منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن)چینی معیشت کی تیز ی سے ترقی کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ لوگوں کا خیال ہے کہ چین اب امریکہ کو پیچھے چھوڑ دے گا اوردنیا بھر کے لوگوں نے اپنی توجہ چین کی طرف مبذول کرنا شروع کر دی ہے، دنیا چین کے بارے میں کیا سوچتی ہے ؟ پیو ریسرچ سینٹر واشنگٹن میں قائم غیر جانبدار امریکی ”فیکٹ ٹینک “ کی طرف سے 39ممالک میں کئے جانیوالے سروے مطابق درجہ ذیل دس ممالک میں چین کیلئے انتہائی موافق رائے پائی جاتی ہے، چین نے ہر آڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ، یہی وجہ ہے کہ پاکستانی عوام چین کو سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں ، چین کو پسند کرنیوالے ممالک کے عوام کا تناسب حسب ذیل ہے۔ پاکستان( 81فیصد) ، ملائیشیا(81فیصد )، کینیا (78فیصد )،سینیگال (77فیصد )، نائیجریا (76فیصد )، انڈونیشیا (70فیصد ) ، گھانا (67فیصد )، برازیل (65فیصد ) ، تیونس (63فیصد )،چلی (62فیصد ) چین سے سب سے زیادہ نفرت کرنیوالے سرفہرست دس ممالک کے نام حسب ذیل ہیں ، جاپانی عوام میں چین کے بارے میں سب سے زیادہ منفی رائے پائی جاتی ہے ،95فیصد جاپانی عوام چین کو ناپسند کرتے ہیں ، علاقائی تنازعات اور تاریخی مسائل دو انتہائی اہم عوامل ہیں ، جاپان (95فیصد )، ترکی( 73فیصد ) ،امریکہ (73) ، اٹلی(72فیصد ) ، جرمنی (72فیصد ) ، چیک جمہوریہ (66فیصد )، اسرائیل (72فیصد ) ، جورڈن (60فیصد )، فرانس (56فیصد) اور کینیڈا (57 فیصد) ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تو میچ کے بعد پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق پریس کانفرنس نہ کرسکے۔ رپورٹ کے مطابق 106 رنز سے شکست کے بعد مصباح الحق کی پوسٹ میچ پریس کانفرنس کو منسوخ کردیا گیا کیونکہ کریبین صحافی ان سے کوئی بھی سوال نہیں کرنا چاہتے تھے اور انہوں نے پاکستانی کپتان کی پریس کانفرنس میں عدم دلچسپی کا اظہار کیا جس کی وجہ سے مصباح صحافیوں سے گفتگو نہ کرسکے اور نہ ہی میچ ہارنے پر کوئی بات کرسکے۔ یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ 188 رنز کے تعاقب میں صرف 81 پر آﺅٹ کرکے 3 میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی ۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ اسلام آباد)علامہ اقبال اور نظریۂ پاکستان کونسل کے زیر اہتمام فکرِ اقبال کے موضوع پر مضمون نویسی کا مقابلہ ہوا
مقابلے میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ عمارہ علی نے اول پوزیشن حاصل کی اور بیس ہزار روپے کا انعام جیتا۔ صفیہ شاہد نے پندرہ ہزار کا دوسرا اور اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز F-7کی طالبہ شفیقہ نے دس ہزار روپے کا تیسرا انعام حاصل کیا ۔ مہمانِ خصوصی علامہ اقبال کونسل کے چیئرمین ذوالفقار احمد چیمہ نے نقد انعامات اور کتابیں تقسیم کیں۔

 

 

