جمعہ, 05 جولائی 2024


ایمز ٹی وی(کراچی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں امن کی بحالی میں ایپکس کمیٹی پاکستان آرمی ، رینجرز، پولیس کی مشترکہ حکمت عملی اور سب سے بڑھ کر انکی حکومت کے عزم کے باعث کامیاب ہوئی ہے۔


اس مشترکہ حکمت عملی کے تحت بہتر طریقے سے جو کام ہوا ہے وہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے سب کاموقف ایک تھا کے باعث ہے مگر یہ آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا

یہ بات انہوں نے ایپکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں آپریشن کی کارکردگی پر غور کیا گیا۔کیونکہ ایپکس کمیٹی کے دو سینئر اراکین کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختارجوکہ اب ڈی جی آئی ایس آئی ہوگئے ہیں اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر جوکہ ترقی پاکر لیفٹننٹ جنرل ہوگئے ہیں وہ اپنی موجودہ پوزیشن کو چھوڑ کر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، صوبائی مشیر مولابخش چانڈیو،مرتضیٰ وہاب،آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی وی ثناء اﷲ عباسی،کمشنر کراچی اعجاز علی خان،انٹیلی جنس ایجنسیوں کے صوبائی سربراہاں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جب ہم نے اس سفر(ایپکس کمیٹی)کا آغاز کیا تھا تو اس وقت امن امان کی صورتحال بہت خراب تھی اور اس شہر کے لوگوں کو مختلف علاقوں میں دہشت گردی اور دیگر مجرموں کے باعث بدامنی کا سامنا تھا۔انہوں نے کہا کہ اب صورتحال بہتر ہو چکی ہے اور حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوام کا اعتماد بھی حاصل کرلیا ہے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا ہے اور بہت اہم تہوارخیروخوبی اور پرامن طریقے سے گذر گئے،جس کا کریڈٹ ہماری سیاسی قیادت کو جاتا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کورکمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز کو یقین دلایا کہ وہ جو جس کام کو نامکمل چھوڑکر جا رہے ہیں،وہ اس فورم کے ذریعے مکمل ہوگا،اور اس میں انکے بعد میں آنے والے/جانشین بھی انکے ساتھ ہونگے۔انہوں نے کہا کہ آپ جس پوزیشن پر آپ جا رہے ہیں۔وہاں سے بھی مجھے آپ کے تعاون کی ضرورت ہے۔

ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے اپنے ادارے کی کارکردگی سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ رینجرز نے القائدہ،ٹی ٹی پی اور دیگر کالعدم تنظیموں کے اہم افراد کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے 1474دہشت گردوں ،9053ٹارگٹ کلرزکو گرفتار کیا ہے، جنہوں نے انکی تحقیقات کے دوران چند ملزمان نے انفرادی طور پر دو سے تین افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے اور کچھ نے انفرادی طور پر 300افراد کو قتل کرنے کے جرم کا اعتراف کیا، رینجرز نے 438بھتہ خوروں اور 115اغوا کندگان کو بھی گرفتار کیا۔ڈی جی رینجرز نے کہا کہ چند لوگوں نے بیریئرز نصب کرکے کمیونٹیزکویرغمال بنایا ہوا ہے،رینجرز نے انہیں ختم کیا ہے کراچی کو مزیدمحفوظ بنایا جا سکتا ہے، اگر پولیس کی استدادکا رمیں اضافہ کیا جائے۔

کورکمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار نے حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی آپریشن کی اہم کامیابی عام لوگوں کے معیار زندگی میں تبدیلی لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت، آرمی، رینجرز، پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے نتائج بہت واضح ہیں جس کیلئے ایپکس کمیٹی کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک طویل مسافت طئے کی ہے اور شہر میں پائیدار امن کے قیام تک واپسی ممکن نہیں ہے۔کورکمانڈر نوید مختار نے وزیراعلیٰ سندھ کی اس خصوصی اجلاس کو بلانے اور موجودہ ایپکس کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور نئے جوش کے ساتھ آپریشن کے نئے اہداف متعین کرنے کیلئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ نے جانے والے کورکمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی رینجرز کو سندھی ٹوپی اجرک اور دیگر تحائف بھی پیش کئے

