جمعہ, 17 مئی 2024

 

کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ نئی حکومت فی الحال نیٹ پریکٹس کررہی ہے، سندھ صرف کالا باغ ڈیم کا مخالف ہے۔
شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نئی حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں پرویز مشرف سے متعلق سوال پر شرجیل میمن نے تبصرے سے گریز کیا ۔
یاد رہے کہ شرجیل میمن ودیگرکےخلاف پونے6ارب کرپشن ریفرنس کی سماعت آج ہورہی ہے، نیب کے گواہ کےبیان پر ملزمان کے وکلا آج جرح کریں گے
انہوں نے کہا کہ نوا ز شریف کو صرف 2 ماہ جیل میں رکھا گیا اور پھر ان کی اپیل منظور ہوگئی ، ہمارے ساتھ کچھ اور سلوک کیا جاتا ہے، ہم ایک سال سے قید میں ہیں۔
سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ میں ڈیم کےلیےصرف دعائیں دے سکتا ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ تمام ڈیموں کی تعمیر کا مخالف نہیں ، بلکہ صرف کالاباغ ڈیم کے خلاف ہے جس سے سندھ کی زمینیں بنجر ہوجائیں گی۔
شرجیل میمن نے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سندھ حکومت ہمیشہ کی طرح اس باربھی روزگارفراہم کرےگی۔
یاد رہے کہ کچھ دن قبل نجی اسپتال میں زیرِ علاج شرجیل انعام میمن کے کمرے سے شراب بر آمدگی کے کیس میں سابق صوبائی وزیرِ اطلاعات کو شریکِ جرم قرار دے دیا گیا تھا۔ جس کے بعد عدالت کے حکم پر انہیں جیل منتقل کیا گیا۔

 

 

کراچی : سابق صدر آصف علی زرداری نے پاک بھارت تعلقات سے متعلق کہا کہ اس طرح کے ماحول میں یا اس طرح کی حکومتوں میں تو یہی ہوگا۔
کراچی میں بینکنگ کورٹ میں پیشی کے موقع پرصحافی نے سابق صدر آصف علی زرداری سے سوال کیا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات خراب ہوگئے ہیں۔
آصف علی زرداری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ماحول میں یا اس طرح کی حکومتوں میں تو یہی ہوگا۔
صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ حکومت نے منی بجٹ پیش کیا، آپ کیا کہیں گے جس پرانہوں نے جواب دیا کہ منی بجٹ نہیں منی ڈرامہ پیش کیا گیا۔
جعلی اکاؤنٹس کیس میں ضمانت پررہا سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔
آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور حاضری لگا کر بینکنگ کورٹ سے روانہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس ازخود نوٹس کیس سپریم کورٹ میں بھی زیرسماعت ہے اور گزشتہ روز عدالت عظمیٰ نے ماتحت عدالتوں کو حکم دیا تھا کہ کسی بھی قسم کا فیصلہ کرنے سے قبل سپریم کورٹ کو آگاہ کیا جائے۔

 

 