 
ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی) پاکستان رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل محمد سعید نےسندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پرطالب علموں اور فیکلٹی سے یونیورسٹی کے سرشاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ مدرستہ الاسلام نے ہمیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح دیا، اس لیے تمام قوم کے ساتھ پاکستان رینجرز سندھ بھی اس ادارے کے مشکورہیں کےحسن علی آفندی نے ایک کمٹمنٹ کے ساتھ یہ ادارہ سندھ کے لوگو ں کیلئے قائم کیا تھا، اس لیے ہمیں ان کا بھی مشکور ہونا چاہیئے۔ میجر جنرل محمد سعیدنے کہا کہ یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی ادارے پاور ہائوسز کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے وہ معاشر میں تبدیلی لانے کے اہل ہوتے ہیں۔
طالب علموں کو چاہئیے کہ وہ معاشرے میں پرامن کلچر کے قیام کیلئے شعورپیدا کریں۔ اس کے ساتھ ان کو تشدد اور کرائم میں ملوث عناصر کو ’’نہ‘‘ کہنا چاہیئے، جنہوں نے گذشتہ چالیس برسوں میں اس شہر کی دو نسلیں تباہ کردی ہیں۔ میجر جنرل محمد سعیدنے مزید کہا کہ پاکستان رینجرز (سندھ) نے کراچی میں امن قائم کیا ہے، لیکن تعلیمی اداروں، شہریوں، سول سوسائٹی اور کمیونٹیز کو بھی اس شہر کو اپنا شہر سمجھتے ہوئے اس میں مستقل امن کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے طالب علموں کو مشورہ دیا کہ وہ کراچی کی بہتری اور اس میں پرامن ماحول پیدا کرنے کیلئے سماجی تحریک شروع کرسکتے ہیں جس کافائدہ کراچی شہر کے ساتھ ملک کو بھی ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے شہر میں امن بحال کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو برداشت ، رواداری اور بقا ء باہمی کیلئے بھی کام کرنا چاہئیے، اس طرح ہی انتہاپسندی کو شکست دی جاسکتی ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے میجر جنرل محمد سعیدکو سندھ مدرسہ یونیورسٹی کی شیلڈ اور قائد اعظم محمد علی جناح پر لکھی ہوئی اپنی کتاب بھی پیش کی، جبکہ میجر جنرل محمد سعید نے ڈاکٹر محمد علی شیخ کو شیلڈ دی۔ اسی دورے کے دوران میجر جنرل محمد سعیدنے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کی جناح میوزیم کا بھی دورہ کیا۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت ہونے والے امتحانات میں صبح کی شفٹ میں ہونے والے بارہویں جماعت کا ریاضی کا پرچہ اور دوپہر کی شفٹ میں ہونے والے کامرس ریگولر و پرائیوٹ گروپ پارٹ ٹو کا مطالعہ پاکستان کا پرچہ شروع ہونے سے قبل باہر دستیاب تھا ، دونوں پرچے وقت سے 20 منٹ پہلے سوشل میڈیا پر گشت کرتے رہے اس طرح امتحانات کے پہلے دن سے روزانہ کی بنیاد پر پرچے باہر جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر تمام امتحانی مراکز پر موبائل فون لانے پر پابندی عائد کردی گئی ہےاس سلسلے میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین نے مختلف امتحانی مراکز پر بینرز بھی آویزاں کروائے تھے مگر اس کے باوجود کمرہ امتحانات میں کھلے عام موبائل فونز کا استعمال جاری ہے۔
دوسری جانب نقل کو روکنے پر کالج اسٹاف کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، یہ واقعہ دوپہر کی شفٹ میں گورنمنٹ ڈگری کالج بفرزون میں اس وقت پیش آیا جب پرچہ ختم ہوااور کالج اسٹاف باہر نکلا تو نقل مافیا کے کارندے وہاں پہلے سے موجود تھے انہوں نے کالج اسٹاف پر ہلہ بول دیا اور ان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں کالج کے کلرک ایوب کی ٹانگیں فریکچر ہوگئیں،ڈی جی کالجز ڈاکٹر ناصر انصار نے کالج اسٹاف سے اس واقعہ کے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے۔ادھر وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے انٹر کے امتحانات میں نقل کے کھلے عام استعمال کا نوٹس لینے کے بعد انٹر بورڈ کراچی بھی فعال ہوگیا اور پہلی مرتبہ ایک روز میں 17امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑ لئے.
بورڈ کی پریس ریلز کے مطابق گزشتہ روز چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈپروفیسر انعام احمد نے امتحانی مراکز کے ہنگامی دورے کئےجس کے نتیجے میں گورنمنٹ ڈگری بوائز/گرلز کالج کونکر ویلج گڈاپ جہاں اصل امیدوار کی جگہ امتحان دیتا ہوا ایک شخص پکڑا گیا، گورنمنٹ بوائزاینڈ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کونکر ولیج گڈاپ میں نقل کے پانچ کیسز پکڑے گئے جبکہ گورنمنٹ ڈگری کالج قائد آباد لانڈھی سے موبائل فون سے نقل کرتے ہوئے دو اور اصل امیدوار کی جگہ امتحان دیتا ہو ئے دو افراد پکڑے گئے اس کے علاوہ گورنمنٹ اسلامیہ آرٹس اینڈ کامرس کالج سے ایک طالبعلم امتحانی مرکز سے کاپی لے کر فرار ہوگیا جبکہ گورنمنٹ ایس ایم آرٹس اینڈ کامرس کالج سے بھی ایک طالبعلم امتحانی کاپی لے کر فرارہوگیا۔ دونوں کیسز کی رپورٹ امتحانی مراکز سے بورڈ کو موصول ہوئی۔
اس کے علاوہ گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس سے نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے کے چار کیسز رپورٹ ہوئے۔ علاوہ ازیں ویجیلنس ٹیم نے گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری اسکول، بلاک6 ، گلشن اقبال میں کاروائی کرتے ہوئے ایک طالبہ کو نقل کرتے ہوئے پکڑا

