منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(صحت) وہ طالب علم جن کی یادداشت خراب ہے اگر وہ روزانہ تھوڑی دیر کے لیے ’’روزمیری‘‘ کہلانے والے پودے کی خوشبو سونگھ لیا کریں تو ان کی یادداشت بہتر ہوجائے گی۔
یہ اس تحقیق کا خلاصہ ہے جو نارتھمبریا یونیورسٹی، برطانیہ میں گزشتہ دنوں کی گئی ہے اور اس کے نتائج ’’برٹش سائیکولاجیکل سوسائٹی‘‘ کے سالانہ اجلاس میں پیش کیے جاچکے ہیں۔
10 سے 11 سال کے 40 بچوں پر کیے گئے اس مطالعے میں ماہرین نے دیکھا کہ جن بچوں کو روزمیری کی خوشبو والے کمروں میں 10 منٹ تک بٹھانے کے بعد ان کی یادداشت جانچی گئی تو انہوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ لیکن جب ان ہی بچوں کو 10 منٹ تک ایسے کمروں میں بٹھایا گیا جہاں کوئی خوشبو نہیں تھی اور پھر ان کی یادداشت کا امتحان لیا گیا تو وہ اتنی اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے۔
یاد رہے کہ روزمیری ایک سدا بہار پودا ہے جسے اردو میں ’’اکلیل کوہستانی‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ قدیم زمانے سے بڑی عمر کے لوگوں میں بہتر یادداشت کا ضامن سمجھا جاتا ہے جس کا استعمال قدیم یونان تک میں اسی غرض سے کیا جاتا تھا۔
طبّی مطالعات میں بالغ افراد کی یادداشت پر روزمیری کی خوشبو کے مفید اثرات ثابت ہوچکے ہیں لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا تھا کہ بچوں کی یادداشت پر بھی روزمیری کے یہی فائدہ مند اثرات مرتب ہوتے ہیں یا نہیں۔ اب نارتھمبریا یونیورسٹی میں کیے گئے محدود مطالعے نے یہ بات بھی ثابت کردی ہے تاہم اس کی مزید تصدیق کے لیے زیادہ بڑی تعداد میں بچوں پر یہی مطالعہ دوہرانا ضروری ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روزمیری کے پودے سے اٹھنے والی مخصوص خوشبو کے علاوہ روزمیری سے حاصل کیے گئے خالص تیل کی خوشبو بھی یادداشت پر یکساں اثرات ڈالتی ہے یعنی اگر روزمیری یا اکلیل کوہستانی کا پودا دستیاب نہ ہوسکے تو اس کا تیل (عطر) بھی یادداشت کےلیے مفید ثابت ہوتا ہے۔ وہ کیا چیز ہے جس کی بناء پر روزمیری کی خوشبو ہماری یادداشت بہتر بناتی ہے؟ فی الحال اس سوال کا کوئی حتمی جواب ہمارے پاس موجود نہیں لیکن یادداشت پر روزمیری کے مفید اثرات ضرور طے شدہ حقیقت کا درجہ رکھتے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد میں میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
 
تفصیلات کے مطابق میٹرو ٹریک پشاورموڑ سے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ تک 25.6 کلومیٹر طویل ہوگا جسے 4 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
 
اسلام آباد میٹرو منصوبے کو این ایچ اے مکمل کرے گی جس میں پشاور موڑ سے اسلام آباد ایئرپورٹ تک 9 اسٹیشنز بنائے جائیں گے، اس کے علاوہ منصوبے میں پر 12 پل اور 11 انڈر پاسز بھی شامل ہیں۔

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک میں لوگ پیجز تو لائیک کرتے ہی ہیں مگر اب لگتا ہے کہ اس کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ ٹاپکس کو فالو کرنا ہی کافی ثابت ہوگا۔
جی ہاں فیس بک اب پیجز کی جگہ نیوز فیڈ میں ٹاپکس کو فالو کرنے کے فیچر کو ٹیسٹ کررہی ہے تاکہ صارفین تک ایسے پیجز کی معلومات بھی پہنچ سکیں جن کو وہ لائیک یا فالو نہیں کرتے۔
 
