منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد/ تعلیم)وفاقی دارالحکومت کی علامہ اقبال یونی ورسٹی میں شہد کی مکھیوں کے حملے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے عقب میں شہد کی مکھیوں کے چھتے لگے تھے جن کی صفائی کے لئے عملہ وہاں پہنچا تو ایک چھتا نیچے گر گیا جس کے نتیجے میں مکھیوں نے یونی ورسٹی کے ملازمین پر حملہ کردیا۔
حملے کے نتیجے میں گلزار نامی مالی جاں بحق ہو گیا جب کہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔ شہد کی مکھیوں کے حملے کے باعث یونیورسٹی میں بھگڈر اور خوف و ہراس بھی پھیل گیا۔

 

 

 
ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی) شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے جامعہ کے ماتحت چلنے والے دو اسکولوں کو سطحی قرار دیتے ہوئے طلبہ و طالبات کے لیے دو الگ کیڈٹ کالجز کے قیام کا اعلان کردیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم سے ہی ملکی ترقی ممکن ہے، بچیوں کو کیڈٹ کالج جیسے ادارے میں تعلیم دلوا کر آگے لایا جائے گا، کیونکہ خواتین کی شمولیت کے بغیر قوم ترقی نہیں کر سکتی۔
 
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ سندھ کے ملازمین اور جامشورو کے باشعور حلقے کی جانب سے منعقد کردہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
اس موقع پر ڈاکٹر اظہر علی شاہ ، ڈاکٹر قمر واحد، مشتاق میرانی، اصغر رضا برفت، رفیق احمد بروہی، محمد علی گھانگھرو، لطیف گاد، انجنیئر سجاد حسین شاہ، روشن برہمانی، ڈاکٹر امداد علی اسماعیلی، ساگر عالمانی و دیگر نے شرکت کی