ماسکو : شام میں روسی طیارے کو ہدف بنانے کے بعد ماسکو نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کا شامی اہداف کو نشانہ بنانا خطے میں روسی اہداف کے خلاف ہے۔
روسی حکام کی جانب سے اسرائیل کے سینئر سیکیورٹی حکام کو خبر دار کیا گیا ہے کہ شام میں اہداف کو نشانہ بنانا خطے میں ماسکو کے مفادات کے خلاف ہے۔
روسی حکام کے مطابق اسرائیلی فورسز کے حملوں نے بشار الااسد کی حکومت کو کمزور کر دیا ہے اور ملک میں جاری جنگ کے خاتمے کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
اسرائیل کے سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ روس نے پیغام دیا تھا کہ روس بشار الااسد کی حکومت کو مضبوط بنانا چاہتا ہے اور اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے شام میں اہداف کو نشانہ بنانا روسی مقاصد کے خلاف ہے۔
اسرائیلی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ روسی حکام کی جانب سے واضح پیغام موصول ہونے کے بعد بھی شام سے متعلق اسرائیل کی پالیسی تبدیل نہیں ہوئی اور ایسا خیال ہے کہ روس ایرانی اہداف پر حملوں کو نظر انداز کررہا ہے جس کا مقصد شام میں اسلامی جمہوریہ کی موجودگی اور حزب اللہ کو اسلحے کی منتقلی روکنا تھا۔
اسرائیلی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ روس اور اسرائیل کو دونوں ملکوں کے درمیان سیکیورٹی کورڈینیشن کے حوالے سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیئے جو اسرائیل کے لیے تشویش کا باعث ہوگا۔
اسرائیلی دفاعی فورسز کو معلوم ہے کہ روسی صدر طیارہ حادثے کے بعد شام میں نئے قوانین لاگو کرے گا اور خطے میں اپنا کنٹرول مزید مستحکم بنائے گا تاکہ اپنے کنٹرول کے ذریعے خانہ جنگی کو نقصان پہنچا سکے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق روس اسرائیل کے لیے حملے کرنا مزید مشکل کردے گا لہذا اسرائیلی فورسز کو مذکورہ علاقے کو چلانے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے ہوں۔
خیال رہے کہ ماسکو کی جانب سے ایک ہفتہ قبل بھی روسی طیارے کو نشانہ بنانے سے پہلے بھی اسرائیل کو خبردار کیا گیا تھا۔
 

 

 

 
تجارت : یکم اکتوبر سے ملک بھر میں پٹرول کی قیمت میں چھ روپے تیس پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع وزارت پٹرولیم کا کہنا ہے کہ یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے، جس میں پیٹرول کی قیمت میں6 روپے 30پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے50پیسے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 50پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 4روپے فی لیٹر اور مٹی کاتیل 10روپےفی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے گذشتہ ماہ حکومت نے مہنگائی سے بے حال عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول فی لیٹر2.41پیسے کم کردیا تھا۔
مزید پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
جس کے بعد پیٹرول دو روپے41 پیسے کم ہونے کے بعد 92.83 روپے فی لیٹر ہوگیا تھا جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت46پیسے کم ہونے کے بعد 106روپے57پیسے تک پہنچ گئی تھی۔
اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں6روپے37 پیسے کی کمی ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 46پیسے کی کمی، مٹی کے تیل کی نئی قیمت83روپے50پیسے ہوگئی تھی۔

 

 

 

