کر پھینک دیا ۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ہمیں کرسی کی ضرورت نہیں ،ہماری آپ سے اس ملک کے لیے اور معیشت کے لیے جنگ ہو گی ۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 13دہشت گردوں کو سزائے موت دینے کی توثیق کر دی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ملک کا امن تباہ کرنے والے 13دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ۔ ان ملزمان میں پریڈ لین اور باچاخان یونیورسٹی پر حملے کرنے والے ملزمان بھی شامل ہیں ۔ سزا پانے والے دہشت گردوں نے 325افراد کو شہید اور 336کو زخمی کیا ۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو سزائے موت فوجی عدالتوں نے دی جنہیں اب تختہ دار پر لٹکایا جائے گا ۔دہشت گرد پاک فوج ، سیکیورٹی اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث ہیں ۔ ان میں چارسدہ یونیورسٹی پر حملے میں ملوث دہشت گردی بھی شامل ہے ۔

سزائے موت پانے والے دہشت گردوں میں لطیف اللہ محسود، عرافات ،واحد ، اکبر ، ریاض ، نور اللہ ، عبدالرحمان ، سید رحیم ، نور محمد ، شیر علی ، قاسم شاہ،قادر فیصل اور عثمان شامل ہیں ۔

 

 

 

 


ایمزٹی وی(نکیال) ایل اوسی پربھارتی فوج کی اسکول وین پرفائرنگ سے ڈرائیورشہید جب کہ 8 بچے زخمی ہوگئے ہیں۔
لائن آف کنٹرول پرکچھ دن خاموشی کے بعد بھارت کی جانب سے ایک بارپھرجارحیت اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع ہوگیا، بھارتی فوج نے نکیال سیکٹرپرشہری آبادی پرگولہ باری اور فائرنگ کی ہے۔ بھارتی جارحیت کا پاک فوج کی جانب سے بھر پور جواب دیا جارہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایل اوسی سے ملحقہ گاؤں موہڑہ اوردھروتی میں بھارتی فوج نے شہری آبادی اورایک اسکول وین کونشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اسکول وین کا ڈرائیوراسد ولد دل محمد شہید جب کہ اسکول جانے والے 8 بچے زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی اعلی ترین عسکری قیادت میں تبدیلی کے بعد بھارتی فوج کی جانب سے یہ پہلی باراشتعال انگیزی کی گئی ہے

 


ایمزٹی وی(پشاور) چیف آف آرمی ا سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول اور دیگر ہزاروں شہداءکا خون ہمارے سر پر قرض ہے۔ ہر شہید کے خون کا حساب لینے، دہشت گردی کے خاتمے اور پاکستان کو ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنانے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) کے شہداءکی دوسری برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اے پی ایس کے شہید بچوں اور اور دیگر 22 ہزار شہداءکا خون ہمارے سر پر قرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دفتر میں سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرح اے پی ایس کے شہید بچوں کی تصاویر رکھی ہوئی ہیں اور انہیں گاہے بگاہے دیکھتا رہتا ہوں تاکہ میرا جذبہ ڈگمگائے اور نا ہی عزم متزلزل ہو۔

آرمی چیف نے کہا کہ میں بھی ایک بھائی، شوہر اور باپ ہوں اور اس درد کو سمجھ سکتا ہوں جو یقینا قابل برداشت نہیں ۔ مولانا صاحب نے فرمایا کہ جو شہید ہوئے وہ یقینا بہتر جگہ پر موجود ہیں اور ہمیں اس کا شعور نہیں ہے۔ گزشتہ سال بھی ہم نے ایک تقریب کی اور اس سال بھی تقریب کا انعقاد ہو رہا ہے جس کا مقصد یہ یاد رکھنا ہے کہ ہمارا کتنا خون بہایا گیا ہے، ہم بچوں کی قربانیوں کو بھولیں اور راستے سے نہ بھٹکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اور قوم کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے میرا اور پوری پاکستانی قوم کا عزم ہے کہ ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہر بچے کے خون کا حساب نہیں لیتے اور دہشت گردی کا خاتمہ کر کے پاکستان کو ایک بار پھر امن کا گہوارہ نہیں بنا دیتے۔ قائداعظم نے جو خواب دیکھا تھا اس کی رو کے مطابق پاکستان کو پرامن اسلامی مملکت بنانا ہے اور اس تمام جدوجہد میں بہت سی قربانیاں دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ادارے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے درد کا مداوا کرنے کی کوشش کریں گے۔ یہ زخم بہت گہرا ہے جسے مکمل طور پر بھرنا مکمل نہیں، لیکن اس طرح کے اجلاس میں انہیں مدعو کر کے ان کیساتھ بات چیت کرنا اور ان بچوں کو یاد کر کے گھاﺅ کو کچھ کم ضرور کیا جا سکتا ہے۔ ہم نے بنیادی طور پر کچھ کاام کئے ہیں تاکہ وثاءاور والدین کے دکھ کا مداوا ہو سکے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والے بچوں کے بھائی، بہنوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ جو کام وہ بچے نہیں کر سکے وہ ان کے بھائی اور بہن کر سکیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے معاشرے میں بہترین مقام حاصل کر سکیں۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ اس سلسلے میں جو کچھ بھی ہمارے بس میں ہو گا، وہ ہم کریں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مسلح افواج آپ کی حفاظت کی ضامن اور آپ کے تعاون کی طلبگار ہے ۔ پوری کوشش ہو گی کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا خاتمہ جلد از جلد کیا جائے تاکہ پاکستان پھر سے ایک پرامن اور خوبصورت ملک بن سکے۔ آخر میں میں دوبارہ اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ اللہ ہمیں حوصلہ دے اور جو بچے اور بہن بھائی شہید ہوئے ہوئے اللہ انہیں صبر و جمیل عطاءکرے

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ پشاور)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجووہ پشاور میں آرمی پبلک اسکول کی دوسری برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت کیلئے آرمی پبلک اسکول پہنچ گئے ۔

میڈیارپورٹس کے مطابق پشاور میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداءکی دوسری برسی کی یاد میں مرکزی تقریب جاری ہے جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجووہ بھی شریک ہیں ۔انہوں نے آرمی پبلک اسکول مٰیں یاد گارشہداءپر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی ۔

اس کے علاوہ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا بھی آرمی چیف کے ہمراہ ہیں ۔ تقریب میں شہید بچوں کے والدین اور عزیز و اقارب کی کثیر تعداد موجود ہے

 

 


ایمزٹی وی(راولپنڈی)پاک فوج میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے ہوئے ہیں جس کے تحت میجر جنرل آصف غفور کو ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات کردیا گیا ہے،وہ ابھی سوات میں ایک ڈویژن کو کمانڈ کر رہے ہیں ۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میجر جنرل آصف غفور ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات کیا گیا ہے۔میجر جنرل عبد اللہ ڈوگر کو کمانڈنٹ پی ایم اے ،میجر جنرل عدنان کو جی او سی لاہور ،میجر جنرل ظفر اللہ خان کو جی او سی پنو عاقل ،میجر جنرل فدا ملک کو جی ایچ کیو میں ڈی جی لاجسٹکس ،میجر جنرل نادر خان کو جی ایچ کیو میں ڈی جی پی ایس اینڈ پی ایم اور میجر جنرل ظفر اقبال کو جی او سی آرمرڈ گوجرانوالہ تعینات کردیا گیا ہے ۔