منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(صحت) سر درد کی مصیبت ہر کسی پر کبھی نہ کبھی ضرور ٹوٹتی ہے،یہ ہمارے اچھے دن کا ستیاناس کر سکتی ہے،سردرد کی بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں،بعض اوقات ہمیں پتا نہیں چلتا کہ سر میں ہونے والا درد کیوں ہو رہا ہے،امریکی ڈاکٹر مارک ڈبلیو گرین کے مطابق سردرد کی ایک ہزار کے قریب وجوہ ہیں،اگر سردرد شدت اختیار کر جائے تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کیجیے،آئیے سر درد کی چند ان وجوہ کی طرف نظر دوڑاتے ہیں جن کے بارے میں لوگ کم جانتے ہیں۔
دردشقیقہ کا وراثت میں ملنا
دردشقیقہ کم و بیش آدھے سر کا درد ہوتا ہے اور عموماً خاصا شدید ہوتا ہے اگر والدین میں سے ایک اس کا شکار ہوں تو نصف فیصد امکان ہے کہ یہ آپ کو بھی منتقل ہوگا اور اگر ماں اور باپ دونوں اس میں مبتلا رہتے ہیں تو یہ امکان 80 فیصد تک بڑھ جاتا ہے،درد شقیقہ جینیاتی طور پر منتقل ہوتا ہے اور یہ تشویش سے ہونے والے سردرد سے مختلف ہوتا ہے،تشویش یا دباؤ سے پیدا ہونے والا سر درد عام طور پر کم شدت کا ہوتا ہے،دردشقیقہ کے دوران روشنی اچھی نہیں لگتی اور شدت کی صورت میں قے بھی آ سکتی ہے۔
عورت ہونا
مردوں کی نسبت عورتوں میں دردشقیقہ زیادہ ہوتا ہے،مردوں میں اس کی شرح چھ سے آٹھ اور عورتوں میں 16 سے 18 فیصد ہوتی ہے،ڈاکٹروں کے خیال میں ماہواری کے دوران ہارمونز میں آنے والی تبدیلیاں اور ایسٹروجن کی سطح میں کمی اس تکلیف کی وجہ بنتی ہے،دوران حمل اور ماہواری کی عمر کے گزرنے کے بعد ہارمونزمیں توازن پیدا ہو جاتا ہے جس سے تکلیف میں کمی ہو جاتی ہے۔
نیند میں کمی
جو لوگ رات کو زیادہ جاگتے ہیں یا کم سوتے ہیں انہیں سردرد کی شکایت زیادہ ہوتی ہے،اس کی وجہ جسم کو مطلوبہ آرام نہ ملنا ہے،اس کے علاوہ بہت زیادہ سونا بھی سر درد کا باعث بن سکتا ہے۔
کھانا نہ کھانا
زندگی کی مصروفیت میں کبھی کبھارکھانا نظرانداز ہو جاتا ہے،یوں بھی ہوتا ہے کہ دن کے دو بج جاتے ہیں اور معدہ خالی رہتا ہے،کھانے میں تاخیر سے جسم میں شکر کی مقدار کم ہو جاتی ہے،ڈاکٹرز کے مطابق تھوڑے تھوڑے وقفوں کے ساتھ کچھ کھانا بہتر رہتا ہے تا کہ جسمانی توانائی کی سطح برقرار رہے۔
موسم میں تبدیلی
ٹرانسپورٹ کی سہولیات نے سفر آسان بنا دیا ہے۔ ہو سکتا ہے سیر کو جی چاہے اور آپ گرم سے کسی برفانی علاقے میں گھومنے چلے جائیں،موسمیاتی تبدیلی یا سفر دردشقیقہ یا عام سردرد کے آغاز کا باعث بن سکتا ہے۔
کافی اور چائے چھوڑنا
اگر آپ چائے یا کافی کے عادی ہیں اور اچانک اسے نہیں لیتے تو سردرد ہو سکتا ہے،اس کی وجہ جسم میں کیفین کی کمی ہوتی ہے،اسی لیے عادی افراد کو سر درد کی صورت میں چائے یا کافی کا ایک کپ پینے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
ذہنی دباؤ
ذہنی دباؤ کی حالت میں بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے اور دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے۔ اسی کے ساتھ دباؤ کا مقابلہ کرنے والے ہارمون کور ٹیسول کا اخراج بڑھ جاتا ہے جس کے نتیجے میں اعضا و اعصاب میں کھچاؤ پیدا ہوتا ہے جو سر درد کا باعث بنتا ہے۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) مصباح الحق نے عوام کے سامنے فکسرزکا کچا چٹھا کھولنے کی تجویز پیش کر دی۔