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے ڈیم سے متعلق بات نہیں ہوئی، پولیس و ایمبولینس سروس کے سوا گاڑیاں نہیں خریدیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں کہ وفاق نے کہا تھا کہ آپ کو 5 سو ارب دیں گے، 30 جون تک ہمیں 49 ارب سے بھی کم ملے، وفاق سے رقم کم ملنے پر سندھ کا بجٹ متاثر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ نئی اسکیموں کے لیے 50 ارب رکھے تھے، 26 ارب کٹوتی کی ہے، گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اس دفعہ سندھ کو کم رقم ملی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئی اسکیموں میں واٹر کمیشن کی سفارشات کے تحت اسکیم شامل کی، کوسٹل ہائی وے کی اسکیم کے لیے رواں سال 2 ارب رکھے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے سامنے سندھ افسران کے تبادلوں پر بات ہوئی۔ سندھ کے افسران کی بین الصوبائی تقرریاں رولز کے مطابق ہونی چاہئیں۔ کسی بھی غیر قانونی مقیم فرد کو شہریت نہیں ملنی چاہیئے، ملک کے قانون کے مطابق شہریت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سندھ حکومت کے کسی معاملے پر روبرو ڈیڈ لائن نہیں دی، گورنر سندھ حکومت نہیں، اپنا آئینی کردار ادا کریں۔ جلد ملازمتوں پر پابندی ہٹا دیں گے۔ ’وزیر اعظم سے ڈیم سے متعلق بات نہیں ہوئی، کالا باغ ڈیم مردہ گھوڑا ہے، عوام کو کالا باغ ڈیم نامنظور ہے۔‘۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پولیس و ایمبولینس سروس کے سوا گاڑیاں نہیں خریدیں گے۔ لگژری گاڑی استعمال کرنے سے گریز کرتا ہوں، پرانی گاڑیاں خریدنے والا کوئی نہیں، کوئی ملے تو میری گاڑی بھی بھیج دیں۔ ’گاڑیاں، بھینسیں بیچنے کے بجائے دودھ بیچیں تو بچت ہوگی، بھینسیں سستی بیچنے والوں پر 4 سال میں نیب میں مقدمہ بن جائے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور تحریک انصاف اب جلسوں سے باہر نکل آئیں، ان کو اب پتہ چلے گا کہ حکومت کیسے چلتی ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے مہنگائی میں اضافہ کر دیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(نئی دہلی) بھارتی حکومت نے فوج کی کارکردگی سے نالاں ہوکر ڈیڑھ لاکھ فوجیوں کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا، فوجیوں کی چھانٹی آئندہ چار سے پانچ برس کے دوران کی جائے گی۔
بھارتی حکومت نے ہندوستان کی مسلح افواج کی کارکردگی سے پریشان ہوکر بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکاروں کو نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے، میڈیا کا کہنا ہے کہ فوج میں زیادہ نفری ہونے کی وجہ سے فورس موثر کارکردگی نہیں دیکھا پا رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی حکام کی جانب سے آئندہ چار سے پانچ سالوں کے دوران ڈیڑھ لاکھ فوجیوں کو فارغ کیا جائے گا تاکہ فورس کی کارکردگی کو بہتر بناکر مستقبل کی جنگوں کے لیے تیار کیا جاسکے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فورسز کے مسائل کا جائزہ لینے والی کمیٹی نے رواں برس 21 جون کو 12 لاکھ نفوس پر مشتمل بھارتی فوج میں سے بڑی کی تعداد کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 11 افراد پر مشتمل جائزہ کمیٹی کی سربراہی بھارتی فوج کے جنرل سیکریٹری لیفٹینٹ جنرل جے ایس ساندو کررہے ہیں جو فورس کی کارکردگی اور اہلکاروں کو نکالنے و دیگر مسائل کے حوالے سے نومبر میں آرمی چیف کو رپورٹ پیش کریں گے۔
مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 50 ہزار بھارتی فوجیوں کو آئندہ دو برس کے دوران فارغ کیا جائے گا جبکہ دیگر ایک لاکھ اہلکاروں کو سنہ 2022 سے 2023 تک گھر بھیجا جائے گا۔
خیال رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے اگست 2017 میں اعلان کیا گیا تھا کہ فوج کے 57 ہزار فوجیوں کو دوبارہ سے بحال کیا گیا جائے، یہ فیصلہ سیکٹکار کمیٹی کی جانب سے پیش جانے والی سفارشات کے بعد کیا تھا تاکہ آرمی کی صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکے۔

 

 

ایمز ٹی وی(کوئٹہ) بلوچستان حکومت نے وزراء کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی نئی گاڑیاں
خرید لیں، گاڑیوں کی مجموعی مالیت 13 کروڑ سے زائد ہے۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے وزراء کے لیے بیس نئی گاڑیاں خریدی گئی ہیں، خریدی گئی گاڑیوں کی مجموعی مالیت تیرہ کروڑ سے زائد ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خریدی جانیوالی گاڑیوں کی فی عدد قیمت پچاس سے پینسٹھ لاکھ روپے ہے، سابقہ وزراء کو دی جانے والی گاڑیاں بلوچستان حکام نے پرانی قرار دی دیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ گاڑیوں کی خرید سابقہ حکومت نے کی ہے، سہولت دینے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کام ہونا چاہیے، سیاستدان اور افسران کام کریں تو انہیں سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا تھا کہ کام اچھا ہوتا ہے تو افسران کو اچھی سہولتیں ملنی چاہئیں، اگر کام بہتر نہیں ہوتا تو اخراجات کم ہونے چاہئیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جو کچھ ماضی میں ہوا اس کی وجہ سے صوبہ خسارے میں ہے، بہتری کے لیے کوشش کررہے ہیں جبکہ تعلیم، صحت اورپانی کے مسائل سے متعلق پالیسی بنا رہے ہیں

