منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) ہندوستان کی ایک انتہا پسند تنظیم نے ایک اشتہار کی شوٹنگ کے لیے تیار کیے گئے سیٹ پر محض اس وجہ سے توڑ پھوڑ مچادی، کیونکہ سیٹ پر پاکستان کی جھلک پیش کی جارہی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ممبئی سے تعلق رکھنے والی ایک پروڈکشن کمپنی نے اشتہار کی شوٹنگ کے لیے سیٹ تیار کیا تھا، جس میں پاکستانی علاقوں کو پیش کیا جانا تھا، اس مقصد کے لیے اردو میں سائن بورڈز تیار کیے گئے، جن پر ’ویلکم ٹو لاہور‘، ’کراچی چائے والا‘ اور ’لاہور کی مٹھائی‘ جیسے جملے تحریر تھے۔ یہ سیٹ جے پور کے چاندی چوک پر لگایا گیا تھا۔
تاہم انتہا پسند تنظیم درویر بچاؤ سمیتی نامی پارٹی کے کارکنوں نے اس سیٹ پر توڑ پھوڑ مچانے کے ساتھ تمام بینرز کو بھی اتار دیا، اس تنظیم کا دعویٰ کیا کہ وہ 40 مقامی مندروں کے تحفط کے لیے کام کرتے ہیں۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ پروڈکشن ٹیم کو اشتہار کی شوٹنگ کی اجازت دی گئی تھی تاہم مظاہرین کو جیسے ہی اس بات کا علم ہوا انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس اشتہار کی شوٹنگ فوری طور پر روکی جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پروڈکشن ٹیم کا عملہ سیٹ پر توڑ پھوڑ ہونے کے بعد وہاں سے چلا گیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ اس شہر میں کبھی شوٹنگ نہیں کریں گے۔
دوسری جانب مشتعل مظاہرین کا دعویٰ تھا کہ سیٹ ہر ان کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا گیا۔
مظاہرین میں سے ایک شخص کا کہنا تھا، ’پروڈکشن ٹیم کو اجازت ملنے کا یہ مطلب نہیں کہ وہ مذہبی جذبات کو مجروح کریں، یہ کوئی مختصر یا اشتہاری فلم نہیں تھی اس لیے ہم نے شوٹنگ روکنے کا مطالبہ کیا‘۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جے پور میں ہندوستان پروڈیوسر سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ کے سیٹ پر بھی انتہاپسند تنظیموں کی جانب سے توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔
ہندو انتہا پسند تنظیم کرنی سینا کے ارکان نے سنجے لیلا بھنسالی پر الزام لگایا تھا کہ ان کی فلم ’پدماوتی‘ میں رانی پدماوتی کو غلط انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارتی ریاست اتر پردیش میں مسلمانوں کیلئے جینا مشکل ہو گیا، انتہا پسند وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیا ناتھ نے عید میلاد النبیﷺ اور جمعتہ الوداع سمیت 15سرکاری چھٹیاں ختم کر دیں ۔
کی سرکاری چھٹی ختم کر دی بلکہ عید میلاد النبی اور جمعتہ الوداع سمیت 15چھٹیوں پر پابندی لگا دی ۔اس کے علاوہ مذہبی تہواروں اور سیاسی و مذہبی شخصیات کے یوم پیدائش اور یوم وفات سمیت سرکاری چھٹیاں منسوخ کرنے کی منظوری ریاستی کابینہ نے دی۔
وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیا ناتھ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عظیم شخصیتوں کے یوم پیدائش کے موقع پر ریاست کے تمام تعلیمی اداروں میں ان کی شخصیت، کاورناموں اور تحریک دینے والی تعلیمات کو موجودہ نوجوان نسل تک پہنچانے کے مقصد کیلئے کم از کم ایک گھنٹے کی نشست منعقد کی جائے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) فروری اور مارچ کے مہینوں کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی کر دی گئی ہے۔ بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار تین سو پچاس میگاواٹ تک پہنچ گیا ۔
نیپرا کے مطابق فروری کیلئے بجلی دو روپے پندرہ پیسے جبکہ مارچ کیلئے دو روپے بیس پیسے فی یونٹ سستی کر دی گئی ہے ۔ فیصلے سے صارفین کو تیس ارب سے زائد کا ریلیف ملے گا ۔ کے الیکٹرک کے صارفین پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔ماہانہ تین سو یونٹ سے کم استعمال کرنے والوں کو بھی ریلیف نہیں ملے گا ۔