مصباح الحق نے پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے حوالے سے اپنے کالم میں تحریر کیاکہ واقعہ سامنے آنے پر شدید صدماتی کیفیت کا شکار ہوگیا تھا، جب میں نے2010میں پاکستانی ٹیم کی کمان سنبھالی تو بحالی ساکھ کا چیلنج درپیش تھا،بتدریج انگلینڈ میں اسپاٹ فکسنگ کیس کے داغ مٹانے کا سلسلہ شروع ہوا، ساتھی کرکٹرز نے سخت محنت کرتے ہوئے میرا بھرپور ساتھ دیا، ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کا سب سے کامیاب کپتان بننے کا اعزاز حاصل ہوا،اب تک جو کچھ حاصل کیا اس پر مطمئن ہوں۔
ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ گزشتہ سال لارڈز میں فتح کیریئر کے یادگار لمحات میں سے ایک تھی،جہاں رسوائی کا سفر شروع ہوا وہیں پر سیریز کا فاتحانہ آغاز کرنے کی سخت ضرورت تھی، اس مقصد میں ٹیم اسپرٹ کی بدولت کامیابی ہوئی۔
مصباح الحق نے کہا کہ پی ایس ایل ٹو کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شرجیل خان سمیت اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں کا نام آیا تو حیران و پریشان رہ گیا،شدید صدمہ کا شکار ہونے کے بعد سب سے پہلے پاکستانی کرکٹ کی ساکھ کے بارے میں فکرمند ہوا،ابتدائی تشویش یہ تھی کہ طویل عرصے کوشش کے بعد بحال ہونے والے وقار کا کیا بنے گا، دوسری بات یہ تھی کہ دنیا میں ایک پاکستانی برانڈ کے طور پر پہچان بنانے والی پی ایس ایل کو نقصان پہنچے گا۔
ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ شرجیل خان جدید کرکٹ میں ٹیم کی ضرورت پوری کرنے کے قابل ہورہے تھے، ان سے محرومی کا بھی افسوس ہوا،اس بار ہمیں سخت مثال قائم کرنے کی ضرورت ہے،اگر تحقیقات میں 100فیصد واضح ہوجاتا ہے کہ پلیئرز فکسنگ میں ملوث تھے تو ان کی کرکٹ میں کوئی جگہ نہیں ہونا چاہیے،جرم ثابت ہونے پر تاحیات پابندی عائد کرنا ہوگی لیکن تحقیقات کا شفاف ہونا بہت اہم ہے، یہ کام پوری دیانتداری سے کریں جس میں شک کی کوئی گنجائش نہ ہو، میرے خیال میں تحقیقاتی عمل منظر عام پر لانا چاہیے تاکہ کسی کوشکوک نہ رہیں کہ اصل میں ہوا کیا تھا،بہرحال ہمیں آگے بڑھنا اور مستقبل کی جانب دیکھنا ہے،نئے پلیئرز آتے رہیں گے، خوش آئند بات یہ ہے کہ مسائل کے باوجود نئے ٹیلنٹ کی آمد کا سلسلہ رکا نہیں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) ایک نئے طبی مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ ایک خاص قسم کی جلدی پک جانے والی اسٹرابری خطرناک بریسٹ کینسر کے علاج میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
اٹلی میں مارشے پولی ٹیکنک یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جلدی پک جانے والی ’’ایلبا اسٹرابری‘‘ کے اجزا چھاتی کے سرطان میں مبتلا چوہیوں کو کھلائے گئے تو ان میں رسولی میں کمی واقع ہوئی۔ اس کےعلاوہ تجربہ گاہ میں پیٹری ڈش میں اگائے گئے سرطانی خلیات میں بھی کمی واقع ہوئی۔
سائنسدانوں نے تجربہ گاہوں میں چوہیوں کو جو کھانا دیا ان میں 15 فیصد مقدار اسٹرابری یا اس کے رس پر مشتمل تھی۔ سائنسدانوں نے کچھ عرصے بعد سرطانی رسولیوں کے وزن اور حجم میں نمایاں کمی نوٹ کی تاہم ضروری نہیں کہ چوہوں پر کیے گئے تجربات بھی عین یہی نتائج انسانوں پر مرتب کریں۔
اس سے قبل کہا گیا تھا کہ روزانہ 10 سے 15 اسٹرابری کھانے سے دل کے شریانوں کی صحت بہتر رہتی ہے اور بلڈ پریشر قابو میں رہتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ شاید اسٹرابری میں موجود فینولک ایسڈ سرطان میں کمی کی اہم وجہ ہے جب کہ بریسٹ کینسر خلیات پر تحقیق سے معلوم ہوا کہ اسٹرابری سے کینسر ٹیومر کو بڑھانے والا پیچیدہ عمل رک جاتا ہے یا متاثر ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کینسر پھیلانے کی وجہ بننے والے کئی جین بھی بے عمل اور سست ہونے لگے۔