یہ فیچر ایک تجویز (سجیشن) کی طرح صارفین کی نیوز فیڈ میں سامنے آتا ہے۔
جیسے کوئی صارف ہارر فلموں کو پسند کرتا ہے تو وہ ہارر موویز کے ٹاپک کو فالو کرسکتا ہے جس کے بعد اس سے متعلق جہاں بھی کوئی خبر یا اطلاع سامنے آئے گی وہ آپ کی نیوز فیڈ پر بھی ظاہر ہوجائے گی۔
کسی ٹاپک کو فالو کرنے کے پیجز کے مقابلے میں کئی فوائد ہیں، جیسے کسی ایک ٹاپک کو فالو کرنا زیادہ آسان ہے بہ نسبت 27 مختلف پیجز کے اور دوسرا یہ کہ صارفین کو اس سے بڑے پیمانے پر معلومات کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔
فیس بک نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس فیچر کی آزمائش کررہی ہے اور اس کے بقول اس طرح صارفین کو اپنی پسند کے موضوعات کی زیادہ اسٹوریز کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔
اگر یہ فیچر فائدہ مند ثابت ہوا تو اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا تاہم یہ واضح ہے کہ فیس بک اب کسی متنازع موضوع کو اس فیچر کا حصہ نہیں بنائے گی۔
فیس بک نے گزشتہ دنوں اس فیچر کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ سائٹ کے رواں سال تین بڑے مقاصد ہیں، ایک دریافت، دوسرا احترام اور تیسرا شراکت داری۔
اب یہ نیا فیچر پہلے حصے یعنی دریافت کا حصہ لگتا ہے اور جب لوگ نیا مواد دیکھیں گے تو وہ فیس بک پر زیادہ وقت بھی گزاریں گے جو کہ اس سوشل میڈیا ویب سائٹ کا اصل مقصد بھی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اس میں کوئی شک نہیں کہ جدید ٹیکنالوجی نے انسانی زندگی کو آسان سے آسان تر بنادیا ہے، تاہم ان آلات نے کچھ مسائل بھی کھڑے کردیئے ہیں۔
گزشتہ ماہ سامنے آنے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ اسمارٹ فونز کے استعمال سے بچوں کو نیند کی کمی کے باعث بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تاہم رواں ہفتے سامنے آنے والی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ اسمارٹ فونز کی ایپلی کیشنز انسان میں بے چینی کو کم کرنے میں مددگار ہوسکتی ہیں۔
سائنس جرنل میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف مانچسٹر، ہاورڈ یونیورسٹی، یونیورسٹی آف میلبورن اور آسٹریلیا کے بلیک ڈاگ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے مشترکہ طور پر کیے جانے والے ایک سروے سے پتہ چلا کہ اسمارٹ فونز کی ایپلی کیشنز بے چینی اور ذہنی الجھن کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ماہرین نے بے چینی یا پریشانی میں مبتلا رہنے والے 2 ہزار افراد کا اسمارٹ فونز کی ایپلی کیشن کے استعمال کے حوالے سے تجربہ کیا۔
ماہرین نے تمام افراد کو مختلف موبائل فون ایپلی کیشنز استعمال کرنے کے لیے کہا، جب ان افراد کا ایپس کو استعمال کرنے کے بعد جائزہ لیا گیا تو ان کی بے چینی میں قدرے کمی واقع ہوچکی تھی اور انہوں نے خود کو پرسکون محسوس کیا۔
ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر اسمارٹ فونز، ایپلی کیشنز اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے حامل آلات انسانی بے چینی، پریشانی، ذہنی تناؤ، دباؤ اور مایوسی جیسے مسائل پر قابو پانے کے لیے مدد گار ہوسکتے ہیں۔
ماہرین نے کم عمر ڈاکٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے مریضوں پر جدید سے جدید ٹیکنالوجی کے آلات کا استعمال کرکے ان کی صحت کا جائزہ لیں، ممکن ہے کئی افراد کی پریشانی، دباؤ اور مایوسی کو اسمارٹ فونز اور ایپلی کیشنز کے ذریعے ہی ختم کیا جاسکے۔
اب ماہرین اسمارٹ فونز اور ایپلی کیشنز کے ذہنی دباؤ پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لے رہیں ہیں۔
خیال رہے کہ ماہرین نے کوئی مخصوص ایپلی کیشنز نہیں بتائیں، بلکہ انہوں نے مجموعی طور پر تمام ایپس کو بے چینی اور پریشانی کو کم کرنے کے لیے مددگار قرار دیا ہے۔

 

