پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی (تجارت) وزیر اعظم نوازشریف نے ارکان پارلیمنٹ کے حلقوں میں 96گیس اسکیموں اور ان کیلئے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی ۔
 
ان ارکان میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی ، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی ،وزیر صحت سائرہ افضل تارڈ ،کیپٹن (ر ) صفدر ، طلال چودھری ، فضل الرحمان ، آفتاب شیر پاﺅ ،اکرم درانی ، طارق فضل چودھری ، رانا تنویز ، معین وٹو ، افضل کھوکھر ، بلیغ الرحمان ، سابق وزیر اعظم ظفر اللہ جمالی سمیت دیگر ایم این ایز کے حلقوں کی گیس سکیمیں شامل ہیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی گیس سکیموں پر پی پی دور حکومت سے پابندی عائد ہے تاہم وزیرا عظم نے وفاقی وزراءاور ارکان پارلیمٹ کی سکیموں کیلئے نرمی کی جبکہ وزیر اعظم کے پاس گیس سکیموں کی منظوری کے اختیارات نہیں ہیں ۔ گیس اسکیموں کی منظوری کا معاملہ پارلیمنٹ کو بھجوایا جائے گا ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)شاہد خان آفریدی نے پشاور زلمی فاﺅنڈیشن کی صدارت اور پشاور زلمی ٹیم چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے اور یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہے کہ یہ فیصلہ انہوں نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کے ساتھ اختلافات کے باعث لیا ہے تاہم اب یہ بھی پتہ چل گیا ہے کہ ان دونوں کے درمیان اختلافات کب شروع ہوئے۔
ذرائع کے مطابق یہ معاملہ ورلڈ ٹی 20 ٹورنامنٹ 2016ءسے چل رہا ہے جب جاوید آفریدی نے ایک ٹوئٹر پیغام میں انہیں ریٹائر نہ ہونے کی نصیحت کی جس پر انہوں نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فیصلے خود لیتے ہیں اور پشاور زلمی کی کپتانی چھوڑ دی، لیکن بعد ازاں انہیں پشاور زلمی کا حصہ رکھتے ہوئے پشاور زلمی فاﺅنڈیشن کا صدر بنا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جاوید آفریدی نے جب ڈیرن سیمی کے مسلمان ہونے سے متعلق بیان دیا تب بھی وہ شدید ناراض ہوئے جبکہ آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کیساتھ سیریز کے بیان پر بھی انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاناما لیکس کیس کی سماعت کرنے والے تمام پانچوں جج آئندہ ہفتے میں وفاقی دارالحکومت پہنچ جائیں گے جس کے بعدیہ خبریں گردش میں ہیں کہ گزشتہ ماہ محفوظ کیا گیا فیصلہ کسی بھی وقت سنایا جاسکتا ہے۔
سپریم کورٹ نے23 فروری کو پاناما گیٹ پرفیصلہ محفوظ کیا تھا۔ بینچ کے مرکزی جج جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہاتھا کہ معاملے کی حساسیت کی وجہ سے مختصرفیصلہ نہیں سنایاجاسکتا۔ گزشتہ چندہفتوں سے بے چینی مسلسل بڑھ رہی ہے کہ اس اہم نوعیت کے کیس کافیصلہ کب سنایاجائے گا، حتیٰ کہ بڑی سیاسی جماعتیں شدت سے فیصلے کا انتظارکررہی ہیں تاکہ وہ سیاست کے حوالے سے اپنامستقل کالائحہ عمل وضع کرسکیں۔
 
سپریم کورٹ میں ذرائع نےمیڈیا کو بتایاکیس سننے والے تمام ججز سپریم کورٹ کی مختلف رجسٹریز میں ہیں، تاخیرکی اصل وجہ یہ ہے کہ ان جج صاحبان کی گزشتہ ہفتے میٹنگ نہیں ہوسکی۔ تاخیرکی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بینچ کا ہرجج کیس کی اہمیت کے پیش نظرلکھے جانے والے فیصلے میں ذاتی دلچسپی لے رہاہے۔
 
ذرائع نے بتایا عموماً ایک جج فیصلہ لکھتاہے اوردوسرے اس کی توثیق کرتے ہیں، لیکن اس کیس میں لارجربینچ کاہرممبراپناذاتی نوٹ لکھ رہاہے۔ 5 رکنی لارجر بینچ میں سے 3 جج جسٹس آصف کھوسہ، جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس اعجازالاحسن نے گزشتہ ہفتے لاہور رجسٹری میں کیس سنے۔ جسٹس گلزاراحمد کراچی رجسٹری جبکہ جسٹس اعجازافضل خان اسلام آبادرجسٹری میں بیٹھے ہوئے تھے تاہم لارجربینچ کے تمام ممبران آئندہ ہفتے اجلاس کریں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹنگ ڈیسک)ناسا نے اپنی ایک دوربین سے سورج کی انوکھی تصویر لی ہے جس میں زرد ٹکیہ کی مانند سورج بے داغ دکھائی دے رہا ہے۔
اگرچہ سورج کو براہِ راست دیکھنا اندھے پن کو دعوت دینا ہے لیکن اگر اسے فلٹر کے ذریعے دیکھا جائے تب بھی اس کی سطح بے داغ دکھائی نہیں دیتی اور اس پر کچھ نقطے ضرور دکھائی دیتے ہیں۔ سورج پر مقناطیسی سرگرمیوں اور درجہ حرارت میں کمی بیشی سے داغ بنتے رہتے ہیں جنہیں ’’سن اسپاٹ‘‘ کہا جاتا ہے۔
 
