منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ججز کو آزادانہ ماحول میں کام نہیں کرنے دیا گیا، کچھ اینکرز اور ٹی وی چینلز مسلسل عدلیہ کو پریشر میں لانے کی کوششیں کرتے رہے ، عمران خان، شیخ رشید اور سراج الحق نے بندر تماشہ شروع کیا ہوا تھا ۔
میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عدالتوں کو ایسا ماحول فراہم نہیں کیاگیا جس میں وہ آزادانہ فیصلہ کرسکتے، ججز کے اختلافی نوٹ پر ہمیں تحفظات ہیں مگر ہم نے عدالتی فیصلے پر کوئی تبصرہ کیا ہے نہ کریں گے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان، شیخ رشید اور سراج الحق نے سڑکوں پر بندر تماشہ شروع کیا ہوا تھا ، ان کے جواب میں ہمیں بھی مجبوراً عوام کو سچائی سے آگاہ کرنا پڑتا تھا ،یہاں پر تین تین عدالتیں لگی ہوئی تھیں.
 
ایک طرف پانامہ کیس کی سماعت عدالت میں ہورہی تھی دوسری طرف عمران خان نے سڑکوں پر عدالت لگائی ہوئی تھی اور تیسری طرف کچھ اینکرز اور ٹی وی چینلز پر عدالت لگی ہوئی تھی ،ایسے ماحول میں ججز کیسے آزادانہ فیصلے کر سکتے ہیں ، آخر وہ بھی انسان ہیں ، اگرمیں غلط کہہ رہا ہوں تومجھے کوئی چیلنج کرے۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) شہرکا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں گندگی نہ ہو اور کوئی اسپتال ایسا نہیں جہاں چکن گونیا،ڈینگی اور ملیریا کے کیسز رپورٹ نہ ہو رہے ہوں ۔ماہرین طب کے مطابق بیماریوں کا شکار ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شامل ہیں۔
شہر میں مچھروں کی بہتات کی وجہ سے چکن گونیا،ڈینگی اور تو اور ملیریا کے کیسز میں بے تہاشہ اضا فہ ہو گیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں رواں سال اب تک 200 افراد میں چکن گونیا کی تصدیق ہو چکی ہے ۔
انسداد ڈینگی کنٹرول پروگرام کے مطابق جنوری سے اپریل کے درمیان کراچی میں 184 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ ملیریا کے کیسز میں بھی دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔
ان تمام بیماریوں کی جڑ مچھر ہے۔ اس لئے ان بیماریوں کی علامات بھی تقریبا ایک جیسی ہوتیں ہیں جن میں بخار،جسم میں شدید درد ،سستی ،لاغر پن شامل ہے ۔
شہر میں گندگی کے ڈھیر کو ہٹانے اور مچھر کش اسپرے مہم کا آغاز کب تک ہوجائے گا اس پر ڈائریکٹر جنرل سندھ کہتے ہیں کہ بلدیہ عظمی کراچی اپنی ذمہ داری ادا نہیں کررہی جس کے باعث مسائل بڑھ رہے ہیں ۔
ماہرین طب کے مطابق چکن گونیا اور ملیریا میں انسان اپنی زندگی سے ہاتھ نہیں دھوتا البتہ ڈینگی انسان کی جان لے لیتا ہے۔
لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خاص احتیاط کرتے ہو ئے صفائی ستھرائی کا بھر پور بندوبست کریں۔زیر زمین اور چھتوں پر موجود پانی کے ٹینکوں کو صاف رکھیں اور گھر گلی یا محلے میں غیر ضروری طور پر پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کوہاٹ)پولیس نے کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 10ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران علاقے میں مستقل رہائش پذیر افراد کی بائیومیٹرک جبکہ کرائے کے مکان میں رہائش اختیا ر کئے افراد کے شناختی کوائف کی جانچ پڑتال کی ۔ پولیس نے اس دوران 10مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