 


ایمزٹی وی(کراچی)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاویدباجوہ ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔جہاں انہوں نے مزار قائد پر پھول چڑھائے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر کراچی گئے ہیں جہاں انہوں نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔

آرمی چیف کور ہیڈ کوارٹر بھی گئے جہاں انہیں شہر کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی

 

 


ایمزٹی وی(لندن) پاک فوج کے میجر عقبہ حمید ملک نے برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں پہلا پاکستانی اور انسٹرکٹر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

میجر عقبہ کا تعلق پاک فوج کی سندھ رجمنٹ سے ہے، انہون نے سینڈہرسٹ اکیڈمی سے شہزادہ ولیم کے ساتھ 2007 میں رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ سے ہی گریجویشن مکمل کی تھی اور اپنی بہترین کارکردگی کے باعث اعزازی تلوار (سورڈ آف آنر) بھی حاصل کی تھی۔

سینڈہرسٹ اکیڈمی سے تربیت مکمل کرنے کے بعد عقبہ پاکستان واپس آئے اور وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں حصہ لیا۔

رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں انہیں پلاٹون کمانڈر کا عہدہ دیا گیا ہے اور ان کی ذمہ داریوں میں انسٹرکٹر کی حیثیت سے نوجوان کیڈٹس کو پیشہ ورانہ تربیت دینا شامل ہے۔

میجر عقبہ ملک 1741 سے اب تک 275 سال میں برطانوی فوج میں کسی ریگولر کمیشننگ کورس کےلئے انسٹرکٹر اور کمانڈر کے طور پر خدمات فراہم کرنے والے پہلے مسلمان افسر بھی ہیں۔

 


ایمزٹی وی(پشاور) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں میں گٹھ جوڑ ہر صورت ختم کریں گے

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے ان کا استقبال کیا جب کہ پاک فوج کے سربراہ نے کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں پورا دن گزارا۔

اس موقع پر انہیں فاٹا، خیبرپختونخوا اور مالاکنڈ ڈویژن میں سیکیورٹی آپریشن پربریفنگ دی گئی۔ ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے بارڈر مینجمنٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا جب کہ تعمیراتی کاموں، سرحد پرایف سی کی کارکردگی کی تعریف کی اور ایف سی کی صلاحیتوں میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے اب تک کے آپریشن میں حاصل کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقے میں قیام امن ، ترقیاتی کاموں کے لیے پاک فوج ، قبائل شانہ بشانہ رہیں گے جب کہ پاک فوج فاٹا بھر میں ترقیاتی کاموں سے متعلق قبائلی عوام کے ساتھ ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے درمیان روابط ختم کرنے کے لیے بہتر بارڈر مینجمنٹ ضروری ہے جب کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں میں گٹھ جوڑ ہر صورت ختم کریں گے۔

آرمی چیف نے پاک افغان بارڈر پر دہشت گردوں کی غیرقانونی نقل وحرکت کو روکنے اور چوکیوں کی تعمیر کا کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے لیے پاک افغان بارڈر کے دوسری جانب دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے متاثرین کی باعزت اور بروقت واپسی اور متاثرین کی بحالی کے لیے سماجی انفراسٹرکچرمیں بہتری کو یقینی بنایا جائے کیوں کہ فاٹا میں قیام امن اور خوشحالی سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملکی دفاع اور سیکیورٹی استحکام کیلئے آئی ایس آئی کا کردار قابل فخر ہے اور افسروں اور جوانوں کی قربانیاں لائق تحسین ہیں۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے یادگار شہداءپر حاضری اور پھول چڑھائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو انسداد دہشت گردی اور ملکی سیکیورٹی کو استحکام بنانے کیلئے آئی ایس آئی کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع اور سیکیورٹی استحکام کیلئے آئی ایس آئی کا کردار قابل فخر ہے اور اس کے افسروں و جوانوں کی قربانیاں لائق تحسین ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(راولپنڈی) پاک فوج نے کے اہم عہدوں پر تقرریاں ہوئی ہیں جن کے تحت پاک فوج کے 7میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے ۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے 7میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے ۔انہوں نے بتا یا کہ ترقی پانے والوں میں کمانڈنٹ پی ایم اے میجر جنرل ندیم رضا ،ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر ،ڈی جی ڈبلیو اینڈ آر جی ایچ کیو میجر جنرل ہمایوں عزیز ،آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن ،ڈی جی این ڈی یو میجر جنرل نعیم اشرف ،ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل محمد افضل اور ڈی جی پی ایس میجر جنرل قاضی اکرام کے نام شامل ہیں ۔