ایمزٹی وی(چمن)چمن میں افغان سیکورٹی فورسز کی اشتعال انگیزی اور دس گھنٹے تک گولہ باری کے بعد باب دوستی آج بھی بند ہے۔ آمدورفت اورتعلیمی بند ہیں جبکہ افغان فورسزکی شیلنگ سےمتاثرہ علاقوں میں پاک فوج اورایف سی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔
بلوچستان کے علاقے چمن میں افغان بارڈر فورسز کی بلا اشتعال کارروائی کے بعد زیروپوائنٹ سے ملحقہ علاقے خالی کرالیے گئے ہیں ۔ سرحدی دیہات سے آبادی محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کرگئی ہے۔
چمن میں تعلیمی ادارے غیرمعینہ مدت کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پاک افغان سرحد پر ا، تجارتی سرگرمیاں اور نیٹو سپلائی معطل ہیں ۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان نے چمن میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی سیل قائم کردیا ہے جہاں پانچ ایمبولینس،طبی عملہ اور دوائیں موجود ہیں ۔
ان علاقوں میں رات گئے تک پی ڈی ایم اے کے اٹھائیس ٹرک راشن ،خیمے اور دوائیں لے کر پہنچے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چمن سرحد پرمنقسم دیہات کلی لقمان اور کلی جہانگیرمیں پاکستان کی حدود میں افغان فورسز نے مردم شماری ٹیموں پر اندھا دھند فائرنگ اور گولہ باری کی ۔
اس حملے میں ایف سی اہلکاروں اور شہریوں کی اموات ہوئیں۔ واقعے کے بعد پاک افغان ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنزنے ہاٹ لائن پر رابطہ کیا ۔ اس دوران مقامی کمانڈروں کی فلیگ میٹنگ بھی ہوئی ۔
ڈی جی ایم او پاکستان، میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستانی علاقوں اور سیکورٹی فورسز پر بلا اشتعال افغان فائرنگ و گولہ باری کی مذمت کی ۔
انہوں نے افغان ہم منصب کو باور کرایا کہ کلی لقمان اور کلی جہانگیر سرحد پر منقسم دیہات ہیں، پاکستانی فورسز اور شہری اپنے علاقوں میں کام جاری رکھیں گے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سےامدادی سامان کے 19 ٹرک چمن پہنچ گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق امدادی سامان میں خیمے،ادویات اور کھانے پینے کا سامان شامل ہے اور ہر متاثرہ خاندان کےلیے الگ الگ پیکٹ بنائے گئے ہیں۔ امدادی سامان کی تقسیم شروع نہیں ہوسکی۔

 

