پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)ایف سی بلوچستان نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بارودی سرنگ برآمد کر کے مردم شماری کو سبوتاژ کرنے اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا ۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق ملک بھر میں جاری ’’آپریشن ردالفساد‘‘ کے تحت ایف سی کی بھاری نفری نے تربت کے علاقے دشت روڈ پر نصب بارودی سرنگ بر آمد کرکے ناکارہ بنا دی
ذرائع کےمطابق سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کا مقصد مردم شماری کو سبوتاژ کرنا اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا تھا جسے بروقت کارروائی کے نتیجے میں ناکام بنا دیا گیا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شرجیل میمن قوم کی لوٹی ہوئی دولت کاحساب دیں ۔ وہ اپنی چوری اورکرپشن چھپانے کیلئے شور مچا رہے ہیں چوہدری نثار پر پاکستانی قوم کا اعتماد ہے اس لئے وہ وزیر داخلہ ہیں۔ کرپٹ افراد چوہدری نثار سے خوف زدہ ہیں جبھی وہ ان کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کرتے ہیں ۔ چودھری نثارکی دیانت اورکردار پرسوال اٹھانے سے پہلے گریبان میں جھانکیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن لوگوں کی لوٹی ہوئی دولت کا جواب دیں وہ جتنا شورمچالیں، احتساب سے نہیں بچ سکتے، جواب تودیناہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چودھری نثاروزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کودہشتگردی سے پاک کررہے ہیں۔ وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ چودھری نثار پر پاکستانی قوم نے اعتماد کرکے وزیرداخلہ بنایا ہے۔ کرپشن کرنے والے چودھری نثار سے خوفزدہ ہیں، شرجیل میمن صاحب قوم کوجواب دیں چوری اورکرپشن کیوں کی؟۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)شاہ زیب قتل کیس میں سزائے موت کا مجرم شاہ رخ جتوئی گزشتہ پانچ ماہ سے جناح ہسپتال کراچی کے وی آئی پی وارڈ میں زیرعلاج ہے جبکہ علاج سے متعلق سنٹرل جیل کے حکام بھی لاعلم ہے ، عدالت کو بھی ملزم کے علاج یا اس کی حالت کے بارے میں آگاہ نہیں کیاگیا اور غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ سزائے موت کا مجرم اپنی رہائش گاہ اور دیگر علاقوں میں بھی گھومتا ہے۔
 
میڈیا ذرائع کے مطابق شاہ رخ جتوئی کو 2013ءمیں شاہ زیب قتل کیس میں سزائے موت ہوئی تھی اور وہ جیل میں تھا لیکن 28اکتوبر 2016ءکو محکمہ داخلہ کی جانب سے ایک آرڈر جاری ہوا جس میں کہاگیاکہ مجرم کو دماغ کا مسئلہ ہے ، ہسپتال منتقل کریں، اسی حکم نامے کے تحت مجرم کو خاموشی سے جناح ہسپتال کی وی آئی پی وارڈ میں منتقل کردیاگیا اور گزشتہ پانچ ماہ سے وہیں موجود ہے جہاں اسے تمام ترسہولیات میسر ہیں، جیل حکام اور ہسپتال انتظامیہ اس ضمن میں کسی قسم کی بات کرنے یا دستاویزات سامنے لانے سے گریز اں ہیں جبکہ مجرم سے اہلخانہ اور دوست احباب ملتے رہتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمومی طورپر مجرم کا جیل کے اندر موجود ہسپتال میں ہی علاج ہوتا ہے لیکن اگر جیل سے باہر لے جانا پڑے تو روزانہ کی بنیاد پر جیل حکام کو عدالت کو آگاہ کرنا پڑتاہے کہ مجرم کی صحت کیسی ہے اور اس میں کیا بہتری یا ابتری ہوئی ہے لیکن شاہ رخ جتوئی کے معاملے میں عدالت کو بھی کچھ نہیں بتایاگیا۔یہ بھی دعویٰ کیاگیاہے کہ مجرم جناح ہسپتال کی آڑ میں اپنی رہائش گاہ اور دیگر علاقوں میں بھی گھومتا رہتاہے ۔

 

 

 
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں ٹیکنالوجی ماہرین سام سنگ کے نئے اسمارٹ فون گلیکسی S8 کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں جو 29 مارچ کو متعارف کرایا جائے گا لیکن اس سے قبل ہی اس کی چند تصاویر منظرعام پر آ گئی ہیں جس میں اسے استعمال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ان تصاویر نے سوشل میڈ یا پر ہلچل برپا کر دی ہے۔
s1
 