ماہرین کے مطابق کینسر ایک پیچیدہ مرض ہے جس میں خلوی (سیلولر) اور سالماتی (مالیکیولر) سطح پر نہایت پیچیدہ عوامل ہورہے ہوتے ہیں تاہم وہ پورے وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ بریسٹ کینسرکی شدت کم کرنے میں اسٹرابری کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں۔ اس سے قبل بھی بعض تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اسٹرابری کی اقسام کے سرطان کی شدت کم کرسکتی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کیچپ تیار کرنے والی فیکٹری کوسیل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈائریکٹر رافیعہ حیدر کی سربراہی میں کیچپ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارتے ہوئے 9 ہزار کلو کیچپ جبکہ 12 ہزار لیٹر خام مال برآمد کرکے فیکٹری کو سیل کردیا ہے۔
 
رافعیہ حیدر کے مطابق ٹیم کے پہنچنے سے قبل ہی ملزمان فرار ہوگئے تھے جبکہ کیچپ کی تیاری میں ٹماٹر کا سرے سے ہی استعمال نہیں کیا جارہا تھا۔ڈائریکٹرفوڈ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ کیمیکل،سٹارچ اور فلیور کے استعمال سے کیچپ تیار کیا جارہا تھا جبکہ مصطفی آباد اور فیصل آباد میں بھی جعلی کیچپ تیار کرنے والے یونٹ کو سیل کردیا گیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان اور بھارت کرکٹ کے میدان میں روایتی حریف سمجھے جاتے ہیں لیکن ان دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کیلئے اپنے دل میں کیسے جذبات رکھتے ہیں؟ یہ سب اس وقت آشکار ہوا جب ویرات کوہلی نے شاہد آفریدی کو تحفہ بھیجا اور آفریدی نے بدلے میں پیار بھرا پیغام بھارت کے نام بھیج دیا۔
شاہد خان آفریدی نے بھارتی کھلاڑیوں کے دستخط سے لیس ویرات کوہلی کی ٹی شرٹ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی کپتان اور دیگر کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا تو کوہلی بھی چپ نہ رہ سکے اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر فوراً ان کے پیار بھرے پیغام کے بدلے میں محبت بھرا جواب دیدیا۔
ویرات کوہلی نے لکھا کہ ”کچھ بہت ہی زیادہ اہم اور ہمیشہ یاد رہنے والی چیز تحفے میں دینا بہت خوشی کی بات ہے۔ خدا آپ کو زندگی بھر خوش رکھے، پھر ملیں گے۔“

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سماجی رابطے کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر نے صارفین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹائم لائن میں بڑی تبدیلی لانے پر کام شروع کردیا، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ یہ نئی تبدیلی کب کی جائے گی۔
ٹوئٹر عام صارفین کی ٹائم لائن پر تازہ واقعات سے متعلق کی جانے والی ٹوئٹس، خبروں، تجزیوں اور آرٹیکلز کو سامنے لانے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق صارفین کی ٹائم لائن پر سجیسٹڈ ریڈنگ (suggested reading) کے نام سے ایک نیا آپشن متعارف کرایا جائے گا، جس میں روز مرہ کے کسی بھی واقعے سے متعلق کی جانے والی بہترین ٹوئٹس، خبروں، تجزیوں اور مضامین کو تجویز کیا جائے گا۔
یہ بلکل ایسے ہی ہے، جیسے اس وقت ٹوئٹر کی ٹائم لائن پر دیگر افراد کو فالو کرنے کے لیے تجویز پیش کی جاتی ہے۔
