منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) کنگسٹن ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔ 4وکٹوں کے نقصان پر پاکستان نے 201 رنز بنا لیے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کا اسکور برابر کرنے کے لیے پاکستان کو85 رنز درکار ہیں۔ بابر اعظم 72، یونس 58 ، احمد شہزاد 31 اوراظہر علی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔
تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق 5 اور اسد شفیق 5 کے انفرادی اسکور پرکریز پر موجود تھے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے گزشتہ روز کے اسکور 9وکٹ 278رنز پر کھیل کا دوبارہ آغاز کیا اور اسکور میں صرف 8رنز کا اضافہ ہی کرسکی ۔اس طرح پوری ٹیم 286رنز پرآؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 44 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
میکا کے شہر کنگسٹن کے سبائنا پارک میں جاری میچ میں ویسٹ انڈیز کی طرف سے روسٹن چیز 63 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، میزبان ٹیم کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی گیبرئل تھے ،جسے 5رنزکے انفرادی اسکور پر محمد عامر نے بولڈ کیا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ”ہیپی برتھ ڈے لٹل ماسٹر“ بھارت کے لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکرکی آج 44ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے ۔
زرائع کے مطابق سابق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر 44سال کے ہو گئے اور اس حوالے سے آج انکی سالگرہ پر دوستوں اور رشتہ داروں کی جانب سے مبارکبادوں کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جو ان کے دراز عمری اور صحت کیلئے دعا گو ہیں ۔
1989ءمیں صرف 16 برس کی عمر میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز کرنے والے سچن ٹنڈولکر نے اپنے کیریر کے دوران 200ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں انہوں نے متعدد ریکارڈ اپنے نام کیے ۔سچن ٹنڈولکر کے پاس انٹرنیشنل کرکٹ میں 100سنچریاں اورسب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی ہے ۔
فاسٹ بالر بننےکے خواہش مند اس مایہ ناز بلے باز نے ٹیسٹ کرکٹ میں 51سینچریاں جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 49سنچریاں بھی سکور کر رکھی ہیں ۔
ماسٹر بیٹسمین نے اپنے کرکٹ کیریئر کا اختتام انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ 34ہزار 357سکور بنا کر کیا ، انہوں نے 200ٹیسٹ میچز میں 15ہزار921، ون ڈے فارمیٹ میں 463میچز میں 18 ہزار 426سکور بنانے کا اعزاز بھی حاصل کر رکھا ہے تاہم نومبر 2013ءکو ویسٹ انڈیز کیخلاف 200واں ٹیسٹ میچ کھیل کر انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا ۔
وہ پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے کسی ون ڈے میچ میں ناٹ آﺅٹ رہ کرصرف 147گیندوں پر 200سکور بنانے کا اعزاز حاصل کیا ۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستانی معروف بلے باز یونس خان نے ٹیسٹ کیریئر میں بڑا ریکارڈ بنادیا، 10,000رنز مکمل کرنے والے دنیا کے تیرہویں اور پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز کے دوران سر انجام دیا۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی پہلی اننگز میں یونس خان نے 39سال کی عمرمیں یہ اعزاز اپنے نام کرلیا ،ان سے پہلے اب تک کوئی پاکستانی کھلاڑی ٹیسٹ میچز میں اتنے رنز بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔یونس خان نے اب تک 115ٹیسٹ میچز کھیلے جبکہ انہوں نے اپنے کیریئر کے 116 ویں ٹیسٹ میچ میں 10,000رنز بنانے کا کارنامہ سر انجام دیا ۔ یونس خان یہ سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے 13 ویں اور پاکستان کے پہلے ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔انہوں نے 265ون ڈے میچز میں 7,249رنز بھی بنا رکھے ہیں۔
واضح رہے کہ یونس خان نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کردیا ہے ،ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز ان کے کیریئر کی آخری سیریز ہے ،جس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنا ریکارڈ بھی قائم کردیا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم)مقامی سماجی تنظیم کی جانب سے گورنمنٹ دوست محمد مہر 78موری اور گورنمنٹ جناح اسکول میرپورخاص میں طلبہ و طالبات میں مفت تعلیمی کٹ کاپیاں ، پینسل، سلیٹ، اور دیگر سامان تقسیم کیا گیا