دوسری طرف، گرمی میں اضافہ ہوا تو بجلی کی قلت پانچ ہزار تین سو پچاس میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے ۔ بجلی کی طلب انیس ہزار جبکہ پیداوار تیرہ ہزار چھ سو پچاس میگاواٹ ہے ۔
پن بجلی ذرائع سے دو ہزار نو سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے ۔ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار آٹھ ہزار میگاواٹ ہے ۔ شہروں میں دس سے بارہ جبکہ دیہات میں چودہ سے سولہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت)غیر ملکی اخبار نےدعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے چین نے 2016 اور 17 میں پاکستان کو ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کا قرضہ فراہم کیا تھا۔
معروف برطانوی اخبارکاکہنا ہے کہ حکام کےمطابق چین کے سرکاری بینکوں نے 2016 میں 90کروڑ ڈالراور رواں سال کے ابتدائی تین ماہ میں 30 کروڑ ڈالر کے قرضے فراہم کیےتھے ۔
اخبار کے مطابق اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار ظاہرکرتے ہیں کہ ملکی خزانے میں فروری کے اختتام تک 17ارب ڈالر موجود تھے جو گذشتہ سال اکتوبر کے 18 اعشاریہ 9ارب ڈالرسے کم تھے ۔ یہی وہ وجہ تھی کہ پاکستان کو ہنگامی بنیادوں پر غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے لیے نئے قرضے لینا پڑے ۔
اتنے بڑے پیمانے پر قرضےپاکستان میں غیرملکی کرنسی اکاؤنٹس میں خطرناک حد تک کمی کو ظاہر کرتے ہیں اوراس کی وجہ بڑھتی ہوئی درآمدات اور برآمدات و ترسیلات زرمیں کمی ہے ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اسمارٹ فون کا استعمال بڑھنے سے نئی نسل میں گردن اور ریڑھ کی ہڈی سے متعلق تکالیف میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
سیڈارز سینائی میڈیکل سینٹر لاس اینجلس میں کی گئی تحقیق کے محققین کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں گردن اور ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف کی شکایت لے کر آنے والے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ البتہ زیادہ تشویش کی بات یہ ہے کہ ان تکالیف میں مبتلاافرادکی بڑی تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں اصولی طور پر ایسی کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ریڑھ کی ہڈی اور گردن میں درد جیسی کیفیات عام طورپرادھیڑعمری یا بڑھاپے میں نمودار ہوتی ہیں۔
ابتدائی سروے کے بعد ماہرین کو معلوم ہوا کہ گردن کی تکلیف کی شکایت کرنے والے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی اکثریت نہ صرف روزانہ زیادہ وقت کے لیے اسمارٹ فون استعمال کرنے کی عادی تھی بلکہ پورے دن میں درجنوں ٹیکسٹ میسجز کیا کرتی تھی۔
ماہرین نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسمارٹ فون کے استعمال میں احتیاط نہ برتی گئی تو شائد ہماری آئندہ نسل کم عمری ہی سے ریڑھ کی ہڈی اور گردن کی ایسی بیماریوں کا شکار ہونے لگے گی۔

 

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)فوجی عدالتوں سے سزایافتہ 4 دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوجی عدالتوں سے سزایافتہ 4 دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ جن دہشت گردوں کو پھانسی دی گئی ان میں رحمان الدین، مشتاق خان، عبیدالرحمان اور ظفر اقبال شامل ہیں۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، پاک فوج پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کا رحمان الدین مسلح افواج، قانون نافذ کرنےوالے اداروں پرحملوں میں ملوث تھا جب کہ مشتاق خان نے فورسز پرحملہ کرکے متعدد سپاہیوں کو شہید کیا تھا۔ ٹی ٹی پی کا عبیدالرحمان معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث رہا ہے جب کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے فعال رکن ظفر اقبال نے فورسز پر حملے کرکے جونیئر کمیشنڈ افسر اور ایف سی اہلکار کو شہید کیا تھا۔
