منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک نے ٹریفک بڑھ جانے اور ممکنہ طور پر سسٹم کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے نیا ڈیٹا سینٹر تیار کرلیا۔
خیال رہے کہ فیس بک کی جانب سے قائم کیے گئے اس نئے ڈیٹا سینٹر سے قبل بھی کمپنی کے 6 ڈیٹا سینٹر کام کر رہے ہیں، جو امریکا اور یورپ کے مختلف مقامات پر واقع ہیں۔
فیس بک نے اپنا ساتواں ایڈوانس ٹیکنالوجی کا حامل ڈیٹا سینٹر جنوب مغربی امریکی ریاست نیو میکسیکو کے چھوٹے سے قصبے لوس لناس میں کھولا ہے۔
فیس بک کے مطابق اس ڈیٹا سینٹر کو 2018 میں آن لائن کردیا جائے گا، اس ڈیٹا سینٹر کے قیام کے بعد صارفین کو فیس بک کے استعمال میں سست رفتاری کی شکایت نہیں ہوگی۔
فیس بک کے مطابق لوس لناس میں بنائے گئے اس ڈیٹا سینٹر کو ایکسپریس بیک بون (ای بی بی) کا نام دیا گیا ہے۔
فیس بک کے مطابق ڈیٹا سینٹر کو ایک سال سے بھی کم عرصے میں تیار کیا گیا، اس سینٹر کو 100 فیصد پاور اور انرجی بیک اپ فراہم کیا گیا ہے۔
فیس بک نے اپنی آن لائن پوسٹ میں بتایا کہ ویب سائٹ پر ویڈیوز اور تصاویر کی زیادہ سے زیادہ شیئرنگ سمیت دیگر مواد کی پوسٹنگ کے باعث ٹریفک کے تکنیکی مسائل پیدا ہو رہے تھے، جس کی وجہ سے نئے ایڈوانس ڈیٹا سینٹر کی ضرورت تھی۔
فیس بک انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ اس سینٹر کے کام کرنے کے بعد فیس بک کی اسپیڈ مزید بہتر ہوگی اور صارفین آسانی سے، ویڈیوز، تصاویر اور دیگر ڈیٹا شیئر کر سکیں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) گرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے اور تربوز آج کل عام دستیاب پھل ہے جو پیاس کی شدت کو ختم کردیتا ہے۔
متعدد افراد اسے شوق سے کھاتے ہیں مگر کیا آپ کو اس کے صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کا علم ہے؟
اگر نہیں تو درج ذیل فوائد اس پھل کے لیے آپ کی محبت مزید بڑھا دیں گے۔
شریانوں اور ہڈیوں کی صحت
تربوز میں موجود لائیکو پین خون کی شریانوں کی صحت کے لیے بہت اہم ہے جبکہ یہ ہڈیوں کی صحت کو بھی بہتر بناا ہے۔ تربوز کا زیادہ استعمال خون کی شریانوں کے افعال کو بہتر بناتا ہے کیونکہ اس سے دوران خون بہتر ہوتا ہے جبکہ بلڈ پریشر کی سطح معمول پر آتی ہے۔ لائیکو پین سے آکسی ڈیٹیو اسٹریس بھی کم ہوتا ہے جبکہ ہڈیوں کی کمزوری کا باعث بنتا ہے، اسی طرح تربوز میں پوٹاشیم بھی ہوتا ہے جو کہ جسم میں کیلشیئم کی سطح برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے جو کہ مضبوط ہڈیوں کے لیے ضروری جز ہے۔
جسمانی چربی میں کمی
تربوز میں موجود سٹرولائن خلیات میں چربی کے اجتماع کی شرح کم کرتا ہے، سٹرولائن ایسا امینو ایسڈ ہے جو کہ جسم میں جاکر آرجنین میں تبدیل ہوجاتا ہے جو کہ گردوں کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔ سٹرولائن فیٹ سیلز میں ایسی سرگرمیوں کو روکتا ہے جو کہ جسم پر چربی چڑحنے کا باعث بنتے ہیں جس سے توند سے نجات بھی ممکن ہوتی ہے۔
ورم کش
تربوز میں مختلف اجزاءجیسے فلیونوئڈز، کیروٹین اور دیگر شامل ہوتے ہیں، کیروٹین جسم میں ورم کی سطح میں کمی لانے اور مضر صحت اجزاءسے نجات میں مدد دیتا ہے۔ اس میں شامل tripterpenoid بھی ورم کش ہوتا ہے اور ایسے انزائمے روکتا ہے جو کہ جسمانی ورم کا باعث بنتا ہے۔
جگر اور گردوں کے لیے مفید
تربوز پیشاب کی روانی کو بڑھانے میں مدد دیتا ہے مگر گردوں پر بوجھ نہیں ڈالتا۔ اسی طرح یہ پھل جگر کے افعال جیسے امونیا کے اخراج میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے جس میں خرابی کی صورت میں اضافی سیال مواد بڑھتا ہے اور گردوں پر دباﺅ بڑھ جاتا ہے۔
مسلز کے لیے مفید
پوٹاشیم سے بھرپور ہونے کی وجہ سے تربوز اعصاب اور مسلز کے ایکشن کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے، پوٹاشیم مسلز کے زاویوں اور حجم کا تعین کرتا ہے جبکہ اعصاب کو کنٹرول کرتا ہے۔
آنکھوں کی صحت بہتر بنائے
