جمعہ, 05 جولائی 2024

 

ایمزٹی وی(کراچی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا جہاں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاءاللہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔

اس کے بعد پاک بحریہ کے سربراہ اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ملاقات ہوئی جس دوران نیول چیف نے آرمی چیف کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ضرب عضب کی کامیابیوں نے ملکی سلامتی اور ترقی پر گہرے اثرات چھوڑے، ضرب عضب کی کامیابیاں جنرل راحیل شریف کی مرہون منت ہیں ۔

اس موقع پر آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب میں پاک بحریہ کے بھرپور تعاون پر نیول چیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سمندری سرحدوں کے دفاع میں پاک بحریہ کا کلیدی کردار ہے جبکہ بحری دفاع پاک، چین اقتصادی راہداری کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے ۔

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے افسران کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور عزم قابل تعریف ہے ،مشترکہ تعاون سے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیاں ملیں۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ائیر ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا جہاں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں گارڈ پیش کیا جس کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں جنرل راحیل کا کردار اہم رہا اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں بھی جنرل راحیل شریف کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے مضبوط ملکی دفاع کیلئے آرمی چیف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج اور فضائیہ نے یک جان دو قالب ہو کر کام کیا۔ ائیر چیف مارشل نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کیلئے نیک خواہشات اور جذبات کا اظہار بھی کیا۔

ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پی اے ایف کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے افسران کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور عزم قابل تعریف ہے، مشترکہ تعاون سے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیاں ملیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ملک کی فضائی سرحدوں کی بہترین نگہبان ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)نیا آرمی چیف کون ہوگا؟ اس سوال کا جواب آئندہ 24 گھنٹوں میں ملنے کا امکان ہے اور امید ہے کہ وزیراعظم نواز شریف آج ترکمانستان سے واپسی پر نئے آرمی چیف کے نام کی منظوری دے دیں گے۔ آرمی چیف کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود بھی آج رٹائر ہورہے ہیں اور اس اہم عہدے پر بھی تقرری ہونا ہے۔

قبل ازیں خیال کیا جارہا تھا کہ آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ایک ہی روز ریٹائر ہونگے مگر اب فوجی حکام نے وضاحت کردی ہے کہ جنرل راشد محمود نے جنرل راحیل شریف سے ایک روز قبل عہدہ سنبھالا تھا، اس لئے وہ ایک روز قبل ریٹائر ہونگے۔
نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی پیر کے روز عہدے کا حلف اٹھائیں گے جبکہ اس کے اگلے روز نئے آرمی چیف پاک فوج کی کمان سنبھالیں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ وزیراعظم نئی تقرریوں کی منظوری کو اتوار سے آگے نہیں لے جاسکتے۔ اعلیٰ فوجی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کے عہدوں پر نئی تقرریاں اتوار کے روز ہی کی جائیں گی۔

توقع ہے کہ وفاقی حکومت اتوار کی صبح نئے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرے گی مگر آج رات نوٹیفکیشن کے اجرا کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ فوجی حکام نے تصدیق کی ہے کہ دونوں نئی تقرریوں کے لیے پاک فوج کے پانچ سینئر تھری اسٹار جرنیلوں کے ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم ہاؤس بھجوا دی گئی ہے۔

اس سے قبل معلوم ہوا تھا کہ4 سینئر تھری اسٹار جرنیل لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات، لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم، لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے اور لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی دوڑ میں شامل ہیں مگر اب کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق کا نام بھی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔

اس فہرست میں سے کسی کو بھی چیئرمین اور آرمی چیف کے عہدوں پر تعینات کرنا وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار ہے۔علاوہ ازیں جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں جنرل راشد محمود کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق جنرل راشد محمود پاک فوج میں 41 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد آج ریٹائر ہورہے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل راشد محمود نے کہا کہ انھیں پاک فوج کا حصہ رہنے پر فخر ہے اور فوج قومی سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلیے مزید آگے بڑھی ہے۔ انھوں نے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلیے پاک فوج کے عزم و حوصلے کی تعریف کی اور فورسز کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

 

 

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ میرا ایمان ہے پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم اور ارادہ کر لیا ہے۔ انشاءاللہ پاکستان کے آنے والے دن بہت اچھے ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی جس
دوران انہوں نے دہتش گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل کی سربراہی میں پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جسے پوری دنیا مانتی ہے۔
دریں اثناءاوکاڑہ روانہ ہونے سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرا ایمان ہے پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم اور ارادہ کر لیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کاصفایا ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے جو فیصلہ کیا ہے وہ قوم اور ملک کے مفاد میں کیاہے اور قوم کی خدمت کیلئے حاضر ہوں، انشاءاللہ پاکستان کے آنے والے دن بہت اچھے ہوں گے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(خیبرپختونخواہ)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بھارت کو سرجیکل اسٹرائیک کا پتہ ہی نہیں ،اگر ہم نے سرجیکل اسٹرائیک کی تو بھارت اپنے نصاب میں بچوں کو پاک فوج کے قصے پڑھائے گا ۔انہوں نے اعلان کیا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی شہدا کے لواحقین کے لیے وقف کرتا ہوں ۔