ترجمان پاک کا کہنا ہے کہ چاروں مجرموں کا ٹرائل فوجی عدالت میں کیا گیا اورانہوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کااعتراف کیا تھا جس کے بعد دہشت گردوں کو خیبرپختون خوا کی جیل میں تختہ دار پر چڑھایا گیا۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)سندھ حکومت نے یکم مئی کو صوبے بھر میں عام تعطیل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے نوٹیفیکشن جاری کیا جس میں کہا گیا کہ انٹرنیشنل ورکرز ڈے کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
 
خیال رہے کہ یکم مئی کو ہرسال دنیا بھر میں ’عالمی یوم مزدور‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمدنےٹیسٹ کرکٹ میں 2 ہزار رنز مکمل کر لئے۔
انہوں نے یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے روز حاصل کیا، سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے نہ صرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے کیریئر کے دو ہزار رنز بھی مکمل کرلئے۔
سرفراز نے اب تک 34 میچز کی 59 اننگز میں 42.59 کی اوسط سے 2002 رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی تین سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ڈان لیکس کی رپورٹ وزیراعظم نواز شریف کو بھجوا دی ہے اور ترجمان وزیر اعظم ہاؤس نے بھی اس کی تصدیق کردی ہے۔
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق ڈان لیکس کی تحقیقات کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ کمیٹی میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ طاہر شہباز، محتسب اعلیٰ پنجاب نجم سعید اور ڈائریکٹر ایف آئی اے عثمان انور کے علاوہ ملٹری انٹیلی جنس ،آئی ایس آئی اور آئی بی کا ایک ایک نمائندہ شامل تھا۔ کمیٹی نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دی، جس کے 16 اجلاسوں میں گواہوں سے بیانات لئے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے 6 اجلاس ہوئے اور ساڑھے 6 ماہ میں رپورٹ مکمل کی گئی، رپورٹ کو کمیٹی کے تمام ارکان نے متفقہ طور پر تیار کیا ہے۔ کمیٹی کی سفارشات پر وزیراعظم کی منظوری کے بعد عملدرآمد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 6 اکتوبر 2016 کو انگریزی اخبار نے وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس سےمتعلق ایک خبرشائع کی تھی، جس میں کالعدم تنظیموں کے معاملے پر فوج اور سول حکومت میں اختلافات کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ خبر پر شدید تنقید کے بعد پرویز رشید سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں وزارت اطلاعات کے اعلیٰ افسر راؤ تحسین اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)ہتھیار ڈالنے والے کالعدم تنظیم کے احسان اللہ احسان کا اعترافی بیان جاری کردیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے احسان اللہ احسان کا اعترافی بیان جاری کیا جس میں اس نے اعتراف کیا کہ ”میرانام لیاقت علی عرف احسان اللہ احسان ہے اور مہمند ایجنسی کا رہائشی ہوں،2008 ء کے اوائل میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیار کی،کالج کا طالبعلم تھا اور مہمند ایجنسی کے ترجمان کے بعد ٹی ٹی پی کا مرکزی ترجمان رہا جبکہ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کا ترجمان بھی رہا ہوں“۔
احسان اللہ احسان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ”ان 9 سالوں کے اندر ٹی ٹی پی میں بہت سی چیزوں کو دیکھا، تحریک طالبان نے اسلام کے نام پر لوگوں کو گمراہ کیا اور بے گناہوں کا قتل عام کیا،اسلام کے نام پر لوگوں بالخصوص نوجوان طبقہ کو گمراہ کرکے اپنے ساتھ ملایا گیا، ایسے نعرے لگاتے تھے جن پر یہ لوگ خود بھی پورے نہیں اترتے تھے،چند لوگوں کا مخصوص ٹولہ ہے جو امراء بنے بیٹھے ہیں،بے گناہ لوگوں کو مارتے ہیں اور مسلمانوں سے بھتہ لیتے،قتل عام کرتے
 
 