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ کراچی نے سالانہ پریکٹیکل امتحانات کے شیڈول کا اعلان کردیا۔
ناظم امتحانات کے مطابق بی ایس سی (پاس) فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر فزکس کے سالانہ پریکٹیکل امتحانات2016 ء برائے(لیفٹ اوورامیدوار) 9 مئی 2017 ء کو پی ای سی ایچ ایس ایجوکیشن فائونڈیشن گورنمنٹ ڈگری کالج میں صبح 9:30 تا12:30 بجے دوپہر منعقد ہوں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ سندھ)سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے گزشتہ روز بلاول ہائوس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔
ڈاکٹر محمد علی شیخ نے بلاول بھٹو زرداری کو سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے تاریخی کردار اور اس ادارے کی بھٹو خاندان کیساتھ وابستگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کو بتایا گیا کہ انکے والد آصف علی زرداری کے تڑ نانا حسن علی آفندی اور محترمہ بینظیر بھٹو کے دادا اور انکے (بلاول بھٹو)تڑ دادا سر شاہنواز بھٹو نے بھی اپنی ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی سے حاصل کی تھی۔
ڈاکٹرمحمد علی شیخ نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے بھی سندھ مدرستہ الاسلام سے منسلک کالج میں کچھ عرصہ تک درس و تدریس کے فرائض سر انجام دیے ۔اس موقع پر محترمہ بینظیر بھٹو کے سندھ مدرستہ الاسلام سے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے کئی دفعہ سندھ مدرستہ الاسلام کا دورہ کیا۔آخری مرتبہ انہوں نے مارچ 1999 میں سندھ مدرستہ الاسلام کا دورہ کیا تھا۔جس کے دوران انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ جب بھی انکی جماعت اقتدار میں آئی تو سندھ مدرستہ الاسلام کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائیگا۔بعد میں جب آصف علی زرداری اس ملک کے صدر بنے تو انہوں نے مئی 2010 میں سندھ مدرسہ کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔ڈاکٹر محمد علی شیخ نے قائد پیپلزپارٹی کو بتایا کہ سندھ حکومت سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی بھرپور مدد کررہی ہے۔
وائس چانسلر نے بلاول بھٹو کو مزید بتایا کہ اس ادارے کے سابق طالبعلموں نے تحریک پاکستان اور بعد میں پاکستان کی تعمیر میں بھرپور کردار ادا کیا۔جن میں قائد اعظم محمد علی جناح، سر شاہنواز بھٹو و دیگر شامل ہیں۔یہی سبب ہے کہ اس ادارے کا شمار پاکستان کے تاریخی ورثہ میں ہوتا ہے۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی ترقی اور بہتری کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور تعمیر کیلئے اعلیٰ تعلیم کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے بلاول بھٹو زرداری کوقائد اعظم محمد علی جناح، حسن علی آفندی اور محترمہ بینظیر بھٹو پر لکھی گئی کتابوں کے تحائف پیش کیے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں عبدالغفارڈوگرکی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے وزارت مذہبی امورکا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران وزارت مذہبی امورکے اعلیٰ حکام کی جانب سے بریفنگ کے دوران کمیٹی نے استفسار کیا کہ رواں برس سرکاری اخراجات میں 10 ہزارروپے فی کس کا اضافہ کیوں کیا گیا ہے، جس پرایڈیشنل سیکریٹری حج نے بتایا کہ ملک کے جنوبی حصے کے لیے 2 لاکھ 70 ہزار جب کہ شمالی حصے کے لیے 2 لاکھ 80 ہزار کا پیکج رکھا گیا ہے، توسیع کعبہ کی وجہ سے کم کیا گیا 20 فیصد کوٹا بحال کردیا گیا ہے، اس سال سعودی حکومت عمارتوں میں ہی عازمین کے سامان کی کلیئرنس دے گی، حجاج کو ٹرین اورایئر کنڈیشنڈ بسوں کی سہولت فراہم کی جائے گی، منیٰ میں میٹرس ڈبل کروا دیا گیا ہے جب کہ خیموں میں ایئرکولرکا انتظام کروادیا ہے۔ عازمین حج کو3 وقت کا کھانا اوربہترسہولیات دے رہے ہیں، کھانے کا معیارمزید بہترکیا گیا ہے اس کے علاوہ انہیں دن میں 3 مرتبہ چائے ملے گی۔
حکام کی بریفنگ پر چئیرمین کمیٹی ملک عبدالغفارڈوگرنے کہا کہ وزارت مذبی امور کی جانب سے پالیسی بنائی جاچکی ہے، عمارتیں کرائے پرلے لی گئیں اورمینیو بھی بنا لیا گیا تو اب بحث کے لیے کیا رہ گیا ہے۔ اب ہمارے بیٹھنے کا کیا فائدہ ہے، ہم سے اب صرف دستخط کروانا ہیں، پالیسی بنانے سے قبل نہ مشاورت ہوتی ہے نہ کمیٹی کا اجلاس بلایا جاتا ہے۔ پیپلز پارٹی کی شگفتہ جمانی نے کہا کہ میں نے 6 حج کئے اور ہر بار ائیر کولر خراب ہی ملے، اتنی گرمی میں حاجی سے اترنا چڑھنا مشکل ہوتا ہے۔
اجلاس کے دوران صاحبزادہ یعقوب نے کہا کہ ہارڈ شپ کوٹہ میں شفاف انداز سے لوگوں کو بھجوایا جائے، گزشتہ سال بھی ناجانے کس کس کو ہارڈ شپ کوٹہ پرحج پر بھیجا گیا۔ رمیش لال نے کہا کہ پچھلے سال کسی نے حکومت کے خرچے پر اپنی بہو کو بھیجا جس پر وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات نے کہا کہ حج پیکج میں 10 ہزار روپے کا اضافہ اتنی سہولیات میں اچھنبے والی بات نہیں اور کیا بہو کو حج پر بھیجنا کوئی جرم ہے۔
رمیش لال نے مزید کہا کہ زیارات کے لئے جو بھی جائے اسے اپنے خرچہ پر جانا چاہیے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی سرکاری حج پر بھیجا گیا، ایواکیو ٹرسٹ کے خرچہ پر لوگوں کو بھجوایا گیا اور تفصیلات نہیں دی گئیں۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے کہا کہ کوئی سرکاری خرچ پرحج پر نہیں گیا جس پر رامیش لال نے کہا کہ میں آپ کو ٹکٹ اور تفصیلات بھی دے سکتا ہوں جس کے بعد چیئرمین کمیٹی نے رمیش لال کو آئندہ اجلاس میں تفصیل دینے کی ہدایت کردی۔

