جمعہ, 17 مئی 2024
لاہور : بیساکھی میلے میں شرکت کے لئے بھارت سے سیکڑوں سکھ یاتری لاہور پہنچ گئے، میلے کی مرکزی تقریب چودہ اپریل کو پنجہ صاحب حسن ابدال میں ہوگی۔
 
بیساکھی میلے کی رونقوں کا آغاز ہوگیا، بھارت سے براستہ واہگہ ریلوے اسٹیشن ہزاروں سکھ یاتری لاہور پہنچ گئے، پاکستان پہنچنے پر سکھ یاتریوں کو بھرپور انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔
 
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ طاہر احسان نے ان کا استقبال کیا۔ یاتریوں کا کہنا ہے کہ بابا گرونانک اور مسلم صوفیا کی تعلیمات پر عمل کرنے سے امن کا پرچار ہوگا۔
 
انہوں نے کہا کہ گردوارا پنجا صاحب اور بابا گرونانک کا جنم استہان ننکانہ صاحب دنیا بھر میں موجود سکھوں کے لیے نہایت مقدس اور محترم مقام ہے اور ان مقامات کی دیکھ بھال اور یہاں آنے والے یاتریوں کی بے لوث خدمت پر وہ حکومت پاکستان کے مشکور ہیں۔
 
سکھ یاتری پاکستان میں دس روزہ قیام کے دوران حکومت کی جانب سے کئے جانے والے رہائش، کھانے اور طبی سہولیات کے بہترین انتظامات پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
 
ذرائع کے مطابق سکھ یاتریوں کو لینے کیلئے پاکستان ریلویز کی تین اسپشل ٹرینیں بھارت بھیجی گئی تھیں۔ یاتری چودہاپریل کو حسن ابدال میں بیساکھی کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے اور مذہبی مقامات کی یاترا کے بعد 21 اپریل کو واپس بھارت روانہ ہوجائیں گے
 
 
کراچی : وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ گریڈ ایک سے چار تک کی سرکاری ملازمتیں مقامی سطح پر دی جائیں گی، حکومت نے پچاس لاکھ ملازمتوں کا وعدہ کیا اور پانچ لاکھ بھی نہیں ملیں۔
 
یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ایک سے چار گریڈ تک کی سر کاری ملازمتیں مقامی سطح پرجبکہ 5سے 15گریڈ تک کی ملازمتیں ٹیسٹنگ کے ذریعے دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اور اگلے دو روز میں منظوری کے بعد نوکریاں دینے کا آغاز ہوجائے گا۔
 
انہوں نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے پچاس لاکھ ملازمتوں کا وعدہ کیا مگر پانچ لاکھ بھی نوکریاں نہیں ملیں ادویات کے نرخ تاریخ کے بلند ترین سطح تک پہنچ چکے ہیں۔
 
تحریک انصاف حکومت نے بدترین مہنگائی کی۔ گیس، بجلی اور گیس کے بعد ادویات مہنگی ہوگئی ہیں، وفاق نے ہمیشہ وعدہ خلافی کی اور مہنگائی کا بم گرایا ہے۔ مسیحا بننے والوں نے عوام کی زندگی مشکلات میں ڈال دی۔
 
مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حیدرآباد یونیورسٹی کے لئے پیپلزپارٹی کی مخالفت کا الزام درست نہیں ہے، حیدرآباد کی سب سے بڑی جامعات حیدرآباد اور مہران یونیورسٹی حیدرآباد میں ہے۔
 
لیاقت یونیورسٹی سمیت زرعی یونیورسٹی بھی حیدرآباد میں ہیں اور ہم اس اعلان کو خوش آمدید کہتے ہیں مگر یہ سوال پوچھنے پر مجبور ہیں کہ یہ یونیورسٹی ہے کہاں اور کیا آٹھ ماہ قبل وزیر اعظم ہاؤس میں اعلان کردہ یونیورسٹی قائم ہوگئی ،حیدرآباد اور وزیر اعظم ہاؤس کی یونیورسٹیوں کے چارٹر کہاں بنے ہیں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بل پاس ہوا ہے؟
لاہور: احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں نامزد سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی۔
 
کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس سماعت ہوئی، سماعت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔
 
قومی ادارہ احتساب بیورو (نیب) کے وکیل نے کہا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں سرکاری خزانے سے نالہ بنایا گیا، یہ اختیارات سے تجاوز کا کیس ہے۔
 
شہباز شریف نے کچھ کہنے کی کوشش کی تو عدالت نے انہیں روک دیا اور کہا کہ آپ کو سب کچھ کہنے اور سنانے کا موقع دیا جائے گا۔ قانونی اور طریقہ کار کی چیزیں ہیں جو قانون کے مطابق ہونی ہیں۔
 
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے 10 سال میں حکومت کے کئی سو ارب روپے بچائے، کیا میں نے نالے کے لیے سرکاری خزانہ استعمال کرنا تھا؟
 
احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ ابھی آپ پر الزام ہے جسے ثابت ہونا باقی ہے۔
 
عدالت نے دونوں ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ فرد جرم عائد ہونے کے بعد عدالت نے دونوں کو واپس جانے کی اجازت دے دی۔
 
خیال رہے کہ اس سے قبل شہباز شریف کے خلاف 46 افراد نے گواہی دینے کے لیے حامی بھری تھی، تمام گواہان سابق وزیر اعلیٰ کے ساتھ کام کرتے تھے۔
 
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے خلاف چیف انجینئر نیس پاک محمد ایوب، سابق ڈی سی او چنیوٹ، احمد جاوید قاضی اور امداد اللہ بوسال گواہی دینے کو تیار ہیں۔
 
علاوہ ازیں سابق سیکریٹری سید طارق شاہ، ایڈمن سیکریٹری طارق مسعود، ایس ای سی پی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پٹواری، تحصیلدار اور پولیس اہلکار بھی گواہان میں شامل ہیں۔ سابق ڈی سی او چنیوٹ ڈاکٹر ارشاد، شوکت علی اور سیکشن افسر پی ایچ ایس ذوالفقار افسر نعمت بھی گواہی دینے کو تیار ہیں۔
 
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 11 جنوری 2018 کو رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس مکمل کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا تھا، بعد ازاں چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔
 
نیب ریفرنس کے مطابق ملزمان نے رمضان شوگر ملز کے لیے 10 کلو میٹر طویل نالہ بنوایا، شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور اپنے خاندان کی مل کو فائدہ پہنچانے کے لیے عوامی مفاد کا نام لیا۔
 
قومی احتساب بیورو کے مطابق شہباز شریف کے اس فیصلے سے سرکاری خزانے کو 213 ملین کا نقصان ہوا، سرکاری خزانے کا نقصان شہباز اور حمزہ شہباز کی ملی بھگت سے ہوا۔
سکھر : پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ 4 اپریل سیاہ دن ہے ،ہمارے قائد کوپھانسی دی گئی، اس دن ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کریں گے، آج پاکستان کا ہرشہری پریشان ہے، حکومت نام کی کوئی چیزنہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق سکھر میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 4 اپریل سیاہ دن ہے ،ہمارے قائد کوپھانسی دی گئی، ذوالفقار بھٹو ایسی شخصیت تھی جس نے کم عرصے میں جمہوریت دی۔
 
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا 9 کروڑ99لاکھ20ہزار لوگوں کاسیاست میں دخل نہیں تھا، چار اپریل کوذولفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے، عوام کے دلوں میں شہید بھٹو اور بے نظیر بھٹو زندہ ہیں۔
 