 

 

ایمز ٹی وی (لاہور) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ دفاع وطن کیلئےقوم تن من دھن قربان کرنے کے لئے تیار ہے، قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے یوم دفاع و شہداء پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا دفاع وطن کے لئے قوم تن من دھن قربان کرنے کے لئے تیارہے، سرحدوں کی حفاظت کے لیے جانیں نچھاور کرنےوالے قوم کے محسن ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرےگی، ہمیں ملکی جغرافیہ کے ساتھ نظریے کی بھی حفاظت کرنا ہوگی، حکومت ملکی نظریاتی شناخت کو بحال اور اسلامی تشخص کو اجاگر کرے۔
خیال رہے ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا آج ملی جوش جزبے سے منایا جا رہا ہے، ہمیں پیار ہے پاکستان کے نام سے آئی ایس پی آر کی خصوصی مہم میں شہیدوں اور ان کے اہل خانہ کو ملک بھر میں خراج تحسین دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
شہدا کی یادگاروں پر پھول رکھے جارہےہیں جبکہ غازیوں اور شہدا کے ساتھیوں کے گھر جاکر ان سے محبت کا اظہار کیا جارہاہے ۔
یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب رات آٹھ بجے جی ایچ کیو میں ہوگی، وزیر اعظم عمران خان مہمان خصوصی ہوں گے۔

 

 

لاہور: نئی حکومت نے موٹر وے پر سفر مزید مہنگا کر دیا ،نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ٹول ٹیکس فیس میں10فیصد اضافہ کر دیا ہے ، این ایچ اے کی جانب سے نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے اورعمل درآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی حکومت میں موٹروے پر سفر کرنے والوں کے لئے بھی تبدیلی آگئی ہے ،نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق چھوٹی گاڑیوں پر لاہور سے اسلام آباد کا سفر اب 620کی بجائے 680روپے میں ہو گا جبکہ مسافر بسوں کو پہلے 1980روپے ادا کرنے پڑتے تھے لیکن اب 2290روپے ادا کرنا ہوں گے، ہائی ایس ویگنوں سے 1020کی بجائے 1140روپے وصول کئے جائیں گے ،کوسٹر بسوں سے 1440روپے کی بجائے آئندہ 1600روپے وصول کئے جائیں گے جبکہ ٹرکوں سے 2680کی بجائے 2980روپے وصول کئے جائیں گے اسی طرح بڑے ٹرالوں سے 3450روپے کی بجائے اب 3830روپے وصول کئے جائیں گے۔ این ایچ اے کے نوٹیفیکیشن کے مطابق موٹر وے پر سفر کرنے والی گاڑیوں سے ایک روپے 90پیسے فی کلومیٹرشرح سے ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا گیاہے۔

 

 

.
ایمز ٹی وی(لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عام آدمی کا صحت کی معیاری سہولتوں پر پورا حق ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارسے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی جس میں صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عام آدمی کا صحت کی معیاری سہولتوں پر پورا حق ہے، معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اصلاحات کریں گے۔
سردار عثمان بزادر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں اسپتالوں کی حالت زارکوبدلیں گے، معیاری سہولتوں کے لیے متعلقہ حکام کومتحرک اندازمیں کام کرنا ہو گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، تبدیلی کا آغاز ہوچکا ہے، جلد شعبہ صحت میں انقلابی تبدیلی نظرآئے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ عمران خان کے نئے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنا ہے، گڈ گورننس کو فروغ دیں گے، کرپشن برداشت نہیں کروں گا۔
 

 

Page 6 of 43