 

 

ایمزٹی وی(کھٹمنڈو)نیپال سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے کرنل(ر)حبیب ظاہر سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ان کے نیپال میں موجود نہ ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نوکری کے جھانسے میں پھنسنے والے اور نیپال کے لمبینی ایئرپورٹ سے لاپتہ ہونے والے کرنل(ر) حبیب ظاہر کی ہوٹل کی بکنگ اور ٹکٹ کی ادائیگی کرنے والے بھارتی کرداروں کے نام سامنے آگئے ہیں اور حبیب ظاہر کے نیپال میں موجود نہ ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حبیب ظاہر کیلئے کھٹمنڈوکا ٹکٹ سفل چوہدری نامی بھارتی نے خریدا،سفل چوہدری کا موبائل فون نمبر9804815702 ہے جبکہ مغوی حبیب ظاہر کیلئے ٹکٹ پریشئش ٹریول اینڈ ٹورز سے خریدا گیا۔رپورٹس کے مطابق صابو راجور نامی بھارتی خاتون نے حیات ریجنسی میں بکنگ کرائی اور وہ کھٹمنڈو کی کمپنی میں مارکیٹنگ مینجر کے روپ میں کام کرتی ہے۔
لیفٹیننٹ کرنل(ر) حبیب ظاہر 6 اپریل کو لمبینی کے بحروا ایئرپورٹ پر اترے اور بھارتی شہری ڈولی رینچل نے ایئرپورٹ پر حبیب ظاہر کا استقبال کیا،ان کو ریسیو کرنے والی گاڑی صبح ساڑھے 11 بجے پارکنگ میں موجود تھی۔
نیپال اور بھارت کے درمیان سرحد پر چیکنگ کا خاطر خواہ نظام موجود نہیں ہے ، شہری عموماً کاغذات کی جانچ کے بغیرسرحد پارکرتے ہیں،حبیب ظاہر کو ایئرپورٹ سے ٹویوٹا میک گاڑی میں بارڈر کی جانب لے جایا گیا اور وہاں سے بھارت لے جایا گیا۔
حبیب ظاہرکے سم کارڈ پرآخری سگنل لمبینی میں مایا دیوی مندر کے قریب سے موصول ہوئے اورکالی ڈاہ نامی بارڈر کراسنگ پوائنٹ مایا دیوی مندر سے محض 7 کلومیٹر دور ہے ۔یاد رہے کہ کرنل (ر)حبیب ظاہر کو نوکری کا جھانسہ دیکر نیپال سے اغواءکرلیا گیا تھا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) پاکستانی فلم ’مہر النساء وی لب یو‘ کا پہلا ٹیزر ریلیز کردیا گیا، جو ٹیزر کم اور ٹریلر زیادہ نظر آرہا ہے۔
یاسر نواز کی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بننے والی فلم کو کامیڈی قرار دیا گیا تھا، یاسر نواز نے اپنے ایک انٹرویو میں بھی یہی کہا تھا کہ یہ فلم رومانوی کامیڈی کہانی پر مبنی ہے، تاہم ٹیزر پر نظر ڈالی جائے تو اس میں صرف رومانس، ایکشن اور ڈرامے کو پیش کیا گیا۔
ایک منٹ 26 سیکنڈ دورانیے کے اس ٹیزر میں بالی ووڈ ہدایت کار کرن جوہر کی فلموں کی جھلک نظر آئی، برف کے پہاڑوں پر رومانوی گانے اور ایکشن سینز نے اس فلم بالی ووڈ انداز دے دیا۔
فلم کے ٹیزر سے کہانی اور زیادہ پیچیدہ ہوگئی ہے، کیوں کہ اس ایک ٹیزر میں خاندان کے جھگڑے، رومانوی کہانی اور ولن سے لڑنا سب کچھ پیش کیا گیا۔
فلم ’مہر النساء وی لب یو‘ میں دانش تیمور اور ثناء جاوید نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، خیال رہے کہ اس سے قبل دانش تیمور یاسر نواز کی فلم ’رونگ نمبر‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔
فلم میں معروف پاکستانی اداکار جاوید شیخ بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔
اس فلم کا پہلا ٹریلر بھی جلد ریلیز کیا جائے گا اور امید ہے کہ اسے دیکھ کر فلم کی کہانی میں شائقین کی دلچسپی بڑھ جائے۔