تربوز بیٹا کیروٹین کے حصول کا بھی اچھا ذریعہ ہے جو کہ جسم میں جاکر وٹامن اے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ یہ جز آنکھ کے قرینے میں نسیج کے قدرتی رنگ کے حوالے سے مدد دیتا ہے جبکہ عمر بڑھنے سے بینائی میں آنے والی تنزلی سے بچاتا ہے۔ وٹامن اے صحت مند جلد، دانت اور نرم ٹشوز کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
جلد کو بچائے
جیسا بتایا جاچکا ہے کہ اس میں لائیکو پین ہوتا ہے، یہ اینٹی آکسائیڈنٹ جز جلد کو سورج کی شعاعوں سے ہونے والے نقصان سے بچاتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق تربوز میں ٹماٹر کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ نباتاتی کیمیکل ہوتا ہے جو سن اسکرین کی طرح آپ کی جلد کی چمک دمک برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی/ تعلیم)کراچی میں بارہویں جماعت کا آج ہونے والاکیمسٹری کا پرچہ امتحان شروع ہونے سے پہلےہی آؤٹ ہوگیا۔
کیمسٹری کا پرچہ صبح 9 بجے شروع ہوناتھا لیکن پرچہ وقت سے 15 منٹ پہلے ہی آوٹ ہوگیا ۔یہ پرچہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا۔
قواعد کے مطابق امتحان شروع ہونے کے ایک گھنٹے بعد تک پرچہ امتحانی مرکز سے باہر نہیں آسکتا۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) متعدد افراد نیند کے دوران ڈراﺅنے خواب دیکھتے ہیں جو بظاہر کوئی نقصان دہ چیز نہیں اور اس پر توجہ مرکوز نہیں کی جانی چاہیئے۔
تاہم اگر کسی شخص کو بار بار ایسے تجربے کا سامنا ہو تو یہ سنگین ذہنی امراض کی نشانی بھی ہوسکتی ہے۔
یہ بات فن لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
ٹیورکو یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند کے دوران نظر آنے والے یہ خوفناک خواب ذہنی امراض کی ابتدائی علامت ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق اس طرح کے خوابوں کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیئے اور اس حوالے سے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیئے۔
اس تحقیق کے دوران 1972 سے 2012 کے دوران 71 ہزار سے زائد افراد میں کیے جانے والے ایک سروے کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ ایسے خواب زیادہ دیکھنے والے افراد میں مختلف ذہنی امراض کی نشاندہی ہوتی ہے۔
محققین نے ایسے خوابوں کو منفی جذباتی حالت کی نشانی قرار دیا، جس کے نتیجے میں مزاج برہم رہنے سمیت دیگر ذہنی عوارض کا خطرہ بڑھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اس حوالے سے مریضوں کی حالت میں بہتری لانے کے لیے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہوگی کیونکہ یہ سنگین مسائل کی ابتدائی نشانی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) فیصل آباد میں چکن پاکس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، محکمہ صحت وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کرنے میں ناکام ہے، شہرمیں چکن پاکس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد126 ہو گئی۔
الائیڈ اسپتال میں چکن پاکس کے مزید چارمتاثرہ مریض لائے گئے جس کے بعد رواں سال کے دوران اسپتال میں چکن پاکس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 121 ہوگئی ہے۔سول اسپتال میں بھی پانچ مریض لائے گئے۔
رواں سال چار ماہ کےدوران 126 مریض سامنے آئے جن میں سے 17 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ گذشتہ سال 23 مریض سامنے آئے جن میں سے ایک جاں بحق ہوا تھا۔
محکمہ صحت اس وبائی مرض سے بچاؤ کے لئے تاحال ویکسین فراہم نہیں کر سکا۔
ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کے مطابق مخیر حضرات کے 10 لاکھ روپے کے عطیے سے ویکسین خریدکر چکن پاکس کےمتاثرہ مریضوں کے لواحقین کو بھی لگائی جارہی ہے ۔
 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)چائلڈ رائٹس ایڈوکیسی نیٹ ورک نوابشاہ کے رہنماؤں ذولفقار خاصخیلی،مشرف بھٹی،اسماعیل ڈومکی،وارث چنا،ولی محمد جوکھیو اور دیگر نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تقریبا دوکروڑ26 لاکھ 37ہزار 942بچے تعلیم سے محروم ہیں جبکہ نوابشاہ میں بھی دوہزار بچے تعلیم سےمحروم ہیں.
