منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)برطانوی ایتھلیٹ جرمین میسن موٹر سائیکل حادثے میں ہلاک ہو گئے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ سے تعلق رکھنے والے34سالہ ایتھلیٹ” جرمین میسن “جمیکا میں موٹر سائیکل حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ جرمین میسن نے بیجنگ اولمپکس 2008 ءمیں برطانیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا تھا۔
جمیکا کے وزیر اعظم اینڈریو ہولنس نے اپنے پیغام میں جرمین میسن کی اچانک ہلاکت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے.

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ سری نگر) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف کشمیری طلبا کا احتجاج چھٹے روز میں داخل ہو گیا ہے اور پوری وادی میں طلباء مظاہرے کر رہے ہیں۔
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی تسلط کے خلاف نہتے کشمیریوں کی جدوجہد ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزہوتی جا رہی ہے اور احتجاج کا دائرہ نوجوانوں سے بڑھ کر اسکول کالجز کے بچوں تک پھیل گیا ہے۔ قابض فوج کے ہاتھوں نوجوانوں کے قتل کے خلاف وادی میں طلبا کا احتجاج آج چھٹے روز بھی جاری ہے اور وادی کے چھوٹے بڑے شہروں میں طلباء کی جانب سے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جن میں کشمیری نوجوانوں کے علاوہ خواتین اور بزرگ کشمیری بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
طلباء کے احتجاج کے باعث وادی میں کالج، یونیورسٹیوں اور اسکولوں میں تدریسی عمل معطل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب چئیرمین آل پارٹیز حریت کانفرنس علی گیلانی نے بھارتی حکومت سے کشمیری نوجوانوں کی خواہشوں کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں 9 اپریل کو ہونے والے ڈھونگ ریاستی انتخابات کے بعد سے پوری وادی کے عوام بھارت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں جسے دبانے کے لئے قابض بھارتی فوج کی جانب سے طاقت کا بے رحمانہ استعمال کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 10 نوجوان شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ کے آفتاب یونس اور مصباح آخری بار چمکنے کو تیار ہیں، دونوں ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی سے ٹیم کا رینکنگ میں پانچواں نمبر مضبوط بنا سکتے ہیں۔
ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کاآج سے آغاز ہورہا ہے۔ پاکستانی کرکٹ کے 2 عظیم کھلاڑی یونس خان اور مصباح الحق کیریئر میں آخری بار ایکشن میں دکھائی دیں گے، وہ عمدہ کارکردگی سے گرین کیپس کو کیریبیئن جزائر پر پہلی سیریز میں کامیابی سے ہمکنار کرنے کے ساتھ اپنے کیریئر کا اختتام بھی بہترین رینکنگ کے ساتھ کرسکتے ہیں،البتہ ماضی میں رینکنگ میں وہ جن بلندیوں کو دیکھ چکے وہاں تک صرف تین میچز میں واپس پہنچنا بظاہر ناممکن دکھائی دیتا ہے۔
یونس خان ٹاپ اور مصباح چھٹے نمبر پررہ چکے ہیں، وہ اگر بہتر کارکردگی پیش کریں تو پاکستان ٹیم اپنی موجودہ پانچویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے گی۔ یونس نے جب فروری 2009 میں سری لنکا کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹرپل سنچری اسکور کی تھی تو انھیں پہلی بار رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہونے کا موقع میسر آیا تھا، وہ72 دنوں تک نمبر ون رہے تھے۔
یونس ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں دوسرے ہائی رینکڈ بیٹسمین ہوں گے، ان سے صرف ایک پوزیشن آگے ساتھی کھلاڑی اظہر علی موجود ہیں۔ مصباح نومبر 2011 سے دسمبر 2016 کے دوران ٹاپ 15 میں موجود رہے لیکن نیوزی لینڈ اور پھر آسٹریلیا سے مایوس کن سیریز کے باعث اب رینکنگ میں 26 ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں، انھیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ بطور کھلاڑی اور کپتان ان کی آخری سیریز میں پاکستان موجود 97 پوائنٹس سے نیچے نہ جائے۔
ادھر اگر یونس اور مصباح ٹیم کو ویسٹ انڈیز پر 3-0 سے کلین سوئپ بھی کرانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ انگلینڈ سے آگے نکلنے کیلیے کافی نہیں ہوں گے جو اس وقت 101 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ گرین کیپس کو موجود پوزیشن برقرار رکھنے کیلیے 1-0 سے فتح بھی کافی ہوگی لیکن اگر وہ اسی مارجن سے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوئے تو پھر نیوزی لینڈ کی جگہ چھٹے نمبر پر جانا پڑے گا، اگر دباؤ کا شکار یا کسی اور وجہ سے تینوں میچز میں پاکستان ٹیم کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے تو وہ ساتویں نمبر پر پہنچ جائیگی۔