’مہرالنساء وی لب یو‘ کی ریلیز رواں سال عید الفطر پر متوقع ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت سے پاکستانی طلبہ کو واپس بھیجنےکے معاملے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ہندو انتہا پسندی اور عدم برداشت عروج پر ہے جب کہ وہاں مذہبی اقلیتوں کو ہراساں کیا جانا بھی معمول بن گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں بڑھتی مذہبی منافرت و عدم برداشت مغرمی ممالک میں شہ سرخیاں اورعالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ ہندو انتہا پسند تنظیمیں اس قسم کے واقعات میں ملوث ہیں جب کہ بھارتی حکومت ان تنظیموں کے سامنے خاموش تماشائی بن کر رہ گئی ہے، بھارتی حکومت نے انتہا پسندوں کے خوف سے ہی پاکستانی طلبہ کو وطن واپس بھیجا، پاکستان طلبہ کو واپس بھیجنے کا معاملہ سفارتی سطح پر بھارت سمیت عالمی برادر ی کے ساتھ اٹھائے گا۔
دوسری جانب بھارت سے نکالے جانے والے نجی اسکول کے تمام طلبہ وطن واپس پاکستان پہنچ گئے، طلبہ کو دھمکیاں ملنے کے بعد تین مختلف پروازوں کے ذریعے دہلی سے امرتسر پہنچایا گیا طلبہ کا آخری گروپ کل شام پرنسپل کی قیادت میں پاکستان پہنچا۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) اقوام متحدہ کے ادارے اکنامک اینڈ سوشل کمیشن فار ایشیا اینڈ پیسیفک (یونیسکیپ) کی جانب سے کیے جانے والے سروے میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی ممکنہ طور پر مالی سال 2017 اور 2018 میں 5.2 فیصد سے بڑھ کر 5.4 تک ہوجائے گی۔
سروے کے مطابق نجی استعمال اور سرمایہ کاری ملک کی معیشت کو چلائیں گے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ملک میں امن و امان کی بہتر صوتحال اور پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری انفرااسٹکرکچر منصوبے بھی ملکی معیشت کو چلانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
اکنامک اینڈ سوشل سروے آف ایشیا اینڈ پیسیفک 2017 کے مطابق سی پیک کے تحت چین کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری ملکی زرمبادلہ میں اضافہ کرنے میں معاون ثابت ہوگی اس کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ اور تعمیر سے متعلق اشیاء کی درآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔
سروے کے مطابق سی پیک منصوبے نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی جانب متوجہ کیا ہے، جس کے باعث پاکستان میں نجی سرمایہ کاری مزید مستحکم ہوئی ہے۔
بڑی صنعتوں کو استعمال کے لیے مہیا کیے جانے والے ایندھن کے نرخ میں کمی اور توانائی کے تحفظ کے بعد نمایاں فائدہ حاصل ہو گا۔
اسی طرح کپاس، گنے اور مکئی کی پیداوار کو بڑھانے کے ساتھ ہی زرعی شعبے میں بھی بہتری کے امکانات موجود ہیں۔
اسی دوران عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے اور ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مالی سال 18-2017 میں غربت کی شرح 5 فیصد سے بڑھ کر 5.5 فیصد ہوجائے گی۔
تاہم سروے کے مطابق درمیانی مدت کے توانائی بحران کے نتیجے میں ملکی ترقی اپنی صلاحیت سے کم ہی رہے گی۔
حالیہ جدت کے باوجود بقایاجات سے نمٹنے اور تکنیکی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے توانائی کے شعبے میں سبسڈیز کو مزید کم کرنے کی ضرورت ہوگی۔