میڈ یا رپورٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کا الوداعی دورہ کیا جہاں انہوں نے شاہد آفریدی کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح بھی کیا ۔اس موقع پر قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑنے والی پاک آرمی دنیا کی مضبوط ترین فوج ہے،پاک فوج نے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کردیا ۔

CyBrL9RXEAEgkCg

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو سرجیکل اسٹرائیک کا پتہ ہی نہیں ،اگر ہم نے سرجیکل اسٹرائیک کی تو بھارت اپنے نصاب میں پاک فوج کے قصے پڑھائے گا،پاک فوج کے جوان بھارتی فوج کو سبق سکھا سکتے ہیں ۔

 

انہوں نے کہا کہ میں پاک آرمی کو خدا حافظ کہہ رہا ہوں ،29نومبر کو اختیارات سونپ دوں گا ۔ان کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی شہدا کے لواحقین کے لیے وقف کردوں گا اور شہدا کے لواحقین کے لیے فاﺅنڈیشن بناﺅں گا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور قبائلی عمائد ین نے مل کر دہشت گردی کو ختم کیا ۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو آج وزیراعظم ہاؤس میں الوداعیہ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آج وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہو گی اور ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تقرری کیلئے مشاورت بھی ہو گی۔

واضح رہے آرمی چیف جنرل راحیل شریف 29 نومبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے اور آجکل آرمی چیف کی الوداعی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس میں پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے جنرل راشد محمود کو پیشہ ورانہ خدمات پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنرل راشد محمود نے ملٹری کیرئیر کا آغاز 1975 میں کیا، جنرل راشد محمود نے ملک کے لیے بڑی جدوجہد کی اور اپنے کیرئیر کے دوران بہت سے اہداف کامیابی سے سرانجام دیے جب کہ ملک کے لیے جنرل راشد محمود کی خدمات پر فخر ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ جنرل راشد محمود اپنے کیرئیر کے دوران سچے سپاہی ثابت ہوئے اور ان کا کردارآنے والوں کے لیے مشعل راہ ہے، جنرل راشد محمود جیسی قیادت دہشت گردی، بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے، انہوں نے افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بھرپور کرداراداکیا۔

 

 


ایمزٹی وی(کوٹلی) مودی سرکار جنگی جنون میں اس قدراندھی ہوگئی ہے کہ اب اس نے مقامی آبادی کے علاوہ مسافربسوں کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وادی نیلم کے علاقے لوات میں بھارتی فورسز کی جانب سے ایک مسافرکوچ پرراکٹ داغا گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد شہید جب کہ 7 زخمی ہوگئے ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرزمیں بھی رہائش پزیرشہری آبادی پرمسلسل گولہ باری اورفائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، کیرل سیکٹرمیں ایک مکان پرگولہ لگنے سے ایک شخص کے شہید جب کہ پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، اس کے علاوہ بھارتی فوج کی جانب سے داغے گئے 3 مارٹرگولے تحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال تتہ پانی کے قریب گرنے سے نازیہ دخترطفیل شاہ زخمی ہوگئیں۔

بھارتی اشتعال انگیزی کے جواب میں پاک فوج بھی دشمن کو منہ توڑجواب دے رہی ہے، دونوں اطراف سے فائرنگ اورگولہ باری کا سلسلہ جاری ہے، جس میں بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان پہنچا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے بٹل، کریلہ، شاہ کوٹ ، باگسر، تتہ پانی سیکٹرز پربلااشتعال فائرنگ کی گئی ہے۔ جس میں بھارتی فوج نے مارٹرگولوں سے مقامی آبادی کو نشانہ بنایا ہے جب کہ پاک فوج بھی دشمن کو منہ توڑجواب دے رہی ہے تاہم پاک فوج نے اب تک کسی بھی شہری کی شہادت کی تصدیق نہیں کی۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد شہید ہوچکے ہیں۔

 


ایمزٹی وی(تعلیم/ اسلام آباد)چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا الوداعی دورہ کیا جہاں ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جنرل راشد محمود الوداعی دورے پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پہنچے تو طلبا نے ان کا شاندار استقبال کیا ۔news 1472056935 7946 large

جنرل راشد محمود نے این ڈی یو کے صدر لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ سے ملاقات کی جس میں جنرل نذیر بٹ نے جنرل راشد محمود کی خدمات کو سراہا ۔اس موقع پر جنرل راشد محمود نے طلبا اور اساتذہ سے بھی ملاقات کی ۔

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت ختم ہونے کے حوالے سے پاک فوج کی کمانڈ میں تبدیلی کی تقریب کی تیاریاں شروع کر دی گی ہیں ، یہ تقریب 29نومبر کی صبح جی ایچ کیو سے ملحقہ ہاکی گراﺅنڈ میں منعقد کی جائے گی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سبکدوش ہونے والے آرمی چیف سپہ سالار کو چھڑی پیش کریں گے اور نئے آرمی چیف فرمان آمروز جاری کریں گے ۔

خیا ل رہے موجودہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف 28نومبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں جس کے بعد حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نئے آرمی چیف پاک فوج کی کمان سنبھال لیں گے ۔