میکسیکو کے ایک صارف نے گلیکسی S8 پلس کی تصاویر اپ لوڈ کی ہے جس میں وہ اپنی کار میں بیٹھا فون استعمال کر رہا ہے۔ یہ تصاویر بالکل اصلی ہیں اور اس کے دلکش ڈیزائن اور شانداراسکرین نے سب پر سحر طاری کر دیا ہے
 
s2
ان تصاویر کے ذریعے گلیکسی S8 کی بھرپور جھلک دنیا کو دیکھنے کو مل گئی ہے اور یہ بھی پتہ چل گیا ہے کہ 6.2 انچ کی سکرین سے مزین اس فون کا ڈیزائن اس قدر بہترین ہے کہ یہ آرام سے ہاتھ میں پورا آ جاتا ہے۔
s4 
صارف نے ان تصاویر کے ساتھ ایل جی کے نئے فلیگ شپ سمارٹ فون V20 کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں جس کی اسکرین کا سائز 5.7 انچ ہے لیکن حیران کن طور پر دیکھنے میں دونوں ایک ہی سائز کے نظر آتے ہیں جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ سام سنگ کا گلیکسی S8 اب تک کا بہترین سمارٹ فون ہو گا۔

 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/سندھ) ملک بھر کے سرکاری اسکولوں میں پرائمری کلاسوں کے لیے صرف خواتین اساتذہ تعینات کرنے کا فیصلہ،وفاق اور صوبوں کی سطح پر مرحلہ وارخواتین اساتذہ بھرتی کیے جا ئیں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاق اور صوبوں نے اتفاق کیا ہے کہ ملک بھر کے سرکاری اسکولوں میں پرائمری کلاسوں کے لیے صرف خواتین اساتذہ کوتعینات کیا جائے گا تعلیمی اداروں میں خواتین اساتذہ کی تعیناتی بتدریج کی جائے گی۔ بچوں اور بچیوں کو مرد اساتذہ کے بجائے صرف لیڈی ٹیچرز پڑھائیں گی اس ضمن میں صوبوں اور وفاق نے اتفاق رائے کرتے ہوئے مرحلہ وار خواتین اساتذہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، پرائمری سطح تک صرف خواتین اساتذہ کے پڑھانے کے فیصلے کو نئی قومی تعلیمی پالیسی میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر کے پرائمری سطح کے اسکولوں میں طلباءکیلئے مرد اساتذہ اور طالبات کیلئے خواتین اساتذہ تدریسی خدمات سر انجام دے رہی ہیں ، وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعدفیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں طلبا و طالبات کے پرائمری سطح کے سرکاری اسکولوں میں صرف خواتین اساتذہ تدریسی خدمات انجام دیں گی اس ضمن میں وفاق اور صوبوں میں اتفاق رائے ہو گیا ہے اور اس فیصلے کو نئی تعلیمی پالیسی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پرائمری سطح کے سرکاری اسکولوں میں صرف خواتین اساتذہ کو تدریسی خدمات انجام دینے کیلئے مرحلہ واربھرتیاں کی جائیں گی تاہم ذرائع کے مطابق اس فیصلہ میں عملدرآمد کیلئے کئی سال لگ سکتے ہیں کیونکہ یکدم خواتین اساتذہ کی بھرتیاں کرنا مشکل ہے اوربچوں کے سکولوں میں پہلے سے تدریسی خدمات انجام دینے والے مرد اساتذہ کو کیسے دوسرے تعلیمی اداروں میں کھپایا جا ئیگا۔

 

 

ایمزٹی وی (ایبٹ آباد)ضلعی انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کا ہیلی کاپٹر اتارنے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری انڈر 13 ٹرائل رکوا کر بچوں کو گراونڈ سے باہر نکال دیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد کرکٹ گراونڈ میں پی سی بی اندڑ 13 کرکٹ ٹرائل جاری تھے کہ ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری کی مدد سے گراونڈ میں پہنچ کر کھیل رکوا کر بچوں کو گراونڈ سے باہر نکال دیا۔
ایبٹ آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا مشتاق غنی کی والدہ کے جنازے میں شرکت کے لئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے آنا ہے اور ان کے ہیلی کاپٹرز کی لینڈنگ کے لئے گراونڈ کی پچ کو مختص کیا گیا ہے اس لئے کھیل رکوا کر بچوں کو گراونڈ سے نکالا گیا۔
دوسری جانب بچوں کے ساتھ آئے ان کے والدین کا کہنا تھا کہ بچوں کے مستقبل کے ساتھ اس طرح سے کھیلنے کا کسی کو کوئی حق نہیں پہنچتا اور ضلعی انتظامیہ کو ہیلی پیڈ کسی دوسری جگہ پر بنانا چاہیے تھا کیونکہ اس طرح سے نا صرف کرکٹ کو نقصان ہو گا بلکہ بچوں کا مورال بھی کم ہو گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف کل حیدر آباد جائیں گے۔ جہاں مقامی شہریوں میں ہیلتھ کارڈ کی تقسیم، ڈسٹرکٹ ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت سمیت دیگر منصوبوں کا افتتاح کرینگے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر ایک جلسہ عام کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اس موقع پر سندھ میں مسلم لیگ ن کی تنظیم سازی کے امور پر بھی اراکین سے بات چیت کرینگے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ حیدر آباد میں ان کا استقبال کرینگے۔