nasa
 
سورج کی سطح پر مقناطیسی میدان کی لہریں ایک جتھے کی سورج میں سفر کرتی ہیں جنہیں ’’پورز‘‘ کہا جاتا ہے۔ جب پورز ایک دوسرے سے ملتی ہیں تو مزید جمع ہوکر وہاں کا درجہ حرارت گرادیتی ہیں یعنی سورج کی سطح کا اوسط درجہ حرارت 5800 کیلون ہوتا ہے جب کہ پورز کے اجتماع کا درجہ حرارت 3800 درجے کیلون تک ہوتا ہے۔ اس طرح قدرے ٹھنڈے علاقے سیاہ دکھائی دیتے ہیں جنہیں سورج کے داغ کہا جاتا ہے۔
سورج کے داغ ہمیشہ بنتے اور ختم ہوتے رہتے ہیں جب کہ ان کا ایک 11 سالہ چکر بھی مشہور ہے جس میں سن اسپاٹ کی سرگرمیاں بڑھ جاتی ہیں اور زمین پر بھی اثرانداز ہوتی ہیں۔
ناسا کی سولر ڈائنامکس آبزرویٹری ( ایس ڈی او) نے 7 مارچ سے لگاتار اگلے 15 روز تک سورج کی ایسی تصاویر لی ہیں جن پر ایک بھی دھبہ دکھائی نہیں دے رہا اور ایسا واقعہ 7 سال قبل 2010 میں پیش آیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ریاستوں اور سرحدی امور (سیفران) کے وفاقی وزیرلیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف اسلامی اتحادی فوج کے سربراہ بنے تو متنازع بن جائیں گے، اسلامی اتحادی فوج کی سربراہی راحیل شریف کی ساکھ خراب کر سکتی ہے کیونکہ کچھ اسلامی ممالک اسلامی اتحادی افواج کے مخالف ہیں۔
 
عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ سابق آرمی چیف کے بارے میں بہت کچھ کہا گیا لیکن ان کا کوئی بیان نہیں آیا۔ کچھ اسلامی ممالک اس اتحاد کوصحیح نہیں سمجھتے اس لیے ہمارے سابق آرمی چیف کی جانب سے ایسے اتحاد کو جوائن کرنے سے اتحاد کے مخالف ممالک کی دل آزاری ہوگی، جنرل راحیل شریف سمجھدار آدمی ہیں، امید ہے وہ سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (صحت)اگرچہ کئی تہذیبوں میں گرم پانی کے ٹب میں دیر تک بیٹھے رہنا ایک معمول کی بات ہے لیکن اب ڈاکٹروں کا اصرار ہے کہ گرم پانی سے غسل حرارے (کیلوریز) جلانے اور خون میں گلوکوز کی مقدار کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
برطانیہ میں لوبورو یونیورسٹی کے ماہرین کا اصرارہے کہ گرم پانی سے نہانے کا عمل انسانی جسم پر ورزش جیسے اثرات مرتب کرتا ہے، اس کے ذریعے نہ صرف ٹائپ ٹو ذیابیطس کو دوررکھنے میں مدد ملتی ہے بلکہ اس مرض کے دہانے پر پہنچنے والے افراد اسے ٹال سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق گرم پانی سے نہانے کا عمل بالراست گرمی حاصل کرنے کا عمل ہے جسے پیسِو ہیٹنگ کہا جاتا ہے۔ یہ عمل ورزش کرکے خود جسم کو گرم کرکے پسینے بہانے کا ایک مخالف عمل بھی ہے۔
اس کے لیے ماہرین نے ایک تجربہ کیا اور انہوں نے چند رضاکاروں پر اسے آزمایا، اس کے لیے 14 مردوں کو لیا گیا۔ ان رضاکاروں کو ایک گھنٹہ گرم پانی کے ٹب میں بیٹھنے یا پھر ایک گھنٹہ سائیکل چلانے کا انتخاب دیا گیا ان امور میں خیال رکھا گیا تھا کہ اندرونی جسمانی درجہ حرارت کم ازکم ایک گھنٹے تک ایک درجے سینٹی گریڈ تک بڑھا رہے۔
اس کے بعد ماہرین کی ٹیم نے ہر فرد میں کیلیوریز کا استعمال اور خون میں شکر کی مقدار 24 گھنٹے کے وقفے سے نوٹ کی۔ معلوم ہوا کہ جن افراد نے ایک گھنٹے تک سائیکل چلائی انہوں نے زیادہ حرارے خرچ کیے لیکن جو ایک گھنٹے تک گرم پانی کے ٹب میں بیٹھے رہے انہوں نے نصف گھنٹے تک چہل قدمی میں صرف ہونے والی کیلوریز ختم کیں جو 140 کے لگ بھگ بنتی تھیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں عوامل میں بلڈ گلوکوز یکساں طور پر کم ہوا۔ اسی طرح نہانے والوں میں کھانے کے بعد شکر کی مقدار سائیکل چلانے والوں کے مقابلے میں 10 فیصد کم نوٹ کی گئی۔ اس کے ذریعے جسم کے اندر سوزش بھی دونوں طریقوں سے یکساں طور پر کم ہوئی۔
اس سے قبل 2015 میں فن لینڈ میں ہونے والی تحقیق سے معلوم ہوا تھا کہ گرم پانی کے ٹب میں بیٹھنے سے فالج اور دل کے دورے کے خطرات کم کیے جاسکتے ہیں اور اس سے مرد حضرات زیادہ مستفید ہوتے ہیں۔ اوریگون یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک مطالعے سے انکشاف کیا ہے کہ گرم پانی کے ٹب میں کچھ دیر گزارنے سے بلڈ پریشر میں کمی واقع ہوتی ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی (واشنگٹن)امریکی وزارت دفاع نے میریٹ ہوٹل اسلام آباد کے ماسٹر مائنڈ اور سری لنکن ٹیم پر حملے کے مرکزی کردار قاری یاسین کی افغانستان میں ڈرون حملے میں ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ رہنما قاری یاسین 19 مارچ کو افغانستان کے صوبے پکتیکا میں ڈرون حملے میں مارا گیا۔ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کےمطابق قاری یاسین پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔
امریکی وزارت دفاع کے مطابق القاعدہ رہنما قاری یاسین 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل بم دھماکے کا ماسٹر مائنڈ تھا جب کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کا مرکزی کردار بھی تھا۔ امریکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ قاری یاسین کی موت اس بات کا ثبوت ہے کہ معصوم افراد کو نشانہ بنانے اور اسلام کو بدنام کرنے والے دہشتگرد انصاف سے بچ نہیں پائیں گے۔
واضح رہے کہ 2008 میں میریٹ ہوٹل اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے میں 2 امریکی فوجیوں سمیت درجنوں افراد ہلاک ہو ئے تھے جب کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق اور سری لنکن ٹیم کے 6 کھلاڑی زخمی ہوئے تھے