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاناما کیس میں جے آئی ٹی کی تشکیل کے حوالے سے قائم کیا گیا تین رکنی بینچ آج سے اپنی سماعت کا آغاز کرے گا ۔
آج سماعت کے دوران چیئرمین ایس ای سی پی اور گورنر اسٹیٹ بینک بھی عدالت میں پیش ہوں گے ۔ جسٹس اعجاز افضل کا کہنا ہے کہ ہم نے قانون کے ساتھ چلنا ہے ، کون کہتاہے کہ ہمیں قانون سے سروکار نہیں ۔
جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اس کیس کے حوالے سے جو پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے ہمیں ان لوگوں کو کنٹرول کرنا بھی آتا ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی ( چمن)پاک افغان سرحد باب دوستی کے قریب افغان فورسز نے پاکستانی آبادی پر بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری کی جس سے خاتون سمیت 4 شہری شہید ہوگئے جبکہ 4ایف سی اہلکاروں سمیت 22 افرادزخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر قیصرخان کا کہنا ہے کہ چمن میں افغان فورسز کی شہری آبادی پر فائرنگ اورگولہ باری جاری ہے، افغان فورسز کی طرف سے فائر کیاگیا مارٹر گولہ سرحدپرواقع ایک گھر پرآگرا جس سے خاتون شہید اور دو افراد زخمی ہوگئے، واقعے میں شہید افراد کی تعداد4 جبکہ زخمیوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلع بھر میں تمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت تک بندکردیئےگئے ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ شہری گھروں کی چھت پر آنے سے گریز کریں اور بارڈرکی طرف غیرضروری آنے جانے سے گریز کیاجائے۔

اس سے قبل ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نےسوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ افغان بارڈر پولیس نے چمن بارڈر پر کلی لقمان اور کلی جہانگیر کے علاقوں میں مردم شماری کی ٹیموں کی سیکورٹی پر مامور سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
اعلامیہ کے مطابق افغان حکام کو سفارتی اور عسکری ذرائع سے مردم شماری کے عمل کے بارے میں آگاہ کردیا گیا تھا، اس کے باوجود افغان بارڈر پولیس 30 اپریل سےمردم شماری کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہی تھی۔
 
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے اور چمن پر پاک افغان سرحد کوہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند دیا گیا ہے۔
دوسری جانب زخمیوں کو چمن کے سول اسپتال منتقل کیاگیا ہے جن میں خواتین اوربچے شامل ہیں، شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعدباب دوستی ہرقسم کی آمدروفت کےلئے بند ہے اوردونوں جانب کشیدگی ہے

 

 