ضلع میں 2404 اسکولوں میں آدھے سے زیادہ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی کمی ہے جسمیں پینے کا صاف پانی،واش روم،چاردیواری جیسے مسائل شامل ہیں جبکہ اکثر پرائمری اسکولوں کی بلڈنگز ہی موجود نہیں ہیں یا وہ زبوں حالی کا شکار ہیں جسکی وجہ سے بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔
رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیم سے محروم بچوں کو اسکولوں میں انرول کیا جائے،بند اسکولوں کو کھولا اور مرمت کاکام کرایا جائے اور سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں سے آراستہ کیا جائے۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) تھرپارکر میں رانی کھیت کی بیماری پر قابو نہیں پایا جاسکا، نگر پارکر کے گاؤں پاٹیا میں دو روز کے دوران مر نے والے موروں کی تعداد 15 ہوگئی۔
تھر کے صحرا میں رانی کھیت کی بیماری نے چھاچھرو ،ڈاہلی، مٹھی اور ڈیپلو کے بعد اب ننگر پارکر کا رخ کر لیا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں مرنے والے موروں کی تعداد 30 ہو گئی جبکہ گاؤں میں درجنوں مور بیماری میں مبتلا ہیں ۔
وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے پانی میں حل ہونے والی دوا دی ہے جو موروں کو پلائی جا رہی ہے۔
دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ مور جنگلی پرندہ ہے جسے دوا پلانا ممکن نہیں جبکہ بیمار مور یہ دوا ملا پانی پینے کے باوجود مر رہے ہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی)جامعہ کراچی کے شعبہ علم کتب خانہ واطلاعات کے زیر اہتمام ’’کتاب کا عالمی دن‘‘ کراچی کے 9مختلف کم مراعات یافتہ اسکولوں میں منعقد کیا گیا۔اس دن کو اسکولوں میں منانے کا مقصد کتاب کی اہمیت کو بچوں میں اجاگر کرنا اور مطالعہ کتب کا شوق پیداکرنا تھا۔
اس حوالے سے بچوں کو مفت کتابیں تقسیم کی گئیں اور مختلف علمی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔اسکولوں کو بھی مختلف کتابیں تحفتاً دی گئی تاکہ ان اسکولوں میں کتب خانوں کا قیام عمل میں لایاجاسکے اور نئی نسل کو کتاب پڑھنے کے مواقع میسر ہوسکیں اور ان کی کردار سازی اور ملک وقوم کی ترقی میں معاون ثابت ہوں۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم)سیکنڈری بورڈ لاہور کے زیر اہتمام ہونیوالےانٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2017 کے لیے امتحانی عملے کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس ضمن سپریٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپریٹنڈنٹ کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز گذشتہ روز ہوگیا ۔
لارنس روڈ امتحانی سینٹر لاہور میں دو روزہ ورکشاپ میں ڈسٹرکٹ لاہور کی فی میل سپریٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپریٹنڈنٹ کو تربیت دی گئی ۔ امتحانات کے لیے لاہور ڈویژن میں پانچ سو نو سینٹرز بنائے گئے ہیں۔
امتحانی مراکز پر اور گرد و نواح میں امتحانات کے دوران دفعہ 144 ہوگی ۔ جبکہ ساٹھ سے زائد سینٹرز کو حساس قرار دیا گیا جہاں کے لیے متعلقہ انتظامیہ کو خصوصی انتظامات کرنے کے لیے کہا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) گزشتہ سال باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم لالالینڈ کا سحر اب بھی برقرار ہے۔ گزشتہ روز امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لالا لینڈ ڈے منایا گیا۔
اس میں سینکڑوں فٹ بلند عمارت سے ڈانسرز نے رسیوں سے لٹک کر شاندار رقص کا مظاہرہ پیش کیااور دیکھنے والوں کو داد دینے پر مجبور کر دیا۔
لاس اینجلس کے میئر ایرک گارسیٹی نے تقریب کا آغاز کیا ،جبکہ اس موقعے پر فلم کے ڈائریکٹراور اسکرین رائٹرسمیت دیگر کریو نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں ماہر ڈانسرز نے سینکڑوں فٹ بلند عمارت سے رسیوں کی مدد سے لٹک کر کیے گئے ماہرانہ رقص نے دیکھنے والوں کو دنگ کر دیا۔
کئی منزلوں پر مشتمل سٹی ہال کی عمارت کا شیشوں سے ڈھکا ہوابیرونی حصّہ ان نو با صلاحیت ڈانسرز کے اسٹیج میں تبدیل ہو گیا ،جو رسیوں سے لٹکے عمودی انداز میں ڈانس کا مظاہرہ پیش کرتے رہے اورجسمانی توازن اور مہار ت کے کمالا ت دکھائے۔
اس حیرت انگیز پرفارمنس کے دوران ایک بار بھی کسی ڈانسر کے اسٹپس میں بگاڑ پیدا ہوااور نہ ہی سینکڑوں فٹ بلندی پر ہو نے کے با وجود ان کے توازن میں کوئی خرابی آئی۔