جمعہ, 13 ستمبر 2024

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے نوازشریف کی عدلیہ مخالف تقاریر پر پابندی کا ازخود نوٹس لے لیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز نواز شریف، مریم نواز اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت 16 ارکان اسمبلی کی عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے پر 15 روز کی پابندی لگائی ہے۔ چیف جسٹس نے ہائیکورٹ کے فیصلے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ سے آج ہی تمام ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ کیس کو آج ہی سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ دن ایک بجے معاملے کی سماعت کرے گا۔ عدالت نے پیمرا کو بھی نوٹس جاری کردیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار صاحب، کل کے فیصلے پر ہم ازخود نوٹس لے رہے ہیں، معاملے کو آج ہی ایک بجے سنیں گے، سب لوگ حاضر رہیں۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف اور مریم نواز سمیت 16 اراکین اسمبلی کی عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے پر پابندی کے لیے 27 متفرق درخواستیں دائر ہوئی تھیں۔ عدالت نے ان سیاسی رہنماؤں کی تقاریر پر عبوری پابندی لگاتے ہوئے پیمرا کو 15 دن میں درخواستوں کا فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان نے بابر کروز میزائل کے جدید ماڈل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاکستانی سائنس دانوں اور انجینئرز نے بابر کروز میزائل کے جدید ماڈل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، اسٹیلتھ فیچر کا حامل یہ میزائل 700 کلومیٹر دور تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے بابر ویپن سسٹم ون (بی) میں ایڈوانسڈ ایروڈائنامک اور ایوی یونک فنکشنز شامل ہیں جس کی بنا پر یہ میزائل پانی اور خشکی دونوں پر اپنے ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بناسکتا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ بابر کروز میزائل نچلی پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہرقسم کا وار ہیڈ اپنے ساتھ لے جاسکتا ہے اس میزائل کی بدولت پاکستانی دفاع مزید مضبوط ہوگا۔
 
ڈی جی اسٹریٹجک پلاننگ ڈویژن، چیئرمین نیسکام اور سینئر سائنس دانوں نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔ صدر مملکت ممنون حسین ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، چیئرمین جوائنٹ چیفس اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب میزائل ٹیسٹ پر سائنس دانوں، نیسکام اور این ڈی سی کے انجینئرز کو مبارک باد پیش کی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 29 مارچ کو سب میرین لانچ کروز میزائل بابر کا تجربہ کیا تھا جس کے ذریعے پانی کے اندر سے فائر کیے گئے اس کروز میزائل نے تمام پیرا میٹرز کے مطابق کامیابی کے ساتھ خشکی پر موجود اپنے ہدف کو نشانہ بنایا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم)اعلیٰ تعلیم کے ماہرین اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کی پوزیشن کے امیدواروں نے ایچ ایس ای چیئرمین کی تعیناتی کے عمل کے دوران عمر کی قدغن پر اپنے شدید تحفظات کاا ظہار کرتے ہوئے ایچ ای سی کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعظم سے رجوع کر لیا ہے۔اس حوالے سے صدر سائنٹسٹ سوسائٹی پاکستان ڈاکٹر طاہر رشید کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کے نام ایک مراسلے میں تحریر کیا گیا ہے کہ ایچ ای سی کے نئے سر براہ کی تقرری کے عمل کے دوران بہت سے سینئر اعلٰی تعلیم کے ماہرین کو محض عمر کی پابندی پر تعیناتی کے عمل سے باہر کر دیا گیا ہے اور کچھ متازع امیدوار جن کی تعیناتی اور بے قاعدگیوں کے خلاف نیب پہلے سے تحقیقات کا حکم دے چکا انہیں تعیناتی کے عمل میں شامل کر لیا گیا ہے۔
 
سپریم کورٹ کے مختلف فیصلوں اور ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر طاہر رشید نے وزیراعظم سے استدعا کی کہ وہ بطور کنٹرولنگ اتھارٹی ایچ ای سی کے سر براہ کی میرٹ پر مبنی تقرری ایچ ای سی کے آرڈیننس اور سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں یقینی بنائیں ۔ انہوں نے ایچ ای سی آرڈیننس 2002اور ایچ ای سی چیئرمین کی تعیناتی کے لئے شائع کردہ اشتہار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان دو اہم دستاویزات میں امیدواروں کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں ،بعد ازاں منسٹری آف ایجو کیشن اینڈ ٹریننگ کی جانب سے امید واروں سے ای میل کے ذریعے ان کی تاریخ پیدائش طلب کر کے عمر کی قدغن لگا دی گئی جو کہ نہ صرف سپریم کورٹ کے احکامات بلکہ ایچ ای سی کہ قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے ۔ عمر کی پابندی کا تعین نہ صرف ایکٹ میں درج ہوتا ہے بلکہ اشتہارات میں بھی تحریر کیا جا تا ہے۔نہایت بد قسمتی ہے کہ چیئر مین ای چ ایس ی کی تعیناتی کے حوالے سے اس وقت نہ صرف نیب تحقیقات کر رہاہے بلکہ اسلام آباد اور لاہور ہائی کورٹ میں بھی کئی مقدمات زیر التوا ہیں لیکن ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے کے بجائے انہیں دوہرایا جا رہا ہے اور سینئر ماہرین تعلیم کی تذلیل کی جا رہی