 
سابق وزیراعظم نے کہا پیپلز پارٹی مہنگائی کےخلاف جدوجہد اور ذمےداری ادا کرتی رہےگی، ہرشہری پریشان ہے، ڈالر بڑھ جاتاہے وزیر اعظم اوروزیر خزانہ کہتے ہیں علم ہی نہیں ڈالر بڑھ گیا ہے، قیمتیں بڑھتی ہیں توکہتےہیں یہ توبہت ضروری تھا۔
 
پی پی رہنما کا کہنا تھا عمران خان نے کہا تھا 200ارب ڈالر ملک میں لائیں گے، حکومت جتنے دن قائم رہے گی عوام کو سب بھگتناپڑےگا، پیپلز پارٹی کااپنا نظریہ اپنی سوچ ہے ،اپنے انداز سے سیاست کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی ہر بات کا جواب دینا ضروری نہیں۔
 
حکومت جتنے دن قائم رہے گی عوام کو سب بھگتناپڑےگا
انھوں نے کہا نیب سےصرف اتنا مطالبہ کیاہےکہ سب کے ساتھ برابری کاسلوک کیاجائے۔
 
خیال رہے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی 4 اپریل کو منائی جائے گی، سندھ حکومت کی جانب سے برسی کے موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
 
شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 39 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عوام اور کارکنان شرکت کریں گے۔
کراچی : سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ سنا ہےنیب کواوپر سےحکم ہےبڑی مچھلی پکڑو، میں تو چھوٹاآدمی ہوں ، نیب کے نوٹس میں کوئی صداقت نہیں۔
 
سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نیب نے مجھے3نوٹس دیےجن میں کوئی صداقت نہیں، دستاویزات سےکہیں ثابت نہیں میں نےالاٹمنٹ کی۔
 
،قائم علی شاہ کا کہنا تھا آج کل سناجارہا ہےنیب کواوپر سےحکم ہےبڑی مچھلی پکڑو، میں تو چھوٹاآدمی ہوں۔
 
یاد رہے قائم علی شاہ پو مبینہ طور پر سرکاری زمینیں کو غیرقانونی طور پر الاٹ کرنے کا الزام ہیں اور نیب کی جانب سے تحقیقات جاری ہے۔
 
زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس میں نیب طلبی پر سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ضمانت قبل ازگرفتاری کے لیے درخواست دائر کی تھی ، جسے منظور کرلیا گیاتھا اور نیب انکوائری میں تعاون کی بھی ہدایت کی تھی۔
 
خیال رہے قائم علی شاہ تین مرتبہ صوبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے ، ان کے گزشتہ دو ادوار مجموعی طور پر آٹھ سال پر مشتمل تھے، جس سے انھیں سندھ کے سب سے طویل عرصے تک وزیرِ اعلیٰ رہنے کا اعزاز حاصل ہوا
 

سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز نے ہڑتال کرتے ہوئے 3 روز کیلئے او پی ڈیز بند کردیں۔

ڈاکٹرز کی تنظیموں نے مطالبات کی منظوری کے لیے جناح اسپتال، سول، لیاری جنرل سمیت تمام ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں او پی ڈیز کو مکمل طور پر بند کردیا جس کے نتیجے میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مریضوں نے کہا کہ اسپتالوں میں بے یارو مددگار پڑے ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں۔

ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی نے کہا کہ تنخواہوں، الاؤنسز اور ہیلتھ انشورنس میں اضافہ کے لیے احتجاج کیا جارہا ہے، سندھ کے ڈاکٹرز کو بھی پنجاب کے ڈاکٹرز کے مساوی تنخواہ اور الاؤنسز فراہم کئے جائیں، مطالبات کی منظوری کےلیے حکومت کو ایک ہفتے کا وقت دیا تھا لیکن سندھ حکومت نے کوئی رابطہ تک نہیں کیا، اگر تین دن میں مطالبات منظور نہیں ہوئے تو ایمرجنسی اور وارڈز میں بھی ہڑتال کرین

 