کمپنی کے مطابق ٹوئٹر کے ماہرین اس منصوبے پر کئی عرصے سے کام کر رہے ہیں اور اسے صارفین کی دلچپسی کو نظر میں رکھ کر پیش کیا جا رہا ہے۔
تاہم ٹوئٹر نے یہ نہیں بتایا کہ تبدیلی عام صارفین کی ٹائم لائن پر کب کی جائے گی۔
ٹوئٹر کے مطابق اس تبدیلی سے جہاں پرانے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری ہوگی، وہیں نئے صارفین کو ٹوئٹر استعمال کرنے اور اسے سمجھنے میں آسانی ہوگی۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر کی جانب سے گزشتہ چند سال سے چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں متعارف کرائی جاتی رہی ہیں۔
حال ہی میں ٹوئٹر لائٹ کا ورژن بھی متعارف کرایا گیا تھا، جو سست رفتار انٹرنیٹ پر بھی بہترین طریقے سے کام کرتا ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اطلاعات ہیں کہ انٹرنیٹ کی دنیا میں دیوتا کی حیثیت رکھنے والا گوگل اپنے انٹرنیٹ براؤزر کروم پر اشتہارات کو بلاک کرنے کا فیچر متعارف کرانے کا سوچ رہا ہے۔
مگر سوال یہ ہے کہ گوگل ایسا کیوں کرے گا؟
گوگل سے منسلک افراد کے مطابق اگرچہ ادارے نے کروم پر ایڈ بلاک کا فیچر متعارف کرانے کا ارادہ کیا ہے، مگر تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ کمپنی کب تک یہ فیچر متعارف کروائی گی۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ شاید گوگل آنے والے چند ہفتوں میں کروم پر ایڈ بلاک فیچر متعارف کرانے کا اعلان کرے، مگر یہ بھی ممکن ہے کہ گوگل اس فیچر کے بجائے کچھ اور فیچر متعارف کرائے۔
گوگل نے زیادہ سے زیادہ صارفین تک رسائی کے لیے آٹو ویڈیو پلے سمیت پاپ اَپ اور اشتہارات کے دیگر طریقے بھی متعارف کرا رکھے ہیں، جو مختلف سروے کے مطابق صارفین میں غیر مقبول ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق گوگل کروم پر اشتہارات کو بلاک کرنے والے سافٹ ویئرز اور آلات کی فروخت میں اضافہ ہوا، صرف امریکا میں ایڈ بلاک سافٹ ویئر کی کمائی میں 26 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
انٹرنیٹ پر براہ راست اشتہارات کو بلاک کرنے والی کچھ کمپنیز کو گوگل کی جانب سے رقم کی ادائیگی بھی کی جاتی ہے تاکہ وہ ایسے سافٹ ویئر تیار نہ کریں جس سے گوگل کے اشتہارات بلاک ہوسکیں، مگر پھر گوگل خود ہی کیوں ایسا فیچر متعارف کرانے کا سوچ رہا ہے؟
اس حوالے سے گوگل سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ ایڈ بلاک پر تیسری پارٹی کے کنٹرول سے بہتر ہے کہ گوگل اپنا ہی فیچر متعارف کرائے، اس سے صارفین کا کمپنی پر اعتماد بڑھے گا۔
تاہم گوگل نے ایڈ بلاک فیچر متعارف کرانے کے حوالے سے گفتگو کرنے سے گریز کیا۔
گوگل کروم اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا براؤزر ہے اور اس پر ایڈ کو بلاک کرنے کے حوالے سے بھی کئی کمپنیوں کی جانب سے تیارکردہ سافٹ ویئرز کی کمائی میں اضافہ ہوا ہے۔
اس لیے گوگل چاہتا ہے کہ وہ ایڈ بلاک فیچر بھی خود ہی متعارف کروائے، اس سے جہاں ایڈ بلاک کرنے پر اس کا کنٹرول ہوگا، وہیں ایڈبلاک سافٹ ویئر تیار کرنے والی کمپنیز کی بھی چھٹی ہوجائے گی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) دودھ صحت کے لیے بہت فائدہ مند مشروب ہے مگر اس صورت میں اگر وہ خالص ہو، اس میں ملاوٹ نہ صرف معیار ناقص کرتی ہے بلکہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔
دودھ میں پانی کے ساتھ ساتھ ڈیٹرجنٹ، یوریا، سینیتھک ملک اور مختلف کیمیکلز کو ملایا جاسکتا ہے یا ملایا جاتا ہے۔