 

 

ایمزٹی وی(بیجنگ)فورم کے سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا ، پاکستان کی شرح نموسالانہ 6 فیصد کے حساب سے ترقی کررہی ہے، 2050 میں پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے باؤ فورم میں اعلی شخصیات سے خطاب کو اپنے لیے باعث اعزازقرار دیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عالمی تجارت میں چین کا کردار ممتاز حیثیت رکھتا ہے۔ امید ہے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین مزید ترقی کرے گا۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے بیلٹ اینڈ روڈمنصوبے کی عالمی اہمیت نیز ایشیاکا معاشی آرڈر میں مرکزی حیثیت اختیار کرنا اورچوتھے صنعتی انقلاب کے دستک دینے کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعظم پاکستان باؤ فورم کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 2050 میں پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوجائے گا۔
شاہد خاقان عباسی نے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائی ویز،موٹر ویز پرصنعتی منصوبے، سی پیک کا اہم حصہ ہیں۔
باؤفورم کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے وزیر اعظم کا کہنا تھا پاک چین تعلقات بے مثال ہیں ۔علی با با کمپنی کا پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہاراس بات کی دلیل ہے۔ اس سے قبل چین میں ایک انٹرویو کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا پاک چین اقتصادی راہداری سے دونوں ممالک کو یکساں فوائد ہوں گے اور اس منصوبے سے پاکستان میں اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔
باؤ فورم ایک غیرسرکاری اور غیرمنافع بخش بین الاقوامی تنظیم ہے جس کا باضابطہ طور پرقیام 2001ء میں عمل میں لایا گیا تھا جس کا مقصد ایشیا، دنیا کے دیگر ممالک اور ایشیا کے مابین گہرے اقتصادی تعاون، روابط اور تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ باؤ فورم حکومتی سربراہان، کاروباری برادی، ماہرین اور اسکالرز کو معیشت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے لیے اعلیٰ سطحی تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرتا ہے۔

 

 


ایمز ٹی وی(لاہور) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہےکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پاکستان کا نہ صرف چین بلکہ وسطی اور جنوبی ایشیا اور دنیا کے دیگر حصوں سے بھی رابطہ قائم ہوگا۔

بین الاقوامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہو ئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سی پیک منصوبے کے ذریعے انسانیت کے لیے مشترکہ مستقبل کے معاشرے کی تعمیر میں اہم شراکت دار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت شروع کئے گئے توانائی کے منصوبوں کی بدولت پاکستان میں بجلی کے بحران کا خاتمہ ہوا ہے اور قومی گرڈ میں ہزاروں میگاواٹ بجلی شامل کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا ابتدائی مرحلہ انتہائی اچھے انداز میں مکمل کیا گیا ہے جس کے تحت سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے اور گوادر کی بندرگاہ کا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پاکستان اب خصوصی زونز کے قیام سمیت منصوبے کے اگلے مرحلہ کا خواہاں ہے جس سے نہ صرف ملک کی اقتصادی اور صنعتی بنیاد مضبوط ہوگی بلکہ روزگار کے ہزاروں مواقع بھی پیدا ہونگے۔
شاہدخاقان عباسی نے مزید کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے دوطرفہ تجارت اور علاقائی تجارت، اقتصادی روابط اور اقتصادی ترقی کے فروغ میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 8 سے 10 اپریل تک باو¿ فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے دورے پر ہیں۔ رواں سال باؤفورم کے تحت کانفرنس کا عنوان ”دنیا کی وسیع ترخوشحالی کیلئے ایک آزاد اور جدید ایشیاءہے۔غیرسرکاری اور غیر منافع بخش بین الاقوامی تنظیم باؤفورم کا مقصد ایشیائی اوردیگرممالک کے درمیان اقتصادی روابط اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیرداخلہ احسن اقبال ، وزیر خارجہ خواجہ آصف اور دیگر بھی ہیں۔ دورے کے دوران شاہد خاقان عباسی چین کے صدر شی جن پنگ، یو این سیکرٹری جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے چند روز قبل جاری کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے لیے صدارتی آرڈیننس آج جاری ہونے کا امکان ہے۔
کل سے سینیٹ کا اجلاس شروع ہورہا ہے اور خصوصی قانون کے ذریعے لائی جانے والی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر صدارتی آرڈیننس آج جاری نہ ہوا تو اسکیم کا نفاذ مشکل ہوگا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 5 اپریل کو نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن لوگوں کے اثاثے بیرون ملک ہیں وہ 2 فیصد جرمانہ ادا کر کے ٹیکس ایمنسٹی سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نئی ایمنسٹی اسکیم کو صدارتی حکم نامے کے ذریعے متعارف کرایا جائے گا جو بعد میں قانون کی شکل اختیار کر لے گا اور 30 جون تک اس اسکیم سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت ایک لاکھ ماہانہ آمدنی والوں پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا، 12 لاکھ سالانہ آمدنی والے کو بھی افراد ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہوگا جب کہ 12 سے 24 لاکھ روپے سالانہ آمدن والوں پر 5 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔
24 سے 48 لاکھ سالانہ آمدن والوں کو 10 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا جب کہ 48 لاکھ سے زائد سالانہ آمدن پر 15 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی لفظ فریادی کو فساد کی طرف لے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں خیبر پختونخوا سے رکن صوبائی اسمبلی وجیہ الزمان کی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیر اعظم کو چاہیے تھا کہ چیف جسٹس سے ملنے کے لیے وہ دو تین وزیر ساتھ لے جاتے اور چیف جسٹس بھی دو تین ججز ساتھ رکھتے،وزیراعظم لفظ فریادی کو فساد کی طرف لے کر جارہے ہیں۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں سینیٹرز نہیں بکے، انتخابات وقت پر کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، میری کتاب اگلے ہفتے مارکیٹ میں آرہی ہے، کتاب کا نام ’’سچ تو یہ ہے‘‘ ہے، اس کتاب میں سچے واقعات ہیں جسے پڑھ کر لوگوں کو ایسی باتوں کا علم ہو گا جو پہلے کسی کو پتہ نہیں تھیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی جب کہ اس موقع پر ملالہ کے اہل خانہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ذرائع کے مطابق ملالہ یوسف زئی گزشتہ رات غیرملکی پرواز ای کے 614 کے ذریعے برطانیہ سے اسلام آباد پہنچیں جہاں سے وہ فیملی کے ہمراہ ایئر پورٹ سے اسلام آباد کے نجی ہوٹل پہنچیں جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا، ان کی ساڑھے 5 سال بعد پاکستان آمد پر بے نظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی جس میں مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان، ماروی میمن اور ملالہ یوسفزئی کے والدین بھی شریک تھے۔
ملالہ یوسف زئی کو صرف 17 سال کی عمر میں 2014 میں امن کے نوبیل انعام سے نوازا گیا، وہ 3 سال دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں بھی شامل رہیں جب کہ کینیڈا کی جانب سے انہیں اعزازی شہریت بھی دی گئی۔
واضح رہے سوات میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے 2012 میں ملالہ یوسف زئی پر حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد وہ علاج کی غرض سے برطانیہ منتقل ہوگئی تھیں جہاں صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے لیے آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لیا