 

 


ایمزٹی وی(ایبٹ آباد) پاک فوج نے حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کا بلیک باکس ڈھونڈ نکالا ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز حویلیاں میں تباہ ہونے والے طیارے پی کے 661کا بلیک باکس مل گیا ہے ، امدادی کاموں میں مصروف پاک فوج کے جوانوں نے رات گئے جہاز کے ملبے سے بلیک باکس کو نکال کرلیا جس سے حادثے کے محرکات کا پتہ لگانے میں مدد مل سکے گی ۔

پاک فوج کے جوانوں نے بلیک باکس سول ایوی ایشن حکام کے حوالے کر دیا ہے اور انویسٹی گیشن بورڈ اس کی جانچ پڑتال کریگا جس کے بعد اسے ڈی کوڈ کرنے کیلئے فرانس بھیجا جائے گا تاہم ڈی کوڈنگ کے عمل میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں ۔

حادثے کی خبر ملتے ہی پاک فوج کے جوان جائے حادثہ پر پہنچے اورآگ بجھانے کے بعد میتوں کو نکالنے کا عمل شروع کیا گیا جس کے بعد این ڈی ایم اے کے اہلکار بھی امدادی کاموں میں شریک ہوگئے ۔ فوجی جوانوں نے 48افراد کی میتیں جہاز کے ملبے سے نکالنے کے علاوہ حادثے کی تحقیقات میں مدد فراہم کرنے والا بلیک باکس بھی ڈھونڈ نکالا ۔بلیک باکس میں پائلٹس کی کنٹرول ٹاور سے ہونے والی گففگو اور پائلٹس کی آپس میں ہونے والی بات چیت ریکارڈ ہوتی ہے۔

 


ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارت کے سابق آرمی چیفس نے مودی سرکارکو پاکستان پرحملے کا مشورہ دے دیا۔
بھارتی میڈیاکے مطابق 2سابق آرمی چیفس جنرل (ر)بکرم سنگھ اور جنرل (ر) وی پی ملک کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان میں شدت پسندوں کو ٹارگٹ کرنے اور پاکستانی فوج پر سخت حملے کرنے کے لیے خفیہ آپریشن کرنا چاہیے۔

ایک ٹی وی پروگرا م میں گفتگو کرتے ہوئے رٹائرڈ جنرل بکرم سنگھ نے کہا کہ بھارت کو بلوچستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں فالٹ لائنز کو توڑ دینا چاہیے تاکہ پاکستانی فوج کو اندرونی معاملات پر توجہ دینے پر مجبور کیا جائے اور وہ بیرونی خطرات کو بھول جائے۔

 


ایمزٹی وی(راولپنڈی)پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 کے تباہ ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد پاک فوج بھی میدان میں آ گئی ہے اور امدادی ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔ ان امدادی دستوں میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ چترال سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 کے ابتدائی طور پر لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم اس کے کچھ ہی دیر بعد حویلیاں میں طیارے کے گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہونے لگیں اور عینی شاہدین کے مطابق دھویں کے انتہائی گہرے بادل بھی اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(لاہور)میجر شبیر شریف شہید کی آج 46 ویں برسی منائی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر میانی صاحب لاہور میں ان کی قبر پر سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔
میجر شبیر شریف نے 1971 کی پاک بھارت جنگ میں جام شہادت نوش کیا تھا ۔ اس موقع پر شہید کی قبر پر عوام کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ان کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