ان میں سے بیشتر کیمیکلز دودھ میں شامل ہونے کے بعد طویل المعیاد بنیادوں پر صحت پر نقصان دہ اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔
اگر دودھ میں ڈیٹرجنٹ ملا ہوا ہو تو وہ فوڈ پوائزننگ اور معدے کی دیگر پچیدگیوں کا باعث بن سکتا ہے جبکہ دیگر کیمیکلز سے امراض قلب، کینسر اور جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ نے کبھی سوچا یا حیرت ہوئی کہ کھانے کی کوئی مزیدار چیز دیکھ کر منہ میں پانی کیوں آجاتا ہے؟
تو آخرکار سائنسدانوں نے اس کا جواب تلاش کرلیا ہے۔
جی ہاں جاپان سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے مطابق غذا کو دیکھ کر منہ میں پانی بھر آنے کا تعلق دماغ سے جڑا ہے جس کی جڑیں انسانی ارتقاءمیں چھپی ہیں۔
نیشنل انسٹیٹوٹ آف جینیٹکس کی تحقیق کے مطابق غذا کو دیکھنا اور اس کو کھانے کی خواہش کے درمیان براہ راست تعلق ہے۔
اس تحقیق کے دوران زیبرا فش کی دماغی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا، اس جاندار کا دماغی نیٹ ورک انسانوں سے ملتا جلتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ کھانے کے رویے اور بھوک کو دماغ کا وہ حصہ کنٹرول کرتا ہے جسے ہیپو تھالمیوس کہا جاتا ہے۔
محققین کے مطابق انسانوں کی طرح زیبرا فش بھی اپنی غذا کو شناخت کرنے کے لیے اکثر نگاہ کا استعمال کرتی ہے اور کھانے کی چیز کو دیکھ کر ہیپو تھالمیوس میں حرکت پیدا ہوتی ہے۔
ان کے بقول ہم نے دریافت کیا کہ کھانے کو دیکھنے سے وہ دماغی نیورون حرکت میں آتے ہیں جو کہ ہیپو تھالمیوس میں پیٹ بھرنے کے حصے کے مرکز میں ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس عمل کا ارتقائی فائدہ یہ ہے کہ جب ہم کھانے کو دیکھتے ہیں تو بھوک کا احساس ہونے لگتا ہے جبکہ انسانوں اور دیگر جانوروں کے بچوں میں یہ دماغی حصہ ہی بھوک کے اظہار میں مدد دیتا ہے۔
اسی وجہ سے ان کے اندر خوراک کو شناخت کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے ورنہ دوسری صورت میں وہ یہ سمجھ نہیں پاتے کہ کیا کھانا چاہیے اور کیا نہیں۔
تحقیق کے مطابق اسی ردعمل کے نتیجے میں بچے اکثر چھوٹی چیزوں کو خوراک کے طور پر لے کر منہ میں ڈال کر اس کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔
محققین کا کہنا تھا کہ اس عمل کو سمجھنے سے مستقبل میں زیادہ کھانے یا بسیار خوری کے عارضے پر قابو پانے کے لیے طریقہ کار تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کےلئے کون ہوگا ان اور کون ہوگا آؤٹ ،پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی مشاورت طوالت اختیار کرگئی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغازیکم جون سے انگلینڈ میں ہوگا جس کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے ۔
پاکستان کپ میں بعض کرکٹرز کی شاندار پرفارمنس نے سلیکشن کمیٹی کو مزید سوچنے پر مجبور کردیا ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل اور اظہر علی کی ٹیم میں واپسی یقینی ہے جبکہ کامران اکمل کو ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔
فہیم اشرف کی جگہ عامر یامین کو زیر غور لایا جا رہا ہےجبکہ انگلش کنڈیشنز کی وجہ سے فاسٹ باؤلر سہیل خان بھی زیر غور ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کےلئے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان اگلے ایک دو روز میں کردیا جائے گا۔