 

اس موقع پرتنظیم کے صدر محمد ناصر اقبال نے حکو مت سندھ سے اپیل کی کہ تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ،سخت گرمی میں اسکولوں میں فوری دھوپ سے بچاؤ اور پینے کے صاف پانی،اور بیت الخلاہ کی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے ،اس موقع پر اسکول کے تمام اساتذہ ،عملہ ، طلبہ و طالبات اور تنظیم کے کارکنوں نے یہ عہد کیا کہ ہم تعلیم کے فروغ کے لئے ہمیشہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس )ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز مکمل کرنے والے یونس خان کا کہنا ہے کہ یہ صرف ان کی ہی نہیں، پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔ اس کارنامے کا سہرا ان کی فیملی کے ساتھ ساتھ آنجہانی کوچ باب وولمر کو بھی جاتا ہے۔
یونس خان نے ایک خصوصی وڈیو پیغام میں کہا کہ فینز، سپورٹرز اور دوستوں کا ہمیشہ ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ یونس خان یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کے پہلے اور دنیائے کرکٹ کے تیرہویں کھلاڑی بن گئے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(سرینگر)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 2 نوجوانوں کی شہادت پر ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں اگزشتہ روز مکمل ہڑتال کی گئی، علاقے میں تمام بازار بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت انتہائی کم تھی۔
فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ہفتے کی شام ضلع کے علاقے حیات پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ شہید نوجوان یونس مقبول گنائی کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ سری نگر کے علاقے مائسمہ میں لوگوں نے مقامی نوجوان عاشق احمدپرمسلسل پانچویں بارکالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کرنے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کیے۔
دوسری جانب کٹھ پتلی انتظامیہ نے سید علی گیلانی کی کتاب ’’اقبالؒ۔۔۔ روحِ دین کا شناسا‘‘ کی سری نگر میں تقریب رونمائی کاانعقادروکنے کیلیے ان کی رہائش گاہ کو سیل کردیا۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مواصلاتی کمپنیوں نے تھری جی اور فور جی موبائل انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کے بعد کٹھ پتلی انتظامیہ کی ہدایت پرفیس بک، واٹس ایپ اورسماجی رابطوں کی دیگر ویب سائٹس بھی بلاک کرنا شروع کردی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نجی مواصلاتی کمپنی ایئرٹیل لمیٹڈ نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب ’فیس بک‘ اور ’واٹس ایپ‘ کو باضابطہ طور پر بلاک کردیا جبکہ تھری جی اور فور جی موبائل انٹرنیٹ سروسز 17 اپریل سے معطل ہیں۔
علاوہ ازیں رپورٹس کے مطابق قابض انتظامیہ نے مواصلاتی کمپنیوں کو سماجی رابطوں کی سائٹس تاحکم ثانی بند رکھنے کے لیے کہا ہے۔ رپورٹس میں کہا گیاہے کہ یہ پابندی موسم گرما کے6ماہ تک برقرار رکھی جاسکتی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ فیس بک اور واٹس ایپ کے علاوہ ٹویٹر، وڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب اور وائبر وغیرہ کوبھی پابندی کے دائرے میں لایا جاسکتا ہے