 

 

ایمزٹی وی(امریکہ)امریکا کی فضائیہ نے اپنے جنگی طیارے ایف 15 سی اور ڈی کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا ہے۔جدید اور اپ گریڈڈ ایف 16 پرانے طیاروں کی جگہ لیں گے۔
امریکی فضائیہ کے حکام نے ایوان نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو بتایا ہے کہ ایف 15 طیاروں کی ریٹائرمنٹ سے اخراجات میں کمی آئے گی، پائلٹوں کوبھی تربیت کے لیے بہتر مواقع میسر آسکیں گے۔ فضائی حکام کے مطابق ایف 15 سی اور ڈی طیاروں کی جگہ 2020 تک ایف 16 طیارے لے لیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کرکٹ بورڈ کی لاہورمیں دوٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کی تجویز مسترد کر دی۔
پی سی بی کے سربراہ شہریار خان نے اپنے ایک بیان میں اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے بی سی بی حکام کو رواں سال کے وسط میں پاکستان آکر دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کی پیشکش کی ہے لیکن بنگلہ دیش نے ایک بار پھر پاکستانی پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے اس بات کی وضاحت کر دی کہ انہوں نے پاکستان آکر کھیلنے کا سوچا بھی نہیں ہے تاہم رواں سال جولائی میں پاکستان کی میزبانی کرنے کیلئے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ پی سی بی حکام اس پیشکش کو بہت زیادہ اہمیت دے رہے تھے۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت) ٹیکس اصلاحات عملدرآمد کمیٹی (ٹی آر آئی سی) نے ملک بھر میں کھربوں روپے مالیت کی انڈرگراونڈ، غیرقانونی وبلیک اکانومی کا حجم کم کرنے کے لیے ایکشن پلان تیار کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ممبر اسٹریٹجک پلاننگ، ریسرچ اینڈ اسٹیٹسٹکس کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی ذیلی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو ہارون اختر کی سربراہی میں ہونے والے ٹیکس اصلاحات عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ممبر اسٹریٹجک پلاننگ، ریسرچ اینڈ اسٹیٹسٹکس کی سربراہی میں قائم کی جانے والی کمیٹی ملک میں کھربوں روپے مالیت کی انڈر گراؤنڈ، غیرقانونی و بلیک اکانومی کا حجم کم کرنے کے لیے ایکشن پلان کا مسودہ تیار کرکے ٹیکس اصلاحات عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کرے گی اور کمیٹی کی منظوری کے بعد ملک بھر میں ایکشن پلان پر عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھربوں روپے مالیت کی انڈر گراؤنڈ، غیرقانونی و بلیک اکانومی کا حجم کم کرنے کے لیے مجوزہ ایکشن پلان کو آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جس کے تحت غیرقانونی اقتصادی سرگرمیوں میں ملوث لوگوں کو قومی دھارے میں آنے کا موقع دیا جائے گا اوراس کے علاوہ ملک بھر میں ویجیلنس یونٹس اور ٹیموں کو بھی متحرک کیا جائے گا جس کے تحت غیرقانونی اقتصادی سرگرمیوں میں ملوث لوگوں کے خلاف کاروائیاں کی جائیں گی اور کوشش کی جائے گی کہ مارکیٹ کمیٹیوں، متعلقہ اضلاع کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سمیت مقامی تاجر تنظیموں کو آن بورڈ لے کر کارروائی کی جائے اور ایکشن پلان کے تحت کاروائی کے لیے تشکیل دی جانے والی ٹیموں میں مقامی تاجر تنظیموں، مارکیٹ کمیٹیوں اور چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