ایمز ٹی وی(صحت) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 28 مارچ کو معاہدے کے اختتام پر تھر کے 25 ڈاکٹروں کو فارغ کردیا جبکہ 31 ڈاکٹروں کے معاہدوں میں توسیع کردی تاہم معاہدے سے محروم ہونے والے ڈاکٹروں نے فیصلے کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے احتجاج کیا۔
برطرف ہونے والے ڈاکٹر ریتا، ڈاکٹر پشپا، ڈاکٹر اشوک، ڈاکٹر مکیش، ڈاکٹر وینا، ڈاکٹرجوٹی مالا، ڈاکٹرلیلا اور دیگر نے مٹھی سول ہسپتال کے باہر ریلی نکالی اور بینظیر بھٹو آڈیٹوریم تک مارچ کیا جہاں ضلع کونسل کا ایک اجلاس منعقد ہورہا تھا۔
وہ آڈیٹوریم کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ضلعی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو سے مذاکرات کے لیے باہر آنے کا مطالبہ کرتے رہے۔
ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو نے معاملے کو وزیراعلیٰ کے سامنے اٹھانے کی یقین دہانی کرائی اور صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ڈاکٹروں کو اپنے متعلقہ یونٹس میں باقاعدگی سے اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے باوجود فارغ کردیا گیا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ انھوں نے کراچی اور حیدرآباد میں پرکشش کام کو چھوڑ کر اپنے آبائی علاقوں میں کام کرنے کو ترجیح دی کیونکہ یہاں دو سال قبل حالات نازک ہونے کے باعث سیکڑوں کی تعداد میں بچے دم توڑ گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ انھیں ایک ایسے وقت میں بغیر کسی وجہ کے فارغ کردیا گیا جبکہ صورت حال اب بھی اچھی نہیں ہے اور تھر میں بچوں کی اموات جاری ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ پانچوں خواتین ڈاکٹروں کی معطلی کے بعد اسلام کوٹ کے تعلقہ ہسپتال میں کوئی خاتون ڈاکٹر موجود نہیں ہوگی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ دبنگ خان سلمان خان کی نئی فلم ' ٹیوب لائٹ ' عید الفطر پر ریلیز ہورہی ہے اور گزشتہ روز اس کا پہلا ٹیزر ٹریلر بھی جاری کردیا گیا۔
مگر اس ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ سلمان خان کی بظاہر منفرد نظر آنے والی یہ فلم 2015 کی ہالی ووڈ فلم 'لٹل بوائے' سے ملتی جلتی ہے۔
سلطان کی سپر ہٹ کامیابی کے بعد دبنگ خان کے پُرستار ان کی نئی فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ جس میں وہ 1962 کی بھارت اور چین کی جنگ سے جڑی کہانی کا حصہ ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اگرچہ ٹیزر ٹریلر میں بہت کچھ معلوم نہیں ہوسکا مگر اس سے یہ اندازہ ضرور ہوگیا کہ یہ ہالی ووڈ فلم لٹل بوائے سے متاثر ہے اور دونوں میں بہت زیادہ مماثلت ہے۔
رپورٹ کے مطابق درحقیقت سلمان خان ایسا کردار ادا کررہے ہیں جو ہالی ووڈ فلم میں ایک بچے نے ادا کیا تھا۔
فلم میں وہ بچہ اپنے والد سے بہت قریب ہوتا ہے جو کہ دوسری جنگ عظیم میں حصہ لینے چلا جاتا ہے جبکہ ٹیوب لائٹ میں باپ کا کردار بھائی سے بدل دیا گیا جو کہ سہیل خان سے بدل دیا گیا ہے۔
اسی طرح باپ کے چلے جانے کے بعد بچہ اسے واپس لانے کا عزم کرتا ہے اور اس کا ماننا ہوتا ہے کہ وہ ذہنی آنکھ سے چیزوں کو حرکت دے سکتا ہے جبکہ ٹیوب لائٹ کے ٹیزر میں بھی سلمان خان کچھ ایسا ہی کرتے نظر آئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شاہ رخ خان اس فلم میں ایک جادوگر کا کردار ادا کررہے ہیں جن کی جھلک تو ٹیزر میں ہے مگر نظر نہیں آتی جبکہ ہولی وڈ فلم میں یہ کردار بین چپلن نے ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ سلمان خان کی فلم ٹیوب لائٹ 23 جون کو ریلیز کی جائے گی ۔

 

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم)داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی بہتر تعلیمی سرگرمیوں اور سہولتوں کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی ) نے جامعہ کے 4؍ شعبوں ، کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ ، ٹیلی کمیونی کیشن انجینئرنگ ، پٹرولیم اینڈ گیس انجینئرنگ اور انرجی و انوائرمنٹ انجینئرنگ کو ایکریڈیشن دیدی ہے۔
پی ای سی کے چاروں شعبوں کی منظوری کے بعد اب داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے تمام اکیڈمک پروگرامز پاکستان انجینئرنگ کونسل سے منظور شدہ ہوگئےہیں

 

 

 
ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) جرائم پیشہ افراد کے گینگ سے جان بچاتے تین دوستوں کی کہانی، ایکشن ،ایڈونچر اور کامیڈی سے بھرپور ہالی ووڈ مووی’آل اباؤٹ دی منی‘کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔
بلیک فری مین کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی تین دوستوں کے گرد گھومتی ہے ۔ وہ چھٹیاں گزارنے کے لیے اپنے ایک دوست کی خاطردوسرے ملک چلنے پر راضی ہوجاتے ہیں ۔
وہاں پہنچتے ہی ان پر انکشاف ہوتا ہے کہ وہ ایک مطلوب ملزم کو پکڑنے کے لیے لائے گئے ہیں ۔
فلم 2جون کو ریلیز کی جائے گی۔
 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)دی ایجوکیٹرز ،ایف بی ایریا کیمپس 1 کے طالب علموں نے ارتھ ڈے کے حوالے سے ماحول کا عالمی دن منایا۔
اس موقع پر یونین کمیٹی 28 گلبرگ کے چیئرمین محمد حسن نقوی، وائس چیئرمین جمشید قائمخانی، کونسلر رئیس احمد، ایڈمنسٹریٹر دی ایجوکیٹرز کیمپس 1 صباحت رئیس اور اسکول انتظامیہ بھی موجود تھی۔
طلبہ نے عائشہ منزل چورنگی کی فٹ پاتھ پر خوبصورت گملے رکھے جبکہ ٹائروں کو بھی خوبصورت رنگوں سے سجایا گیا تھا، اس طرح ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کا اہم پیغام دیا گیا۔