اسلام آباد :مشیر تعلیم ضیاءاللہ بنگش نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں ایک ہی نصاب تعلیم کی منظوری دیدی اور جماعت اول سے لیکر پی ایچ ڈی تک یکساں نصاب تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مشیر تعلیم ضیاءاللہ بنگش نے بتایا کہ وزیر اعظم نے گزشتہ دنوںوفاق اور صوبوں کے تمام وزراءاور مشیران کو طلب کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جماعت اول سے لیکر پی ایچ ڈی تک تمام شعبہ جات کیلئے یکساں نصاب تعلیم کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم تے قوم سے تعلیمی اداروں میں ایک ہی نصاب ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ضیاءاللہ بنگش نے بتایا کہ کے پی میں اساتذہ کے بچوں کے سرکاری سکولوں میں داخلے کو بھی لازمی کیا جارہاہے

 

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے سندھ میں گورنر راج لگنے کی افواہوں پر ریمارکس دیے ہیں کہ گورنر راج ختم کرنے میں ایک سیکنڈ لگے گا۔

سپریم کورٹ میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی تو حکومت کی طرف سے اٹارنی جنرل عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کی خبروں کی تردید کی۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ گورنر راج لگانے کا تاثر میڈیا نے دے رکھا ہے اور سندھ میں گورنر راج لگانے کی کوئی تجویز نہیں، ملک میں جو ہوگا آئین کے مطابق ہوگا۔ 

اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتیں بیٹھی ہیں ،ایک سیکنڈ لگے گا گورنر راج ختم کرنے میں، گورنر راج صرف آئین کے مطابق ہی لگ سکتا ہے اور اس کا جواز دینا پڑے گا۔ ایسے گورنر راج نہیں لگے گا، جمہوریت آئین کا بنیادی جز ہے اور اسے ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔

چیف جسٹس نے آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ سے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات کروانا عدالت کی ذمہ داری ہے، اپنے بڑوں کو بتا دیں کہ ان کے خلاف کارروائی کسی کے کہنے پر نہیں ہو رہی۔

سپریم کورٹ نے حکومت اور اپوزیشن کو جعلی اکاؤنٹس کیس پر تبصرے سے روکتے ہوئے کہا کہ کسی کا کمنٹ پکڑا گیا تو سخت کارروائی ہوگی، یہ بات حکومت اور اپوزیشن دونوں کے لیے ہے، دونوں فریقین رائے دیتے وقت احتیاط کریں۔

 
 

 

اسلام آباد: نیپرا نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 27 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 27 پیسے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

نیپرا نے نوٹی فکیشن کے لئے فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صارفین سے یکساں ٹیرف ایک سال کے لئے وصول کیا جائے گا، نوٹی فکیشن کے بعد ایک سال میں ٹیرف کو ایڈجسٹ کیا جائے گا جب کہ یکساں ٹیرف میں ٹارگٹڈ سبسڈی بھی شامل ہے۔

 

اسلام آباد:  سرکاری ٹی وی 'پی ٹی وی' کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر یوسف بیگ مرزا کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے میڈیا تعینات کردیا گیااور نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد یوسف بیگ مرزا کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق یوسف بیگ مرزا کی تعیناتی اعزازی طور پر کی گئی ہے۔
 
یوسف بیگ مرزا کی تعیناتی کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی کی تعداد 7 سے بڑھ کر 8 ہوگئی،
 
مرزا شہزاد اکبر، افتخار درانی، نعیم الحق، سید ذوالفقار عباس بخاری، شہزاد قاسم، علی نواز اعوان اور محمد عثمان ڈار وزیراعظم کے معاون خصوصی ہیں۔
 
یاد رہے کہ یوسف بیگ مرزا تین مختلف حکومتی ادوار میں تین مرتبہ پی ٹی وی کے ایم ڈی کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں اور وہ کئی نجی چیلنجز کی لانچنگ ٹیم کا بھی حصہ رہے۔

 

Page 4 of 43