ہیں،عوامی مقامات پر دھماکے کرتے ہیں،سکولوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں پر بھی حملے کرتے ہیں،مگر اسلام اس چیز کا درس نہیں دیتا“۔
احسان اللہ احسان نے اپنے ویڈیو بیان میں مزید اعتراف کیا کہ ”فوج کا قبائلی علاقوں میں آپریشن شروع ہواتوان لوگوں میں قیادت کی دوڑ مزید تیز ہوگئی، ہرکوئی چاہتا تھا کہ تنظیم کا لیڈر بنے، حکیم اللہ کی ہلاکت کے بعد نئے امیر کا سلسلہ شروع ہواتو انتخابی مہم چلائی گئی جس میں عمرخالد خراسانی، خان سعید سجنا، مولوی فضل اللہ شامل تھے، ہرکوئی اقتدار چاہتاتھاتوپھر شوریٰ نے فیصلہ کیا کہ قرعہ اندازی کی جائے، اس میں مولانا فضل اللہ امیر مقرر ہوئے“۔
اعترافی بیان میں احسان اللہ احسان کا کہنا تھا کہ”ایسی تنظیم سے کیا توقع رکھیں جس کا امیر قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہوا ہو اور پھر امیر بھی ایسے شخص کو بنایاگیاجس کا کردارایسا ہے کہ انہوں نے اپنے استاد کی بیٹی کیساتھ زبردستی شادی کی اور اس کو ساتھ لیکرچلے گئے،ایسی شخصیات اور لوگ اسلام کی خدمات کررہے ہیں اور نہ ہی کرسکتے ہیں“۔
 
آئی ایس پی آر کی جاری کی گئی ویڈیو میں احسان اللہ احسان نے اعترافی بیان میں کہا کہ ”شمالی وزیرستان میں آپریشن شروع ہوا توہم سب افغانستان چلے گئے،وہاں بھارت اور’را‘کیساتھ ان لوگوں کے تعلقات بڑھے جس میں انہوں نے ان لوگوں کو سپورٹ کیا اور مالی معاونت دیکر اہداف دیئے گئے،انہوں نے ہرکارروائی کی قیمت وصول کی، جنگجوؤں کو پاک فوج سے لڑنے کے لیے چھوڑ دیا اور خود محفوظ ٹھکانوں میں چلے گئے، جب ’این ڈی ایس‘ اور’را‘سے مدد لینا شروع کی تو میں نے خالد خراسانی سے کہاکہ ہم توکفار کی مدد کررہے ہیں تو انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تخریب کاری کیلئے مجھے اسرائیل کی بھی مدد لینا پڑی تو لے لوں گا، خالد خراسانی کی اس بات سے میں سمجھ گیا کہ ایک خاص ایجنڈے کے تحت اپنے ذاتی مقاصد کیلئے سب کچھ کیا جارہاہے“۔
احسان اللہ احسان نے کہا کہ ”کالعدم تنظیموں نے افغانستان کے اندر کمیٹیاں بنائی ہوئی ہیں جو’ر‘ا اور’این ڈی ایس‘سے ان کے ذریعے رابطے رکھتے ہیں، جنہوں نے باقاعدہ ’تذکرے‘ دیئے ہوئے تھے کہ یہ آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوسکیں، ’تذکرہ‘ افغانستان کا قومی شناختی کارڈ ہے جس طرح پاکستان میں شناختی کارڈ ہوتاہے، یہ ان کے پاس نہ ہوتو افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال کو مد نظررکھتے ہوئے نقل و حرکت مشکل کام ہے، اس سے افغانستان فورسز کیساتھ رابطہ بھی رہتاتھا اور ان اس کے ذریعے پاکستان میں شامل ہونے کیلئے راستہ فراہم کیا جاتا تھا۔پاک فوج کے حالیہ آپریشنز کے بعد خصوصاً افغانستان کے علاقے پرچہ اور لال پورہ کے علاقے میں جماعت الاحرار کے جو کیمپس تباہ ہوئے،اس میں کچھ کمانڈرز بھی مارے گئے اور ان کو وہ علاقہ ہی چھوڑنا پڑ گیا، مرکز چھوڑنے کے بعد کمانڈر اور نچلے طبقے کے جنگجوؤں میں بھی ایک خاص قسم کی مایوسی پھیل گئی“۔
آخر میں احسان اللہ احسان نے اپنے بیان میں پیغام دیتے ہوئے کہا کہ”وہاں پر پھنسے ہوئے کو اور وہاں سے نکلنے کے خواہشمندوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اب بس کرو، امن کا راستہ اختیار کرو اور پرامن زندگی میں واپس آجاؤ، آپریشنز کے بعد جب میڈیا میں ان لوگوں کو کوریج ملنا کم ہوگئی تو انہوں نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے کم عمراور معصوم لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، ان کو اسلام کے نام پر ورغلایا گیا اور اسلام کی غلط تشریح کرکے ایسے پیغامات جاری کئے گئے اور پراپیگنڈا سوشل میڈیا پر شیئر کیا کہ نوجوان ان کے جال میں پھنستے چلے گئے۔ سوشل میڈیا صارفین کو کہناچاہتا ہوں کہ ان لوگوں کے پراپیگنڈے میں نہ آئیں، یہ لوگ اپنے ذاتی مقاصد کیلئے غیروں کے ہاتھ میں چل رہے ہیں، یہ وہ وجوہات تھی جن کی بنیاد پر میں نے فیصلہ کیا کہ اپنے آپ کو رضاکارانہ طورپر پاک فوج کے حوالے کردوں“۔