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ٹیسٹ کرکٹ میں 10ہزار رنز مکمل کرنے کے بعد یونس خان نے اپنا بلا نیلام کر کے رقم عطیہ کرنے کا اعلان کردیا ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اسٹار بلے باز نے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ دس ہزار رنز مکمل کرنے کے بعد اب میں اپنا بلا نیلام کروں گا اور اس سے حاصل ہونے والا پیسہ ٹی سی ایف پاک نامی این جی او کو عطیہ کروں گا ۔
واضح رہے کہ یونس خان اچھے کرکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے انسان بھی ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ سینئر و جونیئر کھلاڑی ہر وقت ان کی محنت کی تعریفیں کرتے رہتے ہیں ،یونس خان کرکٹ سے فارغ ہو کر بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کا بھی سوچ رہے ہیں ۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) کئی ماہرین اور انجینیئروں نے ملکر ایک پہنے جانے والا آلہ تیار کیا ہے جو گھریلو جھگڑوں سے قبل از وقت خبردار کرسکتا ہے۔
یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے تھیوڈور چاسپری نے شادی شدہ جوڑوں پر تحقیق کی ہے اور جوڑوں کے درمیان جھگڑے کی وجوہات جاننے اور قبل از وقت آگاہ کرنے کے لئے انہیں تجربہ گاہ میں بلایا گیا۔ سب سے پہلے جوڑوں کو سینسر پہنائے گئے اور اسمارٹ فون پر ان کی گفتگو اور دیگر باتیں نوٹ کرکے اس کا ڈیٹا محفوظ کیا گیا۔ اس کے علاوہ تجربہ گاہ سے باہر بھی جوڑوں سے ہر گھنٹے کے حساب سے ایک سروے کیا گیا جس میں ان سے اپنے دوسرے ساتھی کے بارے میں سوالات پوچھے گئے۔
تحقیق کاروں کے مطابق ہم نے بہت سے پہنے جانے والے آلات سے بایو سگنل جمع کئے اور یہاں تک کہ ایسی معلومات اکھٹی کی جو آنکھ سے بھی حاصل نہیں کی جاسکتی۔ ویئر ایبلزآلے پر لگے سینسر سے دل کی دھڑکن، جسمانی درجہ حرارت، پسینے، گفتگو میں تیزی، آواز میں اتار چڑھاؤ اور دیگر اشیا کو نوٹ کرکے ایک الگورتھم سے گزارا گیا جو 84 فیصد درستگی سے اپنے نتائج فراہم کرتا ہے۔
جوڑوں پر تحقیق کرنے والی ایک اور ماہر ایڈیلا ٹمنز نے کہا کہ ہم خاندانی نفسیات اور ایس اے آئی ایل پروجیکٹ پر ایک عرصے سے کام کررہے ہیں اور ڈیٹا کو جمع کرکے ہمیں مشین لرننگ اور پیش گوئی کے لیے استعمال کررہے ہیں۔ وئیرایبل آلہ جسمانی ، نفسیاتی اور گفتگو کا تجزیہ کرتے ہوئے جذباتی صحت اور اس کے بگڑنے سے ممکنہ منفی نتائج سے قبل ازوقت ہی آگاہ کرسکے گا اور یوں میاں بیوی اپنی کلائیوں میں آلہ پہن کر جھگڑا شروع ہونے کی پیشگوئی کرسکتے ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(پیرس)فرانس میں جاری صدارتی انتخاب میں عمانویل میکرون پہلے مرحلے میں جیت گئے جبکہ مارلی پین دوسرے نمبر پر رہیں۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس میں جاری صدارتی انتخابات میں 11امیدوارو ں نے حصہ لیااور اتوار کے روز پولنگ ہوئی جس کے نتیجے میں عمانویل میکرون اور مارلی پین پہلے مرحلے میں کامیاب رہے۔

دونو ں امیدواروں کی جیت کے بعد ان کے حامیوں نے اپنے اپنے دفاتر میں جیت خوشی منائی اور مبارکباد دی۔ واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں کامیاب ہونے والے دونوں امیدواروں کے درمیان حتمی مقابلہ 7مئی کو ہوگا اور کامیاب ہونےوالا امیدوار فرانس کی صدارت سنبھالے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(مناما)پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے بحرین کے نائب وزیراعظم شیخ خالد بن عبداللہ الخلیفہ سے ملاقات کی اور خطے کی صورتحا ل پر تبادلہ خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق جاوید ملک اور شیخ خالد بن عبداللہ الخلیفہ کی ملاقات انتہائی خوشگوار میں ماحول میں جبکہ ملاقات کے دوران خطے اور دونوں ممالک کی باہمی تجارت پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
 
پاکستانی سفیر کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خلیجی تعاون کونسل کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں اورخلیجی ممالک سے مضبوط اورمستحکم سٹریٹیجک پارٹنرشپ کے فروغ پرعمل پیراہیں۔