جن کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی بازار میں واقع ایک سے آتش بازی کا 20کلو مواد بر آمد کر لیا۔ تاہم پولیس نے بر آمد ہونیوالا مواد اپنی تحویل میں لیتے ہوئے زیر حراست ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں متعلقہ تھانے منتقل کردیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جمیکا میں جاری ہے۔ اب سے کچھ دیر پہلے خراب روشنی کی وجہ سے میچ میں پہلے روز کا کھیل جلدی ختم کردیا گیا۔ ویسٹ انڈیز نے کھیل کے اختتام تک7 وکٹوں کے نقصان پر244 رن بنا لیے تھے۔
کالی آندھی ٹیم کی جانب سے کپتان جیسن ہولڈر30 اور دویندرا بشو23 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ پاکستان کو گزشتہ چند اوورز کے دوران2 کامیابیاں روسٹن چیز اور شین ڈاؤرچ کی شکل میں ملی تھیں۔
ان دونوں کھلاڑیوں کو یاسر شاہ نے آئوٹ کیا۔ روسٹن چیز63 جبکہ شین ڈائورچ نے 56 رنز بنائے اور ساتھ ہی 119رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے ٹیم کی ساکھ بھی بچائی۔
اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کے5 کھلاڑی بھی کوئی خاص رنز نہ بنا سکے تھے۔ پاکستان کے بولرز کی جانب سے عامر نے3 وکٹیں، یاسر نے 2 جبکہ وہاب اور ڈیبیو کرنے والے محمد عباس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) مرد بحران ایک بار پھر ٹیم کو بحران سے نکالنے کے لئے تیار ہیں،دو ہفتے پہلے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے یونس خان نے واپسی کا اشارہ دے دیا۔
سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ اگرپاکستان کومیری ضرورت ہوئی توریٹائرمنٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کر سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا صحیح وقت وہی ہوتا ہے جب لوگ آپ کو کھیلتا دیکھنا چاہتے ہوں لیکن اگر میری ٹیم کو ضرورت ہوئی اور واپسی کی درخواست کی گئی تو ریٹائرمنٹ لینے کا سوچ سکتا ہوں۔
کیپٹن کول مصباح الحق بھی مرد بحران کو میدان میں دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یونس خان ایک دو سال مزید کرکٹ کھیل سکتا ہے۔
یونس خان نے صرف دو ہفتے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ لیتے ہوئے کہا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریزان کی آخری سیریز ہوگی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) 22اپریل 2017آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ارتھ ڈے منایا جارہا ہے۔
اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا بنیادی مقصد کرہ ارض کی حفاظت سے اور ماحولیاتی آلودگی سے وابستہ مسائل کی جانب عالمی برادری کی توجہ دلانا ہے۔
یہ دن پہلی مرتبہ 1970ء میں دنیا میں منایا گیا تھا۔ تب سے اب تک ’ارتھ ڈے‘ دنیا کے کئی ممالک میں باقاعدگی سے منایا جاتا ہے۔دنیا بھر میں اس موقعے پر اپنے ماحول کی صفائی اور فضائی آلودگی پھیلانے سے گریز کے لیے آگہی کے پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔
اس دن مقامی کمیونٹیز بھی اپنے اپنے علاقوں میں صفائی کرکے اس دن کی اہمیت اجاگر کرتی ہیں۔ بہت سی تنظیمیں شہر میں ساحلِ سمندر، دریاؤں یا دیگر قدرتی مقامات پر جا کر صفائی کا کام کرکے زمین کو صاف ستھرا رکھنے کی کوششوں میں اپنا حصہ کا کام کرتی ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ سرچ انجن گوگل نے بھی اپنا نیا ڈوڈل جاری کیا ہے جس میں ڈوڈل نے بڑھتی ہوئی آلودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کرہ ارض پر صفائی اور اس کی حفاظت کا واضح پیغام دیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق 12.6 ملین افراد ہر سال آلودہ ماحول کی وجہ سے جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اعتزاز احسن کا بیان قابل مذمت ہے،قیامت کی نشانی ہے کہ پیپلز پارٹی کرپشن کے خلاف باتیں کررہی ہے،اعتزاز احسن نے اس ادارے کے خلاف بیان دیا جس پر ہم سب کو فخر ہے،افواج پاکستان اور پاکستان کے تمام آئینی ادارے ملک کا فخر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگز یب نے کہا کہ جے آئی ٹی میں جواب نواز شریف نے دینا ہے اور رو عمران خان رہے ہیں،عمران خان نے پانا مہ کسی کی بیساکھی پر کھیل کھیلا،عمران خان نے کنٹینر پر کھڑے ہوکر کسی شخص یا ادارے کو نہیں چھوڑا اور انہوں نے ماضی میں دھاندلی کے جھوٹے الزامات لگائے۔
وزیرمملکت نے مزید کہا کہ دھرنے کے بعد وہی کمیشن بنا جو وزیراعظم نے کہا تھا،سپریم کورٹ نے تینوں درخواست گزاروں کی استدعا کو مسترد کردیا اور جب سے پانامہ کا فیصلہ آیا ہے عمران خان رو رہے ہیں۔
مریم اورنگز یب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کرپشن کے خلاف باتیں کررہی ہے،یہ قیامت کی نشانی ہے،آصف زرداری صاحب سی پیک کا تحفہ پاکستان کو دے رہے ہیں،زرداری پہلے کراچی کا کچرا اٹھائیں اور پھر بات کریں۔
رہنما ن لیگ کا آخر میں کہنا تھا کہ وزیراعظم ملک کو اندھیروں سے نکال رہے ہیں،”اوئے“اور اداروں کو گالی دینے کی سیاست اب ختم ہونی چاہیے اور کسی کی خواہش پر تیسری بار منتخب وزیراعظم کو نہیں ہٹایا جاسکتا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمنٹ )فن کی دنیا میں مزاح سے لے کر پیروڈی تک، اسٹیج سے ٹیلیویڑن تک معین اختروہ نام ہے جس کے بغیر پاکستان کے شوبز کی تاریخ نامکمل ہے۔ چار دہائیوں تک قہقہے بکھیرنے والے ہردل عزیزفنکار معین اخترکو مداحوں سے بچھڑے چھ برس بیت گئے۔
فن کی دنیا کے بے تاج بادشاہ معین اختر 24 دسمبر 1950کو کراچی میں پیدا ہوئے،کیریر کا آغاز 60ءکی دہائی کے وسط میں کیا، راجا پہلوان آیا اور پھر اس کے سامنے کوئی نہ ٹک سکا۔
بحیثیت اداکار، گلوکار، صداکار، مصنف، میزبان اور ہدایتکار بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔کسی بھی ڈرامے میں ان کی موجودگی تہذیب یافتہ تفریح اور فیملی انٹرٹیمنٹ کی ضمانت تھی۔
معین اختر صرف ایک انسان نہیں بلکہ فن کے ایک عہد کا نام ہے۔میزبان ہو تو معین اختر جیسا برجستہ،اسٹیج پر ہوں تو مکالموں میں جان ڈالنے والے آرٹسٹ۔
ان کو صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی سمیت قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
اپنی محنت لگن اور عمدہ اداکاری کی وجہ سے پاکستان کے لئے فخر کا باعث بننے والے معین اختر 22 اپریل 2011 کو کراچی میں دل کا دورہ پڑنے سےانتقال کرگئے لیکن اپنے مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم/کراچی) جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے مطابق ایم اے سال اول وسال آخر پرائیوٹ انگلش سالانہ امتحانات برائے2015ء کے نتائج کا اعلان کردیا گیاہے۔
نتائج کے مطابق ایم اے سال اول کے امتحانات میں512طلبہ شریک ہوئے،31طلبہ کو کامیاب قراردیاگیاجبکہ481طلبہ ناکام قرار پائے۔
ایم اے سال آخر کے امتحانات میں 144طلبہ شریک ہوئے،5طلبہ کو سیکنڈ ڈویژن میں کامیاب قراردیاگیا جبکہ 139طلبہ کو ناکام قراردیاگیا ۔