گرین کیپس نے گزشتہ برس اگست میں انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر کرنے پر چند روز کیلیے ٹاپ رینک ٹیم کے اعزاز سے لطف اٹھایا تھا۔ اس کے بعد کھیلے جانے والے 8 میں سے 6 ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد اسے کافی نیچے جانا پڑگیا۔ اسد شفیق اس وقت 24 اور نائب کپتان و وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد 25 ویں نمبر پر ہیں، ان کے پاس بھی بہتر کارکردگی سے پوزیشن بہتر بنانے کا موقع موجود ہے، بیٹسمینوں میں ٹاپ پر آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ موجود ہیں۔ دونوں ٹیموں میں اس وقت ٹاپ رینکڈ بولر لیگ اسپنر یاسر شاہ 16 ویں نمبر پر ہیں، وہاب نے کیریئر بیسٹ 19 ویں پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے کریگ بریتھ ویٹ (20) اور جرمین بلیک ووڈ (46) ہائی رینکڈ بیٹسمین ہیں،لیگ اسپنر دیویندرا بشو اس وقت بولرز میں کیریئر بیسٹ 25 ویں نمبر پر موجود ہیں، بولنگ چارٹ میں بھارت کے رویندرا جڈیجا بدستور نمبر ایک پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ٹاپ پر موجود ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان سیریزکا پہلا ٹیسٹ آج سے جمیکا میں شروع ہوگا۔
پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں ٹوئنٹی 20 کے بعد ون ڈے سیریز بھی جیت لی،اب اسے ٹیسٹ کرکٹ کیلیے گیئر تبدیل کرتے ہوئے فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔ گرین کیپس آج تک کیریبیئن جزائر میں طویل فارمیٹ کی کسی سیریز میں سرخرو
ہوکر وطن واپس نہیں گئے، کھلاڑی کپتان مصباح الحق اور سینئر بیٹسمین یونس خان کو الوداعی تحفہ دینے کا عزم لیے آج سبائنا پارک میں پہلے ٹیسٹ کیلیے میدان میں اتریں گے، ٹور میچ میں پاکستان کی بیٹنگ فلاپ ہوئی توکوئی بھی سنبھالا نہیں دے سکا۔
واضح رہے کہ خطرے کی گھنٹی بج جانے کے بعد ویسٹ انڈیز کی مختلف کنڈیشنز میں مشکل پچ پر ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا مہمان بیٹسمینوں کیلیے بہت بڑا چیلنج ہوگا۔ اظہر علی، احمد شہزاد، بابر اعظم، اسد شفیق اور سرفراز احمد کوکریز پر قیام طویل کرنے کیلیے سخت محنت کرنا پڑے گی۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کو مسترد کرنا توہین عدالت ہے،جو لو گ جے آئی ٹی کو مسترد کررہے ہیں اس کے پیچھے ایک سوچ ہے،مخالفین پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں،پورے بنچ نے حکمنامے پر دستخط کرکے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا،مخالفین کو انتخابی اصلاحات سے کوئی سروکار نہیں،دھرنے دینے والوں نے ایک بار پھر وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کردیا،اداروں کی تضحیک کرنے والوں کو کل جواب مل گیا،عمران خان جھوٹے الزامات لیکر سپریم کورٹ گئے اور کل عدلیہ کا فیصلہ وزیراعظم کے خط کی تائید ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راہدادری منصوبہ وزیراعظم کا عوام کیلئے تحفہ ہے،سی پیک ایک روٹ کی بات نہیں 65 ممالک کو ملانے کی بات ہے،پاکستان میں صنعتوں کی ترقی وزیراعظم نواز شریف کی ترجیح ہے،پاکستان کے کچھ عناصر دشمنوں کے ساتھ مل جاتے ہیں اور وزیراعظم نے احتساب کا عمل عوام کیلئے مکمل کیا۔
وزیرمملکت نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو عوام نے مینڈیٹ دیا،مخالفین کا رویہ ملکی استحکام کے خلاف ہے،پاکستان نواز شریف کی قیادت میں ترقی کرے گا،نواز شریف ملک کے سب سے مقبول لیڈر اور شخصیت ہیں۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنی تین نسلوں کا حساب دیا اور تاریخ میں ایسا کبھی بھی نہیں ہوا،جے آئی ٹی میں جواب دیا جائے گا اور ایک تاریخ رقم ہوگی،سیاسی کھیل کے کھلونے تلاش کرنے والوں کو کچھ نہیں ملے گا،وفاقی حکومت نے جو وعدے کئے وہ سب پورے کئے اب عوام فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جشن وزیراعظم کے سرخرو ہونے کا ہے،عدالت نے وزیراعظم پر لگائے گئے 7 الزامات کومسترد کردیا،عمران خان افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں،مسلم لیگ ن نے پاکستانی تاریخ میں وہ کا م کیاجو کسی اور نہ نہیں کیا اور کوئی بھی ٹولہ یا شخص وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں مانگ سکتا.