ایمزٹی وی(پشاورپشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ اس وقت آتا ہے جب بڑے لوگ چوری کرتے ہیں ۔ ضلع ناظم سمیت 18 افراد بجلی چوری کر رہے ہیں ۔
خیبرپختونخواکے عوام قانونی طریقے سے بجلی لیں تو تعاون کریں گے۔ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ملک کو لوڈ شیڈنگ فری بنانا ہے۔2013 کے بعد پیسکو کے حالات تبدیل ہوئے ہیں، اس وقت بھی پیسکو کے 415 فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی ۔ پیسکو کی ڈیمانڈ اب 2700 میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے۔ پییسکو نے ٹرانسمیشن کے نظام پرایک روپیا تک خرچ نہیں کیا گیا۔ ٹرانسمیشن لائن کا نظام بہتر بنایا جا رہا ہے ۔ جبکہ پیسکو کے 224 فیڈرز پر 80 فیصد لائن لاسسز کی وجہ سے 18 سے 20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہے ۔مارچ 2018 تک 8 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی۔ 2018 میں بجلی وافر ہوگی تو ریکوری والے علاقوں کو بلا تعطل بجلی دی جائے گی ۔بجلی ان علاقوں کو دی جائے گی جہاں لائن لاسز بہت کم ہیں .
عابد شیر علی کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ کے415فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ زیرو ہے ۔ خیبر پختونخواہ میں 200 کے وی کے چار گرڈ سٹیشن بنائے جا رہے ہیں ۔سابقہ ادوار میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے تھا ۔ پیپلزپارٹی کی حکومت میں ملک کواربوں ڈالرکانقصان ہوا، یہ لوگ عوام کےسامنے کس منہ سے ووٹ مانگنے جائیں گے، حالیہ بجلی صورتحال پچھلی حکومتوں کے کرتوتوں کی وجہ سے ہے۔ موجودہ حکومت جلد ہی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر لے گی۔ مگر ہم کسی بھی بجلی چور کو بجلی نہیں دیں گے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے تین دہشتگردوں کو ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ میں پھانسی دیدی گئی ہے ۔
پاک فوج کے ادارہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کا کہناہے کہ تینوں دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بم دھماکوں میں ملوث تھے جن میں حسن ڈار ،عمرزادہ ،علی ولد فضل ربی شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ تینوں دہشتگردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے تھا ۔

 

 

ایمزٹی وی(کابل )افغان صدر اشرف غنی نے دورہ پاکستان کی دعوت کو مسترد کر کے شرط عائد کردی۔
افغان صدر کے نائب ترجمان دوا خان مینہ پال نے بی بی سی کو بتایا کہ افغان صدر اشرف غنی نے دورہ پاکستان کی دعوت مسترد کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان صدر نے پاکستان کے پارلیمانی وفد اور آئی ایس آئی کے سربراہ سے ملاقاتوں میں دورہ پاکستان کی دعوت مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں تب تک پاکستان نہیں جاوں گا جب تک پاکستان مزار شریف، امریکن یونیورسٹی کابل اور قندھار حملوں کے ذمہ داروں کو افغانستان کے حوالے نہیں کرتے اور پاکستان میں موجود افغان طالبان کے خلاف عملی طور پر قدم نہیں اٹھاتے۔تاہم پاکستان کے دفتر خارجہ یا عسکری حکام نے افغان صدر کی جانب سے دورے کی دعوت کے مسترد کرنے کے دعوے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
افغان حکام نے بتایا کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ سے ملاقات میں افغان صدر اشرف غنی نے افغانستان میں ہونے والے حالیہ حملوں کی تحقیقات سے متعلق بعض دستاویزات بھی پیش کیں اور پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ان حملوں میں ملوث افراد کو افغانستان کے حوالے کیا جائے۔
حالیہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان کے تین اعلیٰ عسکری و سیاسی وفود نے کابل کا دورہ کیا ہے۔ گذشتہ روز پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے ایک روزہ دورے کے دوران کابل میں افغان صدر اشرف غنی اور اپنے ہم منصب معصوم استانکزئی سے ملاقات کی جس میں دہشتگردی اور پاک افغان سرحد کی صورتحال سمیت دیگراہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