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی کابینہ نے دارالحکومت میں نئے تعمیر ہونے والے ائرپورٹ کا نام اسلام آباد انٹرنیشنل ائر پورٹ رکھنے کی منظوری دے دی، ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی پر عمل درآمد میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے 50 فی صد کوٹے کی فوری قرعہ اندازی کی اجازت دے دی۔
وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، کابینہ نے سپریم کورٹ کے حکم پر محکمہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے نئے چیئرمین کی تقرری کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے محمد اشرف لنجار کو محکمے کے چیئرمین کا اضافی چارج دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حج پالیسی پر عمل درآمد میں تاخیر کا نوٹس لیا گیا۔
وزارت مذہبی امور کا موقف تھا کہ اس میں مختلف عدالتوں کے اسٹے آرڈرز حائل ہورہے ہیں، کابینہ ارکان کی اکثریت نے سفارش کی کہ پرائیوٹ حج کوٹہ ختم کرکے حکومت سو فی صد حج خود کرائے۔
وفاقی کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی کی اضافی پیداوار یقینی بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں، آئندہ موسم گرما میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

 

 

ایمزٹی وی(چترال)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چترال میں گولن گول ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے پہلے یونٹ کا افتتاح کردیا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ یہ 45 سال پرانا منصوبہ ہے جسے ن لیگ کی حکومت نے مکمل کیا
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چترال میں گولن گول ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے پہلے یونٹ کا افتتاح کردیا جس سے 36 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ منصوبے کے تین یونٹس ہیں جن سے مجموعی طور پر 108 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی اور ہر سال تین ارب ستر کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا۔ باقی دو یونٹ مارچ اور مئی میں مکمل ہو جائیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ پورا سال اتنی بجلی پیدا کرے گا جس سے چترال کی ضرورت پوری ہوسکے اور چترال ملک کا وہ حصہ ہوگا جہاں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہماری حکومت نے جتنے کام چترال میں کئے کہیں اور نہیں ہوئے، یہ 45 سال پرانا منصوبہ ہے جسے ن لیگ کی حکومت نے مکمل کیا، تختیاں لگانے والی اور کام کرنے والی حکومتوں میں یہ فرق ہوتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لواری ٹنل کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے، حکومت گیس بھی مہیا کرے گی، اربوں روپے سے سڑکیں بن رہی ہیں، گلگت سے چترال اور اس سے آگے سڑک بنا رہے ہیں، چترال سے دیگر علاقوں کا رابطہ قائم ہوگا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوام نے نواز شریف کو منتخب کیا جو ملک کے حق میں بہتر فیصلہ ثابت ہوا، عوام اگر پھر یہی فیصلہ کریں گے تو ترقی کا کام چلتا رہے گا، پاکستان کو ایک درست سمت پر ڈال دیا گیا ہے، جولائی میں عوام نے پھر درست فیصلہ کرنا ہے۔

 

Page 4 of 10