 

 

ایمزٹی وی(پیرس)پیرس ایک بار پھر دہشت گردی کا نشانہ بن گیا اور حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نامعلوم شخص نے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ دیا۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور مارا گیا جب کہ داعش نے واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد پولیس نے عوام کو جائے وقوعہ پر جانے سے روک دیا ہے جب کہ علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
فرانسیسی صدر نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا ہے جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پیرس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ جہاں سے چلا تھاوہیں آ گیا‘ طہارت کے سر ٹیفکیٹ کی کالک جے آئی ٹی کے منہ پر ملی جائے گی۔بنچ نے جو سوالات دہرائے ان کے جواب لینے تو وکلاء عدالت آئے تھے ۔
 
بہت پہلے کہا تھا ’’انا اللہ و انا الیہ راجعون‘‘ پاناماکی با ضابطہ تدفین ہو گئی ، قوم فاتحہ پڑھے اور صبر کرے ،یہاں پر 100لوگوں کو گولیاں مار دی جائیں فیصلہ تو کیا رپورٹ بھی نہیں آتی ‘یہ تو سات سمندر پار کی کرپشن ہے۔
عوام کو کسی ادارے سے نہیں سڑکوں پر نکلنے سے ریلیف ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ اس اعتبار سے تاریخی ہے کہ جنہوں نے رٹ کی وہ بھی خوش ہیں اور جن کے خلاف رٹ ہوئی وہ بھی مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں ۔
 
ایک سال تک قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائے رکھا گیا ،اب 540 صفحات کے فیصلے کی ایک طویل عرصہ تشریح ہوتی رہے گی ، مگر قوم کا خزانہ لوٹنے والوں کو کچھ نہیں ہو گا۔
 

 

ایمزٹی وی(تہران)ایران میں آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخاب کے لئے سابق صدر احمدی نژاد کو نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپریم باڈی شورائے نگہبان نے سابق ایرانی صدر احمدی نژاد کو 19 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لئے نااہل قرار دے دیا گیا ہے جب کہ احمدی نژاد نے گزشتہ ہفتے ہی صدارتی امیدوار کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جو اس سے قبل الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کرچکے تھے۔
دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے احمدی نژاد پر زور دیا تھا کہ وہ صدارتی دوڑ سے دور رہیں۔ احمدی نژاد نے مسلسل 2005 سے 2013 تک ملک کے صدر رہے اور اگست 2013 میں مدت مکمل ہونے کے بعد انہوں نے صدارتی محل چھوڑا تھا۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد )وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پی پی جے آئی ٹی کو مسترد کررہی ہے،آپ کہتے ہیں تو اپنی جے آئی ٹی میں ایان علی اور ڈاکٹر عاصم کو شامل کرلیں اور آصف زرداری کو اس کا سربراہ بنادیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جے آئی ٹی کو مسترد کردیا ہے اور چلیں ایسی جے آئی ٹی بناتے ہیں جس کے سربراہ آصف علی زرداری ہوں اور اس میں ایان علی،شرجیل میمن اور ڈاکٹر عاصم حسین ممبر ہوں۔
عابد شیر علی نے پیپلز پارٹی، تحریک نصاف اور جماعت اسلامی کو مشترکہ پریس کانفرنس پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آج یہاں نئے نئے نکاح دیکھ رہے ہیں اور ٹوپی والے مولوی (سراج الحق) نے پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی میں نکاح پڑھوا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں مریم نواز شریف کا دامن صاف رہا ہے اور جو کیچڑ اور گند اچھالنے کی کوشش کی گئی اس کا صفایا ہو گیا ہے۔ نواز شریف 2018ءکے بعد بھی وزیراعظم ہوں گے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)آواز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیا اینڈ مینجمنٹ سائنسسز کے زیراھتمام 1روزہ ورک شاپ کا اہتمام کیا جارہا ہے جس کا موضوع بیسک فوٹو گرافی ہے۔ورکشاپ میں طلبا و طالبات کی رہنمائی کے لئے پاکستان کے نامور فوٹو گرافر جمشید مسعود کو مدعو کیا گیا ہے۔
ورکشاپ میں فوٹو گرافر جمشید مسعود طلبہ وطالبات کو فوٹوگرافی کے حوالے سے جس میں پرفیشنل کیمروں کی تکنیکی امور سے روشناس کرائیں گے ۔
 
ورکشاپ کا انعقاد 23اپریل 2017 بروزاتواردوپہر 2 بجے آواز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیا اینڈ مینجمنٹ سائنس میں ہوگا۔ ورکشاپ میں شرکت کرنےکے لئے کنٹرولر سے رابطہ کرسکتے ہیں02134331315 / 0213899161