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کا باقاعدہ حصہ بننے کا فیصلہ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد کرے گا۔
سعودی قیادت پاکستان کو اس اتحاد کا حصہ بنے کا کہہ چکی ہے تاہم وفاق نے اب تک سعودی حکومت کو اس اتحاد میں شمولیت کا واضح عندیہ نہیں دیا۔ اگر پاکستان اس اتحاد میں شامل ہوا بھی تو اس اتحاد کی جانب سے کسی اسلامی ملک کے خلاف ممکنہ طور پر کسی فوجی کارروائی کا حصہ نہیں بنے گا تاہم امت مسلمہ کو دہشت گردی سے بچانے کیلیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
وفاقی حکومت کے اہم ترین ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کی جانب سے اس اتحاد میں ممکنہ شمولیت کامقصد امت مسلمہ کودہشت گردی کے درپیش خطرات سے نمٹنے کیلیے اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر حکمت عملی کو طے کرنا ہوگا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20سریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان آج ویسٹ انڈیز کیخلاف 4میچوں پر مشتمل ٹی 20سریز کا پہلا میچ کھیلے گا ۔پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی 20 انٹر نیشنل میچ میں نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ محمد حفیظ کی جگہ ایک اور نوجوان فخر زمان اور بابر اعظم میں ٹائی ہے۔
ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان 4 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ برج ٹاﺅن بارباڈوس میں ہورہا ہے۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے9 بجے شروع ہوگا۔
اکتوبر میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کو سرفراز احمد کی قیادت میں تین صفر سے وائٹ واش کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے پاکستان سپر لیگ سے شہرت حاصل کرنے والے شاداب خان کو ٹی ٹوئنٹی کیپ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔کپتان سرفراز احمد وکٹ کیپر کی حیثیت سے کھیلیں گے جبکہ کامران اکمل پہلی بار اسپیشلسٹ بیٹسمین کی حیثیت سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
 

 

 

ایمزٹی وی (بلوچستان)بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی7میں ضمنی انتخاب آج ہو رہا ہے جس کیلئے پولنگ جاری ہے ۔ ضمنی انتخاب کیلئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی7میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام 5بجے تک جاری رہے گی ۔ضمنی انتخاب میں8امیدوارحصہ لےرہے ہیں۔نشست جے یوآئی(ف)کے رکن گل محمددومڑکے انتقال کے بعدخالی ہوئی تھی ۔
الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ حلقے میں21پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے تاہم ضلع میں2ہزارسے زائدسیکیورٹی اہلکارڈیوٹی دے رہے ہیں ۔حلقے میں مجموعی ووٹرزکی تعداد59ہزار728ہے جن میں مردووٹرز32ہزار405جبکہ خواتین ووٹرزکی تعداد27ہزار323ہے۔