سروے میں کہا گیا کہ کمزور نظام حکومت جنوبی ایشیائی ممالک میں ٹیکس آمدن میں کمی کی وضاحت کرتا ہے کیونکہ حکومت کا معیار ہی ٹیکس دہندگان پر اثر انداز ہوتا ہے۔
ایسے عوامل جو مالی بدعنوانی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، ان میں ٹیکس کے قوانین، کمزور قانونی اور عدالتی نظام اور حکومتی شعبوں میں کم تنخواہیں شامل ہیں۔
سروے کے مطابق پاکستان دنیا کے اُن چار ملکوں میں شامل ہے جن کے ٹیکس دہندگان کی معلومات عوامی سطح پر موجود ہیں جبکہ حیران کن بات یہ ہے کہ 18 کروڑ کی آبادی والے اس ملک میں صرف 7 لاکھ 50 ہزار ہی رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان موجود ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستانی پارلیمنٹ بشمول سینیٹ اور تمام قانون ساز اسمبلیوں کے اراکین کی تقریبا! نصف تعداد ٹیکس ادا ہی نہیں کرتی، جو کہ قانون سازوں کی جانب سے حوصلہ شکنی کا مظاہرہ ہے۔
ان معلومات کو عوامی سطح پر لانے سے نتائج حاصل نہیں ہوں گے جب تک ایسے اقدامات نہ کیے جائیں جو موزوں طریقے سے نافذالعمل ہوں۔
ایشیا پیسیفک کی ایسکیپ کے اعدادوشمار میں یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ گورننس ملکی وسائل بروئے کار لانے کی کوششوں پر اثرانداز ہوتی ہے تاہم 5 ترقی پذیر ممالک بشمول پاکستان میں ٹیکس کی آمدن 2005 سے 2014 تک طرز حکومت کی ناکامی کی وجہ سے کافی حد تک متاثر ہوئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک نے اپنے میسنجر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 50 مشہور گیمز کا اعلان کیا ہے جو ہر ماہ میسنجر استعمال کرنے والے ایک ارب 20 صارفین کھیل سکیں گے۔
اگرچہ میسنجر ایپ میں گیمز گزشتہ برس متعارف کرائے گئے تھے لیکن اب تک وہ بی ٹا ٹیسٹنگ کے مرحلے میں تھے یعنی لانچ سے پہلے آزمائشی مراحل سے گزررہے تھے۔ اب میسنجر استعمال کرنے والے اپنی ایپ کے ذریعے دوستوں کے ساتھ 50 گیم کھیل سکیں گے جن میں الفاظ والے گیمز، ایٹ بال پول، پیک مین، سولٹیئر، اسنیک، نوم کیٹ، کوکنگ ماما، کٹ دی روپ، مارس روور، ٹومب رنر، ٹاور میچ، برک پاپ، سلوپ سلائیڈر، ماسٹر آرچر، بنجو، سوڈوکو اور دیگر گیمز شامل ہیں۔ اب آپ یہ گیمز پوری دنیا کے دوستوں کے ساتھ کھیل سکیں گے۔
 
فیس بک کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ پرلطف، مسابقت اور سماجی انداز ہے جس کے ذریعے آپ اپنے دوستوں کو چیلنج اور خوش کرسکیں گے۔ اس کے لیے میسنجر ٹیکسٹ باکس کے پہلو میں ایک پلس سائن پر کلک کریں اور آپشن میں سے گیم پر جاکر کسی بھی گیم کا انتخاب کریں یا پھر صرف انگلی سے چھو کر بھی گیم شروع کیا جاسکتا ہے۔ ان میں 80 اور90 کے دہائی کے آرکیڈ گیم بھی شامل ہیں جن میں گیلگا اور اسپیس انویڈرز نمایاں ہیں۔ یہ گیم ان لوگوں کے لیے زیادہ متاثر کن ہوں گے جو آج سے 30 برس قبل آرکیڈ مشینوں پر گیمز کھیلا کرتے تھے۔
یہ گیمز فیس بک، میسنجر اور میسنجر کی ویب سائٹ پر یکساں طور پر کھیلے جاسکیں گے اور ان کا اجرا جلد ہی کیا جائے گا۔ فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید انسٹنٹ گیمز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